Tag: جامنی

  • آسمان کا رنگ جامنی ہو گیا، لوگ حیران رہ گئے، ویڈیو دیکھیں

    آسمان کا رنگ جامنی ہو گیا، لوگ حیران رہ گئے، ویڈیو دیکھیں

    اسٹاک ہوم: سویڈن کے ایک قصبے میں رات کو اچانک آسمان کا رنگ جامنی ہو گیا، جسے دیکھ کر شہری حیرت زدہ ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سویڈن کے جنوبی ساحل پر واقع قصبے ٹریلبورگ میں رات کو اچانک آسمان نے عجیب رنگ بدلا، مقامی لوگ گہرے جامنی رنگ کے آسمان کو دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے۔

    رپورٹس کے مطابق جیسے جیسے رات ہوتی گئی، آسمان نے رنگ بدلنا شروع کر دیا، جسے دیکھ کر علاقے کے رہائشی اس کی طرف متوجہ ہو گئے۔

    معلوم ہوا کہ یہ سب کیا دھرا ٹماٹر کے ایک فارم کا ہے، علاقے میں موجود ملک کے سب سے بڑے ٹومیٹو فارمز میں سے ایک میں توانائی کی بچت والا LED لائٹنگ سسٹم نصب کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے آسمان کا رنگ جامنی ہو گیا۔

    بتایا گیا کہ یہ روشنی پودوں کے لیے مفید ہوتی ہے، تاہم مقامی لوگوں نے تیز روشنی کی شکایت کی کہ رات کو ان کے گھروں پر آسمان چمک رہا تھا۔ جس پر آپریٹرز نے شام 5 بجے سے رات 11 بجے تک روشنیاں بند کرنا شروع کیں۔

    لیکن ٹریلبورگ کے ماحولیاتی منیجر میکائل نورن کا کہنا تھا کہ مزید کسی پریشانی سے بچنے کے لیے محکمہ ایک اور ایکشن پلان پر عمل کرے گا۔

    آسمان میں نمودار ہونے والی تیز روشنی نے لوگوں کو خوفزدہ کر دیا

    واضح رہے کہ جب آسمان میں گہرے بادل بہت نیچے ہوں تو مختلف علاقوں میں آسمان میں رات کو اکثر غیر معمولی جامنی رنگ دکھائی دیتا ہے، جو کہ بادل نیچے سے روشن ہونے کی وجہ سے ہوتا ہے۔

  • کیا ہماری زمین جامنی رنگ کی تھی؟

    کیا ہماری زمین جامنی رنگ کی تھی؟

    ہماری زمین جو اس وقت سبز نظر آتی ہے، کیا آپ کو علم ہے کہ پرانے وقتوں میں جامنی ہوا کرتی تھی؟

    اگر آپ زمین کی تصاویر دیکھیں تو آپ زمین پر ایک نیلا رنگ غالب دیکھیں گے جبکہ کہیں کہیں سبز رنگ بھی دکھائی دے گا۔ نیلا رنگ سمندر کا جبکہ سبز رنگ زمین پر اگی نباتات کا ہے۔

    تاہم سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ کروڑوں سال قبل زمین میں سبز کی جگہ جامنی رنگ ہوا کرتا تھا۔

    امریکی ریاست میری لینڈ کی یونیورسٹی اور اسپیس ٹیلی اسکوپ سائنس انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین کا قیاس ہے کہ لگ بھگ 40 کروڑ سال قبل پودوں میں کلوروفل سبز کی جگہ جامنی رنگ کو منعکس کرتا تھا جس کی وجہ سے زمین کا ایک بڑا حصہ جامنی دکھائی دیتا تھا۔

    خیال رہے کہ کلوروفل وہ مادہ ہے جو پتوں کے اندر موجود ہوتا ہے اور سورج کی روشنی سے پودے کے لیے غذا بناتا ہے، اس عمل (فوٹو سینتھسس) کے دوران سبز رنگ بھی پیدا ہوتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق کلوروفل سورج کی شعاعوں سے نیلا اور سرخ رنگ لے کر سبز رنگ منعکس کرتا ہے۔

    تصویر: ناسا

    اسپیس ٹیلی اسکوپ سائنس انسٹی ٹیوٹ کے پروفیسر ولیم اسپارکس کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ فوٹو سینتھسس کا عمل کلوروفل کے اندر موجود جامنی رنگ کی جھلی کے نیچے انجام پاتا ہو۔

    ان کے مطابق ممکن ہے یہ جامنی جھلی سبز رنگ کو جذب کرلیتی ہو اور کلوروفل صرف جامنی رنگ کو منعکس کرسکتا ہو۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ فوٹو سینتھسس کے دوران جامنی رنگ پیدا کرنے کا عمل، سبز رنگ پیدا کرنے کے مقابلے میں نسبتاً کم پیچیدہ ہے اور اس کے لیے کم آکسیجن درکار ہے۔

    ماہرین کے مطابق زمین کا جامنی ہونا صرف ایک مفروضہ بھی ہوسکتا ہے تاہم یہ مفروضہ زمین کے قدیم ادوار کے بارے میں اب تک کی تحقیقوں سے مماثلت رکھتا ہے۔

  • بنفشی تتلیوں کی 50 برس بعد واپسی

    بنفشی تتلیوں کی 50 برس بعد واپسی

    انگلینڈ کی کاؤنٹی نورفک میں 50 برس بعد بنفشی رنگ کی تتلیاں واپس لوٹ آئیں، کثرت سے اس علاقے میں پائی جانے والی یہ تتلیاں 70 کی دہائی میں اس علاقے میں معدوم ہوگئی تھیں۔

    بنفشی تتلی برطانیہ میں پائی جانے والی تتلی کی تمام اقسام میں جسامت کے لحاظ سے دوسری بڑی تتلی ہے۔ بنفشی رنگت والے پروں کی حامل اس تتلی کے پروں کا پھیلاؤ 8.4 سیٹی میٹر ہے۔

    اس کے پروں میں بنفشی رنگ کے ساتھ نارنجی رنگ کے دائرے بھی موجود ہوتے ہیں۔

    ان تتلیوں کو آخری بار یہاں 1961 میں دیکھا گیا تھا۔ سنہ 1970 میں یہ اس کاؤنٹی میں مکمل طور پر معدوم ہوگئی تھیں جبکہ پورے برطانیہ میں ان کی آبادی میں 31 فیصد کمی بھی واقع ہوگئی تھی۔ اب 50 برس بعد یہ تتلیاں اس علاقے میں لوٹ آئی ہیں۔

    تتلیوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے ادارے کی کارکن کری کلارک کہتی ہیں، ’یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ہماری تحفظ فطرت کی کوششیں رنگ لارہی ہیں اور ہم وہ ماحول دوبارہ لانے میں کامیاب ہوگئے ہیں جہاں تتلیاں پروان چڑھتی ہیں‘۔

    بنفشی تتلیوں کی واپسی کے بعد اب صرف نورفک میں تتلیوں کی 37 مختلف اقسام ہوگئی ہیں۔