Tag: جانوروں کی خبریں

  • سفید لومڑی کے شکار کرنے کے دلچسپ انداز

    سفید لومڑی کے شکار کرنے کے دلچسپ انداز

    لومڑی اپنی چالاکی و عیاری کے لیے بے حد مشہور ہے، جب بھی عیاری کی مثال دینی ہو تو لومڑی کا نام لیا جاتا ہے۔

    تاہم شکلاً لومڑی نہایت بھولی بھالی سی نظر آتی ہے۔ خصوصاً لومڑی کی ایک نسل برفانی یا سفید لومڑی تو نہایت ہی خوبصورت، نرم و ملائم گھنے بالوں کی حامل اور معصوم سی لگتی ہے۔

    یہ لومڑی برفانی علاقوں کی رہنے والی ہے۔ برفیلی زمین پر یہ اپنے سفید بالوں کی وجہ سے خود کو باآسانی چھپا لیتی ہے اور یوں شکار ہونے سے محفوظ رہتی ہے۔

    یہ اپنے نرم و ملائم فر کی وجہ سے بھی بے حد مشہور ہے اور اکثر اوقات ان لومڑیوں کو فر کے حصول کے لیے شکار کیا جاتا ہے جس کی داستان نہایت لرزہ خیز ہے۔

    کیا آپ جانتے ہیں یہ خوبصورت سی لومڑی برفانی علاقوں میں اپنا شکار کیسے کرتی ہے؟

    برف کے نیچے مختلف آبی و زمینی حیات موجود ہوتے ہیں جو اس لومڑی کی خوراک ہوتے ہیں، انہیں ڈھونڈنے کے لیے اسے بے حد محنت کرنی پڑتی ہے۔

    وہ پہلے اندازہ لگاتی ہے کہ برف کے کس حصے کے نیچے شکار موجود ہوسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: ننھی لومڑیاں معدومی کے خطرے سے باہر

    اس کے لیے وہ برف کے اوپر اچھلتی ہے، اس دوران وہ برف کے گہرے گڑھے میں پھنس جاتی ہے، کبھی کہیں سخت برف ہو تو اس سے بری طرح ٹکرا جاتی ہے۔

    اس طرح کی کئی کوششوں کے بعد بالآخر لومڑی اپنا شکار تلاش کرنے میں کامیاب رہتی ہے۔

    بی بی سی ارتھ نے لومڑی کی اس جدوجہد کو عکس بند کیا جو آپ کو نہایت دلچسپ معلوم ہوگی۔

  • چالاک پینگوئن کی چوری آپ کو ہنسنے پر مجبور کردے گی

    چالاک پینگوئن کی چوری آپ کو ہنسنے پر مجبور کردے گی

    برفانی علاقوں میں رہنے والا پرندہ پینگوئن نہایت ہی معصوم سا پرندہ سمجھا جاتا ہے، لیکن جب بات آتی ہے اپنی بقا اور بہتری کی، تو معصوم سے معصوم سے جانور بھی چالاکی دکھانے پر مجبور ہوجاتا ہے۔

    بی بی سی ارتھ نے پینگوئن کی چالاکی کی ایسی ہی ایک ویڈیو عکسبند کی جسے دیکھ کر آپ بے اختیار ہنس پڑیں گے۔

    برفانی زمین سے محفوظ رہنے کے لیے پینگوئن پتھروں کو جمع کر کے اپنے بیٹھے اور سونے کے لیے جگہ تعمیر کرتے ہیں۔

    اس دوران وہ دور و قریب سے چن چن کر ایسے پتھر جمع کرتے ہیں جو انہیں اور ان کے بچوں کو تکلیف سے بچائیں۔

    تاہم پینگوئنز کے گروہ میں ایک ایسا شرارتی پینگوئن ضرور ہوتا ہے جو اس قدر محنت کرنے کے بجائے دوسرے پینگوئنز کے جمع کردہ پتھروں سے اپنا گھر بناتا ہے۔

    یہ چالاک پینگوئن چونکہ خود دوسروں کے پتھر چراتا ہے لہٰذا اس بات سے بھی ہوشیار رہتا ہے کہ کوئی دوسرا پینگوئن اس کے پتھر چرا کر نہ لے جائے۔

    ایسے میں جب وہ پینگوئن دیکھ لیتا ہے جس کے پتھر چرائے جارہے ہوتے ہیں، تو وہ اسے مار کر دور ہٹا دیتا ہے۔

    خیال رہے کہ ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ پینگوئن دنیا میں صرف انٹار کٹیکا کے خطے میں پائے جاتے ہیں جو گلوبل وارمنگ کے باعث متضاد اثرات کا شکار ہے۔

    ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ 2060 تک پینگوئنز کی آبادی میں 20 فیصد کمی واقع ہوسکتی ہے جبکہ اس صدی کے آخر تک یہ معصوم پرندہ اپنے گھر کے چھن جانے کے باعث مکمل طور پر معدوم ہوسکتا ہے۔

  • کیا آپ ان نرم ملائم کتوں کے کیفے میں جانا چاہیں گے؟

    کیا آپ ان نرم ملائم کتوں کے کیفے میں جانا چاہیں گے؟

    آپ نے بلیوں اور خرگوشوں کے کیفے کے بارے میں تو سنا ہوگا، اب تھائی لینڈ میں کتوں کا کیفے بھی کھول دیا گیا ہے جہاں کتوں کی نرم و ملائم نسل ہسکی کو رکھا گیا ہے۔

    ہسکی کیفے میں بے شمار ہسکی کتے موجود ہیں اور کتوں کے شوقین افراد کے لیے یہ ایک نہایت پر لطف مقام ہے۔

    اس کیفے میں جانے کے بعد سب سے پہلے آپ کو ایک ڈرنک اور کیک کھانے کے لیے دیا جاتا ہے۔

    اس کے بعد آپ اپنے ہاتھ دھوئیں گے اور آپ کے پاؤں میں پلاسٹک کے ہلکے جوتے پہنائے جائیں گے تاکہ آپ کے پاؤں کے جراثیم کتوں کو بیمار نہ کریں۔

    اس کے بعد آپ کو اس ایریا میں لے جایا جائے گا جہاں 23 ہسکی آپ کا انتظار کر رہے ہوں گے۔

    یہ نرم و ملائم ہسکی ہر آنے والے شخص سے دوستی رکھتے ہیں اور تصویر کھنچواتے وقت باقاعدہ پروفیشنل ازم کا مظاہرہ بھی کرتے ہیں۔

    کتوں کی یہ قسم عموماً ٹھنڈے علاقوں میں رہتی ہے لہٰذا تھائی لینڈ کے اس کیفے میں ان کتوں کے لیے ایئر کنڈیشنڈ کمرہ بنایا گیا ہے جہاں یہ کتے رہتے ہیں۔

    علاوہ ازیں انہیں برف بھی کھانے کے لیے دی جاتی ہے تاکہ لوگوں کی طرف سے دی جانے والی اشیا انہیں بیمار نہ کریں۔

    کیا آپ اس دلچسپ کیفے میں وقت گزارنا چاہیں گے؟

  • حاضر دماغ کتے نے اپنے دوست کو ڈوبنے سے بچا لیا

    حاضر دماغ کتے نے اپنے دوست کو ڈوبنے سے بچا لیا

    آپ نے جانوروں کی آپس میں محبت و دوستی کے بے شمار مظاہرے دیکھے ہوں گے۔ ایسی ہی ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہوئی تھی جس میں ایک کتے نے نہایت حاضر دماغی اور بہادری سے اپنے دوست کتے کی جان بچائی۔

    ارجنٹینا کے شہر کورڈوبا میں فلمائی جانے والی اس ویڈیو میں سیاہ اور زرد رنگ کے دو کتے آپس میں کھیلتے نظر آرہے ہیں۔

    کتے کا مالک جو ویڈیو بھی بنا رہا ہے ایک لکڑی کا ٹکڑا دریا میں پھینکتا ہے اور سیاہ رنگ کا کتا اپنی عادت کے مطابق اسے اٹھانے کے لیے دریا میں کود پڑتا ہے۔

    لیکن لکڑی کو پکڑتے ہوئے وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور دریا کے بہاؤ کے ساتھ بہنے لگا۔

    مزید پڑھیں: کتے خواب میں کیا دیکھتے ہیں؟

    مزید پڑھیں: کتے کے ساتھ ظالمانہ سلوک پر طوفان کھڑا ہوگیا

    اسی اثنا میں زرد رنگ کے دوسرے کتے نے جب اپنے دوست کو ڈوبتے دیکھا تو اس نے نہایت حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لکڑی کے دوسرے سرے کو اپنے منہ میں پکڑ لیا اور پوری طاقت لگا کر اپنے دوست کو دریا کے ساتھ بہنے سے روک لیا۔

    بہنے والے کتے نے بھی کوشش کی اور کسی طرح کنارے پر پاؤں جما کر اوپر چڑھ آیا۔

  • کراچی میں انوکھی چوری، چور گھر سے مہنگا طوطا لے اڑا

    کراچی میں انوکھی چوری، چور گھر سے مہنگا طوطا لے اڑا

    کراچی: شہرِ قائد کے علاقے گلبرگ میں انوکھی چوری کا واقعہ پیش آیا، چور گھر میں گھس کر مہنگا طوطا لے اڑا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلبرگ میں چور نے گھر میں گھس کر سونے زیورات کی بجائے ایک مہنگا طوطا چرا لیا، سی سی ٹی وی کیمرے میں یہ منظر ریکارڈ ہو گیا۔

    اے آر وائی نیوز کو حاصل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں چور کو گھر میں دیوار پھلانگ کر داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے، چور نے صرف طوطا پکڑا اور واپس چلا گیا۔

    چوری کی اس انوکھی واردات میں دو چور ملوث تھے، ایک چور گھر سے باہر رکشہ لیے کھڑا رہا، جب کہ دوسرے نے گھر میں گھس کر طوطا اٹھایا۔

    سوئیڈن کے تاریخی گرجا گھر سے شاہی تاج چور لے اڑے

    طوطا چرانے والے چور نے واردات اطمینان سے کی لیکن اسے خبر بھی نہ ہوئی اور سی سی ٹی وی کیمرے نے اس کی چوری کو ریکارڈ کر لیا، فوٹیج میں چور کا چہرہ بھی واضح نظر آتا ہے۔

    چوری کیا جانے والا طوطا خاکی رنگ کا ہے اور اس کی مالیت 70 ہزار روپے بتائی جا رہی ہے، مالیت دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ چور نے قیمتی چیز ہی چرائی ہے۔

    قرآن مجید کی کئی سورتیں تلاوت کرنے والا طوطا، ویڈیو مقبول

    واضح رہے کہ کراچی میں اس سے قبل بھی طوطے اور دیگر قیمتی اور نایاب پرندوں کی چوری کی وارداتیں ہوتی رہی ہیں۔