Tag: جاوید میانداد

  • دنیا میں دو ہستیاں دیکھیں جو ٹانگ پکڑتی ہیں، میاں داد نے ایک اور راز سے پردہ اٹھا دیا

    دنیا میں دو ہستیاں دیکھیں جو ٹانگ پکڑتی ہیں، میاں داد نے ایک اور راز سے پردہ اٹھا دیا

    کراچی: سابق لیجنڈ کرکٹر جاوید میاں داد نے ایک اور راز سے پردہ اٹھا دیا ہے، اس راز کا تعلق سابق بھارتی اسپنر دلیپ دوشی سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میاں داد اسٹوریز میں سابق مایہ ناز پاکستانی کرکٹر جاوید میاں داد نے ایک اور ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انھوں نے مشہور واقعے ‘تیرا روم نمبر کیا ہے؟’ سے متعلق وضاحت کی ہے۔

    میاں داد نے بتایا کہ سابق بھارتی اسپنر دلیپ دوشی میرے اچھے دوست تھے، ہم فیملی فرینڈ رہے، ہم نے ساتھ کاؤنٹی کرکٹ کھیلی، انھوں نے ناٹنگھم سے نہایت شائستگی سے کاؤنٹی کرکٹ کھیلی، ہمارا ملنا جلنا بہت تھا، اکثر لوگ پوچھتے ہیں کہ آپ دلیپ دوشی سے میچ کے دوران کیوں بار بار پوچھتے تھے کہ تیرا روم نمبر کیا ہے؟

    میاں داد نے کہا کہ جب بنگلور میں میچ ہو رہا تھا تو ایک تو وہ سنیل گواسکر کی ہدایت پر لیگ سائیڈ پر گیند کرے جا رہے تھے، اور میں پیڈ مارے جا رہا تھا، وکٹ بہت ٹرننگ تھی، اس وقت میں نے سنیل گواسکر سے کہا کہ دنیا میں میں نے دو ہستیاں دیکھیں جو ٹانگ پکڑتی ہیں، ایک تو کتا ٹانگ پکڑتا ہے اور ایک دلیپ نے میری ٹانگ پکڑی ہوئی ہے، جس پر وہ بہت ہنسے تھے۔

    جاوید میاں داد نے تاریخی ورلڈ کپ میں بھارتی کھلاڑی کی نقل کیوں‌ اتاری؟

    میاں داد نے کہا کہ میں دلیپ دوشی سے پوچھا کرتا تھا کہ تیرا روم نمبر کیا ہے؟ دلیپ اور سنیل اس پر پوچھنے لگے کہ یہ روم نمبر کیوں پوچھ رہے ہیں بار بار۔ جب دلیپ نے روم نمبر بتایا تو میں نے کہا دو چار فیلڈر وہاں بھی کھڑے کر لیں، میں اب وہاں ماروں گا گیند۔

    انھوں نے کہا کہ ہمارے درمیان اس طرح کے مذاق چلتے رہتے تھے، انھیں غلط نہیں لینا چاہیے، کیوں کہ پاکستان اور انڈیا کے کھلاڑی ایک وقت میں اتنے قریب آ گئے تھے کہ فیملی جیسے تعلقات بن گئے تھے، بھارت سے میچ دیکھنے آنے والے کہتے تھے کہ ہم اس طرح کی مہمان نوازی نہیں کر سکتے جس طرح پاکستان میں ہمارا خیال رکھا گیا۔ لاہور میں میچ کے دوران لوگوں نے مہمانوں کو اپنے گھروں میں ٹھہرایا تھا کیوں کہ ہوٹل سارے بک تھے، وہ وقت واپس آنا چاہیے۔ بھارتی ٹی وی پر میرا پروگرام چلتا تھا ‘میاں داد آپ کے گھر میں’ کے نام سے۔ میں نے انڈیا میں لوگوں کو بیٹ سائن کر کے دیے، لوگ ہمیں چائے پلاتے تھے، بڑی تعداد میں لوگ ملنے آ جاتے تھے۔ ہم نے بہت اچھا وقت گزارا۔

    خیال رہے کہ راجکوٹ گجرات میں پیدا ہونے والے دلیپ دوشی نے بھارت کی طرف سے صرف 33 ٹیسٹ میچ کھیل کر 114 وکٹیں حاصل کی تھیں، سلو لفٹ آرم لیگ اسپنر دوشی ابھی اور کھیل سکتے تھے مگر اس وقت کے کپتان سنیل گواسکر کے ساتھ ان کے اختلافات جو دورہ پاکستان کے دوران شدت اختیار کر گئے تھے، کی وجہ سے انھیں وقت سے پہلے انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑنا پڑی۔

  • جاوید میاں داد نے تاریخی ورلڈ کپ میں بھارتی کھلاڑی کی نقل کیوں‌ اتاری؟

    جاوید میاں داد نے تاریخی ورلڈ کپ میں بھارتی کھلاڑی کی نقل کیوں‌ اتاری؟

    کراچی: سابق لیجنڈ کرکٹر جاوید میاں داد نے آخر کار 28 سال بعد اُس راز سے پردہ اٹھا دیا جس نے 1992 سے اب تک شائقین کرکٹ کو حیرانی سے دوچار کیے رکھا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق مایہ ناز پاکستانی کرکٹر جاوید میاں داد نے انیس بانوے کے تاریخی ورلڈ کپ کے ایک میچ کے دوران بھارتی وکٹ کیپر کرن مورے کے سامنے اچانک اچھل کود کی وجہ خود بتا دی۔

    ایک ویڈیو پیغام میں سابق ٹیسٹ کرکٹر جاوید میاں داد نے کہا کہ کسی نے مجھ سے کرن مورے کے سامنے اچھلنے کی وجہ دریافت کی، تو اس کی وجہ یہ تھی کہ بھارتی وکٹ کیپر کرن مورے میری بیٹنگ کے دوران ہر بار اچھل اچھل کر آؤٹ کی بہت زیادہ اپیلیں کرتا تھا۔ جاوید میاں داد نے بتایا کہ انھوں نے کرن کی اسی ‘حرکت’ کی نقل اتاری۔

    آسٹریلیا میں میچ کے دوران ایک موقع پر جب بھارتی وکٹ کیپر نے جاوید میاں داد کو رن آؤٹ کرنے کی ناکام کوشش کی تو مایہ ناز بیٹسمین نے اچانک اسی طرح اچھل اچھل کر اس کی نقل اتار کر مضحکہ اڑایا۔

    جاوید میاں داد کا کہنا تھا کرن مورے اس طرح اچھل کود کرتا تھا جیسے امپائر سے آؤٹ کی بھیک مانگ رہا ہو۔ خیال رہے کہ 1992 میں اگرچہ پاکستان عالمی چیمیئن بنا مگر لیگ میچ میں بھارت کے ہاتھوں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    لیجنڈ کرکٹر نے یہ بھی بتایا کہ پاک بھارت میچ میں انڈین کھلاڑی کیوں پاکستانی کھلاڑی کے آؤٹ ہونے پر بہت زیادہ رد عمل دکھاتے تھے، انھوں نے کہا کہ بھارتی پلیئرز کی نظر میں ہم بہت اہم تھے، اور میرے بارے میں تو یہ سمجھا جاتا تھا کہ اگر میں کریز پر کھڑا رہا تو پھر نتیجہ کیا نکلنا ہے، اس لیے سبھی یہ خواہش رکھتے تھے کہ کسی طرح جاوید آؤٹ ہو جائے۔ ہم بھی چاہتے تھے کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے بڑے کرکٹرز کو کسی طرح آؤٹ کیا جائے، یہ کھلاڑیوں کا فطری رویہ ہوتا ہے۔

  • جاوید میانداد کی عمر اکمل کو وارننگ

    جاوید میانداد کی عمر اکمل کو وارننگ

    کراچی: معروف سابق کرکٹر جاوید میانداد نے قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین عمر اکمل کو تنبیہہ کردی کہ وہ اپنی حرکتیں درست کریں اور اپنی توجہ صرف اپنے کیریئر پر مرکوز کریں۔

    عمر اکمل اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت معطل ہیں جس کے بعد وہ معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے تک کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔

    ایک انٹرویو کے دوران جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ عمر اکمل کے سسر عبدالقادر ایک عظیم کرکٹر اور ان کے بہترین دوست تھے۔ ’میں ان کی طرف سے تمہیں وارننگ دے رہا ہوں کہ اپنی حرکتیں درست کرو ورنہ میں اپنے دوست کی طرف سے تم سے باز پرس کروں گا‘۔

    مزید پڑھیں: عمر اکمل نے بکی سے ملنے کا اعتراف کرلیا

    میانداد کا کہنا تھا کہ میں نے عمر اکمل کے والدین سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ اپنے بیٹے کو سنبھالیں۔ انہوں نے عمر اکمل کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا رویہ درست کریں اور اپنے کرکٹ کیریئر پر توجہ دیں۔

    انہوں نے کہا کہ عمر اکمل کرکٹ سے ہی بہت سا پیسہ کما سکتے ہیں، لہٰذا وہ نیچ حرکتیں کر کے ملک کو اور ملک کے پرانے بڑے کھلاڑیوں کو شرمندہ نہ کریں۔ وہ اپنی حرکتوں سے اپنے ہی کیریئر کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

    میانداد نے مزید کہا کہ کرکٹ سے صرف پیسہ ہی نہیں عزت بھی کمائی جاتی ہے، ’ہم اب کرکٹ نہیں کھیلتے لیکن لوگ اب بھی ہماری عزت کرتے ہیں، اپنے رویے کو درست کرو، اچھی پرفارمنس دو اور سب کی عزت کرو‘۔

    خیال رہے کہ عمر اکمل نے چند دن قبل بکی سے ملنے کا اعتراف کیا تھا اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو نہ بتانے پر غلطی کے مرتکب ہوئے تھے جس کے بعد بورڈ نے انہیں معطل کردیا تھا۔

  • آرمی ٹوپی کس نے دی؟ میانداد نے جواب دیدیا

    آرمی ٹوپی کس نے دی؟ میانداد نے جواب دیدیا

    لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد نے کہا ہے کہ فوجی کیپس مختلف جگہوں سے مل جاتی ہیں مگر یہ بتاؤں گا کہ میں نے ٹوپی کہاں سے لی۔

    قریباً 15 سال بعد راولپنڈی میں ہونے والے پاک سری لنکن تاریخی ٹیسٹ میچ کے دوران عظیم بیٹسمین جاوید میانداد الگ ہی روپ میں نظر آئے تھے، سر پر آرمی کیپ رکھے میدان میں انٹری اور پھر شائقین سے گھل مل جانے کے مناظر کو سب ہی پسند کیا۔

    مگر سوال یہ تھا کہ آخر جاوید میانداد کو آرمی کیپ پہننے کی ضرورت کیوں پیش آیا؟ کیا انہوں نے بھی ویرات کوہلی کو جواب دینے کے لیے ایسا کیا؟ اس حوالے سے جاوید میانداد نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    ایک ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس کیپ کو پہننے کا مقصد پاک فوج سے اپنے دلی جذبات کا اظہار تھا، میرے دل میں فوج کے لیے بہت عزت ہے اگر کرکٹر نہ بنتا تو فوجی بنتا۔

    مایہ ناز بیٹسمین کا کہنا تھا کہ میں تو شروع سے ہی یہ ٹوپی پہنتا آرہا ہوں، کوہلی اور دیگر لوگ تو سیاسی مقاصد کے لیے آرمی کیپ استعمال کرتے ہیں لیکن میں بچپن سے ایسی ٹوپیاں پہن رہا ہوں اور مجھے یہ جذبہ اپنے گھر سے ملا ہے۔

    واضح رہے کی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات میں بھی جاوید میانداد نے آرمی کیپ پہن رکھی تھی۔

  • انڈیا مجھ سے گھبرا رہا ہے، میرا ٹویٹر بند کرا دیا: جاوید میاں داد

    انڈیا مجھ سے گھبرا رہا ہے، میرا ٹویٹر بند کرا دیا: جاوید میاں داد

    کراچی: سابق لیجنڈ کرکٹر جاوید میاں داد نے کہا ہے کہ انڈیا مجھ سے گھبرا رہا ہے، اس لیے اس نے میرا ٹویٹر بند کرا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جاوید میاں داد جامعہ کراچی کے سیمینار سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ انھوں نے انڈیا میں سب کو بہت محبت دی لیکن وہ اب مجھ سے گھبرا رہا ہے۔

    سابق کپتان کا کہنا تھا کہ میں نہ کوئی وزیر ہوں نہ ہی سیاست دان پھر بھی میری کہی بات بڑی ہو جاتی ہے، میں جو بات کرتا ہوں دل سے کرتا ہوں۔

    دریں اثنا، جاوید میاں داد نے سیمینار میں بھارتی مظالم کے خلاف طلبہ کے ساتھ پلے کارڈ تھاما، جس پر لکھا تھا کشمیریوں کو سکون سے رہنے دو، مظالم بند کرو۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر کے حق میں آواز اٹھانے والے 67 پاکستانیوں کے بلاک شدہ اکاؤنٹ بحال

    نامور سابق کرکٹر نے اپنے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ میرے پاس دو چیزیں تھیں جن کی وجہ سے میں نے زندگی میں مقام بنایا، کرکٹ اور انسانیت، میں نے انھی چیزوں کو لے کر چلا۔

    مزید کہا کہ مجھ پر جب بھی کوئی مصیبت آئی میں نے نماز سے مدد لی، مصلا بچھایا، نماز کبھی نہیں چھوڑی، بزرگوں کے درباروں پر گیا، یہ سب چیزیں میری زندگی کا حصہ رہی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ چھوڑے ہوئے 20 سال ہو گئے لیکن ایسا لگتا ہے جیسے میں نے کرکٹ آج چھوڑی ہو۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے جاوید میاں داد نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے ایل او سی کے دورے کا بھی اعلان کیا تھا۔

  • کشمیریوں سے اظہار یکجہتی، جاوید میانداد کا ایل اوسی کا دورہ کرنے کا اعلان

    کشمیریوں سے اظہار یکجہتی، جاوید میانداد کا ایل اوسی کا دورہ کرنے کا اعلان

    کراچی: سابق کپتان جاوید میانداد نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایل او سی کا دورہ کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم جاوید میانداد نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے لائن آف کنٹرول کے دورے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امن کا پیغام لے کر جاؤں گا۔

    جاوید میانداد نے اپنے ویڈیو پیغام میں کھیل اور سیاست سے وابستہ شخصیات کو ساتھ چلنے کی دعوت دی۔

    لیجنڈ کرکٹر کا کہنا تھا کہ ظلم و ستم کا نشانہ بننے والے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج کروں گا، دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر پر ہونے والے مظالم کی جانب کروانا چاہتا ہوں۔

    جاوید میانداد نے کہا کہ جو میرے ساتھ چلنا چاہتا ہے، آئے ساتھ چلے، کشمیریوں کی جدوجہد کبھی ختم نہیں ہوسکتی، دنیا میں نئے ملک بنتے رہیں گے، جس طرح پاکستان کو بننے سے کوئی نہیں روک سکا، اسی طرح کشمیر کو آزاد ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے ایل او سی کا دورہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے باکسر عامر خان منگل کو لندن سے اسلام آباد پہنچیں گے۔

    خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 22 روز سے جاری کرفیو سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے اور اب غذائی قلت کے خطرات بھی منڈلانے لگے ہیں۔

    پانچ اگست کو مودی سرکار کی جانب سے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کرکے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت اور نیم خود مختاری ختم کردی گئی تھی۔

  • مقبوضہ کشمیر میں مظالم، سابق پاکستانی کھلاڑی پھٹ پڑے

    مقبوضہ کشمیر میں مظالم، سابق پاکستانی کھلاڑی پھٹ پڑے

    کراچی: سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم جاوید میانداد بھارتی مظالم کے خلاف پھٹ پڑے، سابق کرکٹر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ دعا ہے کشمیر جلد سے جلد آزاد ہو۔

    تفصیلات کے مطابق سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم جاوید میانداد نے کہا ہے کہ مودی کو دکھانا چاہتے ہیں کہ پورا پاکستان ایک ایجنڈے پر ہے، جاوید میانداد نے کشمیر بنے گا پاکستان، پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔

    جاوید میانداد نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کا بہت افسوس ہوتا ہے، بھارت میں ایک مسلمان کو 20، 20 لوگ مارتے ہیں۔

    دوسری جانب سابق اسپنر سعید اجمل نے کہا کہ کشمیری ہمارے بھائی ہیں، دل و جان سے ان کے ساتھ ہیں، دعا ہے کشمیر جلد سے جلد آزاد ہو۔

    مزید پڑھیں: 2 ہفتے میں 4 ہزار کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا: فرانسیسی خبر رساں ادارہ

    سعید اجمل نے کہا کہ پاک آرمی سمیت تمام پاکستانی کشمیریوں کے دکھ میں شریک ہیں، بھارت کو کشمیریوں پر ظلم و تشدد ختم کرنا چاہئے۔

    ایک سوال کے جواب میں سعید اجمل نے کہا کہ پاکستان پر امن ملک ہے، سری لنکن ٹیم کے پاکستان آنے سے عالمی کرکٹ بحال ہوگی۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل دو ہفتوں سے جاری کرفیو سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے اور اب غذائی قلت کے خطرات بھی منڈلانے لگے ہیں۔

    یاد رہے کہ 5 اگست کو مودی سرکار کی جانب سے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کرکے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت اور نیم خود مختاری ختم کردی گئی تھی۔

  • عمران خان کو بطور وزیراعظم ہمیں سپورٹ کرنا چاہئے، جاوید میانداد

    عمران خان کو بطور وزیراعظم ہمیں سپورٹ کرنا چاہئے، جاوید میانداد

    کراچی : نامور سابق کرکٹر جاوید میانداد نے کہا ہے کہ عمران خان کو بطور وزیراعظم ہمیں سپورٹ کرنا چاہئے، بیٹنگ نہ کرانے پر آفریدی کو غصہ ہے تو مجھے معاف کردیں۔

    ان خیالات کا کاظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ یہی رہا ہے کہ لوگوں نے اسے لوٹا، وہی ملک ترقی کرتا ہے جس کے عوام میں جیت کا جذبہ ہو، پاکستان میں چندہ جمع کر کے کیا چیز نہیں بن سکتی؟

    اوورسیز پاکستانیوں کو آزما چکے ہیں، پہلے لوگوں نے ان سے مدد مانگی اور کام نہیں کیا۔ تمام پاکستانیوں سے کہتا ہوں کمیٹیاں ڈال کر مسائل حل کریں، جاوید میانداد نے تجویز پیش کی کہ200،100روپے چندہ لے کر ہم کراچی کی سڑکیں ٹھیک کرسکتے ہیں، ہمارے ہاں سب سے بڑا مسئلہ سفارش کا ہے، اس ملک میں لوگوں کے پاس عقل تو بہت ہے لیکن پیسہ نہیں۔

    جاوید میانداد کا مزید کہنا تھا کہ میں نے کہا ہے کہ ملک کیلئے میری تمام خدمات حاصل ہیں، جہانگیرخان بھی حاضر ہیں، وہ بھی اپنی خدمات دیں گے،

    ایک سوال کے جواب میں میانداد نے کہا کہ بیٹنگ نہ کرانے پر شاہد آفریدی کو اگر غصہ ہے تو وہ مجھے معاف کردیں، ہوسکتا ہے انجانے میں مجھ سے کچھ غلطیاں ہوئی ہوں

    صلاح الدین بھائی مل جائیں توان سے شاہد آفریدی کا پوچھنا، میرے انڈر بہت سے لڑکے کھیلے ان سے پوچھیں کہ میں کیسا تھا، اس کے علاوہ سعید انور بھائی اور دیگر بہت سے کھلاڑی ہیں ان سے میرے بارے میں پوچھ لیں، کتاب والوں کو تو مصالحہ چاہئے ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے ہمیشہ عزت ملی ہے اور اچھی عزت ملی ہے، جب میں بیٹنگ کرنے جاتا تھا تو عوام کہتی تھی کہ اب ٹینشن ختم ہوگئی، آپ لوگوں کی دعائیں میرےساتھ ہوتی تھیں۔

  • شارجہ کے میدان میں جاوید میاں داد کے تاریخی چھکے کو آج 33 برس مکمل ہو گئے

    شارجہ کے میدان میں جاوید میاں داد کے تاریخی چھکے کو آج 33 برس مکمل ہو گئے

    کراچی: شارجہ کے تاریخی میدان میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لے جنڈ بیٹسمین جاوید میاں داد کے تاریخی چھکے کو آج 33 برس مکمل ہو گئے ہیں۔

    شارجہ میں بھارت کے خلاف جاوید میاں داد کے تاریخی اور لازوال چھکے کا وہ تاریخی لمحہ کرکٹ شائقین کے ذہنوں میں آج بھی تازہ ہے، میاں داد نے بھارت کے خلاف فائنل میچ میں چھکا لگا کر پاکستان کوشان دار فتح دلائی تھی۔

    18 اپریل 1986 کا دن بھارتیوں کے لیے دل دہلا دینے والا دن تھا جب عظیم پاکستانی بلے باز جاوید میاں داد نے ان کی فتح کو تاریخی شکست میں تبدیل کر دیا تھا۔

    ایک طرف شارجہ کا اسٹیڈیم اور دوسری طرف پاکستان کا روایتی حریف بھارت تھا، پاکستان آسٹریلیشیا کپ کے فائنل میں 246 رنز کے بھارتی ہدف کا تعاقب کر رہا تھا، یہ اس وقت شارجہ میں کسی بھی ٹیم کا بنایا گیا سب سے بڑا مجموعہ تھا۔

    اس ہدف کے تعاقب میں پاکستان جاوید میاں داد کی لازوال سنچری کی بہ دولت اس مقام تک پہنچا کہ آخری اوور کی آخری گیند پر 4 رنز کی ضرورت تھی۔

    کرکٹ گراؤنڈ شائقین سے بھرا ہوا تھا، دو کھلاڑیوں پر سب کی نظریں لگی ہوئی تھیں، کریز کے ایک طرف جاوید میاں داد کھڑے تھے، اور دوسرے اینڈ پر بھارت کے فاسٹ بولر چیتن شرما ہاتھوں میں گیند تھامے ہوئے تھے۔

    شائقین کے دلوں کی دھڑکن اس وقت تیز ہو گئی جب چیتن شرما نے میچ کے آخری گیند کے لیے دوڑنا شروع کر دیا، گیند ان کے ہاتھوں سے نکلی تو ایک لمحے کے لیے میدان میں سناٹا چھا گیا، اور پھر وہ ہوا جس نے ایک تاریخ رقم کر دی۔

    لے جنڈ میاں داد نے بلا گھمایا اور چیتن شرما کی گیند کو ہوا میں اٹھا کر باؤنڈری پار کرا دیا، اس زوردار چھکے کے بعد ایک طرف پاکستانی انکلوژر میں جشن کا سماں بندھ گیا تھا تو دوسری طرف بھارتی انکلوژر پر موت جیسا سناٹا طاری ہو گیا تھا۔

  • پاکستان کو 1992 ورلڈ کپ جیتے 27 برس ہوگئے

    پاکستان کو 1992 ورلڈ کپ جیتے 27 برس ہوگئے

    کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کو عمران خان کی قیادت میں 1992 کا تاریخی ورلڈ کپ جیتے 27 برس ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شاہینوں نے 27 سال قبل آج ہی کے دن عمران خان کی قیادت میں میلبرن کے تاریخی گراؤنڈ میں کرکٹ ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کی تھی، قومی ٹیم کی قیادت عمران خان کررہے تھے۔

    شاہینوں نے ورلڈ کپ فائنل میں انگلینڈ کو 22 رنز سے شکست دے کر پہلی بار ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا، فائنل میچ میں وسیم اکرم کو عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

    فائنل میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 249 رنز بنائے اوپنر عامر سہیل اور رمیز راجہ بالتریب 4 اور 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے تو کپتان عمران خان نے جاوید میانداد کے ساتھ مل کر مجموعی اسکور میں اضافہ کیا۔

    عمران خان نے ایک چھکے اور چار چوکے کی مدد سے 72 رنز بنائے، جاوید میانداد بھی 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    انضمام الحق طبیعت نازسازی کے باوجود کپتان کے کہنے پر میدان میں اترے اور 35 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، وسیم اکرم نے بھی 18 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے۔

    انگلینڈ کی ٹیم 250 رنز کے تعاقب میں 227 رنز پر ڈھیر ہوگئی، انگلینڈ کی ٹیم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور ہدف کا تعاقب جاری رکھا تاہم وسیم اکرم نے ایلن لیمب اور اگلی ہی گیند پر کرس لیوز کو پویلین کی راہ دکھا کر انگلش بلے بازی کی کمر توڑ دی۔

    دو اہم بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلش ٹیم سنبھل نہ سکی اور پوری ٹیم 49.2 اوورز میں 227 بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

    وسیم اکرم کو 33 رنز اور 3 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔