Tag: جاوید میانداد

  • جو روٹ نے جاوید میانداد کا 31 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

    جو روٹ نے جاوید میانداد کا 31 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

    انگلینڈ ٹیم کے مایہ ناز جو روٹ نے پاکستان کے لیجنڈ بلے باز جاوید میانداد کا 31 سال پرانا ٹیسٹ ریکارڈ توڑ دیا۔

    انگلش بیٹر جو روٹ نے نیوزی لینڈ کے خلاف 84 رنز کی اننگز کھیلی اور کیوی ٹیم نے 423 رنز سے انگلینڈ کو شکست دی لیکن جو روٹ نے کیوی ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ رنز اسکور کرکے جاوید میانداد کا 31 سالہ ٹیسٹ ریکارڈ توڑا ہے۔

    انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 1925 رنز بنائے ہیں جبکہ جاوید میانداد نے کیوی ٹیم کے خلاف 1919 رنز بنائے تھے۔

    اس کے علاوہ جو روٹ بھارت کے خلاف 2846 رنز بنانے والے دنیا کے دوسرے بیٹر ہیں۔

    جو روٹ پہلے کھلاڑی ہیں جنہوں نے نیوزی لینڈ میں 1006 رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جس میں انہوں نے سب سے زیادہ نصف سنچریاں بھی اسکور کی ہیں۔

    دوسری جانب نیوزی لینڈ نے تین میچوں کی سیریز 2-1 سے ہارنے کے باوجود حیران ریکارڈ اپنے نام کرلیا کیونکہ وہ گزشتہ میچ میں اتنے ہی مارجن سے ہارنے کے بعد 300 سے زائد رنز سے ٹیسٹ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

    یاد رہے کہ منگل کو سیڈن پارک میں کھیلے گئے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 423 رنز سے شکست دی تھی۔

    انگلینڈ کی آخری ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد ان کا کلین سویپ کا خواب چکنا چور ہوگیا۔

  • سرفراز خان جاوید میانداد کا 2024 ورژن ہیں، سنجے منجریکر

    سرفراز خان جاوید میانداد کا 2024 ورژن ہیں، سنجے منجریکر

    سابق بھارتی کرکٹر سنجے منجریکر نے نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار سنچری اسکور کرنے والے سرفراز خان کو لیجنڈ جاوید میانداد سے تشبیح دیدی۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں سنجے منجریکر نے دباؤ کی صورتحال میں سرفراز خان کے بیٹنگ کرنے کی صلاحیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ اس طرح کی صورتحال میں کیسے بیٹنگ کرنی ہے۔

    سنجے نے کہا کہ سرفراز خان مجھے 1980 کے جاوید میانداد کی یاد دلاتے ہیں، لیکن وہ جاوید میانداد کا 2024 ورژن ہیں، انھوں نے جس طرح کا کھیل پیش کیا ہے اس سے میں بہت متاثر ہوا ہوں۔

    ہم جانتے ہیں کہ سرفراز اسپنرز کو بہت اچھا کھیلتا ہے تاہم انھوں نے جس طرح فاسٹ بولرز کو کھیلا اور دن کے آخری لمحات میں وہ جس طرح دفاعی بیٹنگ کررہے تھے وہ سب دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا۔

    اپنی پوسٹ میں سابق کرکٹر نے مزید لکھا کہ مجھے بہت پسند آیا جس طرح سرفراز خان نے اپنی بلے بازی سے ممبئی اسکول آف بیٹنگ کو جواب دیا، یہ لڑکا جانتا ہے کہ کس طرح رنز بنائے جاتے ہیں۔

    بھارت کے نوجوان بلے باز سرفراز خان نے ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کا انبار لگاکر بھارتی ٹیم میں انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو کیا تھا، انھوں نے اپنے پہلے ٹیسٹ میچ بھی ففٹی اسکور کی تھی۔

    بعد ازاں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں وہ پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں تھے تاہم نیوزی لینڈ کے خلاف موقع ملا تو سرفراز نے تہلکہ مچا دیا اور اپنے چوتھے ٹیسٹ میچ میں کیریئر کی پہلی سنچری بنانے کے بعد سلیکٹرز کو اپنے انداز میں جواب دیا۔

    سرفراز نے دوسری اننگز میں بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 150 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور اس ٹیسٹ میچ میں وپ بھارت کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بھی تھے۔

  • پاکستان میں کرکٹ کیساتھ جو ہوتا ہے دنیا میں ایسا کہیں نہیں ہوتا، جاوید میانداد

    پاکستان میں کرکٹ کیساتھ جو ہوتا ہے دنیا میں ایسا کہیں نہیں ہوتا، جاوید میانداد

    کرکٹ لیجنڈ جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کے ساتھ جو ہوتا ہے دنیا بھر میں ایسا کہیں بھی نہیں ہوتا۔

    پاکستان کے لیے 34 ٹیسٹ میچز قیادت کے فرائض انجام دینے والے سابق کپتان نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کھیل کے فروغ کےلیے کام کرنا ہوگا، کرکٹ میں کہیں بھی ایسا نہیں ہوتا جیسا پاکستان میں ہوتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ سندھ کے کرکٹرز کو ایس پی ایل سے فائدہ ہوگا، سندھ پریمیئر لیگ اس صوبے کے ٹیلنٹ کو فروغ دینے کا ذریعہ بنے گی۔

    جاوید میانداد نے کہا کہ پاکستان کا وزیراعظم جو بھی بنے اسے ملک اور کرکٹ کی ترقی کیلئے کام کرنا چاہیے۔ پاکستان میں جس کی حکومت ہوتی ہے بورڈ میں وہ اپنے بندے لے کر آتا ہے۔

    ملک کو ترقی کی جانب کون گامزن کرسکتا ہے؟ اس سوال کے جواب میں سابق کپتان نے اپنا نام پیش کرتے ہوئیے کہا کہ میں سب ٹھیک کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوں۔

  • جو پرفارم نہ کرے اسے ٹیم سے باہر نکالیں ۔۔ پرچیاں چل رہی ہیں

    جو پرفارم نہ کرے اسے ٹیم سے باہر نکالیں ۔۔ پرچیاں چل رہی ہیں

    قومی ٹیم کے سابق سپراسٹار بلے باز جاوید میانداد نے کہا ہے کہ قومی ٹیم میں موجود کھلاڑی پروفیشنل ہیں انہیں پیسہ ملتا ہے ان پر لازم ہے کہ وہ گراونڈ میں پرفارم کریں۔ جو ٹیم میں پر فارم نہ اسے ٹیم سے باہر نکالا جائے۔

    ایک انٹرویو میں سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ جب تک پرچی کرکٹ کا سلسلہ جاری رہے گا تب تک حالات ایسے ہی رہیں گے، باصلاحیت کھلاڑی بیٹھے رہیں گے اور پرچی والے آگے نظر آئیں گے۔

    سابق کرکٹر نے انکشاف کیا کہ پرچیوں کا دور دورہ ہے، پرفارمنس نہ دکھانے کے باوجود بھی مسلسل ٹیم میں کھلایا جارہا ہے، یہاں تک کہ نیچے سطح پر بھی انصاف میسر نہیں۔

    جاوید میانداد نے کہا کہ قومی سطح پر پلیئر اپنی پرفارمنس پر آتا ہے ہم نے بھی 15 سے 20 سال کرکٹ صرف اس وجہ سے کھیلی کہ ہم نے پرفارم کیا۔پر فارم نہ کرتے تو ٹیم میں بھی نہ ہوتے۔

    سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن فیئر نہیں ہے چمچوں کو ایک فون پر رکھ لیا جاتا ہے چاہیے کراچی ہو یا لاہور ان پیلئرز کو رکھا جاتا ہے جس کیلئے کہیں سے فون آجائے۔ میرٹ کو نظر انداز کردیا جاتا ہے۔

    قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مشورہ دیتے ہوئے جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ اگر آپ اس فیلڈ میں آگئے ہیں تو اس پر توجہ دیں اسے سنجیدہ لیں روزانہ پریکٹس کریں اپنے سینئرز سے مشورہ کریں، تاکہ آپ کی کرکٹ مزید بہتر ہوسکے۔

    قومی ویمنز ٹیم ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کیلئے نیوزی لینڈ روانہ

    سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں مختلف کلب کی ٹیم ہوتی تھی مقابلہ سخت تھا جس کی وجہ سے اچھے پلیئر سامنے آتے تھے، انہوں نے کہا کہ ڈیپارمنٹ کرکٹ بہت ضروری ہے۔

  • پاکستان میں سیکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں، بھارت کو آنا چاہیے، جاوید میانداد

    پاکستان میں سیکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں، بھارت کو آنا چاہیے، جاوید میانداد

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ہیڈکوچ جاوید میانداد نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں، موت جب کہیں اور جہاں لکھی ہے وہی آئے گی بھارت کو اب پاکستان آنا چاہیے۔

    سابق کپتان جاوید میانداد نے یوٹیوب کی ایک پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے بھارت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایشیاکپ کیلئے پاکستان آئیں پاکستان میں سیکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں ہے سکیورٹی کو چھوڑیں، ہمارا ایمان ہے کہ موت آنی ہے تو آنی ہے۔ زندگی اور موت تو اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

    پاکستان کے بھارت میں میچز پر بھارتی میڈیا کا بڑا دعویٰ

    جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ بھارت کا ایشیاکپ 2023 کیلئے پاکستان آنے سے صاف انکار نے ٹورنامنٹ کا مستقبل خطرے میں ڈال دیا ہے، سال 2012-13 میں ہماری ٹیم خراب حالات کے باوجود بھارت گئی تھی لیکن اسکے بعد بھارت  نے اپنا وعدہ آج تک پورا نہیں کیا۔

    سابق کپتان نے کہا کہ اگر بھارت ہمیں بلائے گا تو ضرور جائیں گے لیکن اب بھارت کی باری ہے کہ وہ اب اپنا قرض اُتارے۔

  • دو عظیم کھلاڑی میدان میں ایک بار پھر ساتھ اترنے پر بہت خوش

    دو عظیم کھلاڑی میدان میں ایک بار پھر ساتھ اترنے پر بہت خوش

    لاہور: ماضی کے دو عظیم کرکٹ اسٹارز ویو رچرڈز اور میاں داد میدان میں ایک بار پھر ساتھ اترنے پر بہت خوش ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان جونیئر لیگ میں لیجنڈری بلے باز سر ویوین ریچرڈز کو بھی جاوید میانداد کے ساتھ بطور مینٹور مقرر کر دیا گیا۔

    دونوں عظیم کھلاڑی لیگ کے پلیٹ فارم سے ایک بار پھر قذافی اسٹیڈیم میں موجود ہوں گے۔

    سر ویوین رچرڈز نے اس حوالے سے کہا کہ وہ میانداد کے ساتھ دوبارہ میدان میں اترنے پر بہت خوش ہیں، انھوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان جونیئر لیگ سے نئے کرکٹ ستارے سامنے آئیں گے۔

    جاوید میاں داد نے کہا کہ ویون رچرڈز دنیا کے عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، ان کے ساتھ دوبارہ میدان میں اترنے کا موقع یادگار ہوگا۔

    عمران طاہر اور کولن منرو پاکستان جونیئر لیگ کا حصہ بن گئے

    انھوں نے مزید کہا: ’پاکستان جونیئر لیگ کھلاڑیوں کے لیے ایک بہترین ایونٹ ہوگا، جس سے وہ بہت کچھ سیکھ سکیں گے، میری کوشش ہوگی کہ اپنا تجربہ کھلاڑیوں تک پہنچاؤں۔‘

  • بابر اعظم کو ریٹائرمنٹ تک کپتان رہنا چاہیے، جاوید میانداد

    بابر اعظم کو ریٹائرمنٹ تک کپتان رہنا چاہیے، جاوید میانداد

    کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ بلے باز جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کو ریٹائرمنٹ تک قومی ٹیم کا کپتان برقرار رہنا چاہیے۔

    قومی ٹیم کے گزشتہ دنوں عبداللہ شفیق کی شاندار 160 رنز کی اننگز کی بدولت سری لنکا کو شکست دے کر ریکارڈ 342 رنز کا ہدف حاصل کیا۔

    گال ٹیسٹ میں پاکستان کی تاریخی فتح کے بعد اپنے آفیشل یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے میانداد نے کہا کہ ’بابر اعظم اچھی قیادت کررہے ہیں انہیں اس وقت تک ٹیم کا کپتان رہنا چاہیے جب تک وہ ریٹائر نہیں ہو جاتے۔‘

    جاوید میانداد نے کہا کہ ’بابر نے ٹیم کی شاندار قیادت کی اور اہم بات یہ ہے کہ وہ خود بھی اچھا پرفارم کررہا ہے وہ قیادت بھی کرتے ہیں اور اپنی اننگز بھی عمدہ طریقے سے آگے لے کر چلتے ہیں۔‘

    لیجنڈ بلے باز نے کہا کہ ’اگر کوئی کپتان رنز نہیں کرتا تو اس کا ٹیم پر منفی اثر پڑتا ہے اس کی وجہ سے ٹیم کی کارکردگی بھی متاثر ہوتی ہے۔‘

    علاوہ ازیں میانداد نے کہا کہ قومی ٹیم ایک یونٹ کے طور پر کھیل رہی ہے اور اس کا سہرا کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ اور ہمارے نمبر ون کپتان بابر اعظم کو جاتا ہے۔

  • سرفراز کو واٹر بوائے بنانے پر جاوید میانداد سیخ پا

    سرفراز کو واٹر بوائے بنانے پر جاوید میانداد سیخ پا

    کراچی:سابق کپتان اور لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد سرفراز احمد کو واٹر بوائے بنانے پر سیخ پا ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق مایہ ناز کرکٹر جاوید میانداد نے مانچسٹر میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران سرفراز احمد کو واٹر بوائے بنانے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا انسان جس نے آپ کو چیمپیئنز ٹرافی جتوائی اسے پانی اور جوتے لے کر میدان میں بھیج کر دنیا کو کیا پیغام دیا گیا۔

    جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ ہمارا کلچر دوسرے ملکوں سے مختلف ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے بڑا افسوس ہوا میں بھی کپتان رہا ہوں، ہمیں سینئر کھلاڑی کی عزت کرنی چاہیے۔

    لیجنڈ کرکٹر اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں انگلش ٹیم کی دوسری اننگز کے آغاز پر کپتان کو اسپنرز سے بولنگ کروانی چاہیے تھی،میزبان ٹیم کو رنز لینے میں دشواری ہوتی۔

    جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ ابھی سیریز ختم نہیں ہوئی، غلطیوں سے سبق سیکھ کر انگلینڈ کے خلاف کم بیک کیا جاسکتا ہے۔

    سرفراز کے واٹر بوائے بننے پر مصباح الحق نے کیا کہا؟

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ویڈیو کانفرنس میں صحافی کے سوال پر ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ میچ کے دوران گراؤنڈ میں کھلاڑیوں کو پانی پلانا معمول کی بات ہے وہ جب کھلاڑی تھے تو خود بھی ایسا کرتے رہے ہیں۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا کہ سرفراز اچھا لڑکا ہے اسے اس چیز میں کوئی شرمندگی نہیں، یہی اچھی ٹیم کی نشانی ہے۔

  • فکسنگ میں ملوث کرکٹرز کو پھانسی دینے کا مطالبہ

    فکسنگ میں ملوث کرکٹرز کو پھانسی دینے کا مطالبہ

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم بیٹسمین جاوید میانداد نے فکسنگ میں ملوث کرکٹرز کو پھانسی دینے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا کہ ایک قانون بنایا جائے اور فکسنگ کا جرم کرنے والے کرکٹرز کو پھانسی دی جائے، ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی کے ساتھ بکیز کو بھی پھانسی دی جائے۔

    جاوید میانداد نے کہا کہ ماضی میں کرکٹرز نے چند پیسوں کے لیے ملک کو بیچا، کوچنگ اس لیے چھوڑی تھی کہ مجھے اندازہ ہوگیا تھا کہ فکسنگ ہورہی ہے۔

    سابق کپتان نے کہا کہ جسٹس قیوم کمیشن کو فکسنگ سے متعلق سب کچھ بتایا لیکن کھلاڑی بچ نکلے، کرکٹرز کمزور قوانین کی وجہ سے بچ جاتے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ دعوؤں سے نکل کر اب عملدرآمد کرے۔

    جاوید میانداد نے کہا کہ جسٹس قیوم کمیشن نے جن کرکٹرز کو پی سی بی سے دور رکھنے کا کہا آج بھی وہ بورڈ سے جڑے ہوئے ہیں، جن سابق کرکٹرز پر تھوڑا سا بھی شک تھا، انہیں کرکٹ بورڈ میں نہیں ہونا چاہئے تھا، عمر اکمل بھی اعتراف جرم کرکے واپس آجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ایسا قانون بنائیں کہ کسی کھلاڑی میں ہمت نہ ہو کہ وہ فکسنگ کرسکے، جب تک بکیز کو سزا نہیں ہوگی، کھلاڑی ایسے ہی اسپاٹ فکسنگ اور میچ فکسنگ کرتے رہیں گے۔

  • کرکٹ اور اسکواش کے لیجنڈز بھی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے نکل آئے

    کرکٹ اور اسکواش کے لیجنڈز بھی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے نکل آئے

    کراچی: شہر قائد میں سخت لاک ڈاؤن میں کرکٹ اور اسکواش کے لیجنڈز اور فن کار بھی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے نکل آئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق کپتان جاوید میاں داد اور سابق اسکواش چیمپئن جہانگیر خان نے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا، لیجنڈری کھلاڑیوں نے کے کے ایف کی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے فلاحی خدمات کو سراہا۔

    کرکٹ اور اسکواش کے سابق بڑے کھلاڑیوں نے ایم کیو ایم کے رہنما عامر سے خان سے ملاقات کی، اس موقع پر عامر خان نے اسپورٹس کے لیجنڈز کو بتایا کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کے پاس مستحقین کا مکمل ڈیٹا موجود ہے جس کے تحت ان تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں، اب تک کراچی اور حیدرآباد میں ایک لاکھ راشن تقسیم کر چکے ہیں۔

    کے کے ایف کے ٹرسٹی عامر خان نے کہا کہ گزشتہ روز ضلع شرقی کی سیل ہونے والی گیارہ یوسیز میں بھی امداد پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    کراچی کے مزید کئی علاقے سیل، طبی عملہ بھی پریشان، مزید 273 افراد گرفتار

    جاوید میاں داد نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ صورت حال میں انسانیت کی خدمت ہی اصل مشن ہے، خوشی ہے کراچی کے لوگ دل کھول کر عطیات دے رہے ہیں۔ اسکواش چیمپئن جہانگیر خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیاست کا وقت نہیں سب کو مل کر اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد کے لیے آگے آنا ہوگا۔

    معروف گلو کار رحیم شاہ نے کے کے ایف کو مثالی ادارہ اور ایم کیو ایم پاکستان کی ان تھک محنت کو خراج تحسین پیش کیا، معروف کامیڈین فیصل قازی نے کہا کہ جس طرح کے کے ایف کام کر رہی ہے وہ قابل تحسین ہے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے گزشتہ روز رابطہ کمیٹی اور کے کے ایف کے ٹرسٹی ممبران کے اجلاس میں کہا تھا کہ حالیہ صورت حال میں کراچی میں موجود لاکھوں خاندان بدترین معاشی صورت حال سے دوچار ہیں، فاؤنڈیشن کے تحت امدادی سرگرمیوں کو مزید بڑھایا جائے گا۔ انھوں نے متاثرہ خاندانوں میں گھر گھر راشن کی تقسیم، مختلف علاقوں میں قائم عارضی دسترخوان کے قیام اور وائرس کے خاتمے کے لیے اسپرے مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔