Tag: جاپان

  • جاپانی وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب: خالص اون سے بنے خیمے قائم، شاہی ضیافت کا اہتمام

    جاپانی وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب: خالص اون سے بنے خیمے قائم، شاہی ضیافت کا اہتمام

    ریاض: جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبے کی سعودی عرب آمد کے موقع پر ان کے لیے خصوصی طور پر خالص اون سے تیار شدہ خیمے سجا دیے گئے، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جاپانی وزیر اعظم کے لیے شاہی ضیافت کا اہتمام بھی کیا۔

    سعودی خبر رساں اداروں کے مطابق جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبے کی سعودی عرب آمد کے موقع پر ان کے لیے خصوصی اہتمام کیا گیا۔

    مملکت کے ولی عہد و نائب وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے جاپانی وزیر اعظم کے لیے العلا میں خصوصی ضیافت کا اہتمام کیا۔ ضیافت میں جاپانی وزیر اعظم کے ہمراہ ان کے وفد کے ارکان نے بھی شرکت کی۔

    شہزادہ سلمان کی ہدایت پر معزز مہمان اور ان کے وفد کے لیے العلا کے تاریخی مقام پر خصوصی خیمے نصب کروائے گئے۔ یہ خیمے مملکت کی روایت کے مطابق موسم سرما کے لیے خصوصی طور پر خالص اون سے تیار کیے جاتے ہیں، خیموں کو ’بیت الشعر‘ کہا جاتا ہے۔

    شاہی ضیافت کے لیے پہنچنے کے بعد جاپانی وزیر اعظم اور ان کے وفد کا استقبال سعودی عرب کی روایت کے مطابق ثقافتی گیتوں سے کیا گیا۔ مہمان اور ان کے وفد کو خصوصی قہوہ پیش کیا گیا جو عربوں کی روایت اور ثقافت کا اہم حصہ ہے۔

    جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبے ہفتے کے روز ریاض پہنچے تھے، جاپانی وزیر اعظم دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں خطے کا دورہ کر رہے ہیں جس کا آغاز سعودی عرب سے کیا جارہا ہے۔

    اپنے دورے کے دوران انہوں نے شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں۔

    سعودی عرب اور جاپان ایک دوسرے کی ثقافت کو سمجھنے، باہمی اعتماد کو فروغ دیتے ہوئے موجودہ دو طرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے، اس کو وسعت دینے اور ٹھوس اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے کے حامی ہیں۔

    دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تجارت و معیشت، سرمایہ کاری اور دیگر امور میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • وفاقی وزیر حماد اظہر 3 روزہ دورے پر جاپان پہنچ گئے

    وفاقی وزیر حماد اظہر 3 روزہ دورے پر جاپان پہنچ گئے

    ٹوکیو: وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر 3 روزہ دورے پرجاپان پہنچ گئے، دورے کا مقصد دونوں ممالک میں اقتصادی، تجارتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر 3 روزہ دورے پرجاپان پہنچ گئے۔ وفاقی وزیر نے جاپانی وزیر اعظم کے مشیرِخاص سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات بڑھانے پر بات چیت کی۔

    وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کے دورے کا مقصد دونوں ممالک میں اقتصادی،تجارتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ دورے میں وفاقی وزیر حماد اظہر جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملیں گے۔

    پاکستان سرمایہ کاری اور سیاحت کے لیے ایک محفوظ ملک ہے، حماد اظہر

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے جاپانی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہتر ماحول اور کاروبار کرنے میں آسانی کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی تھی۔

    وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ سلامتی کی بہتر صورت حال کے بعد پاکستان سرمایہ کاری اور سیاحت کے لیے ایک محفوظ ملک ہے۔

  • حکومت نے سرمایہ کاری کے لیے سازگارماحول، فلاحی پالیسی کو ترجیح دی، وزیراعظم

    حکومت نے سرمایہ کاری کے لیے سازگارماحول، فلاحی پالیسی کو ترجیح دی، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت نے سرمایہ کاری کے لیے سازگارماحول، فلاحی پالیسی کو ترجیح دی، پاکستان کی 60 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے جاپان کے مشیر خارجہ امور نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات اور خطے کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیراعظم عمران خان کی جاپان کے مشیرخارجہ امور سے ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، جس میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے جاپان کے مشیر خارجہ امور کو خطے میں امن کی کوششوں متعلق آگاہ کیا۔

    اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملاقات میں پاک جاپان مختلف شعبہ جات میں تعاون پر زور دیا۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت نے سرمایہ کاری کے لیے سازگارماحول، فلاحی پالیسی کو ترجیح دی، پاکستان کی 60 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے، پاکستانی نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی سے دونوں ممالک مستفید ہوں گے۔

    اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جاپانی وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے امور خارجہ کی ملاقات ہوئی تھی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت ہوئی تھی۔

  • جاپان میں پاکستانیوں کے روزگار کے سلسلے میں زلفی بخاری کی بڑی کامیابی

    جاپان میں پاکستانیوں کے روزگار کے سلسلے میں زلفی بخاری کی بڑی کامیابی

    اسلام آباد: جاپان اور پاکستان کے درمیان تربیت یافتہ افرادی قوت کو جاپان میں روزگار فراہم کرنے کا معاہدہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تربیت یافتہ افرادی قوت کو جاپان میں روزگار فراہم کرنے کے سلسلے میں معاون خصوصی زلفی بخاری نے بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔

    اس سلسلے میں وزارت سمندر پار پاکستانیز میں ایک تقریب منعقد ہوئی، معاہدے پر دستخط کی تقریب میں جاپان کے وزیر اعظم کے مشیر سونورو کونتورو نے خصوصی طور پر شرکت کی، تقریب میں زلفی بخاری کے ساتھ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود بھی موجود تھے۔

    جاپان کے سفیر مقصودہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج کا دن دونوں ممالک کے عوام کے لیے خاص ہے، اس معاہدے سے دونوں ممالک میں تعلقات مضبوط ہوں گے، جاپان میں روزگار کے لیے فنی مہارت کے ساتھ جاپانی زبان جاننا بھی ضروری ہے، جاپان کو 3 لاکھ 40 ہزار کے قریب تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے۔

    دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ پاکستان کی 65 فی صد آبادی 35 سال سے کم عمر ہے، پاکستان کی ہنر مند افرادی قوت کو جاپان میں روزگار فراہم ہونے سے پاکستان میں ترقی ہوگی، پاکستانیوں کو جاپان میں 14 مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع ملیں گے، اس سلسلے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پر نوجوان زیادہ توجہ دیں۔

  • ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی کا رجحان

    ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی کا رجحان

    امریکا اور چین میں جاری تجارتی جنگ میں مثبت پیش رفت کے بعد بیشتر ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز ایشیا کی بیشتر اسٹاک مارکیٹس میں مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے۔

    گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ چین اور امریکا تجارتی معاملہ حل کرنے کے بہت قریب ہیں۔ چینی صدر نے بھی کہا تھا کہ باہمی اتفاق رائے اور برابری کی بنیاد پر مسئلے کو حل کریں گے۔

    ان اعلانات کے بعد بیشتر ایشیائی حصص بازاروں میں تیزی ریکارڈ کی گئی۔

    چینی اسٹاک مارکیٹ میں 182 پوائنٹس، ہانگ کانگ اسٹاک مارکیٹ میں 400 پوائنٹس، جاپانی حصص بازار میں 88 اور کورین اسٹاک مارکیٹ میں 282 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

  • جاپان کی سڑکوں پر قد آدم بلیاں نکل آئیں

    جاپان کی سڑکوں پر قد آدم بلیاں نکل آئیں

    بلیوں سے محبت میں آپ کس حد تک جاسکتے ہیں؟ یقیناً اس حد تک نہیں جاسکتے کہ بلی کا کاسٹیوم پہن کر سڑک پر نکل آئیں اور کیٹ فیسٹیول منائیں۔

    لیکن جاپان کے لوگ تو بلیوں سے اس قدر ہی محبت کرتے ہیں کہ ان کی محبت میں پورا کیٹ فیسٹیول منا ڈالتے ہیں۔

    جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کے قصبے کاگو رازاکا میں سالانہ کیٹ فیسٹیول منایا جاتا ہے جس میں بلیوں سے محبت کرنے والے افراد شریک ہوتے ہیں۔

    ہزاروں افراد بلیوں کے کاسٹیومز اور ماسک پہن کر اور بلی جیسا میک اپ کر کے سڑکوں پر آجاتے ہیں۔ اس موقع پر لوگ اپنی بلیوں کو بھی ساتھ لاتے ہیں۔

    کیا آپ اس فیسٹیول میں جانا پسند کریں گے؟

  • جاپان میں سیلاب نے تباہی مچادی، 10 افراد ہلاک

    جاپان میں سیلاب نے تباہی مچادی، 10 افراد ہلاک

    ٹوکیو: جاپان میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں دس افراد ہلاک ہوگئے اور نظام زندگی بھی درہم برہم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شدید بارشوں اور سیلاب کے بعد جاپان کے مختلف حصوں میں ساڑھے چار ہزار سے زائد مکانات میں بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی اور ٹرین سروس بھی متاثر ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جاپان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم دس افراد ہلاک ہو گئے۔

    جاپان میں طوفانی بارشوں اورسیلاب نےتباہی مچادی‘ ہلاکتوں کی تعداد 199 ہوگئی

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ نو افراد شیبا میں جبکہ ایک شخص فوکوشیما میں ہلاک ہوگیا، ملک کے مختلف حصوں میں ساڑھے چار ہزار سے زائد مکانات میں بجلی کی سپلائی منقطع ہو گئی اور کئی مقامات پر ٹرین سروس بھی متاثر ہوگئی ہے۔

    وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان کے مطابق عموما ایک ماہ میں ہونے والی بارش گزشتہ روز صرف آدھے دن میں ہو گئی۔

    جاپان میں ابھی دو ہفتے قبل ہی آنے والے ایک طاقت ور سمندری طوفان میں اسی سے زائد افراد ہلاک یا لاپتہ ہو گئے تھے۔

  • جاپان کا مشرق وسطیٰ سے متعلق بڑا اعلان

    جاپان کا مشرق وسطیٰ سے متعلق بڑا اعلان

    ٹوکیو: حکومت جاپان مشرق وسطیٰ میں بحری جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوج بھیجنے پر غور کر رہی ہے، جاپانی فوج صرف جاپانی جہازوں کے تحفظ کے لیے کام کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق جاپانی حکومت مشرق وسطیٰ میں اپنے بحری جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سیلف ڈیفنس فورس کے نام سے فوج بھیجنے پر غورکر رہی ہے۔

    جاپان جہاز رانی کے تحفظ کے لیے امریکا کی قیادت میں بنائے گئے اتحاد میں شامل نہیں ہوگا۔ جاپانی فوج صرف جاپانی جہازوں کے تحفظ کے لیے کام کرے گی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق جاپانی حکومت ان فوجیوں کی تعیناتی کے مناسب وقت کا تعین کرنے لیے غور کر رہی ہے جاپانی فورس کی سرگرمیاں خلیج سے دور ہوں گی۔ جاپانی فوج کو خلیج عمان اور شمالی بحیرہ عرب، آبنائے ہرمز اور یمن سے دور بین الاقوامی پانیوں میں تعینات کیا جائے گا۔

    جاپانی فوج کی سرگرمیوں میں افریقی ساحل پر بحری قزاقوں سے نمٹنا بھی شامل ہوگا۔ جاپان اس علاقے میں میری ٹائم سیلف ڈیفنس کے جہاز بھیجنے کے امکان پر بھی غور کر رہا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے جاپان کی قومی سلامتی کونسل نے مشرق وسطیٰ کی صورت حال کے بارے میں اجلاس طلب کیا تھا جس میں جاپانی بحری جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مشرق وسطیٰ میں سیلف ڈیفنس فورس بھیجنے پر زور دیا گیا تھا۔

  • جاپانی شہنشاہ کی تاج پوشی کی تقریب، صدر عارف علوی بھی شریک

    جاپانی شہنشاہ کی تاج پوشی کی تقریب، صدر عارف علوی بھی شریک

    ٹوکیو: جاپانی شہنشاہ ناروہیتو کی تاج پوشی کی تقریب ہوئی جس میں پاکستان کے صدر ڈاکٹرعارف علوی سمیت 180 ممالک کے سربراہان شریک ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان میں نئے بادشاہ ناروہیتو کی تقریب تاج پوشی کا انعقاد کیا گیا، جس کے بعد اب ناروہیتو باقاعدہ تخت نشین ہوگئے، تقریب میں صدر مملکت عارف علوی سمیت 180 ممالک کے سربراہان شریک ہوئے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق جاپان میں بادشاہ ناروہیتو کی تقریب تاج پوشی کی گئی، جہاں بادشاہ کو تاج پہنا دیا گیا ہے، تقریب کا آغاز انتہائی پرتپاک ہوا۔

    85 سالہ جاپانی بادشاہ اکیہیتو نے اپریل میں طبیعت کی خرابی کی وجہ سے تخت چھوڑا تھا، جس کے بعد ولی عہد ناروہیتو نے یکم مئی کو نئے بادشاہ کی ذمہ داریاں سنبھال لی تھیں۔

    شہنشاہ کو تخت چھوڑنے کی قانونی اجازت اس وقت ملی جب انھوں نے کہا کہ وہ اپنی عمر اور گرتی ہوئی صحت کی وجہ سے اپنا کردار نبھانے کے قابل نہیں رہے۔

    تاج محل میں جاپانی سیاح ’’سیلفی پکچر‘‘ لینے کے دوران جاں بحق

    خیال رہے کہ اکیہیتو نے اپنے ایک عوامی خطاب میں کہا بھی تھا کہ انہیں یہ خوف ہے کہ ان کی عمر انھیں ان کے فرائض منصبی کو نبھانے میں مشکلات پیدا کرے گی اور انھوں نے قوی عندیہ دیا تھا کہ وہ دست بردار ہونا چاہتے ہیں۔

    جاپان میں بادشاہ تادم مرگ تخت نشین رہنے کی روایت ہے تاہم ملک کی 200سالہ تاریخ میں بادشاہ اکیہیتو تخت چھوڑنے والے پہلے بادشاہ ہیں۔ واضح رہے کہ جاپان میں تاج پوشی کا جشن ایک ہفتے تک منایا جائے گا۔

  • جاپان کا  پاکستانی ہنرمند نوجوانوں کے لئے بڑا اعلان

    جاپان کا پاکستانی ہنرمند نوجوانوں کے لئے بڑا اعلان

    کراچی : جاپان نے پاکستان کو ٹاپ ٹین دوست ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا، جاپان کے ڈپٹی قونصل جنرل اشیدا کاتو نوری نے کہا پاکستانی ہنرمند نوجوانوں کو روزگار دینے کیلئے تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان کے ڈپٹی قونصل جنرل اشیدا کاتو نوری نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا جاپان نے پاکستان کو ٹاپ ٹین دوست ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا، پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لئے بھی ہرسطح پر کوشاں ہے۔

    جاپان کے ڈپٹی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ کراچی میں معاشی ترقی کی بےپناہ صلاحیتیں ہیں، نوجوانوں کو جاپان میں روزگار کے مواقعے فراہم کرنے کے لئے بھی دونوں ممالک میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔

    جاپانی ڈپٹی قونصل جنرل نے پنجابی، سندھی اور پشتو زبان میں گانا گاکر سب کو حیران کردیا اور کہا مجھے بریانی اور پائے بہت پسندہیں، پاکستانی بہت مہمان نواز ہیں، مہمانوں کو اچھا کھانا کھلاتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : جاپان پاکستان کو سات ارب چالیس کروڑ روپے دےگا

    یاد رہے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے جاپانی سفیر نے رابطہ کرکے زلزلے کے باعث ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا تھا اور زلزلہ متاثرین کے لیے امداد کی پیشکش کی تھی۔

    جس پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے جاپان کے سفیر کا شکریہ ادا کیا تھا ۔

    اس سے قبل رواں سال اپریل میں پاکستان میں تعلیم اورٹرانسپورٹ کی بہتری کیلئے جاپان میدان میں آگیا تھا اور پاکستان کو سات ارب چالیس کروڑروپے دینے کا اعلان کیا تھا، یہ رقم پاکستان میں صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کیلئے استعمال ہونا تھی۔