Tag: جدہ

  • جدہ: ورکرز کے 100 سے زائد رہائشی مراکز خالی کروا لیے گئے

    جدہ: ورکرز کے 100 سے زائد رہائشی مراکز خالی کروا لیے گئے

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں ورکرز کی اجتماعی رہائش کے 100 سینٹر خالی کروا لیے گئے، جدہ میونسپلٹی کے انسپکٹرز نے ورکرز کی اجتماعی رہائش کے 600 سے زائد مراکز پر چھاپے مارے تھے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ میونسپلٹی کے انسپکٹرز نے ورکرز کی اجتماعی رہائش کے 100 سینٹر خالی کروا لیے، مقررہ سینٹرز ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے تھے۔

    یاد رہے کہ میونسپلٹی حکام نے کرونا وائرس کی نئی لہر کے بعد ایک بار پھر ورکرز کے اجتماعی رہائشی مراکز کے تفتیشی دورے تیز کردیے ہیں۔

    ایس پی اے کے مطابق جدہ میونسپلٹی کے انسپکٹرز نے ورکرز کی اجتماعی رہائش کے 600 سے زائد مراکز پر چھاپے مارے تھے، انہوں نے یہ یقین دہانی کرنے کے لیے چھاپہ مہم شروع کی ہے کہ آیا کرونا ایس او پیز کی پابندی کی جارہی ہے یا نہیں۔

    اجتماعی رہائش کے مراکز میں سکونت پذیر ورکرز کے بارے میں یہ بھی دریافت کیا جارہا ہے کہ آیا انہوں نے مطلوبہ ٹیسٹ کروائے یا نہیں اور وہاں سینی ٹائزنگ کی کارروائی مطلوبہ شکل میں ہورہی ہے یا نہیں۔

    جدہ میونسپلٹی نے توجہ دلائی ہے کہ بلدیاتی کونسل سسٹم کے تحت اجتماعی رہائش گاہوں کے لیے 333 پرمٹ جاری کیے جا چکے ہیں۔

    جدہ میونسپلٹی نے اجتماعی رہائش گاہوں کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو تاکید کی ہے کہ وہ پہلی فرصت میں جرمانے ادا کریں اور پرمٹ نہ رکھنے والے مراکز فوراً خالی کردیے جائیں۔

    پرمٹ ہولڈرز کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے یہاں موجود خلاف ورزیاں پہلی فرصت میں دور کریں، اگر ایسا نہ کیا تو ان کے خلاف جرمانے سمیت متعدد اقدامات کیے جائیں گے۔

    جدہ میونسپلٹی نے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے درخواست کی ہے کہ اگر وہ اجتماعی رہائش کے مراکز پر کسی قسم کی کوئی خلاف ورزی دیکھیں تو پہلی فرصت میں 940 پر رابطہ کر کے مطلع کریں۔

  • فرانسیسی وزیر ثقافت کا جدہ کے تاریخی علاقے کا دورہ

    فرانسیسی وزیر ثقافت کا جدہ کے تاریخی علاقے کا دورہ

    ریاض: فرانسیسی وزیر ثقافت نے سعودی عرب کے دورے کے دوران یونیسکو کی تاریخی سائٹ کا دورہ کیا، انہوں نے وہاں موجود ایک قدیم جامع مسجد الشافعی کا بھی دورہ کیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق فرانسیسی وزیر ثقافت ڈاکٹر روزلین باچلو نے جدہ کے تاریخی علاقے کا دورہ کیا جسے یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں درج کیا گیا ہے۔

    فرانسیسی وزیر ڈاکٹر روزلین سرکاری دورے پر سعودی عرب میں ہیں جہاں انہوں نے جدہ کے قدیم تاریخی علاقوں کا دورہ کیا اور عہد رفتہ کی تعمیرات کا جائزہ لیا۔

    فرانسیسی وزیر ثقافت نے جدہ کے قدیم علاقے بلد میں واقع بیت نصیف کے علاوہ جامع مسجد الشافعی کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں علاقے کی تاریخ اور دیگر تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    انہوں نے بیت النصیف میں رکھی گئی نوادرات اور عہد قدیم میں استعمال ہونے والی اشیا میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا، فرانس کی وزیر سیاحت کو جدہ کے تاریخی علاقے کی سیر بھی کرائی گئی۔

  • جدہ کا خوبصورت ساحل شہریوں کی توجہ کا مرکز

    جدہ کا خوبصورت ساحل شہریوں کی توجہ کا مرکز

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں شمالی اور جنوبی کورنیش پر سال بھر بڑی تعداد میں لوگ تفریح کے لیے آتے ہیں۔ اہل جدہ کے علاوہ دیگر شہروں سے بھی لوگ یہاں آتے ہیں۔

    شہر کی جنوبی سمت میں واقع ساحلی تفریح گاہ کو سیف بیچ کہا جاتا ہے، اس ساحل کو انتظامیہ نے کافی خوبصورت بنا دیا ہے اسی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد یہاں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ تفریح کے لیے آتی ہے۔

    سیف بیچ 3 ہزار میٹر پر پھیلا ہوا ہے جہاں تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے مخصوص مقامات بنائے گئے ہیں جہاں بیک وقت 7 ہزار سے زائد گاڑیاں پارک ہو سکتی ہیں۔

    تفریح کے لیے آنے والوں کے لیے مخصوص بینچز نصب ہیں جن کے اطراف میں موبائل چارج کرنے کے لیے خصوصی ساکٹس بھی فراہم کیے ہیں تاکہ لوگوں کو موبائل یا ٹیبلٹ چارج کرنے میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    ساحل پرسفید ریت میلوں دور تک پھیلائی گئی ہے جس پر جاگنگ کرنے کا اپنا ہی لطف ہے جبکہ ساحلی ریت پر آرام کرنے کے لیے خصوصی شیڈز بھی لگائے گئے ہیں تاکہ دھوپ کی تمازت سے بچا جاسکے۔

    سیف بیچ کی انتظامیہ کی جانب سے فاسٹ فوڈ کارنر بھی قائم کیا گیا ہے جہاں انواع و اقسام کی اشیا فروخت کی جاتی ہیں۔ علاوہ ازیں متحرک گاڑیوں کے ذریعے آئس کریم اور دیگر ڈرنکس بھی فروخت کیے جاتے ہیں۔

  • سعودی ایئر لائن کا بڑا اعلان

    سعودی ایئر لائن کا بڑا اعلان

    ریاض: سعودی عرب کی ایئر لائن السعودیہ نے کل سے جدہ اور ریاض سے قطر کے دارالحکومت دوحہ کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا، قطر کے ساتھ تمام بری اور بحری سرحدیں پہلے ہی کھولی جاچکی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عربین ایئر لائن (السعودیہ) نے پیر 11 جنوری سے جدہ اور ریاض سے قطر کے دارالحکومت دوحہ کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    السعودیہ نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر کیے گئے ایک ٹویٹ میں کہا کہ دوحہ کے لیے پروازوں کی بکنگ اوپن ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی حکومت نے قطر کے ساتھ تمام بری، بحری اور فضائی سرحدیں کھولنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سلوی چوکی کو بھی آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

    سعودی حکام نے کہا تھا کہ قطری مسافروں کی سعودی عرب آمد کے لیے پی سی آر سرٹیفکیٹ، 3 روزہ ہاؤس آئسولیشن یا 7 روزہ ہاؤس آئسولیشن کی پابندی ضروری ہوگی۔

    پی سی آر ٹیسٹ منفی ہونے کی صورت میں ہی قطری باشندوں کو سعودی عرب آنے کی اجازت دی جائے گی، سعودی وزارت صحت نے قطر سے ملنے والی سرحدی چیک پوسٹ سلوی پر میڈیکل عملہ تعینات کردیا ہے۔

    قطر ایئر ویز نے بھی پیر 11 جنوری سے سعودی عرب کے لیے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    قطر ایئر ویز نے ٹویٹ کیا ہے کہ پیر 11 جنوری سے ریاض کے لیے پروازیں بحال ہوں گی، اس کے بعد جمعرات 14 جنوری کو جدہ اور سنیچر 16 جنوری کو دمام کے لیے پروازیں شروع ہوں گی۔

    ریاض اور دمام سے روزانہ جبکہ جدہ سے ہفتے میں 4 پروازیں چلائی جائیں گی۔

  • جدہ کے شہریوں کے لیے خوشخبری

    جدہ کے شہریوں کے لیے خوشخبری

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں شہریوں کی تفریحی سہولت اور شہر کی خوبصورتی کے لیے مزید 3 نئے عوامی پارکس قائم کیے جارہے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی شہر جدہ میں مزید 3 عوامی پارک قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ معاشرے کا ہر طبقہ سبزہ زاروں اور تفریحی مقامات سے لطف اٹھا سکے اور سبزہ زاروں کے حوالے سے فی کس حصے میں اضافہ ہوجائے۔

    جدہ میونسپلٹی نے ٹویٹرپر اپنے بیان میں کہا کہ الفضیلۃ محلے میں 12 ہزار 586 مربع میٹر کے پلاٹ پر ایک پارک تیار کیا جا رہا ہے۔

    میونسپلٹی کے مطابق دوسرا پارک الریاض محلے میں 11 ہزار 500 مربع میٹر اور تیسرا پارک الریان محلے میں 5 ہزار 545 مربع میٹر کے پلاٹ پر تیار کیا جارہا ہے۔

    تینوں پارک مکمل ہونے پر جدہ شہر کے سبزہ زاروں میں خوبصورت اضافہ ہوں گے۔

    خیال رہے کہ جدہ کو چہل قدمی کی سہولتوں سے آراستہ شہر ہونے کا اعزاز حاصل ہے، شہر میں سب سے زیادہ واکنگ ٹریکس ہیں جن پر بچے، جوان، خواتین اور بزرگ سب ہی چہل قدمی کرتے نظر آتے ہیں۔

    شہر میں 49 کلو میٹر طویل 23 واکنگ ٹریکس قائم ہیں۔ جدہ واٹر فرنٹ کا واکنگ ٹریک سب سے طویل ہے۔ یہ 4 ہزار 500 میٹر طویل اور 10 میٹر چوڑا ہے، دوسرے نمبر پر امیر فواز محلے کا واکنگ ٹریک آتا ہے۔ یہ بھی اتنا ہی طویل ہے البتہ اس کی چوڑائی 15 میٹر ہے۔

    شام کے وقت فیملیز چہل قدمی کے لیے واکنگ ٹریکس پر نظر آتی ہیں جبکہ صبح سویرے بھی بڑی تعداد میں لوگ ورزش اور چہل قدمی کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

  • کمشنر جدہ کی بغیر لائسنس کارخانوں کیخلاف سخت کارروائی

    کمشنر جدہ کی بغیر لائسنس کارخانوں کیخلاف سخت کارروائی

    جدہ: کمشنر جدہ شہزادہ مشعل بن ماجد نے شہر میں بغیر لائسنس والے کارخانوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنر جدہ نے شہر کے رہائشی علاقوں میں واقع ایسے کارخانوں کے خلاف کارروائی حکم جاری کیا ہے جن کے پاس لائسنس نہیں ہیں۔

    اس حوالے سے کمشنر جدہ شہزادہ مشعل بن ماجد نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ اس قسم کے کارخانوں کو انڈسٹریل سٹی منتقل کرائیں اور قانونی ضوابط پر عمل درآمد کرائیں۔

    شہزادہ مشعل بن ماجد نے کہا کہ آبادی میں غیر قانونی کارخانوں کی موجودگی سے ماحول کو نقصان پہنچ رہا ہے، اس سے سماجی، اقتصادی اور سیکیورٹی کے مسائل کھڑے ہو رہے ہیں۔

    کمشنر جدہ نے خبردار کیا کہ بغیر لائسنس والے کارخانوں کے خلاف کارروائی سے متعلق کمیٹی کی کارکردگی پر وہ خود نظر رکھیں گے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل کمشنر جدہ نے ایک میٹنگ کی تھی جس میں مشیر گورنر مکہ شہزادہ سعود بن عبداللہ بن حلوی، جدہ کمشنری کے سیکریٹری، جدہ میونسپلٹی، جدہ ایوان تجارت، جدہ پولیس، محکمہ شہری دفاع، بجلی کمپنی، نیشنل واٹر کمپنی اور ازالہ تجاوزات کمیٹی کے افراد شریک ہوئے تھے۔

  • جدہ کا میوزک میوزیم

    جدہ کا میوزک میوزیم

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں موسیقی کا میوزیم قائم کیا جائے گا، یہ میوزیم سعودی عرب کے معروف فنکار طارق عبد الحکیم کی خدمات کے اعتراف میں ان کے نام پر ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت ثقافت جدہ میں معروف فنکار طارق عبد الحکیم کے نام سے میوزک میوزیم قائم کرے گی، یہ سعودی عرب میں آرٹ کی تاریخ میں مرحوم فنکار کے کردار اور سعودی موسیقی کی تاریخ کو مالا مال کرنے والے نوادرات پر مشتمل ہوگا۔

    عجائب گھر کا افتتاح 2022 کے اواخر میں ہوگا، یہ جدہ کے تاریخی علاقے البلد میں مرحوم کے گھر میں قائم کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ یونیسکو سنہ 2014 میں البلد کے تاریخی علاقے کو بین الاقوامی ورثے کی فہرست میں شامل کرچکا ہے۔

    طارق عبد الحکیم عجائب گھر میں سعودی فنکار کے زیر استعمال موسیقی کے آلات، تصاویر کے البم اور ریکارڈنگ کے آلات سجائے جائیں گے۔ علاوہ ازیں ام کلثوم اور عبد الوہاب جیسے مشہور زمانہ عرب گلوکاروں کے میوزک کے نمونے بھی رکھے جائیں گے۔

    عجائب گھر کے 2 بڑے حصے ہوں گے، ایک حصے میں ان کی ذاتی تاریخ اجاگر کی جائے گی جبکہ دوسرا حصہ میوزک ریسرچ سینٹر پر مشتمل ہوگا۔

    اس میں سعودی میوزک سے متعلق مضامین اور تحریریں پیش کی جائیں گی، عالم عرب کی موسیقی پر تحقیقی کتابیں ہوں گی جبکہ موسیقی کے سکالرز کو میوزک سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی کتابیں بھی رکھی جائیں گی۔

  • سعودی عرب: سمندر کی گہرائی میں پاکستانیوں کا سعودی اور شامی دوستوں کے ہمراہ جشن آزادی

    سعودی عرب: سمندر کی گہرائی میں پاکستانیوں کا سعودی اور شامی دوستوں کے ہمراہ جشن آزادی

    جدہ: سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں گزشتہ روز پاکستانیوں نے سعودی اور شامی دوستوں کے ہمراہ پاکستان کا یوم آزادی منایا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں پاکستانی جہاں کہیں بھی موجود ہیں انھوں نے کرونا کی وبا میں بھی احتیاطی تدابیر کے ساتھ اپنے انداز میں جشن آزادی منایا، اس سلسلے میں جدہ کے سمندر میں بھی یوم آزادی منایا گیا اور پاکستان کی 74 ویں سال گرہ کا کیک کاٹا گیا۔

    پاکستانی، سعودی اور شامی ڈائیورز جدہ کے سمندر میں پاکستان کی سالگرہ کا کیک کاٹ رہے ہیں

    جدہ میں موجود پاکستانی ڈائیور یحییٰ اشفاق نے اس منفرد انداز میں یوم آزادی منانے کا انتظام کیا، ڈائیور (غوطہ خور) یحییٰ اشفاق نے جمعے کو جدہ میں بحیرہ احمر کے ساحل کے قریب تین پاکستانی نوجوانوں عمر جان، حسن بخش اور فائز، 2 سعودیوں اور ایک شامی  کے ہمراہ زیر آب پاکستان اور سعودی عرب کے پرچم لہرائے اور کیک کاٹا۔

    غوطہ خوروں نے زیر آب رہتے ہوئے اذان دی اور نماز بھی پڑھی

    پاکستانی اور سعودی نوجوانوں کے ساتھ 7 برس کے چھوٹے بچے باسل نے بھی ڈائیو کر کے وہاں موجود لوگوں کو حیران کر دیا اور اس طرح پاکستان کے ساتھ اپنی دلی وابستگی کا اظہار کیا۔ ڈائیورز نے زیر آب رہتے ہوئے اذان بھی دی اور باجماعت نماز پڑھی۔

    ڈائیور یحیٰ اشفاق اپنے دوستوں کے ہمراہ زیر آب جانے کو تیار

    تمام غوطہ غوروں نے اپنی اس کاوش کو کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹرز اور طبی عملے کے نام کیا، اس موقع پر تمام ڈائیورز نے فرنٹ لائن ورکرز کی کٹ پہن رکھی تھی۔

    یحییٰ اشفاق نے کہا کہ میں اپنے دوستوں کے ہمراہ ہر سال پاکستان کا یوم آزادی اس منفرد انداز کے ساتھ منا رہا ہوں اور اس بار کرونا کی وبا میں بھی یہ روایت برقرار رکھی ہے، اس بار کا ایک مقصد کرونا وائرس سے آگہی بھی تھا۔

    کم سن بہنوں نے 14 اگست منفرد انداز میں منا کر مثال قائم کر دی

  • جدہ: مریض ایمبولینس لے کر فرار

    جدہ: مریض ایمبولینس لے کر فرار

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں ایک مریض ایمبولینس لے کر فرار ہوگیا، ایمبولینس چوری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں جدہ کے کنگ عبد العزیز اسپتال کا ایک مریض سعودی ہلال احمر کی ایمبولینس چوری کر کے فرار ہوگیا۔

    سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے چوری کی واردات ریکارڈ ہوگئی، موقع پر موجود لوگوں نے اسے روکنے کی کوشش کی تھی تاہم مریض ایمبولینس لے جانے میں کامیاب ہوگیا۔

    اسپتال کے ایک گارڈ نے بھی ایمبولینس کو لے جانے سے روکنے کی کوشش کی تھی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گارڈ گاڑی کے نیچے آنے سے بال بال بچ گیا۔

    سعودی ہلال احمر کے ترجمان عبد اللہ ابو زید نے بتایا کہ ہلال احمر کی ایمبولینس کی چوری کا واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہلال احمر کی میڈیکل ٹیم نے ایک مریض کو اسپتال منتقل کیا۔

    اسی دوران واردات کرنے والا مریض ایمبولینس پر سوار ہوا اور سکیورٹی گارڈز کی مزاحمت کے باوجود ایمبولینس لے کر فرار ہوگیا۔

    ابو زید نے بتایا کہ مریض نے گیٹ سے نکلنے کے بعد گاڑی اسپتال سے متصل ایک اسٹیشن پر چھوڑ دی تھی، اسٹیشن کی انتظامیہ نے اس کی اطلاع پولیس کو دی جس کے بعد ایمبولینس کو واپس لے جایا گیا۔

  • سعودی شہر جدہ نے منفرد اعزاز حاصل کرلیا

    سعودی شہر جدہ نے منفرد اعزاز حاصل کرلیا

    ریاض: سعودی شہر جدہ نے تفریح کے لحاظ سے منفرد اعزاز حاصل کرلیا، شہر میں سب سے زیادہ واکنگ ٹریکس ہیں جن پر بچے، جوان، خواتین اور بزرگ سب ہی چہل قدمی کرتے نظر آتے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ نے چہل قدمی کی سہولتوں سے آراستہ شہر ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا، شہر میں 49 کلو میٹر طویل واکنگ ٹریک ہیں۔

    جدہ شہر میں 23 واکنگ ٹریکس قائم ہیں جن پر بچے، جوان، خواتین اور بزرگ سب ہی چہل قدمی کرتے نظر آتے ہیں۔

    شام کے وقت فیملیز چہل قدمی کے لیے واکنگ ٹریکس پر نظر آتی ہیں جبکہ صبح سویرے بھی بڑی تعداد میں لوگ ورزش اور چہل قدمی کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

    جدہ واٹر فرنٹ کا واکنگ ٹریک سب سے طویل ہے۔ یہ 4 ہزار 500 میٹر طویل اور 10 میٹر چوڑا ہے، دوسرے نمبر پر امیر فواز محلے کا واکنگ ٹریک آتا ہے۔ یہ بھی اتنا ہی طویل ہے البتہ اس کی چوڑائی 15 میٹر ہے۔

    چوڑائی کے حوالے سے شہزادہ فیصل بن فہد اسٹریٹ کا واکنگ ٹریک سب سے بڑا ہے، اس کی چوڑائی 25 تا 75 میٹر ہے، تیسرے نمبر پر الرحاب محلے کا واکنگ ٹریک آتا ہے، جس کی چوڑائی 24 سے 42 میٹر کے لگ بھگ ہے۔

    تمام واکنگ ٹریکس تمام سہولتوں سے آراستہ ہیں، یہاں واش رومز بھی موجود ہیں جبکہ صفائی کا بہترین انتظام ہے۔ بیٹھنے کے لیے بینچز نصب ہیں۔ نماز کے لیے مصلے بنے ہوئے ہیں۔

    ٹریکس پر آئس کریم اور فوڈ ٹرکس بھی کھڑے ہوتے ہیں جبکہ سیکیورٹی کے لیے پولیس پیٹرولنگ کرتی رہتی ہے، واکنگ ٹریک میں مختلف رنگوں سے رہنما علامتیں بنی ہوئی ہیں۔

    یہاں سائیکل سواروں کے ٹریک الگ ہیں، آنے جانے والوں کے لیے پارکنگ کا بھی بہترین انتظام ہے۔ سعودی اور مقیم غیر ملکی یہاں آتے وقت کھانے پینے کا سامان بھی ساتھ لاتے ہیں اور کسی ایک جگہ بیٹھ کر فیملی کے ساتھ ڈنر کا شوق بھی پورا کرتے ہیں۔