Tag: جامعہ کراچی

  • جامعہ کراچی کے شعبہ امتحانات کو ڈیجیٹلائزڈ کرنے کا اعلان

    جامعہ کراچی کے شعبہ امتحانات کو ڈیجیٹلائزڈ کرنے کا اعلان

    کراچی: وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے جامعہ کراچی کے شعبہ امتحانات کو ڈیجیٹلائزڈ کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہیلتھ انکیوبیٹر، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے قیام  کیلئے مفاہمت نامے پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس تقریب میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے شرکت کی۔

    وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے خطاب کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے شعبہ امتحانات کو ڈیجیٹلائزڈ کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا کہ شعبہ امتحانات کو ڈیجٹلائزڈ کرنے سے ڈھائی لاکھ سے زائد طلبا و طالبات کو فائدہ ملے گا جس کے لیے وائس چانسلر کی تعاون کی ضرورت ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ کوشش ہے کہ انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی اور اکیڈمی کو مربوط کیا جائے، جامعہ میں ہیلتھ انکوبیٹر کے قیام سے طب سے متعلق اسٹارٹ اپس کو بڑی مدد ملے گی۔

    امین الحق کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ جامعہ میں ہیلتھ انکوبیٹر، ٹیکنالوجی پارک قائم کردیاگیا، ٹیکنالوجی پارک کا قیام طلبا و طالبات کو ڈیجیٹل دنیا سے منسلک کرنے کا اہم راستہ بنے گا۔

    امین الحق کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے دور وزارت میں جو انقلابی اقدامات کئے وہ کئی دہائی قبل ہوجانے چاہئے تھے، پاکستانی نوجوان صلاحیت و قابلیت کے اعتبار سے دنیا میں منفرد مقام رکھتے ہیں، ہم نے اپنی بھرپور کوشش کی ہے کہ اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

    وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ 78 ارب سے براڈ بینڈ سروسز فراہمی کے 83 منصوبے شروع کیئے جو تکمیل کے قریب ہیں، 40 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس، 8 نیشنل انکوبیشن سینٹر، 33 لاکھ فری لانسر کی تربیت جیسے اقدامات  کئے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ہمیشہ عوام کی سوچ کے ساتھ آگے بڑھتی ہے، کراچی کی آبادی لگ بھگ 3 کروڑ ہے، ایم کیو ایم چاہتی ہے کراچی کی آبادی کو دیانتداری سے گنا چاہئے، انتخابات آزادانہ اور شفاف طریقے سے کرائےجائیں۔

    امین الحق نے مزید کہا کہ ہم مستقبل کی سوچ کو آگے لے کر چل رہے ہیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان آزاد اور خود مختار ادارہ ہے، وہ جب بولے گا ہم چیزوں کو ڈیجٹلائز کرنے کیلئے ہر وقت تیار ہیں، دسمبر  میں جو بھی حکومت آئے وہ 5 جی کو لانچ کرے۔

  • جامعہ کراچی میں طالبعلم پر فائرنگ اور تشدد کا مقدمہ درج، دو افراد گرفتار

    جامعہ کراچی میں طالبعلم پر فائرنگ اور تشدد کا مقدمہ درج، دو افراد گرفتار

    کراچی : جامعہ کراچی میں طالبعلم پر فائرنگ اور تشدد کا مقدمہ درج کرکے دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ تشدد میں ملوث گرفتار دونوں ملزمان اسٹوڈنٹ نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی میں ہسٹری کے طالبعلم پر فائرنگ اور تشدد کا مقدمہ ٹاون تھانے میں درج کرلیا گیا اور دو افراد کو گرفتارکرلئے گئے۔

    طالبعلم عدیل نے بتایا کہ وہ کینٹین میں بیٹھا تھا کہ ایک لڑکا میرے پاس آیا نہایت بدتمیزی سے ٹائم پوچھا، میں نے کہا بدتمیزی کیوں کر رہے ہو تو لڑنے لگ گیا۔

    عدیل کا کہنا تھا کہ اس لڑکے نے دیگر ساتھیوں نے مل کر مجھے مارنا شروع کردیا جبکہ ایک لڑکے نے مجھ پر پستول نکال کر گولیاں چلائی لیکن میں بچ گیا۔

    طالبعلم عدیل نے پولیس کو بیان دیا کہ میری تلاشی لے کر پیسے اور دیگر کاغذات بھی نکال لیے ، اسی دوران یونیورسٹی کی سیکیورٹی آگئی تو سب بھاگ گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تشدد میں ملوث گرفتار دونوں ملزمان اسٹوڈنٹ نہیں ہے، گرفتار ملزمان کے خلاف مزید کارروائی کی جائے گی۔

  • جامعہ کراچی کے طلبہ و طالبات کیلئے خوشخبری

    جامعہ کراچی کے طلبہ و طالبات کیلئے خوشخبری

    کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے جامعہ کراچی کے طلبہ و طالبات کیلئے 10 بسوں کا تحفہ دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے تمام بسیں جامعہ کراچی کے حوالے کردی گئی، مفاہمت کی یاداشت سے قبل 4 بسیں عطیہ کردی گئی تھی تاہم آج مفاہمت یاداشت کی دستخط کے موقع پر مزید 6 بسیں جامعہ کراچی کو عطیہ کردی گئیں۔

    جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر خالد عراقی اور ایڈمنسٹریٹرکراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے مفاہمت پر دستخط کئے۔

    یاد رہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے 10 بسیں جامعہ کراچی کے فلیٹ کا حصہ بن گئیں۔

    ایڈمنسٹریٹرکراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے اس موقع پر کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے جامعات سے اشتراک ضروری ہے، جامعات کے پروفیسر ہی پالیسی بنانے والے ہوتے ہیں۔

    ڈاکٹر سیف الرحمن کا کہنا تھا کہ مجھے جامعہ کراچی کا سابق طالبعلم ہونے پر فخر ہے، دوسری جانب جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر خالد عراقی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تعاون پر مشکور ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سیف الرحمن کی جانب سے بسوں کا عطیہ مادر علمی سے محبت کا ثبوت ہے، 10 بسوں کے حصول سے طالبعلموں کیلئے ٹرانسپورٹ کے مسائل حل ہوں گے۔

  • جامعہ کراچی کے طالب علم ثاقب کے اغوا کا مقدمہ درج، 5 افراد گرفتار

    جامعہ کراچی کے طالب علم ثاقب کے اغوا کا مقدمہ درج، 5 افراد گرفتار

    کراچی: جامعہ کراچی کے طالب علم ثاقب کے اغوا کا مقدمہ درج کر لیا گیا، 5 افراد گرفتار کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جامعہ کراچی میں طالب علم ثاقب کے اغوا کا مقدمہ تھانہ مبینہ ٹاؤن میں سرکار کی مدعیت میں درج کر کے ملزم عبد الرشید سمیت 5 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔

    ملزمان نے جامعہ کراچی کے طلبہ کے احتجاج کے بعد مغوی طالب علم کو چھوڑا تھا۔

    ایف آئی آر کے مطابق ملزم عبدالرشید نے بتایا کہ گاڑی کی ٹکر ہونے کی وجہ سے اس کے بیٹے کا جھگڑا ہوا تھا، بیٹے نے مجھے فون کر کے جامعہ کراچی بلایا، جب میں اپنے دوستوں کے ہمراہ جامعہ کراچی آیا۔

    جامعہ کراچی میں شعبہ اردو کے طالبعلم کو نامعلوم افراد زبردستی اپنے ساتھ لے گئے، طلبا کا احتجاج

    واضح رہے کہ پولیس حکام نے بتایا تھا کہ کراچی یونیورسٹی میں کالے شیشوں والی ایک گاڑی یونیورسٹی کے پوائنٹ سے ٹکرائی تھی، حادثے کے بعد جھگڑا ہوا جس میں مار پیٹ بھی کی گئی۔ کچھ دیر بعد تین افراد پہنچے اور جھگڑے میں ملوث طالب علم ثاقب کو ساتھ لے گئے، تاہم رینجرز اہل کاروں نے تینوں کو پکڑ کر طالب علم کو چھڑا لیا۔

  • جامعہ کراچی میں شعبہ اردو کے طالبعلم کو نامعلوم افراد زبردستی اپنے ساتھ لے گئے، طلبا کا احتجاج

    جامعہ کراچی میں شعبہ اردو کے طالبعلم کو نامعلوم افراد زبردستی اپنے ساتھ لے گئے، طلبا کا احتجاج

    کراچی : جامعہ کراچی میں شعبہ اردو کے طالبعلم کو نامعلوم افراد زبردستی اپنے ہمراہ لے گئے تاہم رینجرز نے طالب علم کو ساتھ لے جانے والے تین افراد کو پکڑ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی میں مبینہ سادہ لباس میں نامعلوم افراد اردو ڈپارٹ کے طالب علم کو ہمراہ لے کر روانہ ہوگئے۔

    جس پر جامعہ کراچی کے طلبا نے سلور جوبلی گیٹ بند کر کے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کردی، مشتعل طلبہ کی جانب سے سڑک پر آگ بھی لگائی گئی۔

    مظاہرین نے حکام پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور ان کے ساتھی کی بازیابی کو یقینی بنائیں۔

    پولیس کی جانب سے لاعملی کا اظہار کیا گیا کہ طالب علم کو کون لے گیا؟ پولیس حکام نے بتایا کہ کراچی یونیورسٹی میں کالے شیشوں والی ایک گاڑی یونیورسٹی کے پوائنٹ سے ٹکرائی ، حادثے کے بعد جھگڑا ہوا جس میں مار پیٹ بھی کی گئی۔

    حکام کا کہنا تھا کہ کچھ دیر بعد سادہ لباس میں چند افراد پہنچے اور مبینہ طور پر جھگڑے میں ملوث طالبعلم ثاقب کو ساتھ لے گئے، ہم واقعہ سے متعلق مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

    بعد ازاں رینجرز نے کراچی یونیورسٹی میں جھگڑے کے بعد طالبعلم کو ساتھ لے جانے والے تین افراد کو پکڑ لیا اور طالب علم کو یونیورسٹی انتظامیہ کے حوالے کردیا۔

    پولیس کے مطابق یونیورسٹی میں جھگڑے کے بعد طالبعلم نے اپنے والد کو فون کیا تھا، پرائیویٹ شخص اپنے ساتھ 2افراد کو لے کر یونیورسٹی پہنچا ، تینوں افراد ثاقب نامی طالبعلم کو اپنے ہمراہ لےجارہے تھے کہ رینجرز نے اطلاع ملتے ہی فوری طورپرکارروائی کی۔

  • انتظامیہ اور انجمن اساتذہ میں بات چیت، جامعہ کراچی میں تدریسی عمل کی بحالی کا اعلان

    انتظامیہ اور انجمن اساتذہ میں بات چیت، جامعہ کراچی میں تدریسی عمل کی بحالی کا اعلان

    کراچی: انتظامیہ اور انجمن اساتذہ میں بات چیت کامیاب ہونے کے بعد جامعہ کراچی میں تدریسی عمل کی بحالی کا اعلان کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی میں تدریسی عمل کے معطل ہونے کا آج چھٹا دن تھا، تاہم جامعہ کراچی کی انتظامیہ اور انجمن اساتذہ کے درمیان بات چیت میں پیش رفت ہونے کے بعد یہ تعطل ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    نائب صدر کراچی یونیورسٹی ٹیچرز سوسائٹی فیضان نقوی کے مطابق آج انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کی جنرل باڈی کے اجلاس عام میں تدریسی عمل بحال کرنے کا اعلان کیا گیا، قبل ازیں، سلیکشن بورڈ کے اعلان اور مالیاتی معاملات پر کمیٹی کا اجلاس بلانے پر اساتذہ نے اظہار اطمینان کیا تھا۔

    اجلاس میں جامعہ کراچی میں تدریسی عمل معطلی کا فیصلہ واپس لیا گیا، انجمن اساتذہ نے کہا کہ ’کل سے جامعہ میں تدریسی عمل فعل کر دیا جائے گا۔‘

    انجمن اساتذہ نے مہینے میں سلیکشن بورڈز کے انعقاد کے لیے ایک ہی دن کا مقرر کیا جانا ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایک ہفتے میں سلیکشن بورڈز کے لیے کم از کم 3 دن مختص کیے جائیں۔

    اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایک ترتیب وار شعبہ جاتی فہرست جاری کی جائے جس میں یہ واضح ہو کہ کس شعبے کا سلیکشن بورڈ کس دن ہوگا۔

    اجلاس نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ شعبہ ابلاغ عامہ کے اساتذہ کے جوائننگ آرڈرز آج ہی جاری کر کے ہائیکورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کر کے سپریم کورٹ سے فی الفور کیس واپس لینے کے لیے لیگل ٹیم کو خط لکھا جائے۔

    انجمن اساتذہ نے 6 مارچ تک ہڑتال مؤخر کرتے ہوئے کہا کہ دیگر مطالبات بھی چھ مارچ تک منظور کیے جائیں، اگر مطالبات پر عمل نہیں کیا گیا تو ہڑتال وائس چانسلر کی برطرفی کے مطالبے کے ساتھ دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔

  • نئے تعلیمی سال کا آغاز : جامعہ کراچی کے ہزاروں طلباء کو مشکلات کا سامنا

    نئے تعلیمی سال کا آغاز : جامعہ کراچی کے ہزاروں طلباء کو مشکلات کا سامنا

    کراچی : جامعہ کراچی کے ہزاروں طلبا نئے تعلیمی سال کے آغاز پر اساتذہ کے احتجاج کے باعث مشکلات کا شکار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انجمن اساتذہ جامعہ کراچی میں احتجاج کے باعث تدریسی عمل آج بھی معطل رہا۔

    نئے تعلیمی سال کے آغاز پر اساتذہ کے احتجاج سے ہزاروں طلبا مشکلات کا شکار ہے ، سلیکشن بورڈ کے لئے احتجاج بلا جواز ہے۔

    اساتذہ کی جانب سے کلاسوں کے بائیکاٹ کے خلاف طلبہ تنظیموں نے احتجاج کا فیصلہ کرلیا۔

    انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک بائکایٹ جاری رکھیں گے مطالبات منظور ہونے پر سیمسٹر کو دس دن آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔

    دوسری جانب پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے تحت جامعہ کراچی میں آج مظاہرہ کیا گیا ، اسلامی جمعیت طلبہ کی جانب سے بھی اساتذہ کے بائیکاٹ کی مذمت کی گئی ہے۔

    طلبہ تنظیموں کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال بھی نئے تعلیمی سال کے آغاز پر اساتذہ نے بلا جواز احتجاج کیا تھا، وائس چانسلر جامعہ کراچی صورتحال کا نوٹس لیں،تدریسی عمل فوری بحال کرایا جائے۔

  • جامعہ کراچی: داخلہ فیس کی تاریخ میں توسیع کا اعلان

    جامعہ کراچی: داخلہ فیس کی تاریخ میں توسیع کا اعلان

    کراچی: جامعہ کراچی میں داخلہ فیس جمع کرانے کی تاریخ میں کل تک توسیع کر دی گئی۔

    انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق کراچی یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات میں داخلہ ٹیسٹ اور اوپن میرٹ کی بنیاد پر ہونے والے داخلوں کی فیسیں جمع کرانے کی تاریخ بڑھا دی گئی ہے۔

    ایسے طلبہ و طالبات جن کے نام جاری کردہ داخلہ فہرستوں میں آ چکے ہیں، اور جو تاحال کسی بھی وجہ سے اپنی داخلہ فیس جمع نہیں کرا سکے، وہ اپنی داخلہ فیسیں 10 (آج) اور 11 جنوری کو جمع کرا سکتے ہیں۔

    داخلہ فیس صبح 09:30 تا شام 4:00 بجے تک جمنازیم ہال جامعہ کراچی میں جمع کرائی جا سکتی ہے۔

    طلبہ اپنے آن لائن پورٹل سے انرولمنٹ فیس واؤچر اور انرولمنٹ فارم کا پرنٹ لے کر متعلقہ دستاویزات کی جامعہ کراچی کے جمنازیم ہال میں قائم داخلہ کمیٹی کاؤنٹرز سے تصدیق کرانے کے بعد جمنازیم ہال میں واقع بینک کاؤنٹر پر ہی اپنی داخلہ فیس جمع کرائیں گے۔

    واضح رہے کہ داخلہ فیس صرف بینک الفلاح اسلامک کے کاؤنٹر واقع جمنازیم ہال جامعہ کراچی میں بہ صورت کیش جمع کرائی جائے گی، اس کے علاوہ کوئی اور بینک داخلہ فیس وصول کرنے کا مجاز نہیں ہوگا۔

  • جامعہ کراچی کی طالبات نے سیلاب متاثرین کے لیے نیوٹریشن بینک تیار کرلیا

    جامعہ کراچی کی طالبات نے سیلاب متاثرین کے لیے نیوٹریشن بینک تیار کرلیا

    کراچی: جامعہ کراچی کی طالبات نے سیلاب متاثرین کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے نیوٹریشن بینک تیار کرلیا، کیلوری بنچ نامی یہ غذا ایک وقت کے مکمل اور بھرپور کھانے جتنی کیلوریز رکھتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی یونیورسٹی کے فوڈ سائنسز ڈپارٹمنٹ کی طالبات نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں شرکت کی اور اپنے انیشیٹو کے بارے میں بتایا۔

    نیہا بشیر، ایمن معین اور فریال فہیم نامی طالبات نے بتایا کہ وہ مسلسل میڈیا پر سیلاب متاثرین کی حالت زار دیکھ رہی تھیں کہ کس طرح وہ غذائی قلت کا شکار ہیں اور کمزور وقت مدافعت کی وجہ سے مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔

    یہی دیکھ کر انہیں نیوٹریشن بینک بنانے کا خیال آیا۔ مختلف اجزا سے تیار کردہ اس پیک میں 1500 کیلوریز موجود ہیں اور یہ روم ٹمپریچر پر 10 سے 12 روز رکھا جاسکتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ اس میں سوہانجنا (مورنگا) بھی شامل کیا گیا ہے جو نہ صرف غذا کا کام دیتا ہے بلکہ مختلف بیماریوں سے بھی بچاتا ہے۔

    طالبات کا کہنا تھا کہ وہ اسے جلد مارکیٹ میں لانے کا ارادہ رکھتی ہیں لیکن اس کی قیمت نہایت کم رکھی جائے گی تاکہ یہ سب کی پہنچ میں ہو۔

  • مون سون بارشوں کے اثرات ، جامعہ کراچی کے احاطے میں  بڑی خوفناک چھپکلیاں نمودار

    مون سون بارشوں کے اثرات ، جامعہ کراچی کے احاطے میں بڑی خوفناک چھپکلیاں نمودار

    کراچی : مون سون بارشوں سے جامعہ کراچی کی آرٹس فکیلٹی کے متعدد شعبے زیر آب آگئے اور بڑی خوفناک چھپکلیاں نمودار ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق مون سون بارش کے زوردار اسپیل کے اثرات کے باعث جامعہ کراچی کی آرٹس فکیلٹی کے متعدد شعبے زیر آب آگئے۔

    جامعہ کراچی سے مدراس چوک جانے والے راستے پر "گو” بھی نظر آنے لگا، گو کو دیکھ کر کئی گاڑیاں رک گئی اسٹوڈنٹس ویڈیو بنانے لگے۔

    شعبہ بین القوامی تعلقات سے اسلامی اسٹیڈی سینٹر تک ہر طرف پانی ہی پانی ہے جبکہ اساتذہ اورانتظامی عملے کے دفاتر میں بھی برساتی پانی موجود ہے۔

    جامعہ کراچی کی مرکزی پانی کی لائن میں بھی شگاف پڑ گیا ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں سے آنے والے سیلابی ریلے کا پانی بھی اس میں شامل ہے۔

    جامعہ کراچی میں نکاسی آف کا نظام مفلوج ہوگیا ہے اور انفرا اسٹرکچر بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکارہے سیوریج سسٹم بھی اوور فلو ہوچکا ہے جس کی وجہ سے نکاسی آب کے کام میں مشکلات آتی ہیں۔

    جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے مرکزی لائن کے شگاف کو پر کرنے کیلئے واٹر بورڈ کو خط بھی لکھا تھا تاہم واٹر بورڈ کے حکام کی جانب سے پانی کی لائن کے شگاف کو درست نہیں کیا جاسکا۔