Tag: جدہ

  • جدہ میں موسلادھار بارش، ایمرجنسی الرٹ جاری، تعلیمی ادارے بند

    جدہ میں موسلادھار بارش، ایمرجنسی الرٹ جاری، تعلیمی ادارے بند

    جدہ: سعودی عرب کے شہر جدہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس کے بعد سڑکوں پر جگہ جگہ پانی جمع ہو گیا، موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں کے باعث تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ہے، شہر میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی الرٹ بھی جاری کر دیا گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق نجران، جازان، عسیر اور الباحہ کے علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی، مکہ کے کچھ حصوں اور جدہ، اللیث اور قنفدہ سمیت ساحلی علاقوں میں بارش ہوئی ہے۔

    حکام نے اعلان کیا کہ موسم کی متوقع صورت حال کی وجہ سے جمعرات کو جدہ میں اسکول اور یونیورسٹیاں بند رہیں گی۔ جدہ ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ نے جمعرات کو جدہ، ربیع اور خلیص کے تمام اسکولوں میں پڑھائی معطل کرنے کا اعلان کیا۔

  • جدہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 61 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد

    جدہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 61 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد

    لاہور: جدہ جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے 61 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے این ایف نے منشیات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، ایک اور کارروائی میں لاہور انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے اکسٹھ عدد ہیروئن بھرے کیپسول برآمد کر لیے گئے۔

    اے این ایف نے محمد اصغر نامی جہلم کے رہائشی کو ہیروئن اسمگلنگ میں گرفتار کر لیا۔

    ایک اور کارروائی میں اسلام آباد ایف ٹین مرکز میں واقع نجی کوریئر آفس میں ناروے کے لیے بُک کروائے گئے پارسل سے آئس برآمد ہو گئی، 720  گرام آئس بچوں کی جیکٹس اور کپڑوں میں چھپائی گئی تھی۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق ملزم کو گرفتار کر کے انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • جدہ میں خود کو دھماکے سے اڑانے والے دہشت گرد کی شناخت ہوگئی

    جدہ میں خود کو دھماکے سے اڑانے والے دہشت گرد کی شناخت ہوگئی

    ریاض: سعودی عرب میں دہشت گردی میں ملوث ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، مذکورہ دہشت گرد سعودی سیکیورٹی فورسز کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔

    اے آر وائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ کے سامر محلے میں خود کو دھماکے سے اڑانے والے دہشت گرد کی شناخت کرلی گئی ہے، ملزم 7 برس سے مفرور تھا اور سیکیورٹی فورسز کے تعاقب سے بچنے کے لیے دھماکا کیا تھا۔

    خودکش دہشت گرد کی شناخت عبد اللہ بن زاید بن عبد الرحمٰن البکری الشھری کے نام سے ہوئی ہے، عبداللہ الشھری سعودی سیکیورٹی فورسز کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔

    عبداللہ الشھری نے 6 اگست 2015 کو عسیر ریجن میں ایمرجنسی فورس کی مسجد پر ظہر کی نماز کے دوران دھماکے کی منصوبہ بندی میں شامل تھا، دہشت گرد حملے میں 15 افراد ہلاک ہوئے تھے، ان میں سے 5 ایمرجنسی سیکیورٹی فورس کے اہلکار تھے۔ 6 حج سیکیورٹی فورس کے زیر تربیت اہلکار اور 4 بنگلہ دیشی کارکن تھے۔

    دہشت گردی کے اس واقعے میں حملہ آور یوسف السلیمان ہلاک ہو گیا تھا۔

    دھماکے کے بعد سے 33 سالہ عبد اللہ بکری الشھری روپوش تھا جبکہ حملے میں ملوث گروپ کے 9 ارکان ہلاک ہو گئے تھے۔

    ایمرجنسی سیکیورٹی فورس کی مسجد پر حملہ آور 9 افراد میں سے صرف دو زندہ تھے، ان میں سے ایک عبد اللہ الشھری تھا جو السامر محلے میں خودکش دھماکے میں مارا گیا، اب صرف اس کا بڑا بھائی ماجد زاید عبد الرحمٰن البکری الشھری روپوش ہے۔

    عبداللہ الشھری عسیر میں حملہ کرنے والے دہشت گرد گروہ کی فہرست میں چوتھے نمبر پر تھا۔

    یہ گروہ 9 دہشت گردوں پر مشتمل تھا ان میں سے 6 مارے گئے، ایک بیشہ میں پکڑا گیا جبکہ عبداللہ الشھری نے خودکش دھماکہ کرکے خود کو ہلاک کر لیا اور گروہ کا نواں رکن عبداللہ الشھری کا سگا بھائی ہے۔
    یاد رہے کہ سعودی عرب کی پریزیڈنسی آف سٹیٹ سکیورٹی نےایک بیان میں کہا تھا کہ جدہ میں خود کش جیکٹ پہنے ایک شخص کو جب سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کرنے کی کوشش کی تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

    مذکورہ شخص جسے سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد قرار دیا ہے، شہر کے الصمیر محلے میں جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ گیا۔ دھماکے میں ایک پاکستانی شہری اور تین سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

  • جدہ: ایکسپائرڈ گوشت برآمد ہونے پر ریستوران کے خلاف کارروائی

    جدہ: ایکسپائرڈ گوشت برآمد ہونے پر ریستوران کے خلاف کارروائی

    ابو ظہبی: سعودی عرب کے شہر جدہ میں جدیدہ کی بلدیاتی کاؤنسل کے انسپکٹرز نے شہر کے معروف ریستوران پر چھاپہ مار کر زائد المیعاد گوشت برآمد کرلیا۔

    میونسپلٹی کے ماتحت جدہ الجدیدہ بلدیاتی کاؤنسل کی چیئر پرسن عزۃ العسبلی نے کہا ہے کہ الزہرا محلے کے ایک فاسٹ فوڈ ریستوران سے چوتھائی ٹن زائد المیعاد گوشت برآمد ہوا ہے جو انسانی استعمال کے قابل نہیں تھا۔

    العسبلی نے مزید کہا کہ ریستوران کی انتظامیہ صفائی نظام کی پابندی نہیں کر رہی تھی، کھانے پینے کی اشیا جس جگہ ذخیرہ کی گئی تھیں وہاں صفائی غیر معیاری تھی۔

    بلدیاتی کاؤنسل نے خلاف ورزی پر ریستوران کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے خراب گوشت ضبط کرلیا اور اسے تلف کروا دیا۔

    بلدیاتی کاؤنسل کے انسپکٹرز ان دنوں تجارتی اور غذائی اشیا کا کاروبار کرنے والے اداروں پر چھاپے مار رہے ہیں اور مقررہ قوانین و ضوابط کی پابندی پر عمل یقینی بنا رہے ہیں۔

  • عرب ممالک کا اہم فیصلہ

    عرب ممالک کا اہم فیصلہ

    جدہ: جدہ سلامتی و ترقی سربراہ کانفرنس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ سربراہ کانفرنس کے اعلامیے میں توانائی اور اشیائے خور و نوش کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے اور خطے کی سلامتی و استحکام کو برقرار رکھنے کے عزم کی تجدید کی گئی ہے۔

    اجلاس میں رہنماؤں نے عالمی اقتصادی بحالی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

    امریکا نے عرب رابطہ گروپ کے فیصلوں کا خیر مقدم کیا، سربراہی اجلاس میں رہنماؤں نے امریکا کی جانب سے بھی ایک ارب ڈالر کی اضافی مالی امداد کے اعلان کو سراہا۔

    کانفرنس کے اعلامیے کے مطابق توانائی اور اشیائے ضروریہ کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے، خطے کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے عزم کی تجدید کی گئی، کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر زور دیا گیا۔

    جدہ کانفرنس میں خلیجی و امریکی سربراہی اجلاس کا بھی ذکر کیا گیا، 2015 کیمپ ڈیوڈ، 2016 ریاض، 2017 کو ریاض میں اجلاس ہوا تھا، اجلاس میں رہنماؤں نے عالمی اقتصادی بحالی کی کوششوں کو سراہا، رہنماؤں نے مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

    اجلاس میں کرونا وائرس کے اثرات، یوکرین جنگ سے معیشت پر منفی اثرات پر غور کیا گیا، خوراک، توانائی بحالی اور ضرورت مند ممالک کی مدد سے متعلق باہمی تعاون کو فروغ دینے کو سراہا گیا۔

    اعلامیے کے مطابق امریکا نے 10 مالیاتی و سرمایہ کاری کے اداروں پر مشتمل رابطہ گروپ کا خیر مقدم کیا، عالمی سطح پر خوراک، غذائی قلت دور کرنے کے لیے 10 ارب ڈالر فراہمی کی یقین دہانی کی گئی، جب کہ رہنماؤں نے امریکا کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی اضافی امداد کے اعلان کو سراہا، یہ اضافی امداد مشرقی وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے لیے مختص کی گئی ہے۔

    صدر بائیڈن نے خلیجی عرب ریاستوں کے 3 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے اعلان کو سراہا، جو عالمی شراکت داری، انفرا اسٹرکچر کے مقاصد سے ہم آہنگ ہیں۔

  • جدہ: مزید 12 کچی بستیوں کی مسماری سے قبل رہائشیوں کو نوٹس

    جدہ: مزید 12 کچی بستیوں کی مسماری سے قبل رہائشیوں کو نوٹس

    جدہ: سعودی شہر جدہ میں مزید 12 کچی بستیوں کی مسماری سے قبل رہائشیوں کو نوٹس جاری کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں جدہ گورنریٹ کی کچی آبادی کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ 12 کچی آبادیوں کو ہٹانے کا کام دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے۔

    کمیٹی نے کہا کہ عید کے بعد جن بارہ محلوں کو ہٹائے جانے کا کام شروع ہو رہا ہے، ان میں بنی مالک، الورود، الروابی، الفضل، مشرفہ، الجامعہ، رحاب، العزیزیہ، ربوہ، العدل، قویزہ، المنتزھات، ام السلم اور کلو 14 ( شمالی ) شامل ہیں۔

    کمیٹی نے ان علاقوں میں قائم کچی آبادیوں کے رہائشیوں کو نوٹس دینا شروع کر دیے ہیں، رمضان کے دوران جدہ میں کچی بستیوں کو مسمار کرنے کا کام معطل کر دیا گیا تھا۔

    کیا کمپنی ملازم کے اقامے کو انفرادی اقامہ میں تبدیل کیا جا سکتا ہے؟

    یاد رہے کہ رمضان سے قبل جدہ میں 22 کچی آبادیوں کو ہٹائے جانے کا کام مکمل کیا گیا تھا، جدہ میونسپلٹی کے ترجمان نے کہا تھا کہ جدہ شہر میں 60 سے زیادہ محلے منہدم ہوں گے۔

    جدہ میونسپلٹی کے مطابق کچی بستیوں کے تمام سعودی شہریوں کو رہائش فراہم کی جائے گی، اور پرانے طرز کے محلوں کو جدید انداز میں منظم کیا جائے گا۔

  • جدہ کے نارتھ ٹرمینل پر رش، پی آئی اے نے 4 خصوصی پروازوں کی اجازت لے لی

    جدہ کے نارتھ ٹرمینل پر رش، پی آئی اے نے 4 خصوصی پروازوں کی اجازت لے لی

    کراچی : پی آئی اے نے جدہ کے نارتھ ٹرمینل پر رش کے باعث 4 خصوصی پروازوں کی اجازت لے لی ، پروازوں سے400سے زائد مسافروں کو واپس لایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ کے نارتھ ٹرمینل پر غیر معمولی رش اور پروازوں کی تاخیر کے باعث پی آئی اے نے 4خصوصی پروازوں کی اجازت لے لی۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پروازوں کی تاخیر سے متاثرہ مسافروں کو ہوٹل میں منتقل کردیا ہے ، مسافروں کو خصوصی کوسٹرز کےذریعے مدینہ منتقل کیا گیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ خصوصی پروازوں سے400سے زائد مسافروں کو واپس لایا جائے گا ، پی آئی اے خصوصی پروازوں کیلئے ایئر بس 320طیارے استعمال کررہی ہے۔

    یاد رہے سعودی عرب میں جدہ ائیرپورٹ پر مسافروں کے غیر معمولی رش کے باعث پی آئی اے کی تمام پروازوں کو حج ٹرمینل منتقل کر دیا گیا تھا۔

    تمام پروازیں میں 4 سے 5 گھنٹے تاخیر مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہا جبکہ سینکڑوں مسافروں نے دروازے بند ہونے کے باعث رات باہر گزاری۔

    وفاقی وزیر سعد رفیق نے سی ای او پی آئی اے کو مسافروں کو سہولیات فراہمی کی ہدایات کر دی۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ ایجنٹس اور کال سینٹر کے ذریعے ٹرمینل منتقلی کی اطلاع کا کام شروع کردیا، شیڈول پروازوں کے مسافر اب حج ٹرمینل پر جائیں، شمالی ٹرمینل پر موجود مسافروں کو بسوں سے حج ٹرمینل لے جایا جائے گا۔

  • جدہ: فارمولا ون ریس کے لیے مفت بس سروس

    جدہ: فارمولا ون ریس کے لیے مفت بس سروس

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہونے والی فارمولا ون ریس میں شائقین کے لیے مفت بس سروس کا اہتمام کیا جارہا ہے، مفت بس سروس 12 گھنٹے جاری رہے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ میں منعقدہ فارمولا ون ریس میں شائقین کے لیے مفت بس سروس کا اہتمام کیا جائے گا، عالمی ریس 25 مارچ سے 27 مارچ تک کورنیش پر جاری رہے گی۔

    جدہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ شائقین کو لانےا ور لے جانے کے لیے مفت سروس ساپٹکو کے تعاون سے فراہم کی گئی ہے، مفت بس سروس 12 گھنٹے جاری رہے گی اور ہر 15 منٹ کے بعد ایک بس روانہ ہوگی۔

    بس سروس کا آغاز دوپہر 3 بجے سے شروع ہوگا اور یہ رات 3 بجے تک چلے گی۔

    میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ بس کے لیے 9 مختلف اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جو شاہراہ شہزادہ سلطان بن عبد العزیز پر ہیں۔ بس سروس کا مقصد لوگوں کو اس بات پر راغب کرنا ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں نہ لے جائیں بلکہ فری سروس کا فائدہ اٹھائیں۔

  • سعودی عرب: موسم کا الرٹ جاری

    سعودی عرب: موسم کا الرٹ جاری

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سمیت جدہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور دیگر شہروں میں تیز ہوائیں چلیں گی جس کے باعث سمندر میں طغیانی بھی پیدا ہوگی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج جمعرات کو جدہ سمیت سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا چلے گی جس کے باعث سمندر میں اونچی موجیں اٹھیں گی۔

    محکمے نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض، تبوک، شمالی حدود، الجوف، القصیم اور مشرقی ریجنز میں ہوا میں تیزی محسوس کی جائے گی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جدہ کے علاوہ تمام ساحلی علاقوں میں رات 8 بجے تک تیز ہوا چلنے کا امکان ہے جس کے باعث دھول مٹی اڑے گی اور حد نگاہ متاثر ہوگی۔ اسی سے ملتی جلتی کیفیت مدینہ منورہ کے علاوہ الحناکیہ اور الیتمہ میں ہوگی تاہم یہاں فضا گرد آلود رہے گی۔

    بدر، ینبع اور الرایس کے ساحلی علاقوں میں تیز ہوا چلے گی جس کے باعث سمندر میں اونچی موجیں اٹھیں گی۔

    دوسری جانب ماہر موسمیات ڈاکٹر عبد اللہ المسند کا کہنا ہے کہ ریاض میں موسم اعتدال کی طرف مائل رہے گا، فجر کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 15 سینٹی گریڈ جبکہ دوپہر میں زیادہ سے زیادہ 30 سینٹی گریڈ ہوگا۔

  • سعودی عرب: نشہ آور گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    سعودی عرب: نشہ آور گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    ریاض: سعودی حکام نے بڑی مقدار میں نشہ آور گولیاں اسمگل کرنے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا، حکام نے 3 ملزمان کو گرفتار بھی کیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ کسٹم نے بڑی مقدار میں نشہ آور گولیاں اسمگل کرنے کی 2 کوششوں کو ناکام بنا دیا، جدہ کی بندرگاہ پر آنے والی شپمنٹ کے ذریعے نشہ آور گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی جن کی مجموعی تعداد 8.3 ملین بتائی جاتی ہے۔

    کسٹم اینڈ ٹیکس و زکواۃ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جدہ کی اسلامی بندرگاہ پر آنے والی پیاز کی ایک شپمنٹ کا معائنہ کیا گیا جس میں نشہ آور گولیاں چھپائی گئی تھیں، اسمگل کی جانے والی گولیوں کی مجموعی تعداد 30 لاکھ 54 ہزار تھی۔

    نشہ آور گولیوں کی اسمگلنگ کی دوسری کارروائی سیلیکون گلو کی بالٹیوں کے ذریعے کی جارہی تھی۔ ملزمان نے سیلیکون گلو کے ڈبوں میں نشہ آور گولیاں انتہائی مہارت سے چھپائی تھیں جن کی تعداد 52 لاکھ 81 ہزار 250 تھی۔

    کسٹم اتھارٹی کی ٹیموں نے انتہائی مہارت سے اسمگل کی جانے والی منشیات کا سراغ لگایا جس کے لیے پولیس کے تربیت یافتہ کتوں کو بھی استعمال کیا گیا، کسٹم اتھارٹی نے منشیات اسمگل کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا جن کی تعداد 3 ہے۔

    سعودی حکام ملزمان سے تفتیش کر رہے ہیں۔