Tag: جاپانی سفیر

  • صدر آصف زرداری سے پاکستان میں جاپان کے سفیر مٹسوہیرو واڈا کی ملاقات

    صدر آصف زرداری سے پاکستان میں جاپان کے سفیر مٹسوہیرو واڈا کی ملاقات

    اسلام آباد: صدر پاکستان آصف علی زرداری سے پاکستان میں جاپان کے سفیر مٹسوہیرو واڈا نے ملاقات کی ہے، جس میں جاپانی سفیر نے صدر مملکت کو دوسری بار صدر بننے پر مبارک باد پیش کی، اور جاپانی شہنشاہ ناروہیٹو کی جانب سے تہنیتی پیغام بھی دیا۔

    جاپانی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور جاپان میں تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کو تجارت، سرمایہ کاری، معیشت، ثقافت، اور عوامی روابط میں تعلقات بڑھانا ہوں گے۔

    انھوں نے کہا پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، جاپان پاکستان کا کلیدی ترقیاتی پارٹنر رہا ہے، پاکستان ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے، جاپانی کاروباری ادارے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر کے فائدہ اٹھائیں۔

    صدر مملکت نے مظاہر نقوی کو برطرف کر دیا

    آصف زرداری کا کہنا تھا کہ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے تحت پاکستان کی ترقی میں معاونت کر رہا ہے، پاکستان آبادی کے لحاظ سے ایک بڑا ملک ہے، پاکستان تربیت یافتہ افرادی قوت بھیج کر جاپان کی انسانی وسائل کی ضروریات پوری کر سکتا ہے، جاپانی آٹوموبائل کمپنیاں پاکستان سے مصنوعات برآمد کرنے کے لیے پیداوار بڑھائیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ جاپانی بینکوں کی پاکستان واپسی، اور کام شروع کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے، صدر مملکت نے پاکستان کے موجودہ سماجی و اقتصادی چیلنجز پر قابو پانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ جاپانی سفیر نے دونوں ممالک کے مابین موجودہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا پاکستان ایک اسٹریٹجک محل وقوع اور بہت بڑی آبادی کا حامل ملک ہے۔

    سفیر نے کہا پاکستانی آم کی جاپان کو برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے جاپان کا کامیاب دورہ کیا، پاکستان کی نوجوان نسل ملک کو خوشحال بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ صدر مملکت سے پاکستان میں یمن کے سفیر محمد مطہر الاشعبی نے بھی ملاقات کی، اور عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی، صدر مملک نے کہا پاکستان یمن تعلقات مذہب، ثقافت اور اقدار کے مشترکہ رشتوں پر مبنی ہیں، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

  • جاپان نے پاکستانی آئی ٹی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے میں دل چسپی ظاہر کر دی

    جاپان نے پاکستانی آئی ٹی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے میں دل چسپی ظاہر کر دی

    کراچی: جاپانی سفیر متشوہیرو واڈا کا کہنا ہے کہ پاکستانی آئی ٹی ماہرین جاپان کے لیے نہایت کارآمد ہو سکتے ہیں، جاپان کی ہیومن ریسوس کے اہل کار جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وفاقی وزیر انفامیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق سے جاپان کے پاکستان میں سفیر متشوہیرو واڈا نے اہم ملاقات کی، جس میں انھوں نے پاکستانی آئی ٹی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے پر گہری دل چسپی کا اظہار کیا، ملاقات میں جاپان اور پاکستان کی وزارت آئی ٹی مشترکہ تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    امین الحق نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی ماہرین اپنی صلاحیت اور قابلیت کے اعتبار سے ترقی یافتہ ممالک سے کم نہیں، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، پروگرامنگ، اینیمیشن، اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے پاکستانی ماہر جاپان کے لیے سودمند ثابت ہوں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جاپان اپنی مانگ اور مطلوبہ قابلیت کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرے ہم اسے پورا کریں گے، جاپانی آئی ٹی کمپنیاں پاکستان آ کر ہمارے آئی ٹی ماہرین کی خدمات حاصل کر سکتی ہیں، ہماری وزارت ان کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

    جاپانی سفیر نے اس موقع پر کہا ڈیجیٹل پاکستان ویژن کے لیے وزارت آئی ٹی کے اقدامات قابل تعریف ہیں، جاپان معمر افراد جب کہ پاکستان نوجوان اور باصلاحیت افراد کا ملک ہے۔

    ان کا کہنا تھا جاپانی کمپنیاں انگریزی سے عدم واقفیت کی بنا پر اپنی مصنوعات کی مطلوبہ تشہیر نہیں کر پا رہیں، ہم یہ جانتے ہیں کہ پاکستانی آئی ٹی ماہرین جاپان کے لیے نہایت کارآمد ہو سکتے ہیں۔

    متشوہیرو واڈا نے کہا جاپان کی ہیومن ریسوس کے عہدیدار جلد پاکستان کا دورہ کر کے ماہرین کی خدمات حاصل کرنا چاہیں گے۔

  • جاپان کی  حکومتِ پاکستان  کے آٹو انڈسٹری کیلئے اقدامات کی تعریف

    جاپان کی حکومتِ پاکستان کے آٹو انڈسٹری کیلئے اقدامات کی تعریف

    اسلام آباد : جاپانی سفیر نے حکومت پاکستان کے آٹو انڈسٹری کیلئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا پاکستانی برآمدات بڑھانے کیلئے جائیکا کے تعاون سے سرٹیفکیٹ کا اجرا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرصنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار سے جاپانی سفیر کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں جاپانی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری،تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    جاپانی سفیر نے حکومت کے آٹو انڈسٹری کیلئے اقدامات کی تعریف کی ، دوران ملاقات خسروبختیار نے بتایا کہ پاکستان نےاسکیم کےذریعےچھوٹی گاڑی کی قیمتیں کم کی ہیں، ملک میں موبائل ڈیوائس پیداواری صنعت کو بڑھایاجا رہا ہے۔

    وزیرصنعت و پیداوار کا کہنا تھا کہ نئی آٹوپالیسی میں پیداوار وبرآمدات پرتوجہ دی جائے گی، کراچی میں 1500 ایکڑ اراضی انڈسٹریل پارک کیلئے مختص کی ہے، آٹوموبیل،انڈسٹریل پارک زون ،موبائل فونز کی پیداوار میں وسیع مواقع ہیں۔

    اس موقع پر جاپانی سفیر نے کہا جاپانی آٹو کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا، پاکستانی برآمدات بڑھانے کیلئے جائیکا کے تعاون سے سرٹیفکیٹ کا اجرا ہوگا۔

  • پاکستان جاپان سے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، آرمی چیف

    پاکستان جاپان سے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، آرمی چیف

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جاپانی سفیر سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان جاپان سےتعلقات کوخصوصی اہمیت دیتا ہے ، علاقائی استحکام کے لیے جاپان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جاپانی سفیر نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا ، جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی وتعاون،علاقائی سیکیورٹی پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دوران ملاقات آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان جاپان سےتعلقات کوخصوصی اہمیت دیتا ہے ، علاقائی استحکام کے لیے جاپان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

    ترجمان کے مطابق اس موقع پر جاپانی سفیر کا کہنا تھا کہ خطےمیں امن واستحکام کےلیےپاکستان کاکردارقابل قدرہے، افغان مفاہمتی عمل کے لیے پاکستان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

    یاد رہے چند روز قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور روسی وزیر خارجہ کی ملاقات میں باہمی دلچسپی اور دفاعی و سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہمارے کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں ہیں، پاکستان علاقائی تعاون کے لیے کوشاں ہے۔

  • جاپان میں  آئی ٹی اور نرسنگ کیئر میں روزگار کے مواقع ، پاکستانیوں کیلئے بڑی خبر آگئی

    جاپان میں آئی ٹی اور نرسنگ کیئر میں روزگار کے مواقع ، پاکستانیوں کیلئے بڑی خبر آگئی

    اسلام آباد : جاپانی سفیر کا کہنا ہے کہ جاپان کو آئی ٹی اورنرسنگ کیئر میں تربیت یافتہ افرادکی اشد ضرورت ہے، پاکستانی اپلائی کر  سکتے ہیں جبکہ زلفی بخاری نے کہا حکومتی سرپرستی میں 3روزہ جاب فیئر منعقد کیا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی زلفی بخاری سے پاکستان میں تعینات جاپانی سفیر کوننوری ماتسودا کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں تربیت یافتہ افرادی قوت کو جاپان میں روزگار فراہم کرنے پربات چیت کی گئی اور پاکستان میں حکومتی سرپرستی میں 3روزہ جاب فیئرکرانے کی تجویز زیر غور آئی۔

    جاپانی سفیر نے کہا کہ جاپان کو آئی ٹی اورنرسنگ کیئر میں تربیت یافتہ افرادکی اشد ضرورت ہے، پاکستان میں آئی ٹی کی تربیت یافتہ افرادی قوت اپلائی کر سکتی ہے۔

    جاپانی سفیر نے کورونا وائرس پر کامیابی سےقابو پانے پر پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا عمران خان نےسب سےپہلےصدرجاپان کی صحت پر نیک خواہشات کا اظہار کیا، زیر اعظم پاکستان کا پیغام جاپان میں بہت خوش آئند سمجھاگیا، جاپان کے صدر نے بھی اس کا اظہار اپنےٹوئٹ میں کیا۔

    معاون خصوصی زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ جاپانی سفیرکی نیک تمنائیں وزیراعظم عمران خان تک پہنچاؤں گا، پاکستان کی 65 فیصد آبادی 35 سال سے کم ہے، ہنر مند افرادی قوت کےجاپان میں روزگار سے پاکستان میں ترقی ہوگی، کورونا کی وجہ سے ہنرمند افراد کو جاپان بھیجنے میں رکاوٹیں ہوئیں۔

    زلفی بخاری نے مزید کہا جاپان میں افرادی قوت بھیجنامیری اولین ترجیح ہے، پاکستان کویت اورسعودی عرب میں سیکڑوں نرسنگ سٹاف بھیج رہا ہے، فوری طور پر 4ہزار نرسنگ اسٹاف جاپان بھی بھیج سکتے ہیں، حکومتی سرپرستی میں 3روزہ جاب فیئر منعقد کیا جا سکتا ہے، جاپانی کمپنیز پاکستان میں جاب فیئر میں حصہ لیں۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر اسد عمر نے بھی پاکستان میں مقیم جاپان کے سفیر سےملاقات کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات،کوروناکےبعدکی صورتحال میں معاشی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    جاپانی سفیر نے تعاون کوفروغ،مشترکہ مقاصد یقینی بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان نےکورونا پر قابوپانے کاجومنظم طریقہ اپنایاوہ قابل ستائش ہے، جاپانی شہری کورونا کے وقفے کے بعد مختلف اسائنمنٹس لینے واپس آرہے ہیں، کچھ جاپانی سرمایہ کار اپنی صنعت کوپاکستان منتقل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

    وفاقی وزیراسد عمر نے اقتصادی تعاون بڑھانے کے لئے سفیر کی کاوشوں کوسراہتے ہوئے کہا حکومت نے ابتدائی طور پرمائیکرواقتصادی استحکام پرتوجہ دی،جوحاصل بھی ہوئیں ، حکومت کی اولین ترجیح ملک کوترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ معاشی اشارے مثبت ہیں،نجی شعبے کی سرمایہ کاری کوبھی فائدہ پہنچاناچاہتےہیں، پاکستانی،جاپانی سرمایہ کاروں کو اشتراک کے امکانات کاجائزہ لینا چاہئے۔

  • کورونا کی روک تھام،جاپانی سفیر کی پاکستان کے اقدامات اور کوششوں کی تعریف

    کورونا کی روک تھام،جاپانی سفیر کی پاکستان کے اقدامات اور کوششوں کی تعریف

    اسلام آباد : جاپانی حکومت کے امداد کے اعلان کے بعد جاپانی سفیر  نے ڈاکٹر ظفر مرزا سے ملاقات میں کہا کہ  کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے پاکستان کے اقدامات اور کوششیں قابل تحسین ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی صحت ڈاکٹرظفرمرزاسے جاپانی سفیر  کونینوری متسودا نے ملاقات کی ، جس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔

    ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان نے کورونا وائرس سے بچا‌ؤ کے موثر او رضروری اقدامات کیے ہیں،وزیراعظم عمران خان صورتحال کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

    جاپانی سفیر نے کہاکہ کورونا وائرس سے نمٹنے کےلئے جاپان نے پاکستان کوفنڈز دیئے ہیں،کورونا وائرس کی روک تھام کےلئے پاکستان کے اقدامات اور کوششیں قابل تحسین ہیں۔

    گذشتہ روز جاپان کی حکومت نے کرونا وائرس سے نبردآزما پاکستان کو 21 لاکھ 60 ہزار ڈالر دینے کا اعلان کیا تھا۔

    وفاقی دارالحکومت میں قائم جاپانی سفارت خانے کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق جاپان کی جانب سے پاکستان کو 2.16 ملین ڈالر کی امداد دی جائے گی، پاکستان کو امداد اقوام متحدہ، آئی او ایم کے ذریعےفراہم کی جائے گی جس کا مقصد کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرنا ہے۔

    جاپانی سفارت خانے نے اس امید کا اظہار کیا تھا کہ رقم سے پاکستان کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہواگا اور مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں آلات اور دیگر سامان فراہم بھی کیا جائے گا۔

    جاپانی سفیر کا کہنا تھا کہ کرونا کے خلاف پاکستان کی کاوشیں اور اقدامات قابلِ تعریف ہیں، جاپان ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، پولیوکےخاتمےکے حوالے سے بھی جاپان نے بھرپور تعاون کیا۔

  • جاپانی حکومت سندھ میں سرمایہ کاری کی خواہاں، سفیرکی وزیراعلیٰ سے ملاقات

    جاپانی حکومت سندھ میں سرمایہ کاری کی خواہاں، سفیرکی وزیراعلیٰ سے ملاقات

    کراچی : جاپانی سفیر نے سندھ میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کردیا، ان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت اسپیشل اکنامک زون قائم کرے تو جاپان کے سرمایہ کار وہاں پر صنعتیں قائم کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے جاپان کے سفیر کونینوری مٹسودا نے وزیراعلی ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں جاپان کے سفیر نے کہا کہ سندھ حکومت اسپیشل اکنامک زون قائم کرے تو جاپان کے سرمایہ کار وہاں پر صنعتیں قائم کریں گے۔

    ملاقات میں تجارت، ثقافت، تعلیم و دیگر شعبوں میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیاگیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے جاپان کو زرعی اور فوڈ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کرنے کی پیشکش کی۔

    ملاقات میں جاپانی کمپنیز اور محکمہ سرمایہ کاری کے اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جاپان اور سندھ حکومت کے مابین فشنگ انڈسٹری میں بھی سرمایہ کاری کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت جاپانی سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولیات اور تعاون فراہم کرے گی۔ جاپان کے سفیر نے سندھ میں بہترین امن و امان قائم کرنے پر وزیراعلی سندھ کو مبارکباد بھی دی۔

    وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ کو دو بندرگاہوں اور وسیع سڑکوں کے نیٹ ورک کا ایڈوانٹیج حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کے سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کرنے سے اچھے نتائج حاصل ہوں گے۔

  • فواد چوہدری سے جاپانی سفیر کی ملاقات، ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون پر بات چیت

    فواد چوہدری سے جاپانی سفیر کی ملاقات، ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون پر بات چیت

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی وی کو ڈیجیٹل کرنے سے متعلق پلان زیر غور ہے، جاپان کی ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے پاکستان میں جاپانی سفیر کونیونوری مستودا نے ملاقات کی، جس میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون پر بات چیت کی گئی۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ ہم پاکستان جاپان تعلقات مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں، پاکستان کی متعارف کردہ نیو الیکٹرانک ویزا پالیسی میں جاپان بھی شامل ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے پر کشش ملک ہے، فلم، کلچر، مشترکہ پروڈکشن میں مزید کام کی ضرورت ہے، جاپان ٹیکنالوجی کے لحاظ سے دنیا میں اپنا ایک مقام رکھتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم عمران خان سے فرانسیسی کاروباری تنظیم کے وفد کی ملاقات

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ میڈیا یونی ورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا، میڈیا یونی ورسٹی میں پرفارمنس آرٹس، ٹیکنیکل اسکول اور ٹریننگ کے شعبے شامل ہوں گے، اس سلسلے میں ٹیکنیکل سسٹم لگانے کے لیے جاپان کے تعاون کے خواہاں ہیں۔

    اس موقع پر جاپانی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقے قدرتی خوب صورتی میں دنیا میں مقام رکھتے ہیں، سیاحت کے فروغ کے لیے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کو سراہتے ہیں، ہم پاکستان کے ساتھ تعلیم، اسپورٹس، کلچر کے شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔