Tag: جاپانی جہاز

  • شمالی کوریا کی جانب سے میزائل فائر، جاپانی جہازوں کو خبردار رہنے کی ہدایت

    شمالی کوریا کی جانب سے میزائل فائر، جاپانی جہازوں کو خبردار رہنے کی ہدایت

    سیئول: جنوبی کوریا نے شمالی کوریا پر بیلسٹک میزائل فائر کرنے کا الزام لگایا ہے، جاپانی کوسٹ گارڈ نے میزائل لانچ کی تصدیق کرتے ہوئے جہازوں کو خبردار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جنوبی کوریائی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا نے اتوار کے روز مشرقی سمندر میں ایک مشتبہ بیلسٹک میزائل داغا ہے۔

    اس سے قبل یہ رپورٹس بھی سامنے آئی تھیں کہ پیانگ یانگ آبدوز سے لانچ کیے جانے والے بیلسٹک میزائل فائر کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

    یہ میزائل ٹیسٹ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز کے مشترکہ مشقوں میں حصہ لینے کے لیے جنوبی کوریا پہنچنے کے بعد اور نائب صدر کملا ہیریس کے طے شدہ دورے سے قبل سامنے آیا ہے۔

    جاپانی کوسٹ گارڈ نے ٹوکیو کی وزارت دفاع کی معلومات کے حوالے سے ممکنہ بیلسٹک میزائل لانچ کی تصدیق کی، اور ہدایت جاری کی کہ ’بحری جہاز نئی معلومات کے لیے چوکس رہیں، اگر کوئی چیز نظر آتی ہے تو قریب جانے کی بجائے کوسٹ گارڈ کو مطلع کریں۔‘

    جاپان کے پبلک براڈکاسٹر نے کہا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ یہ آبجیکٹ جاپان کے خصوصی اقتصادی زون سے باہر گرا ہے۔‘

    یاد رہے کہ جنوبی کوریا اور امریکی حکام کئی مہینوں سے یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن ایک اور جوہری تجربہ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

  • جاپان کا مشرق وسطیٰ سے متعلق بڑا اعلان

    جاپان کا مشرق وسطیٰ سے متعلق بڑا اعلان

    ٹوکیو: حکومت جاپان مشرق وسطیٰ میں بحری جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوج بھیجنے پر غور کر رہی ہے، جاپانی فوج صرف جاپانی جہازوں کے تحفظ کے لیے کام کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق جاپانی حکومت مشرق وسطیٰ میں اپنے بحری جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سیلف ڈیفنس فورس کے نام سے فوج بھیجنے پر غورکر رہی ہے۔

    جاپان جہاز رانی کے تحفظ کے لیے امریکا کی قیادت میں بنائے گئے اتحاد میں شامل نہیں ہوگا۔ جاپانی فوج صرف جاپانی جہازوں کے تحفظ کے لیے کام کرے گی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق جاپانی حکومت ان فوجیوں کی تعیناتی کے مناسب وقت کا تعین کرنے لیے غور کر رہی ہے جاپانی فورس کی سرگرمیاں خلیج سے دور ہوں گی۔ جاپانی فوج کو خلیج عمان اور شمالی بحیرہ عرب، آبنائے ہرمز اور یمن سے دور بین الاقوامی پانیوں میں تعینات کیا جائے گا۔

    جاپانی فوج کی سرگرمیوں میں افریقی ساحل پر بحری قزاقوں سے نمٹنا بھی شامل ہوگا۔ جاپان اس علاقے میں میری ٹائم سیلف ڈیفنس کے جہاز بھیجنے کے امکان پر بھی غور کر رہا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے جاپان کی قومی سلامتی کونسل نے مشرق وسطیٰ کی صورت حال کے بارے میں اجلاس طلب کیا تھا جس میں جاپانی بحری جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مشرق وسطیٰ میں سیلف ڈیفنس فورس بھیجنے پر زور دیا گیا تھا۔