Tag: جاں بحق

  • بلوچستان میں ریلوے ٹریک پر 2 دھماکے، 6 افراد جاں بحق

    بلوچستان میں ریلوے ٹریک پر 2 دھماکے، 6 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: بلوچستان کے علاقہ مچھ میں ریلوے ٹریک پر یکے بعد دیگرے 2 دھماکوں سے 6 افراد جاں بحق اور 28 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے میں جعفر ایکسپریس کی دو بوگیوں کو نقصان بھی پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے مچھ میں ریلوے ٹریک پر پے در پے دو دھماکے ہوئے۔ پہلے دھماکے کے وقت جعفر ایکسپریس ٹریک سے گزر رہی تھی جس کی دو بوگیاں دھماکے کے بعد پٹڑی سے اتر گئیں۔

    واقعہ کے بعد ابھی امدادی کام جاری تھا اور زخمیوں کو تباہ حال بوگیوں سے نکالا جا رہا تھا کہ 20 منٹ بعد دوسرا دھماکہ ہوگیا۔

    جعفر ایکسپریس کی بوگیاں الٹ گئیں، 13 افراد جاں بحق *

    واقعہ کے بعد ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی گئی۔

    دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طبی امداد کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے شواہد اکھٹے کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔

    اس سے قبل گذشتہ برس بھی بلوچستان میں سبی کے مقام پر جعفر ایکسپریس کو ہی ریموٹ کنٹرول دھماکے کا نشانہ بنایا گیا تھا جس میں ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • پشاور میں فائرنگ،پولیو افسر جاں بحق

    پشاور میں فائرنگ،پولیو افسر جاں بحق

    پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پولیو افسر کو جاں بحق کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ پشاور میں جاری انسداد پولیو مہم کے دوران ڈاکٹر ذکاء اللہ خان کو مسلح افراد نے ان کے گھر کے قریب نشانہ بنایا۔

    انسداد پولیو مہم کے صوبائی ترجمان امتیاز احمد نے واقعے کی تصدیق کی کہ نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ڈاکٹرذکاءاللہ جان کی بازی ہار گئے۔

    دوسری جانب کالعدم جماعت الحرار نے ڈاکٹر ذکاء اللہ پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔گروپ کے ترجمان احسان اللہ احسان نے ایک جاری بیان میں خبردار کیا کہ وہ مزید حملے کریں گے۔

    یاد رہے کہ پولیو مہم رضاکاروں کے خلاف ملک میں 2012 سے جاری حملوں میں اب تک 100 سے زائد رضاکار اور پولیس اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔

    واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں کراچی میں انسداد پولیو مہم کے دوران 7 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

  • گجرات میں فائرنگ سےماں،باپ سمیت 5افراد جاں بحق

    گجرات میں فائرنگ سےماں،باپ سمیت 5افراد جاں بحق

    گجرات : صوبہ پنجاب کے شہر گجرات کےگاؤں معین الدین پورمیں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ماں،باپ اور تین بچوں سمیت 5افرادجاں بحق ہوگئے .

    تفصیلات کے مطابق گجرات کےگاؤں معین الدین پورمیں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ماں،باپ اور تین بچوں سمیت پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے.

    پولیس کےمطابق فائرنگ کا واقعہ گاؤں معین الدین پورمیں پیش آیا جب نامعلوم افراد نے گھرمیں گھس کر فائرنگ کردی.

    فائرنگ کی وجہ سے گھر میں تسور حسین، ان کی بیوی اور تین بچے جاں بحق ہوگئے،جاں بحق ہونےوالوں کی عمریں بارہ سے سترہ سال کےدرمیان ہیں.

    پولیس کا کہناہےکہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں تاہم اب تک ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی.

    *بلوچستان میں فائرنگ کےدو واقعات میں5افرادجاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے جھاؤ میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر کے اندر گھس کر فائرنگ کی جس کےنتیجے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد جان کی بازی ہارگئے، مرنے والوں میں ایک کمسن بچہ بھی شامل تھا.

    اسی طرح آواران سے متصل ضلع کیچ کے علاقےزعمران میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سےلیویز فورس کاایک اہلکار جان کی بازی ہار گیاتھا

    *بلوچستان میں فائرنگ،ہندو تاجر ہلاک

    واضح رہے کہ دو روز قبل صوبہ بلوچستان کے افغانستان سے متصل سرحدی شہر چمن میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک ہندو تاجر ہلاک ہوگیاتھا.

  • بلال کالونی میں سسرالیوں نے نوجوان کو زندہ جلادیا

    بلال کالونی میں سسرالیوں نے نوجوان کو زندہ جلادیا

    کراچی : بلال کالونی میں سسرالیوں نے مبینہ طور پر 37 سالہ سہیل کو زندہ جلا دیا، نوجوان دورانِ علاج دم توڑ گیا۔

    تفصیلات کےمطابق فیڈرل بی ایریا بلاک 16 صغیر سینٹر کا رہائشی سہیل اپنی ناراض بیوی کو لینے سسرال گیا تھا تاہم کچھ دیر بعد اہل خانہ کو بذریعہ کال اطلاع ملی کہ اُن کا بھائی انتقال کرگیا ہے۔

    مقتول کی ہمشیرہ کا کہنا ہے کہ ’’اُن کا بھائی اپنی بیوی کو منانے گیا تھا جہاں سے اُن کی بھابھی نے فون پر اطلاع دی کہ سہیل کو نجی اسپتال منتقل کیا ہے جہاں اُس کی طبیعت بہت ناساز ہے۔

    مقتول کی ہمشیرہ نے مزید بتایا کہ اسپتال پہنچنے پر معلوم ہوا کہ ’’سہیل کو گزشتہ رات زندہ جلایا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا‘‘۔

    پولیس حکام نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور بیوی سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے اور گرفتار ہونے والے افراد سے تفتیش جاری ہے۔

    اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ مقتول سہیل کو گزشتہ رات تشویش ناک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، مقتول کے جسم کا 80 فیصد حصہ جھلس چکا تھا، مقتول کو بچانے کی کافی کوشش کی گئی تاہم 37 سالہ سہیل جانبر نہ ہوسکا۔

     

  • کراچی فائرنگ،  ایس ایچ او پریڈی اعجاز خواجہ  جاں بحق

    کراچی فائرنگ، ایس ایچ او پریڈی اعجاز خواجہ جاں بحق

    کراچی: شہرِ قائد کے علاقے کلفٹن میں ایس ایچ او پریڈی اعجاز خواجہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق ایس ایچ او پریڈی پر حملہ کلفٹن کے اختر روڈ پر ہوا، جہاں سے ان کی گاڑی گزر رہی تھی، فائرنگ کے نتیجے میں اعجاز خواجہ شدید زخمی ہوگئے۔

    انہیں فوری طور پر جناح اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔

    ڈاکٹرز کے مطابق اعجاز خواجہ کو سر اور سینے میں گولیاں لگی ہیں، جس کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے۔

    فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پہنچ گئی۔

    ذرائع کے مطابق اس سے پہلے پریڈی تھانے کے ایس ایچ او غضنفر کاظمی کو بھی گھر جاتے ہوئے انکل سریا اسپتال کے قریب فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • کراچی:اورنگی فائرنگ، سابق کونسلر رشید بیٹے سمیت جاں بحق

    کراچی:اورنگی فائرنگ، سابق کونسلر رشید بیٹے سمیت جاں بحق

    کراچی : جاری ٹارگٹ کلنگ میں پھر تیزی آگئی، مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات کے نتیجے میں باپ بیٹے سمیت چار افراد جان سے گئے۔

    کراچی میں سیکیورٹی اداروں کی ٹارگٹڈ کارروائیاں بھی فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں کمی نہ لاسکیں، اورنگی ٹاؤن سیکٹر گیارہ میں صابری چوک کے قریب نامعلوم افراد کی ہوٹل پر فائرنگ سے سابق کونسلر رشید بیٹے سمیت جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق مقتولین کا تعلق سیاسی جماعت سے تھا، لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ کشیدگی کے باعث علاقے میں کاروبار بند ہوگیا ہے۔

    ملیر میمن گوٹھ سے خاتون کی تشددزدہ گولیاں لگی لاش ملی، خاتون کی شناخت تاحال نہ ہوسکی، کورنگی کےعلاقے زمان ٹاؤن سے چالیس سالہ رکشہ ڈرائیور جاوید کی لاش ملی، جسے تشدد اور گلے میں پھندہ ڈال کرقتل کیا گیا ہے۔

  • حیدرآباد:2عمارتیں منہدم، خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق، 8 شدید زخمی

    حیدرآباد:2عمارتیں منہدم، خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق، 8 شدید زخمی

    حیدرآباد: سندھ کے حیدرآباد کے گنجان آبادی والے علاقے میں دو عمارتیں زمین بوس ہونے کے باعث خاتون سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ آٹھ افراد شدید زخمی ہوئے ہیں مزید افراد کو ملبے سے نکالنے کیلئے سرگرمیوں کا کام جاری ہے۔

    حیدرآباد کے علاقے الیاس آباد چوڑی محلہ میں یامین نامی شخص کے تین منزلہ عمارت کا ملبہ برابر والے مکان پر جاگرا جس کے باعث دونوں عمارتیں منہدم ہوگئیں، گرنے والے عمارتوں میں ایک ہی خاندان کے بیس سے زائد افراد کی موجودگی کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    واقعہ کے بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوششیں شروع کردیں، علاقہ مکینوں کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور ٹی ایم اے کا عملہ جائے وقوعہ پر تاخیر سے پہنچا، واقعہ کے بعد علاقہ میں قیامت کا منظر ہے بڑی تعداد میں ایدھی کے رضاکار اورپولیس اور رینجرز بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔

    دوسری جانب گنجان آبادی اور تنگ گلیوں کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آرہی ہے۔واضح رہے کہ گرنے والی عمارت کے گراونڈ فلور پر کانچ کی چوڑی بنانے کی بھٹی لگی ہوئی تھی۔