Tag: جاپان

  • جاپانیوں کی طویل عمر کا راز کیا ہے؟

    جاپانیوں کی طویل عمر کا راز کیا ہے؟

    ٹوکیو: جاپانیوں کی طویل عمر کا راز معلوم ہو گیا، ایک جاپانی محقق نے یہ راز جاننے کے لیے 20 سال تک تحقیق کی۔

    تفصیلات کے مطابق ایک جاپانی محقق نے بیس سالہ تحقیق کے بعد آخر کار جاپانیوں کی طویل عمر کا راز معلوم کر لیا، محقق کا کہنا تھا کہ جاپانی عموماً گرم پانی سے لمبا غسل کرتے ہیں۔

    ٹوکیو سٹی یونی ورسٹی کے پروفیسر اور میڈیکل ڈاکٹر شینیا ہایاساکا نے 2 دہائیوں تک لمبے غسل اور چشموں سے نکلنے والے گرم پانی میں دیر تک نہانے کے طبی فوائد کا مطالعہ کیا، انھوں نے بتایا کہ جاپان میں لوگوں کی لمبی اور صحت مند زندگی کی ایک ممکنہ وجہ یہ ہے کہ 80 فی صد جاپانی دیر تک گرم پانی میں لیٹے رہتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بیس برس قبل ایک نرس نے ان سے بلڈ پریشر کے مریضوں کو گرم پانی سے غسل دینے سے متعلق استفسار کیا تھا، لیکن اس سلسلے میں کوئی سائنسی تحقیق موجود نہیں تھی، چناں چہ انھوں نے اس سلسلے میں باقاعدہ تحقیق کا آغاز کیا۔

    ہایاساکا نے اس سلسلے میں کچھ عرصہ قبل ایک طبی جریدے جرنل آف اپیڈیمولوجی میں ایک مقالہ بھی شایع کیا، ان کا کہنا ہے کہ گرم پانی سے زیادہ دیر تک غسل کے 3 بنیادی فائدے ہیں، ایک حدت، پانی پر جسم کے تیرنے کی صلاحیت میں اضافہ اور ہائیڈرو اسٹیٹک پریشر۔

    انھوں نے حفظان صحت اور صفائی کے صحت پر فائدوں کا بھی ذکر کیا تاہم پروفیسر ہایاساکا کے مطابق حفظانِ صحت اور صفائی والے فائدے شاور کے نیچے کھڑے ہو کر غسل لینے سے حاصل تو کیے جا سکتے ہیں، تاہم اول الذکر فائدے صرف گرم پانی میں لیٹنے حاصل ہو سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ زلزلوں اور آتش فشاؤں کے لیے مشہور جاپان میں گرم پانی کے 27 ہزار چشمے ہیں، گرم پانی میں دیر تک لیٹنا اور لمبا غسل لینا ایک طرح سے جاپان میں قومی روایت ہے۔

  • ویکسین لگانے کی ترجیحات کا منصوبہ تیار

    ویکسین لگانے کی ترجیحات کا منصوبہ تیار

    ٹوکیو: جاپان کی وزارت صحت نے شہریوں کو کرونا ویکسین لگانے کی ترجیحات کا منصوبہ تیار کر لیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان کی وزارت صحت نے ترجیحات کی ایک فہرست تیار کی ہے جس کے تحت فروری 2021 کے اواخر میں سب سے پہلے طبی عملے کو کرونا ویکسین لگائی جائے گی۔

    وزارت صحت کی ترجیحات کے مطابق مارچ کے آخر میں عمر رسیدہ افراد کو اور پھر صحت کے مسائل سے دوچار دیگر افراد کو کرونا ویکسین لگائی جائے گی۔

    جمعہ کے روز ماہرین کے ایک پینل نے یہ منصوبہ منظور کر لیا، جس کے تحت اسپتالوں میں داخل افراد یا دل، سانس، گردوں اور ذیابیطس کی دائمی بیماری کے باعث باقاعدگی سے اسپتال جانے والے افراد کو کرونا ویکسین کے سلسلے میں ترجیح دی جائے گی۔

    صحت کے دائمی مسائل میں قوت مدافعت میں کم زوری کے باعث دماغی امراض، کروموسومز میں گڑبڑ، شدید جسمانی یا دماغی عوارض اور نیند کے دوران سانس رکنے کے امراض بھی شامل ہوں گے۔

    فی الوقت حاملہ خواتین کو ترجیحی فہرست میں جگہ نہیں دی گئی ہے، جس کی وجہ یہ ہے کہ ان کے لیے ویکسین کے محفوظ اور مؤثر ہونے کے بارے میں ڈیٹا دستیاب نہیں۔

    ایک اندازے کے مطابق صحت کے مختلف مسائل سے دوچار تقریباً 82 لاکھ افراد اس ترجیحی منصوبے کے تحت ویکسین لیں گے۔

  • کرونا ویکسین: جاپان کا عوام کے لیے بڑا اعلان

    کرونا ویکسین: جاپان کا عوام کے لیے بڑا اعلان

    ٹوکیو: جاپان نے عوام کو کرونا ویکسین مفت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان میں عوام کو کرونا ویکسین کی مفت فراہمی کے لیے آج ایک بل منظور کر لیا گیا ہے، جس کی منظوری کے بعد اب جاپانی عوام کو ویکسین مفت ملے گی۔

    جاپان نے امریکی کمپنی موڈرنا، آسٹرازینیکا اور فائزر سے ویکسینز کا معاہدہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ جاپان میں اب تک 2 ہزار سے زیادہ افراد کرونا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ ایک لاکھ 48 ہزار متاثر ہوئے۔

    بل میں کہا گیا ہے کہ حکومت جاپان کے 126 ملین باشندوں کے لیے ویکسین کے تمام اخراجات اٹھائے گی، اسے پارلیمنٹ کے ایوان بالا نے منظور کیا۔

    برطانیہ نے کرونا ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی، دنیا کا پہلا ملک بن گیا

    جاپان نے فائزر سے 6 کروڑ لوگوں کے لیے ویکسین کا معاہدہ کیا ہے، موڈرنا بائیوٹیک فرم سے ڈھائی کروڑ لوگوں جب کہ آسٹرا زینیکا سے 12 کروڑ لوگوں کے لیے ویکسین کا معاہدہ کیا ہے۔

    واضح رہے کہ فائزر اور موڈرنا کمپنیاں امریکا اور یورپ میں کرونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری کی کوششیں کر رہی ہیں۔

    ادھر آج برطانیہ دنیا کا پہلا ملک بنا گیا ہے جس نے کرونا ویکسین کے وسیع پیمانے پر استعمال کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے، برطانوی وزیر صحت نے ایک بیان میں کہا کہ آئندہ ہفتے سے ویکسین دستیاب ہونا شروع ہوگی۔

  • جاپان میں کرونا کیوں پھیل رہا ہے ؟ بڑی وجہ سامنے آگئی

    جاپان میں کرونا کیوں پھیل رہا ہے ؟ بڑی وجہ سامنے آگئی

    ٹوکیو:جاپان سمیت دنیا بھر میں کرونا کی دوسری لہر شدت کے ساتھ جاری ہے، ایسے میں بڑا انکشاف ہوا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق جاپانی ایسوسی ایشن برائے وبائی امراض اور جاپانی سوسائٹی برائے انفیکشن روک تھام اور کنٹرول نے گذشتہ ماہ مشترکہ طور پر آن لائن سروے کیا۔

    سروے میں بیس سے ساٹھ سال تک عمر کے کم وبیش ایک ہزار افراد نے حصہ لیا، سروے کے نتائج سے نتیجہ اخذ کیا گیا کہ کرونا وبا سے بچنے کے لئے 87.7 فیصد افراد وقفے وقفے سے ہاتھ دھوتے ہیں، 87.4 فیصد ماسک کا استعمال جبکہ 65.9 فیصد ہاتھوں کو جراثیم کش محلول سے صاف کرتے ہیں، ان نتائج سے ظاہر ہوا ہے کہ جاپان کے شہری ماسک کا استعمال اور ہاتھوں کو صاف کیے جانے سمیت، وباء سے بچنے کے اقدامات پر اچھی طرح عمل کررہے ہیں۔آن لائن کئے گئے سروے میں کرونا وائرس کی وبا سے بچنے کے لیے انتہائی اہم اقدامات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں 69 فیصد نے تھری سِیز یعنی بند جگہوں، پرہجوم مقامات اور قریبی رابطے والی جگہوں سے بچنے کی اہمیت کا حوالہ دیا اسی طرح سے صرف 44 فیصد نے کہا کہ اہل خانہ کے علاوہ دوسروں کے ساتھ گھر سے باہر کھانے سے گریز کرنا اہم ہے۔

    یہ نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ پرہجوم مقامات اور قریبی رابطوں والی جگہ پر عوام کی جانب سے دیگر اقدامات کی بہ نسبت بد احتیاطی دیکھی جارہی ہے، اسی بد احتیاطی پر یونیورسٹی آف ٹوکیو کے انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کے پروفیسر یوتسُویاناگی ہیروشی کہتے ہیں کہ اس عمومی رائے کے خلاف انتباہ کر رہے ہیں کہ ماسک لگانے سے وائرس کی مکمل روک تھام کی جا سکتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کرونا ویکسین سے متعلق جاپان کا اہم اعلان

    انہوں نے سروے کرنے والے افراد سے کہا کہ لوگوں سے یہ پوچھنے کی ضرورت ہے آیا جو چیزیں وہ کر رہے ہیں اُنہیں لاپرواہی سمجھا جا سکتا ہے یا نہیں۔

    واضح رہے کہ کرونا وبا کی دوسری لہر کے باعث جاپان میں بھی نئے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں، اس وقت صرف ٹوکیو میں مصدقہ متاثرین کی کل تعداد 38 ہزار 22 کے قریب ہے۔

  • یہ خوفناک جانور کون ہے؟ وائرل تصویر کی حقیقت سامنے آگئی

    یہ خوفناک جانور کون ہے؟ وائرل تصویر کی حقیقت سامنے آگئی

    ٹوکیو: جاپان میں ریچھوں اور دیگر جانوروں کو گھروں اور فصلوں سے دور رکھنے کے لیے روبوٹک عفریت بھیڑیوں کی مدد لی جارہی ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق جاپان کے اس قصبے ٹاکیکاوا میں ریچھ اکثر خوراک کی تلاش میں آجاتے ہیں اور رہائشی علاقوں میں کچرا دانوں کو الٹ پلٹ دیتے ہیں۔

    ان ریچھوں سے تنگ رہائشیوں نے پہلے تو ریچھوں کو پکڑنے کے لیے شکاریوں کی مدد حاصل کی، تاہم مسئلہ حل نہیں ہوسکا۔ اب وہاں کے رہائشیوں نے منفرد حل نکالا ہے اور وہ ہے روبوٹک عفریت بھیڑیے۔

    ان روبوٹک بھیڑیوں کو مونسٹر وولف کا نام دیا گیا ہے جو انفراریڈ سنسرز سے لیس ہیں، سنسرز کسی ریچھ یا دیگر جانوروں کو علاقے میں آنے پر شناخت کرتے ہیں۔

    یہ سنسرز جب کسی ریچھ یا جانور کو دیکھتے ہیں تو اس عفریت کا سر حرکت کرتا ہے اور اس کی ایل ای ڈی والی سرخ آنکھیں جگمگانے لگتی ہیں۔

    روبوٹ کے اندر نصب اسپیکرز سے مختلف اقسام کی بلند آوازیں خارج ہوتی ہیں جیسے بھیڑیے کی غراہٹ، گولیاں چلنے کی آواز اور انسانی آوازیں، جو جانوروں کو خوفزدہ کر کے بھاگنے پر مجبور کردیتی ہیں۔

    صرف ایک اسی قصبے میں نہیں پورے جاپان کے 62 علاقوں میں کسی نہ کسی قسم کے روبوٹک مونسٹرز کا استعمال کیا جارہا ہے تاکہ جانوروں کو گھروں سے دور رکھا جاسکے۔

  • جاپان: کرونا وائرس کی تشخیص کا جدید ترین آلہ ایجاد

    جاپان: کرونا وائرس کی تشخیص کا جدید ترین آلہ ایجاد

    ٹوکیو: جاپان کے ماہرین نے ایک ایسا جدید آلہ ایجاد کر لیا ہے جو سانس سے کرونا وائرس کی تشخیص کر سکتا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق توہوکُو یونی ورسٹی اور حساس پیمائشی آلات تیار کرنے والی ایک جاپانی کمپنی نے ایک ایسا نظام وضع کر لیا ہے جس کی مدد سے کسی بھی شخص کی سانس سے کرونا وائرس کی تشخیص کی جا سکتی ہے۔

    مذکورہ دونوں اداروں نے کرونا کے ٹیسٹنگ نظام کے تجرباتی نمونے کی تیاری مکمل کر لی ہے، یہ آلہ 3 حصوں پر مشتمل ہے۔

    آلے کا پہلا حصہ تقریباً 5 منٹ تک چھوڑے گئے سانس کو جذب کرتا ہے، دوسرا حصہ سانس میں موجود تمام کرونا وائرس کو غیر فعال بناتے ہوئے وائرس میں موجود پروٹینز حاصل کرتا ہے، جب کہ تیسرے حصے میں پروٹینز کا تجزیہ کیا جاتا ہے۔

    یہ آلہ تیار کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ڈیوائس تقریباً ایک گھنٹے میں نتائج دے سکتی ہے، اس آلے کی کامیاب طبی آزمائش دس متاثرہ افراد پر کی گئی ہے۔

    ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ چوں کہ اس آلے کی جسامت اس وقت بڑی ہے اس لیے کثیر تعداد میں اس کی تیاری ایک چیلنج ہے، اسے اب چھوٹے سائز میں بنایا جائے گا۔

    توہوکُو یونی ورسٹی اسکول آف میڈیسن کے پروفیسر آکائیکے تاکا آکی کا کہنا ہے کہ سانس سے وائرس کی تشخیص کی کوششوں کے حوالے سے کوئی تحقیقی مقالے موجود نہیں ہیں اور اُن کی ٹیکنالوجی غالباً دنیا کی پہلی ایسی ایجاد ہوگی۔

    حساس پیمائشی آلات بنانے والی کمپنی شیمادزُو کے صدر کا کہنا تھا کہ یہ نظام نہ صرف لوگوں میں انفیکشن کا سراغ لگا سکتا ہے بلکہ اس کے ذریعے علامات کی شدت سے متعلق بھی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

  • ایشیائی اسٹاک مارکیٹس کی صورتحال جانیں

    ایشیائی اسٹاک مارکیٹس کی صورتحال جانیں

    ٹوکیو / بیجنگ: ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں ملا جلا رجحان دیکھا جارہا ہے، دوسری جانب تیل اور سونے کی قیمتوں میں بھی اتار چڑھاؤ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں اتار چڑھاؤ جاری ہے، جاپان کے نکئی انڈیکس میں 41 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس 124 پوائنٹس گر گیا۔

    شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں بھی 13 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔

    دوسری جانب امریکی خام تیل کے سودے 40 ڈالرز فی بیرل سے بھی نیچے آگئے، عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ کی قیمت 41 ڈالر 54 سینٹس فی بیرل پر ٹریڈ کر رہی ہے۔

    عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 19 سو 8 ڈالر 96 سینٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان کی جاپان کے نو منتخب وزیر اعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد

    وزیر اعظم عمران خان کی جاپان کے نو منتخب وزیر اعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے جاپان کے نو منتخب وزیر اعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک جاپان دوستی مزید مستحکم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جاپان کا نیا وزیر اعظم منتخب ہونے پر یوشی ہیڈے سوغا کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں پاک جاپان دوستی مزید مستحکم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں، دونوں ممالک میں بڑھتے اشتراک کو مزید تقویت دینے کے لیے کام کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ سابق جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبے نے گزشتہ مہینے اپنی خرابی صحت کی بنا پر اپنے استعفے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد جاپان کی پارلیمنٹ نے یوشی ہیڈے سوغا کو ملک کا نیا وزیر اعظم منتخب کرلیا۔

    نئے وزیر اعظم، شنزو ایبے کے 8 سالہ دور میں ان کے دست راست تھے۔

    وہ اب سبکدوش وزیر اعظم شنزو ایبے کی جگہ حکمراں جماعت لبرل ڈیمو کریٹک پارٹی کی قیادت بھی کریں گے۔

  • جاپان میں  آئی ٹی اور نرسنگ کیئر میں روزگار کے مواقع ، پاکستانیوں کیلئے بڑی خبر آگئی

    جاپان میں آئی ٹی اور نرسنگ کیئر میں روزگار کے مواقع ، پاکستانیوں کیلئے بڑی خبر آگئی

    اسلام آباد : جاپانی سفیر کا کہنا ہے کہ جاپان کو آئی ٹی اورنرسنگ کیئر میں تربیت یافتہ افرادکی اشد ضرورت ہے، پاکستانی اپلائی کر  سکتے ہیں جبکہ زلفی بخاری نے کہا حکومتی سرپرستی میں 3روزہ جاب فیئر منعقد کیا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی زلفی بخاری سے پاکستان میں تعینات جاپانی سفیر کوننوری ماتسودا کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں تربیت یافتہ افرادی قوت کو جاپان میں روزگار فراہم کرنے پربات چیت کی گئی اور پاکستان میں حکومتی سرپرستی میں 3روزہ جاب فیئرکرانے کی تجویز زیر غور آئی۔

    جاپانی سفیر نے کہا کہ جاپان کو آئی ٹی اورنرسنگ کیئر میں تربیت یافتہ افرادکی اشد ضرورت ہے، پاکستان میں آئی ٹی کی تربیت یافتہ افرادی قوت اپلائی کر سکتی ہے۔

    جاپانی سفیر نے کورونا وائرس پر کامیابی سےقابو پانے پر پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا عمران خان نےسب سےپہلےصدرجاپان کی صحت پر نیک خواہشات کا اظہار کیا، زیر اعظم پاکستان کا پیغام جاپان میں بہت خوش آئند سمجھاگیا، جاپان کے صدر نے بھی اس کا اظہار اپنےٹوئٹ میں کیا۔

    معاون خصوصی زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ جاپانی سفیرکی نیک تمنائیں وزیراعظم عمران خان تک پہنچاؤں گا، پاکستان کی 65 فیصد آبادی 35 سال سے کم ہے، ہنر مند افرادی قوت کےجاپان میں روزگار سے پاکستان میں ترقی ہوگی، کورونا کی وجہ سے ہنرمند افراد کو جاپان بھیجنے میں رکاوٹیں ہوئیں۔

    زلفی بخاری نے مزید کہا جاپان میں افرادی قوت بھیجنامیری اولین ترجیح ہے، پاکستان کویت اورسعودی عرب میں سیکڑوں نرسنگ سٹاف بھیج رہا ہے، فوری طور پر 4ہزار نرسنگ اسٹاف جاپان بھی بھیج سکتے ہیں، حکومتی سرپرستی میں 3روزہ جاب فیئر منعقد کیا جا سکتا ہے، جاپانی کمپنیز پاکستان میں جاب فیئر میں حصہ لیں۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر اسد عمر نے بھی پاکستان میں مقیم جاپان کے سفیر سےملاقات کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات،کوروناکےبعدکی صورتحال میں معاشی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    جاپانی سفیر نے تعاون کوفروغ،مشترکہ مقاصد یقینی بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان نےکورونا پر قابوپانے کاجومنظم طریقہ اپنایاوہ قابل ستائش ہے، جاپانی شہری کورونا کے وقفے کے بعد مختلف اسائنمنٹس لینے واپس آرہے ہیں، کچھ جاپانی سرمایہ کار اپنی صنعت کوپاکستان منتقل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

    وفاقی وزیراسد عمر نے اقتصادی تعاون بڑھانے کے لئے سفیر کی کاوشوں کوسراہتے ہوئے کہا حکومت نے ابتدائی طور پرمائیکرواقتصادی استحکام پرتوجہ دی،جوحاصل بھی ہوئیں ، حکومت کی اولین ترجیح ملک کوترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ معاشی اشارے مثبت ہیں،نجی شعبے کی سرمایہ کاری کوبھی فائدہ پہنچاناچاہتےہیں، پاکستانی،جاپانی سرمایہ کاروں کو اشتراک کے امکانات کاجائزہ لینا چاہئے۔

  • ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں ملا جلا رجحان

    ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں ملا جلا رجحان

    ٹوکیو / بیجنگ: ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں ملا جلا رجحان دیکھا جارہا ہے، دوسری جانب تیل اور سونے کی قیمت میں بھی اتار چڑھاؤ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں ملا جلا رجحان دیکھا جارہا ہے، جاپان کے نکئی انڈیکس میں 6 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس 26 پوائنٹس بڑھ گیا۔

    شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں بھی 6 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

    دوسری جانب امریکی خام تیل کے سودے 43 ڈالرز فی بیرل پر ٹریڈ کر رہے ہیں، عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ کی قیمت 45 ڈالر 74 سینٹس فی بیرل پر آگئی۔

    عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 19 سو 86 ڈالر پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

    گزشتہ روز ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا تھا، جاپان کے نکئی انڈیکس میں 439، ہینگ سینگ انڈیکس میں 335 اور شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں 31 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا تھا۔