Tag: جاوید میاں داد

  • دنیا میں دو ہستیاں دیکھیں جو ٹانگ پکڑتی ہیں، میاں داد نے ایک اور راز سے پردہ اٹھا دیا

    دنیا میں دو ہستیاں دیکھیں جو ٹانگ پکڑتی ہیں، میاں داد نے ایک اور راز سے پردہ اٹھا دیا

    کراچی: سابق لیجنڈ کرکٹر جاوید میاں داد نے ایک اور راز سے پردہ اٹھا دیا ہے، اس راز کا تعلق سابق بھارتی اسپنر دلیپ دوشی سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میاں داد اسٹوریز میں سابق مایہ ناز پاکستانی کرکٹر جاوید میاں داد نے ایک اور ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انھوں نے مشہور واقعے ‘تیرا روم نمبر کیا ہے؟’ سے متعلق وضاحت کی ہے۔

    میاں داد نے بتایا کہ سابق بھارتی اسپنر دلیپ دوشی میرے اچھے دوست تھے، ہم فیملی فرینڈ رہے، ہم نے ساتھ کاؤنٹی کرکٹ کھیلی، انھوں نے ناٹنگھم سے نہایت شائستگی سے کاؤنٹی کرکٹ کھیلی، ہمارا ملنا جلنا بہت تھا، اکثر لوگ پوچھتے ہیں کہ آپ دلیپ دوشی سے میچ کے دوران کیوں بار بار پوچھتے تھے کہ تیرا روم نمبر کیا ہے؟

    میاں داد نے کہا کہ جب بنگلور میں میچ ہو رہا تھا تو ایک تو وہ سنیل گواسکر کی ہدایت پر لیگ سائیڈ پر گیند کرے جا رہے تھے، اور میں پیڈ مارے جا رہا تھا، وکٹ بہت ٹرننگ تھی، اس وقت میں نے سنیل گواسکر سے کہا کہ دنیا میں میں نے دو ہستیاں دیکھیں جو ٹانگ پکڑتی ہیں، ایک تو کتا ٹانگ پکڑتا ہے اور ایک دلیپ نے میری ٹانگ پکڑی ہوئی ہے، جس پر وہ بہت ہنسے تھے۔

    جاوید میاں داد نے تاریخی ورلڈ کپ میں بھارتی کھلاڑی کی نقل کیوں‌ اتاری؟

    میاں داد نے کہا کہ میں دلیپ دوشی سے پوچھا کرتا تھا کہ تیرا روم نمبر کیا ہے؟ دلیپ اور سنیل اس پر پوچھنے لگے کہ یہ روم نمبر کیوں پوچھ رہے ہیں بار بار۔ جب دلیپ نے روم نمبر بتایا تو میں نے کہا دو چار فیلڈر وہاں بھی کھڑے کر لیں، میں اب وہاں ماروں گا گیند۔

    انھوں نے کہا کہ ہمارے درمیان اس طرح کے مذاق چلتے رہتے تھے، انھیں غلط نہیں لینا چاہیے، کیوں کہ پاکستان اور انڈیا کے کھلاڑی ایک وقت میں اتنے قریب آ گئے تھے کہ فیملی جیسے تعلقات بن گئے تھے، بھارت سے میچ دیکھنے آنے والے کہتے تھے کہ ہم اس طرح کی مہمان نوازی نہیں کر سکتے جس طرح پاکستان میں ہمارا خیال رکھا گیا۔ لاہور میں میچ کے دوران لوگوں نے مہمانوں کو اپنے گھروں میں ٹھہرایا تھا کیوں کہ ہوٹل سارے بک تھے، وہ وقت واپس آنا چاہیے۔ بھارتی ٹی وی پر میرا پروگرام چلتا تھا ‘میاں داد آپ کے گھر میں’ کے نام سے۔ میں نے انڈیا میں لوگوں کو بیٹ سائن کر کے دیے، لوگ ہمیں چائے پلاتے تھے، بڑی تعداد میں لوگ ملنے آ جاتے تھے۔ ہم نے بہت اچھا وقت گزارا۔

    خیال رہے کہ راجکوٹ گجرات میں پیدا ہونے والے دلیپ دوشی نے بھارت کی طرف سے صرف 33 ٹیسٹ میچ کھیل کر 114 وکٹیں حاصل کی تھیں، سلو لفٹ آرم لیگ اسپنر دوشی ابھی اور کھیل سکتے تھے مگر اس وقت کے کپتان سنیل گواسکر کے ساتھ ان کے اختلافات جو دورہ پاکستان کے دوران شدت اختیار کر گئے تھے، کی وجہ سے انھیں وقت سے پہلے انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑنا پڑی۔

  • جاوید میاں داد نے تاریخی ورلڈ کپ میں بھارتی کھلاڑی کی نقل کیوں‌ اتاری؟

    جاوید میاں داد نے تاریخی ورلڈ کپ میں بھارتی کھلاڑی کی نقل کیوں‌ اتاری؟

    کراچی: سابق لیجنڈ کرکٹر جاوید میاں داد نے آخر کار 28 سال بعد اُس راز سے پردہ اٹھا دیا جس نے 1992 سے اب تک شائقین کرکٹ کو حیرانی سے دوچار کیے رکھا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق مایہ ناز پاکستانی کرکٹر جاوید میاں داد نے انیس بانوے کے تاریخی ورلڈ کپ کے ایک میچ کے دوران بھارتی وکٹ کیپر کرن مورے کے سامنے اچانک اچھل کود کی وجہ خود بتا دی۔

    ایک ویڈیو پیغام میں سابق ٹیسٹ کرکٹر جاوید میاں داد نے کہا کہ کسی نے مجھ سے کرن مورے کے سامنے اچھلنے کی وجہ دریافت کی، تو اس کی وجہ یہ تھی کہ بھارتی وکٹ کیپر کرن مورے میری بیٹنگ کے دوران ہر بار اچھل اچھل کر آؤٹ کی بہت زیادہ اپیلیں کرتا تھا۔ جاوید میاں داد نے بتایا کہ انھوں نے کرن کی اسی ‘حرکت’ کی نقل اتاری۔

    آسٹریلیا میں میچ کے دوران ایک موقع پر جب بھارتی وکٹ کیپر نے جاوید میاں داد کو رن آؤٹ کرنے کی ناکام کوشش کی تو مایہ ناز بیٹسمین نے اچانک اسی طرح اچھل اچھل کر اس کی نقل اتار کر مضحکہ اڑایا۔

    جاوید میاں داد کا کہنا تھا کرن مورے اس طرح اچھل کود کرتا تھا جیسے امپائر سے آؤٹ کی بھیک مانگ رہا ہو۔ خیال رہے کہ 1992 میں اگرچہ پاکستان عالمی چیمیئن بنا مگر لیگ میچ میں بھارت کے ہاتھوں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    لیجنڈ کرکٹر نے یہ بھی بتایا کہ پاک بھارت میچ میں انڈین کھلاڑی کیوں پاکستانی کھلاڑی کے آؤٹ ہونے پر بہت زیادہ رد عمل دکھاتے تھے، انھوں نے کہا کہ بھارتی پلیئرز کی نظر میں ہم بہت اہم تھے، اور میرے بارے میں تو یہ سمجھا جاتا تھا کہ اگر میں کریز پر کھڑا رہا تو پھر نتیجہ کیا نکلنا ہے، اس لیے سبھی یہ خواہش رکھتے تھے کہ کسی طرح جاوید آؤٹ ہو جائے۔ ہم بھی چاہتے تھے کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے بڑے کرکٹرز کو کسی طرح آؤٹ کیا جائے، یہ کھلاڑیوں کا فطری رویہ ہوتا ہے۔

  • انڈیا مجھ سے گھبرا رہا ہے، میرا ٹویٹر بند کرا دیا: جاوید میاں داد

    انڈیا مجھ سے گھبرا رہا ہے، میرا ٹویٹر بند کرا دیا: جاوید میاں داد

    کراچی: سابق لیجنڈ کرکٹر جاوید میاں داد نے کہا ہے کہ انڈیا مجھ سے گھبرا رہا ہے، اس لیے اس نے میرا ٹویٹر بند کرا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جاوید میاں داد جامعہ کراچی کے سیمینار سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ انھوں نے انڈیا میں سب کو بہت محبت دی لیکن وہ اب مجھ سے گھبرا رہا ہے۔

    سابق کپتان کا کہنا تھا کہ میں نہ کوئی وزیر ہوں نہ ہی سیاست دان پھر بھی میری کہی بات بڑی ہو جاتی ہے، میں جو بات کرتا ہوں دل سے کرتا ہوں۔

    دریں اثنا، جاوید میاں داد نے سیمینار میں بھارتی مظالم کے خلاف طلبہ کے ساتھ پلے کارڈ تھاما، جس پر لکھا تھا کشمیریوں کو سکون سے رہنے دو، مظالم بند کرو۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر کے حق میں آواز اٹھانے والے 67 پاکستانیوں کے بلاک شدہ اکاؤنٹ بحال

    نامور سابق کرکٹر نے اپنے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ میرے پاس دو چیزیں تھیں جن کی وجہ سے میں نے زندگی میں مقام بنایا، کرکٹ اور انسانیت، میں نے انھی چیزوں کو لے کر چلا۔

    مزید کہا کہ مجھ پر جب بھی کوئی مصیبت آئی میں نے نماز سے مدد لی، مصلا بچھایا، نماز کبھی نہیں چھوڑی، بزرگوں کے درباروں پر گیا، یہ سب چیزیں میری زندگی کا حصہ رہی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ چھوڑے ہوئے 20 سال ہو گئے لیکن ایسا لگتا ہے جیسے میں نے کرکٹ آج چھوڑی ہو۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے جاوید میاں داد نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے ایل او سی کے دورے کا بھی اعلان کیا تھا۔

  • ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بند کرنے کا فیصلہ، میاں‌ داد کی حکومت پر تنقید

    ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بند کرنے کا فیصلہ، میاں‌ داد کی حکومت پر تنقید

    کراچی: وزیراعطم عمران خان کے پرانے ساتھی اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ جاوید میاں داد نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ یا اسپورٹس بند کرنے کے حکومتی فیصلے کی کھل کر مخالفت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ حکام سے ملاقات میں محکمہ جاتی (ریپارٹمنٹ) کرکٹ بند کرنے اور اسے علاقائی (ریجینل) سطح پر مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔وزیر اعظم کے اس اقدام کا مقصد علاقائی سطح پر کرکٹ اور دیگر کو مضبوط کرنا ہے تاکہ نیا ٹیلنٹ سامنے آسکے۔

    عمران خان کے فیصلے پر  لیجنڈری کرکٹر جاوید میاں داد نے مخالفت کرتے ہوئے وزیر اعظم کو آڑے ہاتھوں لیا۔ اپنے  پیغام میں اُن کا کہنا تھا کہ ’عمران خان نے خود ساری زندگی پیسوں کے لیے کاؤنٹی کرکٹ کھیلی اور آج کو ڈیپارٹمنٹ کرکٹ بند کرکے کھلاڑیوں کو بے روزگار کر رہے ہیں‘۔

    مزید پڑھیں: بھارت کے خلاف پان کھا کر تاریخی چھکا مارا تھا، جاوید میاں داد

    اُن کا کہنا تھا کہ ’عمران خان سے امید تھی کہ وہ کھیلوں کے لیے اچھے اقدامات کریں گے، اگر میں حکومت میں ہوتا یا اس کا حصہ ہوتا تو کھلاڑیوں کو اصل تبدیلی نظر آتی‘۔

    دوسری جانب اولمپئن اصلاح الدین اور اسکواش کنگ جہانگیر خان نے بھی ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس بند کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ’حکومتی اقدام سے کھلاڑیوں کا معاشی قتل ہوگا’۔

    کھلاڑیوں کی حمایت کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ’ڈیپارٹمنٹس کی ٹیموں نے اسپورٹس کے میدان کو بڑے کھلاڑی دیے جنہوں نے عالمی سطح پر بھی ملک کا نام روشن کیا‘ْ

  • شارجہ کے میدان میں جاوید میاں داد کے تاریخی چھکے کو آج 33 برس مکمل ہو گئے

    شارجہ کے میدان میں جاوید میاں داد کے تاریخی چھکے کو آج 33 برس مکمل ہو گئے

    کراچی: شارجہ کے تاریخی میدان میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لے جنڈ بیٹسمین جاوید میاں داد کے تاریخی چھکے کو آج 33 برس مکمل ہو گئے ہیں۔

    شارجہ میں بھارت کے خلاف جاوید میاں داد کے تاریخی اور لازوال چھکے کا وہ تاریخی لمحہ کرکٹ شائقین کے ذہنوں میں آج بھی تازہ ہے، میاں داد نے بھارت کے خلاف فائنل میچ میں چھکا لگا کر پاکستان کوشان دار فتح دلائی تھی۔

    18 اپریل 1986 کا دن بھارتیوں کے لیے دل دہلا دینے والا دن تھا جب عظیم پاکستانی بلے باز جاوید میاں داد نے ان کی فتح کو تاریخی شکست میں تبدیل کر دیا تھا۔

    ایک طرف شارجہ کا اسٹیڈیم اور دوسری طرف پاکستان کا روایتی حریف بھارت تھا، پاکستان آسٹریلیشیا کپ کے فائنل میں 246 رنز کے بھارتی ہدف کا تعاقب کر رہا تھا، یہ اس وقت شارجہ میں کسی بھی ٹیم کا بنایا گیا سب سے بڑا مجموعہ تھا۔

    اس ہدف کے تعاقب میں پاکستان جاوید میاں داد کی لازوال سنچری کی بہ دولت اس مقام تک پہنچا کہ آخری اوور کی آخری گیند پر 4 رنز کی ضرورت تھی۔

    کرکٹ گراؤنڈ شائقین سے بھرا ہوا تھا، دو کھلاڑیوں پر سب کی نظریں لگی ہوئی تھیں، کریز کے ایک طرف جاوید میاں داد کھڑے تھے، اور دوسرے اینڈ پر بھارت کے فاسٹ بولر چیتن شرما ہاتھوں میں گیند تھامے ہوئے تھے۔

    شائقین کے دلوں کی دھڑکن اس وقت تیز ہو گئی جب چیتن شرما نے میچ کے آخری گیند کے لیے دوڑنا شروع کر دیا، گیند ان کے ہاتھوں سے نکلی تو ایک لمحے کے لیے میدان میں سناٹا چھا گیا، اور پھر وہ ہوا جس نے ایک تاریخ رقم کر دی۔

    لے جنڈ میاں داد نے بلا گھمایا اور چیتن شرما کی گیند کو ہوا میں اٹھا کر باؤنڈری پار کرا دیا، اس زوردار چھکے کے بعد ایک طرف پاکستانی انکلوژر میں جشن کا سماں بندھ گیا تھا تو دوسری طرف بھارتی انکلوژر پر موت جیسا سناٹا طاری ہو گیا تھا۔

  • قیام پاکستان کے  پیچھے جدوجہد اورعشق کارفرما ہے: چیف جسٹس

    قیام پاکستان کے  پیچھے جدوجہد اورعشق کارفرما ہے: چیف جسٹس

    کراچی: چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کے  پیچھے جدوجہد اورعشق کارفرما ہے.

    ان خیالات کا اظہار چیف جسٹس نے کراچی میں‌ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا. انھوں نے کہا کہ پاکستان نہ ہوتا، تو میں آج کسی ہندوکامنشی ہوتا.

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ پاکستان ہمیں کسی نے تحفے میں نہیں دیا، اس کے پیچھے عشق کا جذبہ تھا، ہمارے بزرگو ں نے پاکستان کے لئے بہت قربانیاں دیں.

    انھوں نے مزید کہا کہ ہم خوش نصیب ہیں، اللہ نے ہمیں پاکستان عطا کیا، ہم اس پاکستان کےساتھ کیا کر رہے ہیں، ہمیں‌ سوچنا ہوگا، ہمیں اس ملک کی قدرکرنی چاہیے، آئیں پاکستان سے عشق کرنا سیکھیں.


    مزید پڑھیں: شاہ رخ جتوئی کو ڈیتھ سیل منتقل کیا جائے: چیف جسٹس برہم


    انھوں نے کہا کہ جب کسی چیز سےعشق کرلیں، تواس کےعشق میں فنا ہوجاتے ہیں، پاکستان کو ایک ماں کی طرح دیکھیں، اس کی قدر کریں.

    چیف جسٹس نے کہا کہ ہماری پہلی اور آخری محبت پاکستان ہے، پاکستان میں پانی کم ہوتا جارہا ہے، ملک کی ترقی کے لئےہم سب کو حصہ ڈالنا ہوگا.

    جاوید میاں داد کا ڈیم فنڈ میں بڑا عطیہ

    آج پاکستان کے سابق کپتان جاوید میاں داد نے چیف جسٹس سے ملاقات کی اور ڈیم فنڈ میں 2 لاکھ روپے کی رقم جمع کرائی.

    اس موقع پر لیجنڈ‌ کرکٹر نے عمران خان کے دستخط شدہ 92 ورلڈکپ کی گیند بھی نیلامی کے لئے پیش کی.

  • جاوید میاں داد کا عامر لیاقت کو الیکشن لڑنے کا چیلنج

    جاوید میاں داد کا عامر لیاقت کو الیکشن لڑنے کا چیلنج

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ بلے باز جاوید میاں داد نے عامر لیاقت کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مستعفی ہو کر ان کے خلاف الیکشن لڑ کر دیکھ لیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی اپنی پارٹی کے ساتھ اختلافات شدید ہوگئے ہیں، سابق عظیم کرکٹر جاوید میاں داد نے انھیں اپنے خلاف الیکشن لڑنے کا چیلنج دے دیا ہے۔

    جاوید میاں داد نے کہا ’سیٹ خالی کرو میں الیکشن لڑوں گا، عوام نے ووٹ پی ٹی آئی کو دیا ہے، آپ کو پتا لگ جائے گا۔‘

    سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت نے جو بیان دیا وہ ان کی سمجھ سے باہر ہے، کراچی والوں نےعمران خان کو ووٹ دیے ہیں، یہ باتیں پاکستان کے حق میں بہتر نہیں ہیں۔

    جاوید میاں داد نے انھیں مخاطب کرتے ہوئے کہا ’عامر لیاقت صاحب آپ کو اچھی شروعات کرنی چاہیے، آپ پارٹی کے ممبر ہیں، آپ کو پارٹی میں رہنا چاہیے۔‘

    عامر لیاقت حسین کا جواب


    جاوید میاں داد کے بیان کے جواب میں عامر لیاقت حسین نے کہا ’الیکشن کی ضرورت نہیں، جاوید میاں داد ویسے ہی سیٹ لے لیں، جاوید میاں داد قابلِ احترام ہیں۔‘

    عامر لیاقت نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ اگر مقابلے کی نوبت آئی تو وہ جاوید میاں داد کے حق میں دست بردار ہوجائیں گے۔

    عامر لیاقت کی جگہ کھمبا بھی کھڑا کرتے تو جیت جاتا، فیصل جاوید

    دوسری طرف عامر لیاقت صحافیوں کے سوال کا جواب نہ دے سکے تو سوال کو عدالتی جرح سے تشبیہ دے دی، عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ انھیں کراچی کے اجلاسوں میں نظرانداز کیا گیا۔

    انھوں نے کہا ’میں وزیرِ اعظم عمران خان اور پارٹی کا کارکن ہوں، تحریکِ انصاف چھوڑ کر کہاں جا سکتا ہوں؟‘

  • آفریدی نے جاوید میاں داد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دے دیا

    آفریدی نے جاوید میاں داد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دے دیا

    کراچی : معروف کرکٹرز جاوید میاں داد اور شاہد آفریدی کے درمیان بیانات بیازی کی جنگ نے شدت اختیار کر لی ہے،شاہد آفریدی نے جاوید میاں داد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جارحانہ انداز سے بلے بازی کرنے والے شاہد آفریدی نے معروف بلے باز اور سابق کپتان جاوید میاں داد کی جانب سے میچ فکسنگ کا الزام لگانے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اسی سے متعلق : میاں داد کے خلاف بیان دینے پرافسوس ہے، شاہد آفریدی

    میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے جاوید میاں داد پر زر پرست ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ پیسہ جاوید میاں داد کے لیے ہر چیز سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جاوید میاں داد بڑے کرکٹر ہیں انہیں کوئی بھی الزام لگانے سے پہلے سوچنا چاہیے تھا،انہوں نے مجھ پر ذاتی الزام تراشی کی اس لیے میری جانب سے سخت ردعمل آیا ہے۔

  • میاں داد کے خلاف بیان دینے پرافسوس ہے، شاہد آفریدی

    میاں داد کے خلاف بیان دینے پرافسوس ہے، شاہد آفریدی

    کراچی: پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ جاوید میاں داد کرکٹ کے لیجنڈ ہیں لیکن وہ ایک عرصے سے میری ذاتیات پر حملے کررہے تھے جس پر جواب دیا تاہم سنیئر کے بارے میں غلط بیان دینے پر افسوس ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹوئٹ کے ذریعے کیا۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ’’میاں داد کرکٹ کے لیجنٹ ہیں مگر وہ ایک عرصے سے میری ذاتیات پر حملے کررہے تھے، اُن کو ایک عرصے تک برداشت کیا مگر ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے‘‘۔

    شاہد خان آفریدی نے اپنے متنازعہ بیان پر نادم ہوتے ہوئے کہا کہ ’’جاوید میاں داد کرکٹ کے لیجنٹ ہیں ، سینئر کے خلاف جو کچھ کہا مجھے اُس پر دل سے افسوس ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلسل تلخ رویہ کے باعث مجبو ری میں جواب دیا تھا‘‘۔

    قبل ازیں شاہد آفریدی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیجنڈ کرکٹر پر الزام عائد کیا تھا کہ ’’جاوید میاں داد کو پیسوں کی فکر رہتی ہے، عمران خان اور اُن میں بس یہی فرق ہے‘‘۔

    بعد ازاں لیجنڈ کرکٹر نے لالہ کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’شاہد آفریدی پیسوں کی خاطر کچھ بھی کرسکتے ہیں اسی وجہ سے وہ بار بار الوداعی میچ کھیلنے کی خواہش ظاہر کررہے ہیں‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’شاہد آفریدی کی مارکیٹ ختم ہوگئی ہے اس لیے اب انہیں کوئی نہیں پوچھ رہا، کرکٹ میں کھلاڑی کو پرفارمنس کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے تاہم اگر آفریدی اس میں ناکام رہے اور سنیئرز پر الزام عائد کریں تو یہ بات سمجھ سے بالا تر ہے‘‘۔

    سابق ٹی ٹوئنٹی کپتان کی جانب سے لیجنڈ کرکٹر پر لگائے جانے والے الزام کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شاہد آفریدی پر میاں داد کے مداحوں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی جس پر آفریدی نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے ٹوئٹ کے ذریعے دیے گئے بیان پر افسوس کا اظہار کیا۔

    آفریدی کے بیان پر کرکٹ کے مداحوں کا ردعمل