Tag: جاپانی اداکارہ

  • مقبول جاپانی اداکارہ و گلوکارہ بلندی سے گر کر ہلاک

    مقبول جاپانی اداکارہ و گلوکارہ بلندی سے گر کر ہلاک

    ٹوکیو: مقبول جاپانی اداکارہ و گلوکارہ سایاکا کانڈا بلندی سے گر کر ہلاک ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان کی 35 سالہ مقبول اسٹیج اور وائس اداکارہ سایاکا کانڈا تین دن قبل 18 دسمبر کو ساپورو شہر میں ہوٹل کی چودھویں منزل پر شدید زخمی اور بے ہوش حالت میں پائی گئی تھیں۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ سایاکا کانڈا بلندی سے گرکر ہلاک ہوئیں، لیکن یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ سایاکا نے خود کشی کی ہے یا یہ محض ایک حادثہ تھا، تاہم پولیس نے قتل کا امکان مسترد کر دیا ہے۔

    سایاکا کانڈا ساپورو میں ایک 22 منزلہ ہوٹل میں رہائش پذیر تھیں، اور وہ 14 ویں منزل پر آؤٹر گارڈن میں بے ہوش اور زخمی حالت میں ملی تھیں، انھیں اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جاں بر نہ ہو سکیں۔

    سایاکا کانڈا کے والدین ان کی آخری رسومات ادا کر رہے ہیں

    آج منگل کو ان کے اداکار والدین نے ان کی آخری رسومات بھی ادا کر دی ہیں، وہ 71 سالہ اداکار مساکی کانڈا اور 59 سالہ گلوکارہ سائیکو ماتسوڈا کی اکلوتی اولاد تھیں، ان کے والدین اس وقت علیحدہ ہو گئے تھے جب سایاکا کانڈا محض 10 سال کی تھیں۔

    واضح رہے کہ سایاکا کانڈا ڈزنی کی اینی میٹڈ فلم ’فروزن‘ کے جاپانی ڈب ورژن میں فلم کے مشہور کردار اینا کی وائس اوور کے لیے مشہور تھیں۔ 2017 میں انھوں نے شادی کر لی تھی تاہم دو سال بعد ہی یہ شادی ٹوٹ گئی۔

  • ایوارڈ یافتہ جاپانی اداکارہ گھر میں مردہ پائی گئیں

    ایوارڈ یافتہ جاپانی اداکارہ گھر میں مردہ پائی گئیں

    ٹوکیو: ایوارڈ یافتہ جاپانی اداکارہ یوکو ٹیکوچی ٹوکیو میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپانی اداکارہ یوکو ٹیکوچی اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئیں ہیں، پولیس نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے شبہ ظاہر کیا ہے کہ 2 بچوں کی ماں ٹیکوچی نے خود کشی کی ہے۔

    میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اداکارہ کی لاش سب سے پہلے ان کے شوہر نقابایشی نے دیکھی تھی، جس پر انھوں نے پولیس کو اطلاع دی اور پھر اسپتال منتقلی کے بعد ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

    واضح رہے کہ حال ہی میں متعدد جاپانی فلمی اسٹارز خود کشی کر چکے ہیں، تاہم ٹیکوچی کی موت کے بارے میں ابھی خود کشی کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے، جاپانی میڈیا کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں اداکارہ سی اشینہ، جولائی میں اداکار ہروما میورا اور مئی میں ریسلنگ اسٹار ہانا کمورا نے بھی خود کشی کی تھی۔

    جاپانی اداکارہ یوکو ٹیکوچی

    یوکو ٹیکوچی کی پروموشن ایجنسی نے ان کی موت کی خبر کو حیران کن اور غمگین قرار دیا،اداکارہ کی عمر 40 برس تھی، انھوں نے 2004 سے 2007 کے درمیان لگاتار تین سال تک جاپان کے اکیڈمی ایوارڈز میں بہترین اداکارہ کا اعزاز حاصل کیا۔

    1998 میں جب ان کی جاپانی ڈراؤنی فلم ’رنگو‘ ریلیز ہوئی تو ان کی شہرت کو چار چاند لگ گئے، ہالی ووڈ نے بھی اس فلم کو 2002 میں دی رنگ کے ٹائٹل سے پروڈیوس کیا۔ یوکو ٹٰیکوچی 2018 میں مس شرلاک سیریز میں بھی لیڈی شرلاک ہومز کا کردار نبھا چکی ہیں، جس سے ان کی شہرت امریکا سمیت دیگر ممالک میں پھیل گئی۔

    خیال رہے کہ جاپان میں خود کشی کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے لیکن عالمی ادارہ صحت کے مطابق 2015 میں انسدادی اقدامات متعارف کرائے جانے کے بعد جاپان میں خود کشی کے واقعات میں کمی آئی ہے۔