Tag: جبران ناصر

  • سماجی کارکن جبران ناصر کے اغوا کا مقدمہ درج

    سماجی کارکن جبران ناصر کے اغوا کا مقدمہ درج

    کراچی : سماجی کارکن جبران ناصر کے اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا،اہلیہ منشا پاشا نے کہا کہ 10سے 15 سادہ لباس افراد شوہر کو گاڑی میں بٹھا کر ساتھ لے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سماجی رہنما جبران ناصر کے اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا، اہلیہ منشا پاشا نے کلفٹن تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی۔

    مقدمہ اغوا کی دفعہ 365کے تحت درج کیا گیا، اہلیہ منشا پاشا نے موقف اپنایا کہ میں شوہر کے ہمراہ گھر کی طرف جارہی تھی کہ خیابان تنظیم کے قریب رات 11بجے ہماری کار کو ٹکر مار کر روکا گیا۔

    مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ ہتھیار سے لیس 10سے 15 سادہ لباس افراد شوہر کو گاڑی میں بٹھا کر ساتھ لے گئے، میں نے ون فائیو پر اطلاع دی اور تھانے میں رپورٹ کرانے آئی۔

    اہلیہ منشا پاشا نے شہریوں سے جبران ناصر کیلئے دعا کی اپیل کی ہے۔

    یاد رہے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی اور جبران ناصر کی جلد بازیابی کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

    دوسری جانب کراچی بار نے بھی جبران ناصر کے اغوا کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس سے وکلا اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

  • وزیراعلی سندھ نے جبران ناصر ایڈووکیٹ کی گمشدگی کی رپورٹ طلب کرلی

    وزیراعلی سندھ نے جبران ناصر ایڈووکیٹ کی گمشدگی کی رپورٹ طلب کرلی

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سماجی کارکن جبران ناصر ایڈووکیٹ کی گمشدگی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے جلد بازیابی کے لیے اقدامات کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سماجی کارکن اور ایڈووکیٹ جبران ناصر کی گمشدگی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ کو جبران ناصر جلد کی بازیابی کیلئے اقدامات کی ہدایت بھی کی۔

    دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ میں جونئیر وکیل نے سماجی کارکن اور وکیل جبران ناصر ایڈووکیٹ کی گمشدگی کے معاملے پر عدالت کا آگاہ کیا۔

    نعیمہ قمر ایڈووکیٹ نے کہا کہ جبران ناصر ایڈووکیٹ کو گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد زبردستی ساتھ لے گئے ہیں، جبران ناصر ایڈووکیٹ کا تاحال کچھ نہیں معلوم کہاں لے گئے ہیں۔

    عدالت نے جبران ناصر کے مبینہ اغوا اور گمشدگی پر تشویش کا اظہار کیا، جسٹس کے کے آغا نے جونئیر وکیل کو ہدایت کی کہ جبران ناصر ایڈووکیٹ کی بازیابی کے لیے علیحدہ درخواست دائر کریں۔

    جبران ناصر ایڈووکیٹ کو ماہم امجد کے والد کے مبینہ قاتل کو دبئی سے پاکستان منتقل کرنے سے متعلق کیس میں آج عدالت کے روبرو پیش ہونا تھا۔

  • ایم کیو ایم کے امیدوارنے جماعت اسلامی کے امیدوارکی اقتدا میں نمازادا کرکے مثال قائم کردی

    ایم کیو ایم کے امیدوارنے جماعت اسلامی کے امیدوارکی اقتدا میں نمازادا کرکے مثال قائم کردی

    کراچی : ملک کے دیگر شہروں کی طرح شہرِ قائد میں بھی انتخابی مہم زور و شور سےجاری ہے ، ایسے ماحول میں ایک جماعت کے امید وار نے دوسری جماعت کے امیدوار کی اقتدا میں نمازادا کرکے مثال قائم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے حلقہ این اے 243 میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور انتخابی امیدوار سید علی رضا عابدی نے جماعت اسلامی کے امیدوار ڈاکٹر اسامہ رضی کی اقتدا میں نماز ادا کی۔

    الیکشن 2018

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گلشن اقبال کے علاقے میں ایک ہی مقام ہر دونوں جماعتوں کے امید وار آمنے سامنے اپنے حامیوں کے ہمرا ہ انتخابی مہم میں مصروف تھے کہ مغرب کی نماز کا وقت ہوگیا۔

    نماز سے قبل دونوں جماعتوں کے امیدوارایک دوسرے کے خلاف انتخابی مہم چلا رہے تھے ، تاہم جیسے ہی نماز کا وقت ہوا اور جماعت اسلامی کے کارکنا ن نے نماز کے لیے صفیں درست کی تو ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سید علی رضا عابدی بھی اپنے ساتھیوں سمیت اس جماعت میں شریک ہوگئے۔

    کراچی کے انتخابی حلقے

    یاد رہے کہ یہ دونوں جماعتیں شہرِ قائد میں ایک دوسرے کی روایتی حریف سمجھیں جاتی ہیں اور ہمیشہ سے ان کے درمیان اختلاف کی شدید ترین فضا رہی ہے ، تاہم حالیہ اقدام کو کراچی کی سیاست میں تازہ ہوا کا جھونکا قراد یا جاسکتا ہے۔

    الیکشن 2018

    کراچی کا انتخابی حلقہ این اے 243 بہادرآباد، شرف آباد، لیاقت نیشنل اسپتال، آغا خان اسپتال، فیضان مدینہ، ایکسپو سینٹر، حسن اسکوائر، پاناما سینٹر، بیت المکرم مسجد، شانتی نگر، مجاہد کالونی، الہ دین پارک، گلشن اقبال تمام بلاکس، میٹروول تھری کراچی یونی ورسٹی اور گلستان جوہر پر مشتمل ہے۔

    اسی حلقے سے تحریکِ انصاف کےر ہنما عمران خان بھی میدان میں ہیں جبکہ معروف سماجی کارکن جبران ناصر بھی اسی حلقے سے بطور آزاد امیدوارانتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں