Tag: ججز کی چھٹیاں

  • ججز کی چھٹیاں ختم ہو گئیں، عدالتوں کی طرف واپسی

    ججز کی چھٹیاں ختم ہو گئیں، عدالتوں کی طرف واپسی

    اسلام آباد (01 ستمبر 2025): اسلام آباد ہائیکورٹ کی موسمِ گرما کی تعطیلات ختم ہو گئیں، ججز چھٹیاں گزار کر عدالتوں کی طرف واپس آ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہو گئی ہیں، معمول کی عدالتی کارروائی کا آغاز ہو گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے تمام ججز چھٹیوں سے واپس آ گئے، اور آج سماعتیں کریں گے۔

    جسٹس بابر ستار اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کے ڈویژن بنچ کی کازلسٹ آویزاں کر دی گئی، دونوں ججز کے سنگل بنچز ختم کر کے ٹیکس ریفرنسز کے لیے اسپیشل ڈویژن بنچ تشکیل دیا گیا ہے۔

    ہائیکورٹ میں یکم جولائی سے 31 اگست تک 2 ماہ موسم گرما کی عدالتی تعطیلات رہیں، عدالتی تعطیلات کے دوران صرف ہنگامی نوعیت کے کیسز زیر سماعت رہے۔

    گرمیوں کی 3 ماہ تعطیلات کے بعد اسکول کھل گئے

    واضح رہے کہ بانی پی ٹی ائی کے 28 ستمبر اور 26 نومبر کے 7 مقدمات میں درخواست ضمانت کی سماعت بھی آج ہوگی، 28 ستمبر اور 26 نومبر کے مقدمات تھانہ نیو ٹاؤن وارث خان ٹیکسلا سٹی میں درج ہیں۔ بانی پی ٹی ائی کے وکلا محمد فیصل ملک، غلام حسنین مرتضیٰ بیرسٹر سلمان صفدر کی جانب سے درخواست ضمانت دائر کی گئی تھی، بانی پی ٹی آئی مذکورہ سات مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں ہیں۔

    سات مقدمات کے تفتیشی افسران نے عمران خان کی جیل ہی میں گرفتاری ظاہر کر کے انھیں جوڈیشل کروانے کی عدالت سے استدا کی تھی، آج بانی پی ٹی آئی کی ان مقدمات میں درخواست ضمانت کی سماعت ہے، یہ سماعت راولپنڈی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ کریں گے، پراسیکیوٹر ظہیر شاہ بانی پی ٹی آئی کے وکلا اور پی ٹی آئی رہنما عدالت میں پیش ہوں گے۔

    راولپنڈی اڈیالہ جیل میں اسیر بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے سے متعلق درخواست کی سماعت بھی آج ہوگی، عمران خان کے وکیل محمد فیصل ملک نے اور وکیل محمد فیصل ملک نے درخواست دائر کی تھی، سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ کریں گے، گزشتہ سماعت پر اڈیالہ جیل انتظامیہ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو اب تک دی جانے والی تمام طبی امداد کی تفصیلات کی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی گئی تھی۔