Tag: جبل نور

  • مکہ مکرمہ: غار حرا اور جبل نور خوبصورت قرآنی آیات سے روشن

    مکہ مکرمہ: غار حرا اور جبل نور خوبصورت قرآنی آیات سے روشن

    ریاض: سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں جبل نور کو خوبصورت قرآنی آیات سے روشن کردیا گیا، جبل نور کا غار حرا وہ مقام ہے جہاں حضور اکرم ﷺ پر پہلی وحی نازل ہوئی تھی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں مکہ مکرمہ کے غار حرا (جبل نور) کو قرآنی آیات سے منور کردیا گیا، اس کا اہتمام پہاڑوں کے عالمی دن کی مناسبت سے کیا گیا۔

    روشنی کے پس منظر کے ساتھ قرآنی آیات مکہ مکرمہ آنے والے زائرین کو اپنی طرف متوجہ کر رہی ہیں۔

    اس مقصد کے لیے قرآن پاک کی ان آیات کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں مختلف حوالوں سے پہاڑوں کا تذکرہ موجود ہے، غار حرا (جبل نور) وہ مقام ہے جہاں نبی کریم ﷺ پر پہلی وحی نازل ہوئی تھی۔

    پہاڑوں کے عالمی دن کی مناسبت سے حرا کلچرل ڈسٹرکٹ پروجیکٹ کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا جا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ حرا ڈسٹرکٹ 67 ہزار مربع میٹرسے زائد رقبے پر قائم کیا گیا ہے، جس میں زائرین کے لیے مرکز بھی قائم کیا گیا ہے جبکہ غار حرا جانے والی سڑک، قرآن کریم عجائب گھر اور وحی کے موضوع پر نمائش گاہ کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

    حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کا دوسرا اہم مقام القرآن الکریم عجائب گھر ہے جس میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے قرآن کریم کا خوبصورت تعارف دیا گیا ہے، کتاب اللہ کے قلمی نسخوں کو پرکشش انداز میں دکھایا گیا ہے۔

  • جبل نور پر قائم عارضی دکانیں ہٹا دی گئیں

    جبل نور پر قائم عارضی دکانیں ہٹا دی گئیں

    ریاض: مکہ مکرمہ میں جبل نور پر قائم کچی اور عارضی دکانیں اور گیسٹ ہاؤسز ہٹا دیے گئے، مذکورہ مقام پر صفائی اور جراثیم کش ادویہ کا چھڑکاؤ بھی کروایا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ماتحت ممنوعہ سرگرمیوں کے انسداد پر مامور کمیٹی کے ارکان نے جبل نور کے علاقے میں قائم عارضی دکانیں اور دیسی طرز کے گیسٹ ہاﺅسز ہٹا دیے ہیں۔

    یہاں پر مقیم غیر ملکی یہاں زائرین کو کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے کے لیے فرشی دکانیں قائم کیے ہوئے تھے۔

    مکہ میونسپلٹی کے اہلکاروں نے میدان عرفات میں جبل رحمت اور مکہ مکرمہ میں جبل ثور اور غار ثور کے راستوں پر واقع کچی دکانیں بھی ہٹا دی ہیں۔

    ان تمام مقامات پر صفائی اور جراثیم کش ادویہ کا چھڑکاؤ بھی کروایا گیا۔

    حکام نے ان تمام مقامات پر زائد المیعاد غذائی اشیا ضبط کر کے تلف کروائیں جبکہ کھانے پینے کی اشیا کی تیاری میں استعمال ہونے والے گیس سلنڈر بھی ضبط کرلیے گئے۔ غیر قانونی طریقے سے یہاں قائم جھونپڑے بھی ہٹا دیے گئے۔

    خیال رہے کہ جبل نور مکہ مکرمہ میں واقع ہے، دنیا بھر سے حج، عمرے اور زیارت پر سعودی عرب آنے والے لاکھوں افراد جبل نور اور غار حرا کی زیارت کو بھی اپنے پروگرام میں شامل رکھتے ہیں۔

  • سعودی خواتین ہائیکرز نے مکہ مکرمہ کی بلند چوٹیاں سر کرلیں

    سعودی خواتین ہائیکرز نے مکہ مکرمہ کی بلند چوٹیاں سر کرلیں

    ریاض: سعودی خواتین ہائیکرز نے مکہ مکرمہ کی دشوار گزار بلند ترین چوٹیاں سر کرلیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق 12 سعودی خواتین ہائیکرز نے مکہ مکرمہ کی بلند چوٹیاں سر کرنے کا چیلنج قبول کیا، اس کاوش کا مقصد جبل نور کی بلند ترین چوٹی پر پہنچ کر پیدل چلنے اور جسمانی صحت اور فٹنس پر توجہ دینے کے حوالے سے آگاہی بیدار کرنا تھا۔

    یہ پڑھیں: حرمین ٹرین منصوبہ، سعودی خواتین مردوں‌ کے شانہ بشانہ

    خواتین کے ہمراہ ایک ٹیم موجود تھی جنہوں نے اپنے ساتھ واٹر کینز اور کچھ پھل لے رکھے تھے، انہوں نے اپنے ہاتھوں میں بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر معاشرے میں ہائیکنگ کی سرگرمی اجاگر کرنے پر زور دیا گیا تھا۔

    ہائیکنگ میں شریک سعودی خواتین کا کہنا تھا کہ وہ کھیلوں کی اس سرگرمی سے معاشرے کو پیغام دینا چاہتی ہیں کہ پیدل چل کر بیماریوں اور امراض سے لڑیں، ہائیکنگ دشواری کے باوجود ایک دلچسپ اور تفریح فراہم کرنے والا کھیل ہے اس کے فوائد وہ ہی جان سکتا ہے جو اس سرگرمی کو انجام دے۔

    مزید پڑھیں: سعودی خواتین سائیکلنگ ٹیم یورپی ملکوں کے سفر پر روانہ

    ہائیکنگ میں شریک ایک خاتون کے مطابق ان کی ٹیم نے جبل نور اور جبل ثور پر اس ایونٹ کا انعقاد کیا، علاوہ ازیں دیگر کئی ایونٹس میں بھی شریک رہیں تاکہ پیدل چلنے کے ذریعے امراض کے خلاف شعور بیدار کیا جاسکے۔