Tag: جانوروں پر تشدد

  • جانوروں پر تشدد اور مارنے کی دھمکی دینے والی خاتون کے خلاف مقدمہ درج

    جانوروں پر تشدد اور مارنے کی دھمکی دینے والی خاتون کے خلاف مقدمہ درج

    لاہور کے علاقے ڈیفنس میں پولیس نے جانوروں پر تشدد کر نے والی خاتون کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز 2 میں خاتون کے خلاف جانوروں پر تشدد کا مقدمہ درج کرلیا گیا، انسٹاگرام پر خرگوش کی ہلاکت اور بلی کو مارنے کی دھمکی کی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    مقدمہ تھانہ ڈیفنس بی میں وائلڈ لائف قوانین کے تحت درج کیا گیا، پولیس نے بتایا ملزمہ زخمی جانوروں کی تصاویر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرتی تھی۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق ویڈیو میں ملزمہ بلی اور خرگوش پر تشدد کرتی، انہیں مارنے کی دھمکیاں دیتی تھیں، ملزمہ کے گھر سے بڑی تعداد میں جانور ملے، جن میں بیشتر جانور بدتر حالت میں پائے گئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ تمام جانور وائلڈ لائف پنجاب کے حوالے کر دیئے گئے، پولیس حکام کے مطابق ملزمہ کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے، اُسے ذہنی امراض کے نجی کلینک میں داخل کرا دیا گیا ہے۔

  • سندھ حکومت کا کراچی میں جانوروں کا ہاسٹل بنانے کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا کراچی میں جانوروں کا ہاسٹل بنانے کا فیصلہ

    کراچی: حکومت سندھ نے کراچی میں جانوروں کی پناہ گاہ کے قیام کا فیصلہ کر لیا ہے، جانوروں کی پناہ گاہ میں پالتو، جنگلی اور آوارہ جانور رکھے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے جانوروں کے لیے ایک پناہ گاہ بنانے کی منصوبہ بندی کر لی ہے، پناہ گاہ کا بڑا حصہ ہاسٹل کے لیے مختص ہوگا، جس میں جانوروں کو عارضی اور کل وقتی رکھا جا سکے گا۔

    اندرون و بیرون ملک سفر کرنے والے اپنے پالتو جانور اس ہاسٹل میں رکھوا سکیں گے، محکمہ بلدیات جانوروں کی پناہ گاہ کا نگراں ہوگا، 20 ایکڑ پر مشتمل پناہ گاہ میں جانوروں کا اسپتال اور موبائل یونٹ بھی ہوگا جہاں تشدد سے متاثرہ اور دیگر وجوہ پر زخمی جانوروں کا علاج کیا جائے گا۔

    سیکریٹری بلدیات روشن علی شیخ نے کہا ہے کہ مجوزہ منصوبے میں تکنیکی و مالی تعاون سول سوسائٹی اور این جی اوز کا ہوگا، جانوروں کی پناہ گاہ کا یہ منصوبہ عالمی معیار کا ہوگا۔

    تازہ ترین:  سندھ حکومت کا کتوں کو اینٹی رے بیز انجکشن لگانے کا فیصلہ

    سیکریٹری کا کہنا تھا کہ جانوروں پر بے رحمانہ تشدد اور زہر دے کر مارنے سے عالمی بد نامی ہوتی ہے، انھوں نے یہ بھی کہا کہ جانوروں سے متعلق قوانین میں بھی ترمیم زیر غور ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ حکومت نے آوارہ کتوں کو اینٹی رے بیز انجکشن لگانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں آوارہ کتوں کو پکڑنے اور انھیں انجکشن لگانے کے لیے بلدیاتی عملے کی ٹریننگ کا جلد آغاز کیا جائے گا۔

    سندھ حکومت نے آوارہ کتوں کو زہر دے کر مارنا بھی ممنوع قرار دے دیا ہے، منصوبے کے تحت 7 سال میں آوارہ کتوں کی نسل ختم کرنے کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے۔