Tag: جاں بحق

  • تیماردار اسپتال گارڈ کی اتفاقیہ گولی سے جاں بحق

    تیماردار اسپتال گارڈ کی اتفاقیہ گولی سے جاں بحق

    کراچی: گلشن اقبال یونیورسٹی روڈ کے قریب اسپتال کے اندر سیکیورٹی گارڈ کی اتفاقیہ گولی لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال یونیورسٹی روڈ کے قریب اسپتال کے اندر سیکیورٹی گارڈ کی اتفاقیہ گولی لگنے سے ٹنڈو آدم سے تیماداری کے لیے آنے والا شخص جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت گلزار کے نام سے ہوئی ہے، گلزار ٹنڈو آدم سے اپنے رشتے دار کے علاج کے لیے پہنچا تھا۔

    پولیس نے بتایا کہ اسپتال کے سیکیورٹی گارڈ کی غفلت سے گولی چل گئی،گلزار سو رہا تھا جس کو گولی جا لگی۔

    پولیس کے مطابق سیکیورٹی گارڈ کو ہتھیار سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے، لواحقین کا انتظار کر رہے ہیں، انکی مدعیت میں مقدمہ درج ہوگا۔

  • کراچی: اعظم بستی میں فائرنگ سے کار سوار شہری جاں بحق

    کراچی: اعظم بستی میں فائرنگ سے کار سوار شہری جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے محمود آباد اعظم بستی میں  فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی  ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے محمود آباد اعظم بستی گلی نمبر 12 میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، واقعےکی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    سی سی ٹی وی ویڈیو میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کار سوار ٹارگٹ کا تعاقب کیا، کار گلی میں پہنچ کر رکی، کار سوار کے نیچے اترتے ہی ایک ملزم نے فائرنگ کر دی۔

    دو موٹر سائیکل سوار ملزمان کو کار سے اترنے والے شخص پر اندھا دھند فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے، ملزمان نے کار کے ڈرائیور پر بھی فائرنگ کی جس سے وہ کندھے پر گولی لگنے سے زخمی ہوا، موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان واردات  کے بعد فرار ہوگئے۔

    پولس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے،  جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول اور شواہد اکٹھے کرلئے گئے۔

     پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جارہی ہے، فائرنگ واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جارہی ہے۔

  • پنجاب: دم گھٹنے سے بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق

    پنجاب: دم گھٹنے سے بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق

    صوبہ پنجاب میں فیصل آباد کے علاقے ناصر ٹاؤن اور اوکاڑہ کے شیرگڑھ میں 3 بچوں سمیت دم گھٹنے سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ واقعہ فیصل آباد کے علاقے ناصر ٹاؤن میں پیش آیا،  جاں بحق ہونے والے افراد  کمرے میں کوئلوں کی آگ جلا کر سورہے تھے کہ دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک بے ہوش ہے جسے اسپتال منقتل کردیا گیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔

    دوسرا وقعہ اوکاڑہ کے شیرگڑھ میں پیش آیا جہاں کمرے میں سردی سے بچنے کے لیے لکڑی جلا کر سونے سے دھواں بھر گیا جس کے نتیجے میں 3 افراد جان بحق ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق جاں بحق بچوں کی شناخت نور فاطمہ، عثمان، اقرا کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ 25 سالہ عابدہ اور 45 سالہ بشریٰ کی حالت تشویشناک ہے۔

    اس کے علاوہ راولپنڈی کے ڈھوک حسو کے علاقے میں گھر میں گیس لیکیج  سے دھماکہ ہوا ہے۔

    دھماکے کے نتیجے میں ماں اور بچہ جھلس کرشدید زخمی ہوگئے ہیں جنہیں اسپتال منقتل کردیا گیا ہے۔

  • پنجاب میں ڈینگی سے مزید 4 افراد جاں بحق

    پنجاب میں ڈینگی سے مزید 4 افراد جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب میں ڈینگی بخار کے باعث مزید 4 افراد انتقال کر گئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 147 مریض رپورٹ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں ڈینگی بخار کے باعث مزید 4 افراد انتقال کر گئے، رواں سال پنجاب میں ڈینگی سے 133 افراد انتقال کر چکے ہیں۔

    ترجمان محکمہ صحت عمران سکندر بلوچ کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 147 مریض رپورٹ ہوئے جن میں سے 106 صرف لاہور سے رپورٹ کیے گئے۔

    ترجمان کے مطابق رواں سال پنجاب بھر میں ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد 24 ہزار 6056 ہوچکی ہے، لاہور سے اب تک ڈینگی کے 17 ہزار 618 کیسز سامنے آئے۔

  • آزاد کشمیر انتخابات 2021: فائرنگ سے تحریک انصاف کارکن جاں بحق

    آزاد کشمیر انتخابات 2021: فائرنگ سے تحریک انصاف کارکن جاں بحق

    مظفر آباد: آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات کے موقع پر فائرنگ سے پاکستان تحریک انصاف کا 1 کارکن جاں بحق اور 2 زخمی، جبکہ فائرنگ کے ایک اور واقعے میں ایک امیدوار کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں انتخابات کے موقع پر پرتشدد واقعات کا سلسلہ بھی جاری ہے، چڑھوئی میں فائرنگ سے پاکستان تحریک انصاف کا کارکن محمد ظہیر جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے تحریک انصاف کا ایک اور کارکن رمضان زخمی ہوا ہے جبکہ سر پر ڈنڈے لگنے سے بھی ایک تحریک انصاف کارکن زخمی ہوا، دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب انتخابی حلقے ایل اے 10 کوٹلی 3 کے متعدد پولنگ اسٹیشنز کے قریب فائرنگ ہوئی، پولنگ اسٹیشنز 91، 92، 93، 94، 95 اور 101 میں فائرنگ کی گئی۔

    فائرنگ سے پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد یاسین کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا، پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر تاج حیدر نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو شکایت جمع کروادی۔

    خیال رہے کہ آج آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 53 میں سے 45 نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں جس کے لیے پولنگ جاری ہے۔

  • کراچی میں ٹک ٹاک کا جنون ایک اور نوجوان کی جان لے گیا

    کراچی میں ٹک ٹاک کا جنون ایک اور نوجوان کی جان لے گیا

    کراچی: شہرقائد میں ٹک ٹاک کا جنون ایک اور نوجوان کی جان نگل گیا، سچل گوٹھ میں 17 سالہ تنویر نے ٹک ٹاک بناتے ہوئے خود کو گولی مار لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سچل گوٹھ کا رہائشی نوجوان ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے اپنی زندگی ہار بیٹھا، ایڈونچر سے بھرپور ویڈیو بنانے کے چکر میں لڑکے نے خود کو ہی گولی مار لی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تنویر کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، پستول کس کا تھا تفتیش کی جارہی ہے۔ جبکہ اس بات کا بھی پتا لگایا جارہا ہے کہ آیا وہ اکیلے ویڈیو بنارہا تھا یا کوئی اور بھی اس کے ساتھ تھا۔

    پولیس اس پہلو پر بھی تفیتیش کررہی ہے کہ آخر کیا نوبت آئی کہ ملزم نے خود کو گولی مارلی۔

    مزار قائد پر ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے والا گروہ گرفتار

    خیال رہے کہ ملک میں اسی ناعیت کے درجنوں حادثات پیش آچکے ہیں۔ سوشل میڈیا پراپنی تشہیر کے لیے ہر شخص بالخصوص نوجوان نسل مختلف طریقے اپنا رہے ہیں، خاص طور پران دنوں ٹک ٹاک’ کے ذریعے ہر خاص و عام اپنی ویڈیوز بناکر لائک اور شیئر چاہ رہا ہے تاکہ بڑے پیمانہ پر لوگ اسے پہچان سکیں۔

  • مسلم لیگ ن کے ایم پی اے شوکت چیمہ کرونا وائرس سے انتقال کرگئے

    مسلم لیگ ن کے ایم پی اے شوکت چیمہ کرونا وائرس سے انتقال کرگئے

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی شوکت چیمہ کروناوائرس سے جاں بحق ہوگئے، وہ وبائی مرض میں مبتلا ہونے کے بعد مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے رکن اور ن لیگ کے اہم رہنماؤں شمار کیے جانے والے شوکت چیمہ عالمگیر وبا کروناوائرس سے انتقال کرگئے، شوکت چیمہ پی کے ایل آئی میں زیر علاج تھے۔

    شوکت چیمہ گوجرانوالہ سےن لیگ کی ٹکٹ پر ایم پی اے بنے تھے۔

    ادھر مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے لیگی ایم پی اےشوکت چیمہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ شوکت چیمہ کا انتقال پارٹی کے لیے صدمے کا باعث ہے، ان کی پارٹی کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں، شوکت چیمہ کے انتقال پر اہل خانہ سے غم کا اظہار کرتے ہیں۔

    شہبازشریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شوکت چیمہ کی مغفرت اور اہل خانہ کو صبرجمیل عطا فرمائے۔

  • سیلفی کا جنون، طالب علم جان سے ہاتھ دھو بیٹھا

    سیلفی کا جنون، طالب علم جان سے ہاتھ دھو بیٹھا

    کوٹلی: سیلفی کے جنون نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی، آزاد کشمیر کا طالب علم زندگی کی بازی ہار گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ضلع کوٹلی میں سیلفی لیتا ہوا بی اے کا طالب علم جاں بحق ہوگیا۔ 19سالہ حامد رضا دریائے پونچھ کے کنارے سیلفی لے رہا تھا۔

    طالب علم سیلفی لیتے ہوئے کنارے سے پھسل کر دریا میں جاگرا جس کے باعث موت واقع ہوگئی۔

    21 دسمبر 2018 کو فیصل آباد میں ایک نوجوان نے پستول تھامے سیلفی لینے کی کوشش کی لیکن غلطی سے ٹریگر دبنے کے باعث وہ موت کے منہ میں چلا گیا۔ دو سال قبل گجرات ہی کے کولیاں شاہ حسین کے قریب واقع اتوال نہر میں سیلفی لینے کی کوشش کے دوران دو بھائی نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے۔

    خیال رہے کہ سیلفیاں لینا جب ذہنی مرض بن جائے تو جان کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے تاہم اس رجحان کو سماجی احتجاج کے لیے بھی استعمال کیا جا رہا ہے جیسا کہ گزشتہ سال پولیس حراست میں ذہنی مریض صلاح الدین کی موت پر لوگوں نے اے ٹی ایم بوتھس میں طنزیہ سیلفیاں لے کر احتجاج کیا۔

  • 5 سال سے فاقے کرنے پر مجبور نوجوان طالبہ موت کے گھاٹ اتر گئی

    5 سال سے فاقے کرنے پر مجبور نوجوان طالبہ موت کے گھاٹ اتر گئی

    چین سے تعلق رکھنے والی ایک نوجوان طالبہ 5 سال سے فاقے کرنے کی وجہ زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھی، وو شاعری کرنا اور مضامین لکھنا چاہتی تھی لیکن اس کی شدید غربت اس کی جان لے گئی۔

    24 سالہ وو ہاؤن چین کے صوبے گیژو سے تعلق رکھتی تھیں، وہ گزشتہ 5 سال سے روزانہ 2 یان پر گزارا کر رہی تھیں۔ سخت غذائی قلت کے باعث وہ اسپتال میں داخل ہوئیں اور جانبر نہ ہوسکیں۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق وو کو باقاعدہ کسی بیماری کی تشخیص نہیں ہوئی تاہم ایک طویل عرصے سے فاقے کرنے کی وجہ سے ان کا جسم شدید غذائی قلت اور مختلف پیچدگیوں کا شکار ہوچکا تھا اور یہی ان کی موت کا سبب بنا۔

    موت کے وقت 24 سالہ وو کا وزن صرف ساڑھے 21 کلو گرام تھا۔

    یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا ہے جب چند روز قبل ہی چین کے مشرقی صوبے جیانگسو کی حکومت نے دعویٰ کیا کہ ان کے صوبے میں 8 کروڑ کی آبادی میں سے صرف 17 افراد غربت کی زندگی گزار رہے ہیں۔

    وو کی والدہ اس وقت چل بسی تھیں جب وہ صرف 4 سال کی تھیں، کچھ عرصہ بعد ان کے والد بھی چل بسے۔ وو اپنے چھوٹے بھائی کے ساتھ اکیلی رہ گئیں جو ذہنی طور پر بیمار تھا۔ وو اپنے تمام اخراجات حتیٰ کہ اشیائے خور و نوش کی خریداری بھی چھوڑ کر صرف اپنے بھائی کے علاج پر توجہ مرکوز کیے ہوئے تھی۔

    وو کو مقامی حکومت کی جانب سے 300 یان ماہانہ دیے جاتے تھے، علاوہ ازیں کالج میں ایڈمیشن لینے کے بعد انہوں نے اسٹوڈنٹ لون لیا تھا جبکہ وہ 2 جز وقت ملازمتیں بھی کرتی تھیں۔ اس کے باوجود یہ رقم نہایت معمولی اور ان کے اخراجات پورے کرنے کے لیے ناکافی تھی۔

    ان کے بھائی کے میڈیکل بل نصف حکومت کی جانب سے ادا کیے جاتے تھے اس کے باوجود ہر ماہ وو کو 5 ہزار یان بھائی کے علاج کی مد میں خرچ کرنے پڑتے تھے۔ بھائی کے علاج کے بعد وو کے پاس صرف 2 یان اضافی بچتے تھے جس سے اشیائے خور و نوش خریدنا ناممکن تھا۔ اس رقم میں وہ صرف 2 عدد بن یا ابلے چاولوں کا 1 پیالہ خرید کر ان پر پورا دن گزارنے پر مجبور تھیں۔

    وو نے جب کالج میں داخلہ لیا تو ایک دن ان کے کلاس فیلوز نے ان کی حالت دیکھ کر انہیں ڈاکٹر کے پاس جانے کا کہا، وو نے جانے سے انکار کیا تو ان کے کلاس فیلو انہیں زبردستی خود ڈاکٹر کے پاس لے گئے۔

    وہاں جا کر علم ہوا کہ وو کے دل کے والوز بھی خرابی کا شکار ہیں اور اس کی سرجری کے لیے 20 ہزار یان درکار ہیں۔ اس موقع پر وو کے دوستوں نے سماجی تنظیموں سے رابطہ کیا جنہوں نے آن لائن کراؤڈ فنڈنگ کی اپیل کی۔ صرف 2 دن میں وو کے پاس 7 لاکھ یان جمع ہوگئے۔

    وو کے دل کی سرجری کروائی گئی اور وہ جلد صحتیاب ہوتی گئیں، تاہم ان کی غربت کا ابھی کوئی مؤثر حل نہ نکل سکا تھا۔

    اس وقت وو کی غربت اخبارات اور ٹی وی کا موضوع بنی تو ایک انٹرویو میں وو نے اپنے مصائب کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں دوسرے لوگوں کی طرح پیسے ختم ہونے پر اپنے والدین سے نہیں مانگ سکتی، ’میرے تو والدین ہی نہیں ہیں‘۔

    وہ نے بتایا کہ ان کے بال بہت خوبصورت تھے، لیکن کم خوراکی کی وجہ سے وہ بے تحاشہ مقدار میں جھڑنا شروع ہوگئے، کچھ عرصے بعد ان کی بھوؤں کے بال بھی جھڑ گئے۔ ’مجھے روز رات میں سونے میں بھی دشواری کا سامنا ہوتا تھا جبکہ اکثر میرے پیر بھی سوج جایا کرتے تھے‘۔

    وو منتظر تھی کہ وہ جلد صحتیاب ہو کر ایک نارمل زندگی شروع کرے تاکہ وہ اپنا مضامین اور شاعری کرنے کا شوق پورا کرسکے۔ ’میں ایسی ہی زندگی چاہتی ہوں‘۔ تاہم حالات نے اسے مہلت نہ دی اور وہ زندگی کی بے رحمی کا شکار ہو کر دنیا چھوڑ گئی۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پر 4 سالہ بچی تیسری منزل سے گر کر جاں بحق

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر 4 سالہ بچی تیسری منزل سے گر کر جاں بحق

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے اسلام آباد انٹرنیشل ایئرپورٹ پر 4 سالہ بچی کھیلتے ہوئے تیسری منزل سے نیچے گر گئی، بچی کو اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ دم توڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ صبح اسلام آباد انٹرنیشل ایئر پورٹ پر پیش آیا جب والدین کے ساتھ آنے والی 4 سالہ بچی تیسری منزل (لیول) سے پہلی منزل پر گر پڑی۔

    عینی شاہدین کے مطابق بچی ماں کے ہاتھوں سے گری، انتظامیہ نے فوری طور پر سول ایوی ایشن کے ڈاکٹرز کو طلب کرلیا۔

    بعد ازاں بچی کو تشویشناک حالت میں پہلے سی اے اے ایمبولینس پر ٹراما سینٹر اور پھر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال لے جایا گیا تاہم بچی جانبر نہ ہوسکی۔

    ترجمان پمز کے مطابق بچی اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکی تھی، اونچائی سے گرنے کے باعث بچی کے سر پر شدید چوٹ لگی تھی اور سر پر چوٹ لگنے سے بچی کے ناک، کان اور منہ سے خون بہنے لگا۔

    ذرائع کے مطابق بچی کی موت سر پر چوٹ لگنے اور زیادہ خون بہنے سے ہوئی۔

    سول ایوی ایشن ترجمان کے مطابق بچی اسلام آباد کی ہی رہائشی تھی۔ پمز اسپتال انتظامیہ نے بچی کی میت لواحقین کے حوالے کردی جسے لے کر وہ آبائی علاقے فتح جنگ روانہ ہوگئے۔

    خیال رہے کہ نیو اسلام آباد انٹرنیشل ایئر پورٹ کا سنہ 2018 میں افتتاح کیا گیا تھا، ایئرپورٹ خاصا وسیع ہے اور جدید طرز پر تعمیر کیا گیا ہے تاہم مذکورہ واقعہ حفاظتی اقدامات میں کمی کی نشاندہی کرتا ہے۔