Tag: جاوید اقبال باجوہ

  • برطانیہ میں پی آئی اے ڈپٹی اسٹیشن منیجرجاوید اقبال باجوہ کا ایف اے سرٹیفکیٹ جعلی نکلا

    برطانیہ میں پی آئی اے ڈپٹی اسٹیشن منیجرجاوید اقبال باجوہ کا ایف اے سرٹیفکیٹ جعلی نکلا

    کراچی: برطانیہ میں پی آئی اے کے ڈپٹی اسٹیشن منیجر جاوید اقبال باجوہ کا ایف اے سرٹیفکیٹ جعلی نکلا، جس پر ان سے استعفیٰ  لے لیا گیا۔

    پی آئی اے ذرائع کے مطابق برطانیہ میں پی آئی اے کے ڈپٹی اسٹیشن منیجر جاوید اقبال باجوہ نے استعفا دے دیا ہے، لاہور بورڈ سے سرٹیفکیٹ جعلی ثابت ہونے پر جاوید باجوہ کو مستعفی ہونے کو کہا گیا تھا۔

    جعلی ڈگری پر مستعفی ہونے والے جاوید باجوہ سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے 5 بھائیوں میں سب سے بڑے ہیں۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ اقبال باجوہ کو 30 جولائی کو پی آئی اے فنانس منیجر برمنگھم کے ذریعے شوکاز نوٹس دیا گیا تھا۔

     جاوید اقبال باجوہ نے 1977 میں پی آئی اے راولپنڈی آفس میں ملازمت حاصل کی، 1980 کی دہائی کے آخرمیں برطانیہ کی شہریت لی اور فوراً بعد پی آئی اے میں ملازمت برطانوی شہری کی حیثیت سے تبدیل کرا لی۔ ملازمت سے جبری مستعفی ہوتے وقت اقبال باجوہ کی عمر 73 سال سے زائد تھی، تاہم برطانوی قوانین کے تحت کوئی فرد صحت مند ہے تو ملازمت جاری رکھ سکتا ہے۔

    پی آئی اے ذرائع کے مطابق ڈگری جعلی ثابت ہونے کے باوجود جاوید باجوہ استعفیٰ دینے کے لیے تیار نہیں تھے، ان کے خاندان کے ذریعے دباؤ ڈال کر استعفیٰ دینے پر مجبور کیا گیا، اور جعلی ڈگری کے باوجود اقبال جاوید باجوہ سے زبردست رعایت برتی گئی، استعفیٰ دینے پر اقبال جاوید باجوہ کو پی آئی اے سے مالی فوائد بھی ملے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جعلی ڈگری پر دیگر پی آئی اے ملازمین کو ملازمت سے برطرف کیا گیا، انتظامیہ نے جعلی ڈگری پر برطرف ملازمین کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے، اور برسوں ملازمت کے باوجود انھیں کسی قسم کے واجبات نہیں دیے گئے۔

  • پی آئی اے کے ڈپٹی اسٹیشن منیجر برمنگھم کا انٹرمیڈیٹ سرٹیفکیٹ بوگس نکلا

    پی آئی اے کے ڈپٹی اسٹیشن منیجر برمنگھم کا انٹرمیڈیٹ سرٹیفکیٹ بوگس نکلا

    کراچی: قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کے ڈپٹی اسٹیشن منیجر برمنگھم کا انٹرمیڈیٹ سرٹیفکیٹ بوگس نکلا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برمنگھم میں پے گروپ 4 کے مقامی ملازم جاوید اقبال باجوہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے کیوں کہ ان کے انٹرمیڈیٹ سرٹیفکیٹ کے بوگس ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    30 جولائی کو ڈپٹی اسٹیشن منیجر کے نام جاری شوکاز نوٹس کے مطابق جاوید اقبال باجوہ کو 7 روز میں تحریری جواب جمع کرانے کا کہا گیا ہے۔

    نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ ’’آپ کی جانب سے پیش کردہ تعلیمی دستاویزات کو تصدیق کے لیے متعلقہ تعلیمی بورڈ روانہ کیا گیا، 20 جولائی 2024 کو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سے موصول جواب کے مطابق آپ کا انٹرمیڈیٹ سرٹیفکیٹ بوگس قرار دیا گیا ہے۔‘‘

    شوکاز متن کے مطابق یہ فعل ایئر لائن کی ایمپلائز ڈسپلنری پالیسی 2019 کی متعلقہ شقوں کی خلاف ورزی ہے، 7 روز میں جواب نہ دینے کی صورت میں جاوید اقبال باجوہ کے خلاف ایئر لائن قوانین اور قواعد کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق جاوید اقبال باجوہ قومی ایئر لائن کا کئی دہائیوں سے ملازم ہے، جاوید اقبال نے دوران ملازمت برطانیہ منتقل ہونے پر وہاں کا مقامی ریگولر ملازم کا اسٹیٹس حاصل کیا۔ پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان کے مطابق جاری شوکاز نوٹس کا مقررہ مدت میں جواب کا انتظار کیا جائے گا، اور سرٹیفکیٹ کے اصل ہونے کا ثبوت فراہم نہ کیے جانے پر ملازم کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔