Tag: جاپان

  • جاپان کا نیا ایچ تھری راکٹ کامیابی کے ساتھ خلائی سفر پر روانہ

    جاپان کا نیا ایچ تھری راکٹ کامیابی کے ساتھ خلائی سفر پر روانہ

    ٹوکیو : جاپان کا نیا فلیگ شپ ایچ تھری راکٹ آج کامیابی کے ساتھ لانچ کر دیا گیا، مذکورہ راکٹ گزشتہ سال لانچنگ میں ناکام ہوگیا تھا۔

    نیکسٹ جنریشن ایچ تھری راکٹ کو عالمی سطح پر مسابقت حاصل کرنے کے لیے ایچ ٹو اے سے بڑے پے لوڈز  لے جانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جاپان نے ہفتے کے روز اپنے نئے ایچ تھری فلیگ شپ راکٹ کو کامیابی کے ساتھ لانچ کیا ہے، جس سے اس کا خلائی پروگرام کئی مشکلات کے بعد دوبارہ پٹری پر آگیا ہے، گزشتہ سال راکٹ کی لانچنگ پرواز ناکام ہو گئی تھی۔

    یہ لانچنگ جاپان ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی کے لیے مسلسل دوسری جیت کا نشان بھی ہے جب اس کے اسمارٹ لینڈر آف انویسٹیگیشن مون (سلم)  نے گزشتہ ماہ "پائن پوائنٹ” حاصل کیا اور جاپان کو چاند پر خلائی جہاز لگانے والا صرف پانچواں ملک بنا دیا۔

    H3 rocket

    لانچ کی تعداد کے لحاظ سے خلا میں ایک نسبتاً چھوٹا راکٹ ہے ، جاپان اپنے پروگرام کو کامیاب کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہا ہے کیونکہ وہ چین کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے اتحادی امریکہ کا شراکت دار ہے۔

    ایچ تھری راکٹ مقامی وقت کے مطابق صبح 9:22 بجے سفر پر روانہ ہوا اس موقع پر جب راکٹ اپنی طے شدہ منزل تک کامیابی کے ساتھ پہنچا تو جنوبی جاپان کے تنیگا شیما اسپیس سینٹر کے سائنسدانوں اور ملازمین  نے پر زور تالیاں بجائیں اور کامیابی کی خوشی میں ایک دوسرے سے گلے بھی ملے۔

     راکٹ

    ایک بیان میں ترجمان جاپان ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی یا جیاکسا نے کہا ہے کہ راکٹ کی ابتدائی پرواز منصوبہ بندی کے مطابق ہموار رہی اور اس نے دو چھوٹے پے لوڈز میں سے پہلا کامیابی سے لانچ کیا۔

    H3  راکٹ کو 6.5 میٹرک ٹن وزنی پے لوڈ کو خلا میں لے جانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو صرف پانچ بلین ین (33 ملین ڈالر) میں تیار کیا گیا ہے جوپہلے بنائے گئے راکٹ کی قیمت کا نصف ہے۔

    ایچ تھری

    ایجنسی حکام دوسرے سیٹلائٹ کے اسٹیٹس کی تصدیق کر رہے ہیں، ایجنسی نے دو مشاہداتی مائیکرو سیٹلائٹس کو مدار میں رکھنے کا بھی منصوبہ بنایا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق جاپانی حکومت مقامی استعمال کے لیے 2030 تک ایچ تھری راکٹ کے ساتھ تقریباً 20 سیٹلائٹس اور پروبز لانچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    ایچ تھری 2025 میں مشترکہ جاپان-انڈیا LUPEX پروجیکٹ کے لیے قمری ایکسپلورر کے ساتھ ساتھ مستقبل میں امریکی زیر قیادت آرٹیمس چاند کی تلاش کے پروگرام کے لیے کارگو خلائی جہاز فراہم کرنے والا ہے۔

    اسپیس ایکس کی دوبارہ قابل استعمال فالکن نائن جیسی سستی تجارتی گاڑیوں کے عروج کی بدولت سیٹلائٹ لانچ کی مانگ آسمان کو چھو رہی ہے اور اس سال متعدد نئے راکٹوں کا تجربہ کیا جا رہا ہے۔

  • امریکا چاند تک پہنچنے میں ناکام، جاپان نے چاند پر قدم جما لیے

    امریکا چاند تک پہنچنے میں ناکام، جاپان نے چاند پر قدم جما لیے

    ٹوکیو: جاپانی اسپیس مشن ’مون اسنائپر‘ چاند پر اترنے میں کامیاب ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا چاند تک پہنچنے میں ناکام رہا تاہم جاپان نے چاند پر قدم جما لیے ہیں، جاپان کے ’مون اسنائپر‘ نے چاند کی سطح کو چھو لیا ہے۔

    جاپان کی ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی نے کہا کہ جاپان کا مون اسنائپر روبوٹک ایکسپلورر چاند کی سطح پر اتر گیا ہے، لیکن یہ مشن قبل از وقت ختم ہو سکتا ہے، کیوں کہ خلائی جہاز کا سولر سیل بجلی پیدا نہیں کر رہا ہے۔ ایجنسی کا کہنا تھا کہ انھیں لینڈر سے سگنل موصول ہو رہا ہے، اور کمیونکیشن توقع کے مطابق ہو رہا ہے۔

    مشن کی ٹیم نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ انھیں امید ہے کہ جیسے جیسے چاند پر شمسی زاویہ تبدیل ہوگا، شمسی سیل دوبارہ چارج ہونے کے قابل ہو جائے گا، تاہم اس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے اور اس کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ آیا SLIM چاند کی نہایت ٹھنڈی رات میں برقرار رہ سکتا ہے۔

    جاپان نے چاند پر پانی اور انسانی رہائش کے امکانات کے سلسلے میں اپنی اس ٹیکنالوجی کو بے مثال اور اہم قرار دیا ہے، اسپیس کرافٹ کو گزشتہ برس ستمبر میں چاند مشن پر روانہ کیا گیا تھا اور یہ دسمبر میں چاند کے مدار میں داخل ہوا تھا، اس طرح جاپان چاند کی سطح پر اترنے والا دنیا کا پانچواں ملک بن گیا ہے، اس سے قبل امریکا، روس، چین اور بھارت کے مشن چاند پر لینڈ کر چکے ہیں۔

    تاہم، دوسری طرف امریکا کا 50 سال بعد چاند مشن پر روانہ ہونے والا اسپیس کرافٹ بحرالکاہل کے اوپر فضا میں جل کر بھسم ہو گیا ہے، ’پیریگرین ون‘ کو 8 جنوری کو چاند مشن پر روانہ کیا گیا تھا۔

    فیول لیکیج کے بعد اسپیس کرافٹ کی سمت بحرالکاہل کی جانب موڑ دی گئی تھی، جہاں وہ زمین کی حدود میں داخل ہونے کے بعد بحرالکاہل کے اوپر جل کر ختم ہو گیا۔

  • جاپان میں دوسری بار طیارہ حادثہ، 2 ہوائی جہاز آپس میں ٹکرا گئے، ویڈیو

    جاپان میں دوسری بار طیارہ حادثہ، 2 ہوائی جہاز آپس میں ٹکرا گئے، ویڈیو

    جاپان میں چند دنوں کے دوران طیارے کا دوسرا حادثہ پیش آیا ہے۔ ایئرپورٹ پر 2 مسافر ہوائی جہاز آپس میں ٹکراگئے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا کا ایک طیارہ ہانگ کانگ کے کیتھے پیسفک طیارہ سے ہوکائیڈو میں نیوچیٹوس ہوائی اڈے پرٹکرا گیا، خوش قسمتی سے اس حادثہ میں کسی کی ہلاکت نہیں ہوئی۔

    جاپانی ایئرپورٹ پر محض چند دنوں کے دوران ایک بار پھر سے دو طیاروں کے آپس میں ٹکرانے پر ماہرین تشویش کا اظہار کررہے ہیں۔

    میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہانگ کانگ کا کیتھے پیسفک طیارہ ہوائی اڈے پر کھڑا تھا، اس دوران جنوبی کوریا کی ایئرلائن کے آگے بڑھنے والے طیارہ نے اسے ٹکر مار دی، جس کے بعد ایئرپورٹ پر افراتفری پھیل گئی۔

    جاپانی لوکل میڈیا ’فجی ٹی وی‘ نے اس حوالے بتایا کہ ایک مسافر طیارہ ہوائی اڈے پر کھڑا تھا اور دوسرے مسافر طیارہ کی لینڈنگ تقریباً مکمل ہو چکی تھی۔ اس لیے ان کی ٹکر شدید نہیں تھی، فی الحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    کورین ایئرلائنز کے ترجمان نے بتایا کہ اس حادثے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ واقعہ 16 جنوری کو کوریائی ایئرلائن کی جانب سے پرواز بھرنے سے قبل پیش آیا۔

    میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ طیارہ کو پارکنگ والی جگہ پر ڈی-آئسنگ آپریشن پورا کرنے کے بعد گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنی کا ٹریکٹر کھینچ رہا تھا۔ اس کھیچنے کے عمل کے دوران زمین پر برف کی وجہ سے ٹریکٹر پھسل گیا۔

    اس حوالے سے کورین ایئرلائن کے حکام نے بتایا کہ طیارہ کا بایاں پنکھا پارکنگ والی جگہ پر کھڑے کیتھے پیسفک کی پرواز سی ایکس 583 سے ٹکرا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل 2 جنوری کو جاپان میں رن وے پر دو طیاروں کی ٹکر ہو گئی تھی جس کے باعث 6 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ حادثہ کے سبب دونوں طیاروں میں آگ لگ گئی تھی۔

  • امریکا میں دو طیارے آپس میں ٹکرا گئے

    امریکا میں دو طیارے آپس میں ٹکرا گئے

    امریکا کے شہر شکاگو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ہوائی اڈے پر دو طیارے آپس میں ٹکرا گئے۔

    ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے جاپان کی آل نپون ایئرویز کا بوئنگ طیارہ، امریکا کے ڈیلٹا ایئر لائنز کے بوئنگ  طیارے سے شکاگو او ہیئر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ٹیک آف سے پہلے ٹکرا گیا۔

    اطلاعات کے مطابق حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن حادثے کی تحقیقات کرے گی، یہ واضح نہیں ہے کہ یہ حادثہ بوئنگ طیارے کی خرابی کے باعث پیش آیا یا کوئی اور وجہ تھی۔

    واضح رہے کہ  اس سے قبل بھی امریکی طیارہ ساز کمپنی ’بوئنگ ‘ کو متعدد حادثات کی وجہ سے گراؤنڈ ہونے کے ساتھ ساتھ تحقیقات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

  • جاپان میں زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی

    جاپان میں زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی

    جاپان میں زلزلے کے سبب جاں‌ بحق ہونے والوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی جبکہ اب بھی سیکڑوں کی تعداد میں لوگ لاپتہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان میں چند دن پہلے آنے والے تباہ کن زلزلے میں مرنے والے شہریوں کی تعداد 100 سے بڑھ چکی ہے۔ یکم جنوری کوجاپان کے مغربی ساحل پر 7.6 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    خبرایجنسی نے بتایا کہ جاپان میں امدادی کارکن زلزلے میں لاپتہ ہونے والے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں، زلزلے کے بعد سے 200 سے زائد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔

    7.6 شدت کے زلزلے نے مغربی ساحل کو نشانہ بنایا تھا، جس سے ہوکوریکو کے علاقے میں 22 ہزار گھروں کا انفرااسٹرکچر تباہ اور بجلی منقطع ہوگئی تھی۔

    اس دوران ہونے والی بارش نے تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے کو ہٹانے کے کام کو متاثر کیا تھا جبکہ 30 ہزار سے زیادہ لوگ اب بھی علاقے سے انخلا اور امداد کے منتظر ہیں۔

    واضح رہے کہ جاپان کے شمال وسطی علاقے میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جس کے بعد سونامی کی وارنگ جاری کی گئی تھی۔

    جاپانی حکام نے شہریوں کو ساحلی علاقے فوری خالی کرنے کا حکم دیا تھا اور 5 میٹر تک بلند لہریں ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کاخدشہ ظاہر کیا تھا۔

    جاپان میں زلزلے کے بعد شہریوں کو بلند مقامات پر جانے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم اس کے باجود سیکڑوں جاپانی زلزلے کی زد میں آئے اور کافی تباہی ہوئی۔

    جاپان کے وسطی صوبے اشیکاوا میں آنے والے زلزلے کے بعد امریکی صدر جُوبائیڈن نے مدد کی پیش کش کی تھی۔ اپنے پیغام میں انکا کہنا تھا کہ مشکل گھڑی میں جاپانی عوام کے ساتھ ہیں۔

  • جاپان میں شدید زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری

    جاپان میں شدید زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری

    جاپان کے شمال وسطی علاقے میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے، جس کے بعد سونامی کی وارنگ جاری کردی گئی۔

    امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق جاپان میں زلزلے کی شدت 7.4 ریکارڈ کی گئی۔ مغربی ساحلی علاقوں کیلئے سونامی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

    خبرایجنسی کے مطابق جاپانی حکام نے شہریوں کو ساحلی علاقے فوری خالی کرنے کا حکم دیا ہے، 5 میٹر تک بلند لہریں ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کاخدشہ ہے۔

    فضائی حادثات میں بھارتی فضائیہ کا پہلا نمبر!

    جاپانی حکام نے نیاگی اور فوکو شیما کیلئے سونامی وارننگ جاری کی ہے، اس کے علاوہ یاماگاٹا، یشی کاوا، نیگاٹا کیلئے سونامی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

    جاپان میں زلزلے کے بعد شہریوں کو بلند مقامات پر جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • جاپان کا ہتھیاروں کی برآمدگی کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    جاپان کا ہتھیاروں کی برآمدگی کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    جاپان کی جانب سے ہتھیاروں کی برآمدگی کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اپنے سخت قوانین میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    جاپانی حکومت برسوں سے ہتھیاروں کی برآمد سے متعلق اپنے سخت رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہے۔ اب قوانین کی تبدیلی کے بعد جاپان میں مہلک ہتھیاروں کی برآمدگی کی اجازت ہو گی جن پر پہلے عملی طور پر پابندی عائد تھی۔

    یہ فیصلہ اس بات کی واضح عکاسی کرتا ہے کہ جاپان کی قومی سلامتی پالیسی میں تبدیلی آرہی ہے۔ ان ترامیم کا اطلاق دفاعی ساز و سامان کی منتقلی کے حوالے سے جاپان کے ’’تین اصولوں‘‘ پر ہو گا۔

    غیر ملکی لائسنس کے تحت بنایا گیا ایسا تمام ساز و سامان اُن ممالک کو برآمد کرنے کی اجازت دی جائے گی جہاں ملکیتی حقوق رکھنے والی کمپنیاں قائم ہیں۔

    اس فیصلے کے مطابق جاپان، PAC-3، یا پیٹریاٹ میزائل انٹرسیپٹر سسٹم کے یونٹس امریکا کو برآمد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جہاں سے اس نظام کا لائسنس لیا گیا ہے۔

    سیلف ڈیفنس فورسز کے قانون میں 2014 میں مذکورہ تین اصولوں کا اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد تیار شدہ ہتھیاروں کی یہ پہلی برآمد ہو گی۔امریکا کی درخواست پر یہ برآمدات کی جائیں گی۔

    حکومت جاپان کی وزارت دفاع کے قریبی ذرائع نے انکشاف کیا کہ امریکا، یوکرین کو دی جانے والی فوجی امداد کی وجہ سے پیٹریاٹ میزائلوں کے ذخیرے میں آنے والی کمی کو پورا کرنا چاہتا ہے۔

    جاپان امریکا کے لائسنس کے تحت F-15 لڑاکا طیارے بناتا ہے۔ جاپانی کمپنیاں برطانیہ، فرانس اور جرمنی سمیت سات دیگر ممالک کے لائسنس کے تحت توپ وغیرہ جیسا دفاعی ساز و سامان بھی تیار کرتی ہیں۔

    ٹوکیو کی پیشگی رضامندی سے جاپان میں تیار کردہ دفاعی ساز و سامان، لائسنس رکھنے والے ممالک سے تیسرے ممالک کو برآمد کرنے کی اجازت ہے۔ تاہم نئے قوانین کے تحت ایسے ممالک کے لیے برآمدات پر پابندی ہے جہاں لڑائی ہو رہی ہو۔

  • ویڈیو: 150 فٹ کی بلندی پر رولر کوسٹر اچانک رک گئی

    ویڈیو: 150 فٹ کی بلندی پر رولر کوسٹر اچانک رک گئی

    جاپان کے ایک تفریحی پارک میں رولر کوسٹر اچانک خراب ہونے کے باعث رک گئی اس میں سوار افراد 40 منٹ تک زمین سے سینکڑوں فٹ بلند الٹا لٹکے رہے۔

    بلند و بالا رولر کوسٹرز میں بیٹھنا ایک نہایت دلچسپ اور سنسنی خیز لمحہ ہوتا ہے اور رولر کوسٹر جتنی زیادہ بلند ہوگی لوگ اتنا ہی لطف اندوز ہوتے ہیں، لیکن ایسی تفریحی بعض دفعہ مہنگی پڑ جاتی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان میں اوساکا کے یونیورسل اسٹوڈیو میں ایک خطرناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک تفریحی پارک میں رولرکوسٹر جب گھوم کر اوپر گئی تو عین اسی وقت جھٹکے سے رک گئی۔

    اس موقع پر رولر کوسٹر میں سوار 32 افراد بے یار ومددگار 150 فٹ کی بلندی پر ہوا میں 40 منٹ تک الٹے لٹکے رہے، کوسٹر میں موجود لوگوں کو ہنگامی صورتحال میں سیڑھیوں کے ذریعے نیچے اتارا گیا۔

    جاپانی حکام کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں کسی کے بھی زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے، رولر کوسڑ کو حفاظتی جانچ کے بعد عوام کے لیے  دوبارہ کھول دیا گیا۔

  • جاپان کا غیرملکیوں کیلئے ٹیکس سے متعلق اہم فیصلہ

    جاپان کا غیرملکیوں کیلئے ٹیکس سے متعلق اہم فیصلہ

    ٹوکیو : جاپانی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ غیرممالک سے آنے والے سیاحوں کو ٹیکس سے متعلق دی گئی سہولیات میں تبدیلی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان غیرملکی سیاحوں کے لیے ٹیکس فری سسٹم پر نظر ثانی کرے گا جاپانی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غیرملکی سیاحوں کے لیے بنائے گئے ٹیکس فری نظام کو تبدیل کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے کیونکہ کچھ مواقعوں پر اس کا غلط استعمال کیا جارہا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق جاپان کی حکومت چاہتی ہے کہ گاہک، خریداری کے وقت پورا ٹیکس ادا کریں اور ادا شدہ ٹیکس کی واپسی کے لیے بعد میں درخواست دیں۔ فی الحال بیرون ملک سے آنے والے افراد مخصوص اسٹورز پر مقررہ ٹیکس ادا کیے بغیر سامان خرید سکتے ہیں۔

    دکانوں کو خریداروں کی شناخت کی تصدیق کرنی ہوتی ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہوتا ہے کہ خریدی گئی اشیا دوبارہ فروخت جیسے غیر قانونی مقاصد کے لیے نہ ہوں، تاہم ایسے سیاح بھی ہیں جو بغیر ٹیکس ادا کیے خریدی اشیاء جاپان ہی میں بیچ ڈالتے ہیں۔

    ٹیکس فری تقاضے پورا نہ کرنے والی فروخت کی پاداش میں کچھ بڑے ڈپارٹمنٹل اسٹورز اور اسمارٹ فون بیچنے والی دکانوں پر مذکورہ ٹیکس اپنی جانب سے ادا کرنے کا جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے۔

    حکومت اور حکمران جماعتیں ایک نئے نظام کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں جس کے تحت غیر ملکی سیاحوں کو خریداری کے وقت صارف ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔ اس کے بعد خریدار جاپان چھوڑتے وقت مذکورہ اشیا دکھا کر ادا شدہ ٹیکس کی رقم واپس حاصل کر سکیں گے۔

  • جاپان: غیر ملکی سیاحوں کے لیے اہم خبر

    جاپان: غیر ملکی سیاحوں کے لیے اہم خبر

    ٹوکیو: جاپان نے غیر ملکی سیاحوں کے لیے موجودہ ٹیکس فری سسٹم پر نظر ثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق غیر ملکی سیاحوں کے لیے روبہ عمل ٹیکس فری نظام کے غلط استعمال کی وجہ سے جاپانی حکومت اس نظام میں تبدیلی کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

    نظرثانی نظام کے تحت گاہک خریداری کے وقت تو ٹیکس ادا کریں گے تاہم اس کی واپسی کے لیے وہ بعد میں درخواست دے سکیں گے۔

    ٹیکس فری سسٹم کے تحت اس وقت جاپان میں غیر ملکی سیاح مخصوص اسٹورز پر صارف ٹیکس ادا کیے بغیر سامان خرید سکتے ہیں، اس کے لیے دکانوں پر خریداروں کی شناخت کی تصدیق کی جاتی ہے۔

    دکانوں پر اس بات کو بھی یقینی بنایا جاتا ہے کہ خریدی گئی اشیا دوبارہ فروخت نہ ہوں کیوں کہ یہ غیر قانونی ہے، تاہم ایسے سیاح بھی دیکھے جا رہے ہیں جو بغیر ٹیکس ادا کیے اشیا خرید لیتے ہیں اور پھر وہ اشیا جاپان ہی میں منافع کے ساتھ فروخت کر دیتے ہیں۔

    کچھ بڑے ڈپارٹمنٹل اسٹورز اور اسمارٹ فون بیچنے والے آؤٹ لیٹس پر اس حوالے سے جرمانے بھی عائد کیے جا چکے ہیں کہ انھوں نے ٹیکس فری سسٹم کے تقاضے پورے کیے بغیر اشیا فروخت کیں۔

    تاہم اس مسئلے سے مستقل طور پر نمٹنے کے لیے اب حکومت یہ چاہتی ہے کہ غیر ملکی سیاح خریداری کے وقت صارف ٹیکس ادا کریں، اور پھر جاپان چھوڑتے وقت مذکورہ اشیا دکھا کر ادا شدہ ٹیکس کی رقم واپس حاصل کر لیں۔