Tag: جاپان

  • فلسطینیوں کے لیے جاپان کی جانب سے بڑی امداد

    فلسطینیوں کے لیے جاپان کی جانب سے بڑی امداد

    ٹوکیو: جاپان نے غزہ میں فلسطینیوں کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دورہ اسرائیل اور اردن کے موقع پر جاپانی وزیر خارجہ یوکو کامیکاوا نے کہا ہے کہ جاپان فلسطینیوں کو 65 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرے گا۔

    انھوں نے اسرائیلی اور فلسطینی ہم منصبوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں غزہ میں فلسطینیوں کی حالت پر تشویش کا اظہار بھی کیا، اور کہا ان کا ملک جنگ زدہ غزہ کو مادی امداد فراہم کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

    کامیکاوا نے کہا اسرائیل اور فلسطین کے لیے ضروری ہے کہ وہ پرامن طور پر ایک ساتھ رہنے کی راہ نکالیں، تاکہ ایک اور المناک صورت حال سے بچا جا سکے۔

    جاپان اسرائیل اور فلسطین کے تنازعے میں دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے، وزیر خارجہ کامیکاوا نے اپنے ہم منصبوں ایلی کوہن اور ریاض المالکی کو بھی اس سے آگاہ کیا۔

    ان سے جب یہ سوال پوچھا گیا کہ کیا اسرائیل کے حملے کیا بین الاقوامی حدود میں تھے، کامیکاوا نے اس کا جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کے جذبے کی تعمیل کرنی چاہیے اور غیر ضروری شہری ہلاکتوں کا سبب نہیں بننا چاہیے۔

  • جاپان : مستقبل کی جدید گاڑیوں کی دلچسپ نمائش

    جاپان : مستقبل کی جدید گاڑیوں کی دلچسپ نمائش

    ٹوکیو : جاپان میں مستقبل کی گاڑیوں اڑن کار، جدید جیپ اور اسپورٹس گاڑیوں کی دلچسپ اور حیرت انگیز نمائش کا انعقاد کیا گیا۔

    جاپانی خبررساں ادارے کے مطابق دارالحکومت ٹوکیو میں چار سال کے وقفے کے بعد بین الاقوامی آٹو شو کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں جدید الیکٹرک گاڑیاں نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں۔

    نمائش میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ٹویوٹا، ہونڈا، نسان اور دیگر برانڈز کی جدید الیکٹرک گاڑیاں شائقین کی توجہ کا مرکز بنی رہیں۔

    Japan

    اس مرتبہ اس شو کا نام ’جاپان موبیلٹی شو 2023‘رکھا گیا ہے۔ اس سے قبل اس شو کا نام ’ٹوکیو آٹو شو‘ تھا۔ طیارہ ساز کمپنی جابی ایوی ایشن کی اڑن کار 2023 میں نمائش کے لیے رکھی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ مزدا مساہیرو مورو کے سربراہ نے جدید کار مزدا آئیکونک ایس پی کی رونمائی کی اس موقع پر کچھ لوگ ہونڈا کروز اوریجن کے ساتھ تصویریں بناتے رہے۔

    Cars

    سونی ہونڈا موبیلٹی کی نئی جدید گاڑی افیلا بھی اس نمائش کا حصہ تھی، مٹسوبشی موٹرز کے سی ای او تکاؤ کاتو نے مٹسوبشی ڈی ایکس کنسیپٹ کو نمائش کے لیے پیش کیا۔ نمائش میں سوبارو آتسوشی اوساکی کی اسپورٹس کار بھی بے حد پسند کی گئی۔

     

  • جاپان جانے والے غیرملکیوں کے لیے اہم خبر

    جاپان جانے والے غیرملکیوں کے لیے اہم خبر

    ٹوکیو : جاپان ٹورازم ایجنسی نے بتایا ہے کہ جاپان آنے والے غیرملکیوں کے اخراجات میں ریکارڈ اضافہ سامنے آیا ہے۔ 

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کورونا کی عالمی وباء کے خاتمے کے بعد دنیا بھر سے جاپان آنے والے غیر ملکیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

    جاپان سیاحت ایجنسی کے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق بڑی تعداد میں جاپان پہنچنے والے غیر ملکیوں کے اخراجات میں نمایاں اضافے کے باوجود لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

    ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غیر ممالک سے آنے والوں نے جولائی سے ستمبر کے عرصے میں تقریباً 14 کھرب ین یعنی تقریباً 9 ارب 30 کروڑ ڈالرز کے اخراجات اٹھائے جو کہ وبائی مرض سے پہلے 2019 میں اسی مدت کے مقابلے میں 17.7 فیصد زیادہ ہے۔ جاپانی حکام کا کہنا ہے کہ فی کس اوسط خرچ تقریباً 1400 ڈالر تھا۔

    جاپان کی قومی سیاحت تنظیم کے جاری کردہ اعداد و شمار اس صورتحال کو تقویت دیتے ہیں، اس کے تخمینے کے مطابق ستمبر میں دورہ کرنے والے غیرملکیوں کی تعداد 21 لاکھ 80 ہزار رہی۔ یہ عالمی وباء سے قبل 2019 کے اسی مہینے کی تعداد کے قریب ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ماہ ستمبر میں زائرین کی کل تعداد تقریباً 2.18 ملین تھی جو کہ 2019 کے اسی مہینے میں 2.27 ملین تھی۔ چین سے آنے والوں کی تعداد 325,600 ہوگئی، جو پچھلے مہینے کے مقابلے میں تقریباً 11 فیصد کم ہے اور چار سال پہلے کے اسی مہینے میں کل کا 40 فیصد ہے۔ بیجنگ کی جانب سے ایک ماہ قبل جاپان کے گروپ ٹورز پر پابندی ہٹائے جانے کے بعد یہ نتیجہ حیران کن تھا۔

  • جاپان میں غیرملکی ورکرز کے لیے ملازمت کے بڑے مواقع

    جاپان میں غیرملکی ورکرز کے لیے ملازمت کے بڑے مواقع

    جاپان میں سیاحوں کی تعدا میں اضافے کے بعد ہوٹل کا عملہ کم پڑنے لگا، حکومت نے غیرملکی ورکرز کو بلانے پر غور شروع کردیا ہے۔

    ان دنوں دنیا بھر سے سیاح جاپان کا رخ کر رہے ہیں جس کی وجہ کورونا کی وبا کے بعد پابندیوں میں کی جانے والی نرمی ہے۔ ایسے میں ملک کی مہمان نوازی کی صنعت کو کارکنوں کی غیر معمولی کمی کا سامنا ہے۔

    جاپان کے کئی ہوٹل غیر ملکی عملے کی خدمات حاصل کررہے ہیں، جس میں ایک معروف سرائے ان کی رہنمائی کر رہی ہے۔

    کاگایا جاپان کے مشہور ریوکان، یا روایتی سرائے میں سے ایک ہے۔ یہ ملک بھر میں ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے مرتب کردہ بہترین ہوٹلوں کی فہرست میں باقاعدگی سے سرفہرست رہتی ہے۔ بنگلہ دیشی راسل خان نومبر2022 سے کاگایا سرائے میں کام کر رہے ہیں۔

    اس وقت کاگایا گروپ کی کمپنیوں میں 30 سے زائد غیر ملکی اہلکار خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انھیں جاپانی زبان اور اوموتےناشی یعنی مہمان نوازی کے جذبے کے باریک نکات، دونوں سیکھائے جاتے ہیں۔

    کاگایا کے عملے کے مینیجر اوکُودا تاکےہیرو کہتے ہیں ہمارا غیر ملکی عملہ باہر سے آنے والے مہمانوں کو بہت اچھے طریقے سے ٹریٹ کرتا ہے۔ اگر مہمان خوش ہوں تو عملے کی قومیت سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

    مذکورہ صنعت کو طویل عرصے سے کارکنوں کی کمی کا سامنا ہے، لیکن کورونا وائرس کے پھیلاؤ نے اس مسئلے کو مزید بڑھا دیا تھا۔ ریوکان عام طور پر غیر جاپانی عملے کی خدمات حاصل نہیں کرتے لیکن کارکنوں کی کمی انھیں بھی غیر ملکی افراد رکھنے پر مجبور کر رہی ہے۔

    ہوٹلز کے لیے عملے کی فراہمی کی ایک ایجنسی، ڈائیو کے حالیہ سروے کے مطابق، ملک بھر میں تقریباً 90 فیصد ہوٹلوں اور روایتی سرائے کا کہنا ہے کہ وہ کارکنوں کی کمی کے اثرات کو محسوس کر رہے ہیں۔

  • ویڈیوز: جاپان نے ’ٹرانسفارمرز‘ کو حقیقی روپ دے دیا، 15 فٹ اونچا حیرت انگیز روبوٹ تیار

    ویڈیوز: جاپان نے ’ٹرانسفارمرز‘ کو حقیقی روپ دے دیا، 15 فٹ اونچا حیرت انگیز روبوٹ تیار

    ٹوکیو: جاپان نے ہالی ووڈ فلم سیریز ’ٹرانسفارمرز‘ کو حقیقی روپ دے دیا، جاپانی کمپنی نے 15 فٹ اونچا حیرت انگیز روبوٹ تیار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوکیو میں قائم اسٹارٹ اپ Tsubame انڈسٹریز نے 4.5 میٹر لمبا (14.8 فٹ) اور چار پہیوں والا ایک دیوہیکل حیرت انگیز روبوٹ تیار کیا ہے، جس کی قیمت 3 ملین ڈالر رکھی گئی ہے۔

    اس روبوٹ کو تیار کرنے میں 2 برس لگے اور اس پر 30 لاکھ امریکی ڈالرز خرچ ہوئے ہیں، یہ 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتا ہے، اور اس کے کاک پٹ میں بیٹھ کر بھی اسے آپریٹ کیا جا سکتا ہے۔

    روبوٹ کا نام آرکچیکس (Archax) ہے، 3.5 ٹن وزنی اس روبوٹ کی نقاب کشائی اس ماہ کے آخر میں جاپان موبیلٹی شو میں کی جائے گی۔ اس کے دو موڈ ہیں: ایک سیدھا کھڑے ہونے کا ’روبوٹ موڈ‘ اور ایک ’وہیکل موڈ‘ جس میں یہ 10 کلومیٹر (6 میل) فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کر سکتا ہے۔

    سوبام انڈسٹریز کے 25 سالہ چیف ایگزیکٹو ریو یوشیدا نے کہا ’’جاپان اینی میشن، گیمز، روبوٹس اور آٹوموبائل میں بہت اچھا ہے، اس لیے میں نے سوچا کہ یہ بہت اچھا ہوگا اگر میں ایک ایسی پروڈکٹ بنا سکوں جو ان تمام عناصر پر مشتمل ہو۔‘‘

    یوشیدا کا منصوبہ ہے کہ ایسے 5 دیوہیکل روبوٹ فروخت کے لیے تیار کیے جائیں، اور امید ظاہر کی ہے کہ ایک دن یہ روبوٹ آفت زدہ علاقوں اور خلا میں کام کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

  • جاپان نے استعمال شدہ کاروں کی تجارت پر پابندی عائد کردی

    جاپان نے استعمال شدہ کاروں کی تجارت پر پابندی عائد کردی

    ٹوکیو : جاپان نے روس میں جاپانی گاڑیوں کی بہت زیادہ طلب ہونے کے باوجود روس کو استعمال شدہ گاڑیوں کی برآمدات پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جاپان نے یوکرین اور روس کے درمیان جاری جنگ کے تناظر میں روس پر استعمال شدہ گاڑیوں کی برآمدات پر پابندی عائد کردی ہے۔

    جاپانی تجارتی اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ جاپان کی جانب سے روس کو سب سے زیادہ استعمال شدہ کاروں کی فروخت پر پابندی لگانے کے اقدام نے سالانہ 2 بلین ڈالر کی تجارت پر بریک لگا دی ہے جو یوکرین پر پابندیوں کے سبب بڑھی تھی۔

    رواں سال اگست کے اوائل میں جاپانی حکومت نے روس کو سب کمپیکٹ کاروں کے علاوہ تمام کی برآمدات پر پابندی لگائی، جس کی وجہ سے چھوٹی بندرگاہوں سے جانے والی استعمال شدہ ٹویوٹا، ہونڈا اور نسان کی ایکسپورٹ کا منافع بخش ذریعہ ختم ہوگیا۔

    روس میں استعمال شدہ کاروں کی برآمدات پر پابندیوں نے جاپان میں سیکنڈ ہینڈ کاروں کی قیمتوں کو کم کردیا ہے اور بائیں بازو کے بروکرز مذکورہ گاڑیوں کو دوسرے ممالک خاص طور پر نیوزی لینڈ، جنوب مشرقی ایشیا اور افریقہ کی مارکیٹوں میں بھیجنے کے لیے پر تول رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال ماسکو کے یوکرین پر حملے کے بعد ٹویوٹا سمیت عالمی کار ساز اداروں کی جانب سے روس میں موجود پلانٹس بند ہونے کے بعد جاپان سے استعمال شدہ کاروں کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہوا۔

    تجارتی اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ جاپان کی طرف سے اپنی سخت پابندیاں عائد کرنے سے پہلے یہ فروخت 2023 کے تمام عرصے کے لیے 1.9 بلین ڈالر تک پہنچ چکی تھی۔

  • ٹویوٹا پلانٹس میں پیداوار کے حوالے سے بڑی خبر

    ٹویوٹا پلانٹس میں پیداوار کے حوالے سے بڑی خبر

    ناگویا: جاپان میں ٹویوٹا کے 14 میں سے 12 پلانٹس میں پیداوار بحال ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹویوٹا موٹرز نے بدھ کی صبح اعلان کیا ہے کہ اس نے جاپان میں اپنے 14 میں سے 12 پلانٹس پر ٹویوٹا اور لیگزس گاڑیوں کی پیداوار دوبارہ شروع کر دی ہے۔

    سسٹم میں اچانک آنے والی خرابی کے باعث پیر کو جاپان میں ٹویوٹا کے تمام 14 پلانٹس بند کر دیے گئے تھے، کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ باقی دو پلانٹس بھی آج بدھ کے اختتام تک کھول دیے جائیں گے۔

    اے ایف پی کے مطابق گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹویوٹا کے سسٹم میں خرابی کی وجہ سے جاپان میں تمام 14 فیکٹریوں میں کام روک دیا گیا تھا تاہم کمپنی کے ترجمان نے کہا تھا کہ یہ سائبر حملہ نہیں ہے۔

    ٹویوٹا کے سسٹم میں مسئلہ پیر کو شروع ہوا، کمپنی کی جانب سے اس سلسلے میں مزید تفصیل دینے سے گریز کیا گیا، ترجمان کا کہنا تھا کہ فیکٹریاں پرزوں کے آرڈرز پر کام نہیں کر پا رہیں، مسئلے کی تحقیقات کی جا رہی ہے اور جلد از جلد سسٹم بحال کر دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال ایک پلانٹ پر سائبر حملے کے بعد ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے والی کمپنی ٹویوٹا نے تمام مقامی فیکٹریوں کو بند کر دیا تھا۔

  • مشرقی ایشیا سے تیسرا طوفان ٹکرا گیا، جنوبی جاپان لپیٹ میں

    مشرقی ایشیا سے تیسرا طوفان ٹکرا گیا، جنوبی جاپان لپیٹ میں

    اوکیناوا: مشرقی ایشیا سے تیسرا سمندری طوفان ٹکرا گیا ہے، طوفان خانون نے جنوبی جاپان کو لپیٹ میں لے لیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک طاقت ور ٹائفون بدھ کے روز جنوب مغربی جاپان میں اوکیناوا اور دیگر جزیروں سے ٹکرایا ہے، جہاں تیز ہواؤں کی وجہ سے 30 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    چین کی جانب سے بڑھنے سے قبل خانون طوفان نے اوکیناوا جزیروں میں بڑی تعداد میں لوگوں کو انخلا پر مجبور کیا اور علاقے کے ایک تہائی گھروں کی بجلی منقطع ہوئی۔

    سست رفتار سے چلنے والا ’خانون‘ مشرقی ایشیا سے کئی ہفتوں میں ٹکرانے والا تیسرا طوفان ہے، جس کی وجہ سے اب چین کے شہر بیجنگ میں ایک صدی سے زائد عرصے میں ہونے والی شدید ترین بارشوں کی صورت حال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

    دوسری طرف جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے کہا ہے کہ سمندری طوفان مشرقی بحیرہ چین کی طرف بڑھ رہا ہے، لیکن اس ہفتے کے آخر میں اپنا رخ بدل کر واپس جاپان کی طرف بڑھ سکتا ہے۔

    خانون کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس لفظ کا تھائی زبان میں مطلب جیک فروٹ (کٹھل) ہے۔ خانون دو دیگر طوفانوں، تلم اور ڈوکسوری کے بعد آتا ہے، ڈوکسوری ایک سپر طوفان ہے جس نے فلپائن اور تائیوان کو بھی لپیٹ میں لیا۔

    واضح رہے کہ چین میں سیلاب سے اب تک کم از کم 34 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے اس طرح کے شدید موسمی واقعات زیادہ ہوتے جائیں گے۔

  • جاپان کا خلائی راکٹ انجن ٹیسٹنگ کے دوران پھٹ گیا

    جاپان کا خلائی راکٹ انجن ٹیسٹنگ کے دوران پھٹ گیا

    جاپان کا خلائی راکٹ انجن ٹیسٹنگ کے دوران پھٹ گیا ، مارچ میں بھی جاپان کا درمیانے درجے کے راکٹ کا تجربہ ناکام ہوا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان کا خلائی راکٹ انجن ٹیسٹنگ کے دوران پھٹ گیا، راکٹ انجن کے اگنیشن کے دوسرے مرحلے کی جانچ کے ایک منٹ بعد پھٹا۔

    جاپانی میڈیا کا کہنا ہے کہ خلائی راکٹ انجن پھٹنے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    جاپان کو اس سے قبل بھی اپنے خلائی پروگرام میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، مارچ میں بھی جاپان کا درمیانے درجے کے راکٹ کا تجربہ ناکام ہوا تھا۔

    یاد رہے گذشتہ سال جاپانی ہوا بازی و خلائی ایجنسی سے وابستہ اپسیلسن -6 قسم کا ایک راکٹ ناکامی کا شکار ہوا تھا۔

    یہ راکٹ 26 میٹر طویل اور 95 ٹن وزنی تھا جو کہ خلا میں بھِجنے کے کچھ ہی دیر بعد تباہ ہوگیا تھا ، ایجنسی کا کہنا تھا کہ اس راکٹ کو بلندی پر جاتے ہی فنی خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس پر اسے بحفاظت طریقے سے ہمیں تباہ کرنا پڑا۔

  • جاپان: 2 مسافر طیارے رن وے پر ٹکرا گئے

    جاپان: 2 مسافر طیارے رن وے پر ٹکرا گئے

    ٹوکیو: جاپان کے ہنیڈا ائیرپورٹ پر دو مسافر طیارے آپس میں ٹکرا گئے جس کے بعد رن وے کو بند کردیا گیا۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق ٹوکیو کے ہنیڈا ائیرپورٹ کے ایک رن وے پر اڑان کے لیے تیار ایک طیارے کے پر سے دوسرا طیارہ ٹکرا گیا، طیارہ ٹکرانے کے بعد زمین پر ملبہ بھی دیکھا گیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں موجود مسافروں کو ٹکراؤ کے باعث جھٹکے لگے تاہم کوئی زخمی یا جانی نقصان نہیں ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق طیارے ٹکرانے کے بعد ائیرپورٹ کو پروازوں کے لیے بند کردیا گیاجبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے رن وے پر فائر بریگیڈ اور ہنگامی سروس کی گاڑیاں پہنچ گئیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کو طیاروں سے نکال کر لاؤنچ میں پہنچا دیا گیا، واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔