Tag: جاپان کے سفیر

  • جاپان کے سفیر کی علی زیدی کو ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کی یقین دہانی

    جاپان کے سفیر کی علی زیدی کو ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کی یقین دہانی

    اسلام آباد : جاپان کے سفیر نے علی زیدی سے ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں کورنگی فش ہاربر میں نیلامی ہال کی تعمیر، بزنس پارک کا قیام میں تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے ایک ایم او سی کا بھی ذکر کیا، جس کے تحت پاکستانی، فشریز اور میری ٹائم سیکٹر میں روزگار حاصل کرنے کے مواقع کو بروئے کار لا سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں جاپان کے سفیر ایچ ای میتسوڈا کونینوری اور مسٹر توکیتا یوجی، معیشت و ترقی کے مشیر نے وفاقی وزیر برائے سمندری امور سید علی حیدر زیدی سے کورنگی فش ہاربر کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے ملاقات کی، دونوں فریقوں نے اس عمل کو تیز کرنے پر زور دیا تاکہ COVID-19 کے بعد جب حالات معمول پر آجائیں تو ان پر کام شروع ہوسکے۔

    منصوبوں میں کورنگی فش ہاربر میں نیلامی ہال کی تعمیر، بزنس پارک کا قیام اور کولڈ اسٹوریج فریزنگ ٹنل شامل ہیں۔ یہ منصوبے ڈبلیو ٹی او ، یورپی یونین اور سمندری غذا کی درآمد کرنے والے ممالک کے طے کردہ معیار پر پورا اترنے میں مدد کریں گے۔

    علی زیدی نے دوسری جنگ عظیم کے بعد جاپان کی مثالی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جاپانی معیشت نے "اندرونی” حکمت عملی کی اہمیت کا اعادہ کیا، جس کے تحت افرادی قوت کی ترقی کو اولین اہمیت دی جاتی ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں ہمارے پاس مہارتو صلاحیت موجود ہے جس کو صرف کچھ نکھارنے کی ضرورت ہے، سستی لیبر مارکیٹ کی وجہ سے پیداوار کی لاگت کم ہے اور برآمدات کے شعبے کے لئے ہماری شرح رزِ مبادلہ سازگار ہے۔ ہمیں صرف سازگار ماحول کی تشکیل کی ضرورت ہے، ہمارے عوام اور ہماری قوم ترقی میں تمام اقوامِ عالم کو پیچھے چھوڑ دینگے

    علی زیدی نے پورٹ قاسم میں جاپانی کمپنیوں کے لئے ایک تکنیکی صنعتی زون کی تجویز پیش کی، اس کے علاوہ دونوں نے ماہی گیروں کے لئے ایک تربیتی ادارے کے قیام پر بھی گفتگو کی جہاں گہرے سمندر کی ماہی گیری سے متعلقہ آئندہ نسل کو تربیت دی جائے گی۔

    جاپانی سفیر نے جاپان اور پاکستان کے مابین گذشتہ سال ہونے والی ایک ایم او سی کا بھی ذکر کیا، جس کے تحت پاکستانی، فشریز اور میری ٹائم سیکٹر میں روزگار حاصل کرنے کے مواقع کو بروئے کار لا سکتے ہیں۔

    علی زیدی نے جاپانی بحری جہاز کمپنیوں میں پاکستانی سی گیئررز کو ملازمت دینے پر بھی محترم سفیر سے بات کی۔

  • وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی سے جاپان کے سفیر کی ملاقات

    وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی سے جاپان کے سفیر کی ملاقات

    اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جاپانی سفیر سے ملاقات میں کہا جاپان ، کثیر جہتی شعبوں میں پاکستان کی تعمیر و ترقی میں معاونت کرتا چلا آ رہا ہے، اقتصادی تعلقات مزید مستحکم بنانے چاہئیں جبکہ جاپانی سفیر نے اپنی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں جاپان کے سفیر کونینورو مٹسودا نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

    فریقین نے پاکستان اور جاپان کے مابین فروغ پاتے ہوئے، دوطرفہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جاپان، پاکستان کا بنیادی اقتصادی شراکت دار ہے، جاپان ، کثیر جہتی شعبوں میں پاکستان کی تعمیر و ترقی میں معاونت کرتا چلا آ رہا ہے ۔

    شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور جاپان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا ۔

    مزید پڑھیں : فواد چوہدری سے جاپانی سفیر کی ملاقات، ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون پر بات چیت

    جاپانی سفیر نے 22، 23اپریل 2019 کو جاپانی وزیر خارجہ تارو کونو کی خصوصی دعوت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے متوقع دورہ جاپان کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

    جاپانی سفیر کا کہنا تھا وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے دورہ جاپان سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور فریقین کو دو طرفہ سیاسی، اقتصادی، تعلیمی اور ٹریننگ سمیت علاقائی اور عالمی اہمیت کے حامل، باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے گفت و شنید کا موقع ملے گا ۔

    جاپان کے سفیر نے باہمی دلچسپی کے امور پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو اپنی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہم جاپان میں آپ کی آمد کے منتظر رہیں گے۔