Tag: جاپان

  • ذہنی سکون کیلیے دوسروں کے گھروں میں گھسنے والا انوکھا ’چور‘

    ذہنی سکون کیلیے دوسروں کے گھروں میں گھسنے والا انوکھا ’چور‘

    ٹوکیو : جاپان میں اسٹریس یا ذہنی تناؤ کو کم کرنے کے لیے غیر روایتی طریقے سے ایک ہزار گھروں میں چوری چھپے داخل ہونے والا شخص پکڑا گیا۔

    اس حوالے سے جاپانی میڈیا کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جس نے دوران تفتیش اس بات کا برملا اعتراف کیا کہ وہ اسٹریس یا ذہنی تناؤ کو کم کرنے کے لیے ایک ہزار سے زائد گھروں میں چوری چھپے داخل ہوا۔

    جاپانی اخبار مینیچی شمبن کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے 37 سالہ شخص کو پیر کے روز فوکوکا پریفیکچر کے شہر دازائیفو میں ایک گھر میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کے شبہ میں حراست میں لیا تھا۔

    japan

    ملزم (جس کا نام طاہر نہیں کیا گیا ہے) کا کہنا تھا کہ دوسروں کے گھروں میں چوری چھپے گُھسنا میرا شوق ہے اور میں یہ ایک ہزار سے زیادہ مرتبہ کرچکا ہوں۔

    پولیس کو دیئے گئے بیان میں اس کا کہنا تھا کہ مجھے اس قدر جوش آجاتا ہے کہ میری ہتھیلیاں پسینے سے بھر جاتی ہیں، اور جب میں یہ سوچتا ہوں کہ کوئی مجھے پکڑ لے گا یا نہیں تو اس سے میرا ذہنی تناؤ کچھ کم ہو جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق جاپان میں 40 سے 49 سال کی عمر کے لوگوں میں ذہنی تناؤ کی شرح زیادہ ہے اور لگ بھگ 50 فیصد مرد ذہنی تناؤ کا شکار ہیں جبکہ 30 سے 49 سال کی عمر کی جاپانی خواتین میں ذہنی تناؤ کی سب سے زیادہ شکایت پائی جاتی ہے۔

  • اسکول سے جوتے کون چوری کر رہا تھا؟ کیمرے کی فوٹیج میں حیران کن انکشاف

    اسکول سے جوتے کون چوری کر رہا تھا؟ کیمرے کی فوٹیج میں حیران کن انکشاف

    جاپان کے ایک کنڈرگارٹن اسکول کی وائرل ویڈیو نے لوگوں کو حیران کر دیا ہے، جس میں بچوں کے جوتے چوری کرنے والا رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا۔

    یہ دل چسپ واقعہ جنوب مغربی جاپان کے علاقے فوکوکا میں پیش آیا، جہاں کنڈرگارٹن اسکول میں بچوں کے جوتے چوری ہو رہے تھے، اور چور کا پتا نہیں چل رہا تھا۔

    آخرکار اسکول میں جوتے چوری کے واقعات کا بھانڈا اس وقت پھوٹا جب اسکول میں تین خفیہ کیمرے لگائے گئے، جاپانی پولیس کے مطابق جب واردات کے بعد فوٹیجز چیک کی گئیں تو سب کو حیرت کا جھٹکا لگا۔

    ویڈیو میں چور کوئی انسان تھا ہی نہیں، بلکہ یہ ایک چھوٹا سا نیولا تھا، جس نے آ کر جوتا منہ میں دبایا اور دوڑتا ہوا بھاگ گیا، ڈپٹی پولیس چیف ہیروکی آنڈا نے اتوار کو ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ’یہ اچھی بات ہے کہ یہ انسان نہیں تھا۔‘

    دراصل اساتذہ اور والدین کو اس بات کی فکر تھی کہ کہیں چور جوتوں کے جنون میں مبتلا کوئی شخص نہ ہو، واضح رہے کہ جاپان میں یہ رواج ہے کہ لوگ گھروں میں داخل ہونے سے پہلے اپنے جوتے اتار دیتے ہیں، اسکول کے بچوں کے جوتے بھی دروازے کے قریب ریک میں رکھے ہوتے تھے۔

    قارئین کے لیے یہ بات دل چسپی کی باعث ہوگی کہ نیولا ایسا جانور ہے جسے لوگ پالتو کے طور پر بھی پالتے ہیں، وہ کھلونوں کو چھپانے میں ماہر ہوتے ہیں۔ اسکول میں بھی نیولے نے چرائے ہوئے جوتے مختلف جگہوں پر چھپائے تھے۔

    جب پولیس سے رابطہ کیا گیا تو اس وقت تک 15 جوتے غائب ہو چکے تھے، اور اگلے دن اس نے مزید 6 جوتے غائب کر دیے، جب نیولا 12 نومبر کو ایک اور جوتا چرانے کے لیے واپس آیا، تو اسے کیمرے میں جوتا چوری کرتے ریکارڈ کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق چوری شدہ جوتے بہت تلاش کے باوجد نہیں مل سکے۔

  • جاپان : سائیکل چلاتے ہوئے موبائل استعمال کرنے والوں کیلیے سخت قانون نافذ

    جاپان : سائیکل چلاتے ہوئے موبائل استعمال کرنے والوں کیلیے سخت قانون نافذ

    ٹوکیو : جاپانی حکومت نے ان سائیکل چلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے جو اس دوران موبائل فون کا استعمال کرتے ہیں۔

    جاپانی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق جاپان میں کیے گئے ترمیم شدہ نئے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے سائیکلسٹ اگر موبائل فون استعمال کرتے ہوئے پائے گئے تو ان کو ایک ہزار ین جرمانے کے ساتھ ساتھ کم از کم 6 ماہ کے لیے جیل بھی جانا پڑے گا۔

    Japan cyclists

    مذکورہ قوانین کا اطلاق آج سے ہوگیا ہے، نیشنل پولیس ایجنسی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سائیکل چلاتے ہوئے ہاتھ میں اسمارٹ فون رکھ کر کال کرنا یا اسکرین دیکھنا اب ممنوع قرار دیا گیا ہے اور اس پر قرار واقعی سزا بھی دی جاسکتی ہے۔

    ٹریفک حکام کے مطابق سائیکل سواروں کے موبائل اسکرین دیکھنے کی وجہ سے کچھ حادثات پیش آئے ہیں جس کے نتیجے میں متعدد افراد کی ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں۔

    phones face jail

    اگرچہ جاپان میں مجموعی طور پر ٹریفک حادثات کی تعداد میں کمی واقع ہو رہی ہے، لیکن ان حادثات میں سائیکلوں کا تناسب بڑھ رہا ہے۔ جاپان میں دیگر کئی ممالک کے برعکس، فٹ پاتھ پر سائیکل چلانا نہ صرف قانونی ہے بلکہ ایک عام سی بات ہے۔

    اس کے علاوہ نئے قوانین کے تحت نشے کی حالت میں سائیکل چلانے پر تین سال تک قید یا 5 لاکھ ین تک بھی جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ جاپان میں سائیکل کا استعمال بہت عام ہے تاہم 2021 میں کورونا پابندیوں کے بعد سے اس کے استعمال میں کافی اضافہ ہوا اور اب شہریوں کی اکثریت پبلک ٹرانسپورٹ کے بجائے سائیکل استعمال کرتی ہے۔

  • جاپان میں دنیا کا سب سے چھوٹا روبک کیوب تیار

    جاپان میں دنیا کا سب سے چھوٹا روبک کیوب تیار

    جاپان کی کھلونا ساز کمپنی میگا ہاؤس نے حیرت انگیز طور پر حال ہی میں دنیا کا سب سے چھوٹا روبک کیوب تیار کیا ہے، اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ مکمل طور پر ایلومینیم سے تیار کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق روبک کیوب کی لمبائی صرف 0.19 انچ (تقریباً 0.5 سینٹی میٹر) ہے، جبکہ اس کا وزن محض 0.33 گرام ہے۔ کمپنی کی جانب سے اس کی قیمت 5,320 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اس کیوب کو ہنگری کے مجسمہ ساز ارنو روبک کے اصلی روبک کیوب کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر متعارف کرایا گیا ہے، واضح رہے کہ جاپان کے میگا ہاؤس کی جانب سے اس پروجیکٹ کا خیال تقریباً چار سال پہلے پیش کیا گیا تھا اور 2022 میں اس پر کام کا آغاز کردیا گیا تھا۔

    موجودہ دور میں 0.5 سینٹی میٹر چوڑا دھاتی اسکوئربنانا مشکل نہیں ہے، تاہم اس کیوب کی خاص بات یہ ہے کہ اسے ہر زاویے سے گھمایا جاسکتا ہے۔

    اس کی پیشگی آرڈر کے لیے قیمت 777,777 یین یعنی 5,320 ڈالر ہے، جبکہ اس کا پہلا آرڈر اپریل 2025 میں بھیجے جانے کی توقع ہے۔

    ناسا نے خلا سے لی گئی حیران کُن ویڈیو شیئر کردی

    اس کیوب کی قیمت بہت زیادہ رکھی گئی ہے، یہ دنیا کا سب سے چھوٹا روبک کیوب اصل کیوب کے سائز کا تقریباً 1,000 واں حصہ ہے۔

  • جاپان نے مصنوعی ایندھن کی پیداوار کا بڑا کارنامہ انجام دے دیا

    جاپان نے مصنوعی ایندھن کی پیداوار کا بڑا کارنامہ انجام دے دیا

    ٹوکیو: جاپان نے مصنوعی ایندھن کی پیداوار کا بڑا کارنامہ انجام دے دیا، ٹوکیو کے قریب پہلے کارخانے سے پروڈکشن شروع ہو گئی۔

    جاپانی میڈیا کے مطابق ٹوکیو کے قریب ایک تجرباتی کارخانہ لگایا گیا ہے، جو ملک میں خام مال سے ماحول دوست مصنوعی ایندھن بنانا والا پہلا کارخانہ بن گیا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مصنوعی ایندھن کاربن سے پاک ہے، اور اس طرح کے ایندھن کی تیاری اگر تجارتی پیمانے پر کی جائے تو یہ پیٹرول اور دیگر اقسام کے معدنی ایندھن کی جگہ لے سکتا ہے۔

    کارخانہ ٹوکیو کے قریب تحقیقی مرکز میں قائم کیا گیا ہے، یہ جاپان کی تیل کی بڑی ہولسیلر کمپنی اینوس نے کی ملکیت ہے، جس نے رواں مہینے کے اوائل سے کام شروع کر دیا ہے۔

    اس کارخانے میں مصنوعی فیول کی پیداوار کے لیے پہلے پانی کے الیکٹرولائسز کے ذریعے ہائیڈروجن پیدا کیا جاتا ہے، اور پھر اسے فضا میں موجود اور کارخانوں سے نکلنے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ کے ساتھ ملایا جاتا ہے، کمپنی فی الحال یومیہ تقریباً 160 لیٹر مصنوعی ایندھن تیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    یہ لیکوئیڈ فیول (مائع ایندھن) ہے جو کاربن سے پاک ہے، اور اسے روایتی انجنوں سے چلنے والی کاروں اور طیاروں میں استعمال کیا جا سکتا ہے، لیکن چیلنج یہ ہے کہ خام تیل سے پیٹرول کو صاف کرنے کے مقابلے میں اس ایندھن کی زیادہ پیداواری لاگت کو کیسے کم کیا جائے۔

    جاپانی حکومت نے 2035 تک مصنوعی ایندھن کو تجارتی پیمانے پر تیاری کا ہدف مقرر کیا ہے، اینوس کے سی ای او نے ایک بیان میں کہا کہ مستقبل میں یہ پیداواری لاگت کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

  • جاپان میں ڈائٹنگ کے بغیر وزن کم کرنے کا طریقہ دریافت

    جاپان میں ڈائٹنگ کے بغیر وزن کم کرنے کا طریقہ دریافت

    ٹوکیو: جاپان کے طبی محققین نے ڈائٹنگ کے بغیر وزن کم کرنے کا حیرت انگیز طریقہ دریافت کر لیا ہے۔

    جاپانی میڈیا رپورٹس کے مطابق کوبے یونیورسٹی کے محققین نے جسم کی عضلاتی ساخت میں ’’پی جی سی-1 اے‘‘ نامی پروٹین کے مختلف متغیرات کا مشاہدہ کیا ہے جو آئندہ دنوں میں وزن کم کرنے والی ادویات کی تیاری کے سلسلے میں بڑی پیش رفت کے طور پر سامنے آ سکتے ہیں۔

    یورپی سائنسی جریدے ’’مالیکیولر میٹابولزم‘‘ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق محققین نے مذکورہ پروٹین کے مختلف متغیرات کا مشاہدہ ورزش کے دوران کیا، ان کا کہنا ہے کہ یہ متغیرات دوران ورزش بہت بڑھ جاتے ہیں، اور یہ بدن کی چربی جلانے کی رفتار کو تیز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    کوبے یونیورسٹی کے محققین نے اس دریافت پر کہا کہ ہم ایک ایسی نئی دوا تیار کر سکتے ہیں جو پرہیز کیے بغیر وزن کم کرنے میں مدد دے گی، ان کا کہنا تھا کہ ان متغیرات کی تعداد میں اگر اضافہ کیا جائے تو اس سے جسم میں توانائی جلنے کا عمل تیز تر ہو جائے گا اور یوں چربی جلانے میں مدد ملے گی۔

    انسانوں کے عضلاتی ڈھانچے کا مطالعہ کرنے والے محققین نے یہ بھی دریافت کیا ہے کہ ’پی جی سی-1 اے‘ کے متبادل متغیرات بھی ورزش کے دوران بڑھتے ہیں۔ ان متغیرات کی پیداوار مختلف افراد میں مختلف ہوتی ہے، جس کی وجہ سے ایک ہی طرح کی ورزش کرنے کے باوجود مختلف لوگوں میں وزن میں کمی کی رفتار مختلف ہو سکتی ہے۔

    پروفیسر ڈاکٹر واتارو اوگاوا نے کہا کہ اس تحقیق کے نتائج موٹاپے سے متعلقہ بیماریوں کے علاج میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتے ہیں۔

  • جاپان نے چاولوں کی برآمدات کا ریکارڈ قائم کردیا

    جاپان نے چاولوں کی برآمدات کا ریکارڈ قائم کردیا

    جاپان کے چاولوں کی برآمدات ریکارڈ بلند سطح پر پہنچ گئی، رواں سال جنوری سے جولائی کی مدت میں 24 ہزار ٹن سے زائد چاول بیرون ملک بھیجا گیا۔

    بیرون ملک جاپانی ریستورانوں کے کھانوں کی مانگ ہے جس کی وجہ سے اس سال ابتدائی 7 ماہ میں جاپان کی چاولوں کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا، جاپانی وزارت زراعت نے منگل کو بتایا کہ جاپان نے اس مدت کے دوران 24 ہزار 469 ٹن چاول بیرون ملک برآمد کیا۔

    پچھلے سال کے مقابلے میں جاپانی چاولوں کی برآمدات میں 23 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، 2014 سے ایسے اعداد و شمار جمع کیے جانے کے بعد چاولوں کی برآمدات اس مدت کے دوران ریکارڈ سطح پر پہنچی۔

    سب سے زیادہ چاول ہانگ کانگ کو برآمد کیا جاتا ہے، اس کے بعد جاپان امریکا اور سنگاپور کو بالترتیب زیادہ چاول برآمد کرتا ہے۔

    جاپانی وزارت زاعت نے کہا کہ ایشیا کے مختلف ممالک اور امریکا میں جاپانی ریستورانوں میں چاولوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کے سبب برآمدات میں اضافہ ہوا۔

    اندرون ملک سپر مارکیٹوں اور اسٹوروں پر چاولوں کی سپلائی ڈیمانڈ کے مقابلے میں بدستور کم ہے، حالیہ زلزلوں اور طوفانوں کی وجہ سے کچھ لوگوں نے چاولوں کی معمول سے زیادہ خریداری کی۔

    جاپانی وزیر ساکاموتو تیتسُوشی نے بتایا کہ جاپان میں چاول کا کمرشل اسٹاک جون کے آخر میں 15 لاکھ 60 ہزار ٹن تھا، جو گزشتہ سال چاولوں کی سالانہ برآمد 37 ہزار ٹن سے کہیں زیادہ ہے۔

  • جاپان کی حکمران لبرل پارٹی کے سربراہ وزیر اعظم فومیو کشیدا کا جانشین کون ہوگا؟

    جاپان کی حکمران لبرل پارٹی کے سربراہ وزیر اعظم فومیو کشیدا کا جانشین کون ہوگا؟

    ٹوکیو: جاپان کی حکمران لبرل پارٹی کے صدر موجودہ وزیر اعظم فومیو کشیدا کی مدت ستمبر میں ختم ہو رہی ہے۔

    جاپانی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان کی مرکزی حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کے نئے صدر کا انتخاب 27 ستمبر کو کیا جائے گا، اس انتخاب کے ذریعے پارٹی کے صدر اور موجودہ وزیر اعظم فُومیو کِشیدا کے جانشین کا انتخاب کیا جائے گا۔

    اس سلسلے میں منگل کو ایل ڈی پی کی انتخابی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ 12 ستمبر کو اس سلسلے میں باضابطہ اعلان کیا جائے گا، یعنی انتخابی مہم کے لیے 15 دن دستیاب ہوں گے، یہ دورانیہ 1995 کے بعد سے طویل دورانیہ ہوگا۔

    حکمران جماعت سیاسی اور مالی اسکینڈلوں کی وجہ سے چاہتی ہے کہ عوامی اعتماد کو بحال کیا جائے، اسی لیے بحث و مباحثے کے لیے زیادہ سے زیادہ وقت مختص کیا جائے گا۔

    انتخاب کے دوران کُل 734 ووٹ ڈالے جائیں گے، ایل ڈی پی کے پارلیمانی قانون سازوں کے پاس 367 ووٹ ہیں، جب کہ باقی نصف کا فیصلہ جاپان بھر میں اِس جماعت کے مقامی ذمہ داران اور رجسٹرڈ اراکین کریں گے۔ قانون ساز اپنا ووٹ 27 ستمبر کو ڈالیں گے اور ووٹوں کی گنتی اُسی روز ہوگی۔

    واضح رہے کہ ایل ڈی پی کے صدر کی حیثیت سے فومیو کِشیدا کی مدّت ستمبر کے آخر میں ختم ہو رہی ہے۔

  • جاپان میں سمندری طوفان ’ایمپل‘ سے نظام زندگی شدید متاثر، بلٹ ٹرینین بھی بند کر دی گئی

    جاپان میں سمندری طوفان ’ایمپل‘ سے نظام زندگی شدید متاثر، بلٹ ٹرینین بھی بند کر دی گئی

    ٹوکیو: جاپان میں سمندری طوفان ’ایمپل‘ سے نظام زندگی شدید متاثر ہو گیا ہے، بلٹ ٹرینین بھی بند کر دی گئیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان میں سمندری طوفان ایمپل نے نظامِ زندگی درہم برہم کر دیا ہے، مشرقی اور شمال مشرقی ساحلی علاقے کانتو اور توہوکُو کو طاقت ور سمندری طوفان کا سامنا ہے۔

    دارالحکومت ٹوکیو میں بھی طوفانی ہوا کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، طوفان کے خطرے کے باعث سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جس سے ایک لاکھ سے زائد مسافروں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    طوفان کے پیشِ نظر بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے، جس سے دو ہزار گھر بجلی سے محروم ہیں، بجلی کی بندش سے ٹوکیو اور مرکزی شہر ناگویا کے درمیان چلنے والی تمام بلٹ ٹرین سروس بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔

    جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے ایمپل کو زیادہ طاقت ور طوفان کا درجہ دیتے ہوئے متاثرہ علاقوں سے 19 ہزار رہائشیوں کے انخلا کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہری سمندر اور دریاؤں کی جانب جانے سے گریز کریں۔

  • جاپان کے وزیر اعظم کا مستعفی ہونے کا اعلان

    جاپان کے وزیر اعظم کا مستعفی ہونے کا اعلان

    جاپان کے وزیر اعظم اور حکمراں جماعت لبرل ڈیمو کریٹک پارٹی کے صدر فومیو کشیدا نے پارٹی کی صدارت سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جاپانی وزیرِ اعظم نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پارٹی کی صدارت کے لیے انتخاب نہیں لڑیں گے اور آئندہ ماہ (ستمبر میں) 3 سالہ مدت مکمل ہونے پر جماعت کی صدارت سے مستعفی ہوجائیں گے۔

    رپورٹس کے مطابق جاپانی وزیر اعظم نے بڑھتے ہوئے سیاسی اسکینڈلز، ریکارڈ مہنگائی، دفاعی اخراجات میں اضافے کی وجہ سے لبرل ڈیمو کریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کی صدارت چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔

    واضح رہے کہ جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا نے دوسری جنگ عظیم کے بعد ملک کی سب سے بڑی افواج کی تشکیل دی، ان کے اس فیصلے کے بعد دنیا کی چوتھی سب سے بڑی معیشت کے نئے لیڈر کی تقرری آئندہ ماہ کی جائے گی۔

    امریکا کی اسرائیل کو 20 ارب ڈالر کا اسلحہ فروخت کرنے کی منظوری

    حکمراں جماعت لبرل ڈیمو کریٹک پارٹی کی صدارت کے لیے کسی خاتون کا انتخاب کیا جاتا ہے تو جاپان میں پہلی بار کسی خاتون کے وزیرِ اعظم منتخب ہونے کے امکانات روشن ہوجائیں گے۔