Tag: جدہ

  • جدہ: 107 سالہ خاتون نے کرونا کو شکست دے دی

    جدہ: 107 سالہ خاتون نے کرونا کو شکست دے دی

    جدہ: سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں 107 سالہ بزرگ خاتون نے کرونا وائرس کو شکست دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ میں سو سال سے زائد عمر کی ایک خاتون کرونا وائرس انفیکشن سے شفایاب ہو گئی ہیں، معمر خاتون کو مشرقی جدہ جنرل اسپتال میں علاج کے لیے رکھا گیا تھا۔

    اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر خالد الغامدی کا کہنا تھا کہ جب معمر خاتون کو اسپتال لایا گیا تو انھیں سانس لینے میں شدید تکلیف لاحق تھی، اسی باعث انھیں اسپتال لایا گیا تھا، جس پر ضعیف خاتون کو فوری طور پر انتہائی نگہداشت یونٹ منتقل کیا گیا۔

    عربی ویب سائٹ سبق کے مطابق اسپتال کے سربراہ نے بتایا کہ خاتون کی صحت کا ابتدائی معائنہ کیے جانے کے بعد ان کا کو وِڈ 19 ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، ٹیسٹ کیا گیا تو کرونا مثبت نکلا، طبی معائنے میں یہ بھی سامنے آیا کہ خاتون کے پھیپھڑوں میں سوجن ہو چکی ہے جس کے باعث انھیں سانس لینے میں سخت دشواری ہو رہی تھی۔

    خاتون کو ان کی حالت کے پیش نظر وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تاکہ انھیں مصنوعی سانسیں فراہم کی جا سکیں، وزارت صحت کی جانب سے بھی خاتون کے خصوصی علاج کی ہدایت جاری کی گئی۔

    ڈاکٹر خالد الغامدی کا کہنا تھا کہ علاج کے ایک ہفتے بعد ہی خاتون کی حالت قابو میں آ گئی جب کہ سانس لینے کی تکلیف بھی ختم ہو گئی، جس پر طبی ٹیم نے ان کا دوبارہ ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا جو منفی نکلا۔

    کرونا انفیکشن سے نجات پانے پر خاتون کو اسپتال کے جنرل وارڈ میں منتقل کیا گیا جہاں وہ روبہ صحت ہیں، تاہم ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ انھیں مزید چند دن طبی نگرانی میں رکھا جائے گا۔

  • جدہ: 30 ملین ریال کا تمباکو ضبط کرلیا گیا

    جدہ: 30 ملین ریال کا تمباکو ضبط کرلیا گیا

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں ایک گودام سے 30 ملین ریال کا ذخیرہ کیا گیا سگریٹ اور تمباکو ضبط کرلیا گیا، مذکورہ مال کا ٹیکس ادا نہیں کیا گیا تھا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں محکمہ زکوٖۃ و آمدنی نے جدہ میں ایک گودام پر چھاپہ مار کر بغیر ٹیکس ادا کیے گودام میں ذخیرہ سگریٹ اور تمباکو ضبط کرلیا۔

    محکمہ آمدنی کے مطابق ضبط کیے جانے والے تمباکو اور سگریٹ کی مالیت 30 ملین ریال ہے اور اس کا ٹیکس ادا نہیں کیا گیا تھا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ تمباکو اور سگریٹ کے تقریباً ایک ہزار کارٹن ضبط کیے گئے، ان پر 90 ملین ریال تک کا جرمانہ ہوگا، بغیر ٹیکس ادا شدہ سگریٹ اور تمباکو ذخیرے کے مالک سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

    تفتیش میں ان فریقین کو بھی شامل کرلیا گیا ہے جنہوں نے تمباکو اور سگریٹ پر ٹیکس نہیں لیا تھا اور سارا سامان بالا ہی بالا گودام میں پہنچا دیا تھا۔

    محکمے نے وارننگ دی ہے کہ ہر طرح کے تمباکو کی مصنوعات پر ٹیکس کی خلاف ورزیوں کا سختی سے نوٹس لیا جائے گا اور کسی سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

  • جدہ میں پارکس اور تفریحی مقامات کھول دیے گئے

    جدہ میں پارکس اور تفریحی مقامات کھول دیے گئے

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے لگائے گئے کرفیو کے خاتمے کے بعد جدہ میں پارکس اور تفریحی مقامات کو بھی کھول دیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پابندیاں ختم کیے جانے کے بعد پارکس اور ساحل کورنیش پر تفریحی مقامات کو بھی عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

    اس سے قبل ملک کے تمام علاقوں میں کووڈ 19 وائرس کی وجہ سے احتیاطی اقدامات کے تحت سماجی فاصلے کے اصول پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے پارکس اور ساحلی تفریحی مقامات کو عوام کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔

    کرفیو کے دوران بلدیہ اور دیگر اداروں کی جانب سے ساحلی پارکوں اور تفریحی مقامات کی از سر نو تزئین اور آرائش کا کام کیا گیا، اس دوران پارکوں میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے کرنے کے علاوہ بیٹھنے کے مقامات کو بھی بہتر کیا گیا ہے۔

    بلدیہ حکام کا کہنا ہے کہ کرفیو کے دوران چونکہ تفریحی مقامات پر لوگ نہیں آرہے تھے اس لیے صفائی اور سینی ٹائزنگ کا کام تیزی سے مکمل کر لیا گیا۔

    واضح رہے جدہ میں عید الفطر کے بعد ساحلی تفریح گاہ ’کورنیش‘ کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا تھا کیونکہ کرفیو کھلتے ہی بڑی تعداد میں لوگ کورنیش پر پہنچ گئے جس کی وجہ سے وہاں سماجی فاصلے کے اصول پر عمل ممکن نہیں رہا تھا۔

    وزارت صحت کی جانب سے سفارشات پر عمل کرتے ہوئے کرونا کے حفاظتی اقدام کے تحت کورنیش پر موجود تفریحی پارکوں کو 24 گھنٹے کی بنیاد پر سیل کر دیا گیا تھا۔

  • جدہ: ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن

    جدہ: ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقررہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ میں پولیس و دیگر متعلقہ اداروں پر مشتمل تفتیشی ٹیم نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقررہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا۔

    جدہ کے مختلف علاقوں میں، جن میں البوادی، البخاریہ، ہنداویہ اور دیگر علاقے شامل تھے، مشترکہ ٹیموں نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقررہ حفاظتی تدابیر جن میں ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے کے اصول کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔

    مشترکہ ٹیموں نے متعدد افراد کے خلاف چالان کیے جنہوں نے ماسک نہیں لگایا ہوا تھا جبکہ ایسے افراد جو ہجوم کی صورت میں کھڑے تھے ان کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔

    وزارت صحت کی جانب سے کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے گھروں سے باہر جاتے وقت ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے، ایسا نہ کرنے والوں کو 1 ہزار ریال جرمانے کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع پر سماجی فاصلے یا دوری کا اصول لاگو ہوتا ہے۔

  • جدہ: حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی پر تاریخی مارکیٹ بند

    جدہ: حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی پر تاریخی مارکیٹ بند

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں حفاظتی اقدامات کی پابندی نہ کیے جانے پر تاریخی مارکیٹ باب مکہ مارکیٹ کو بند کردیا گیا، تفتیشی ٹیموں نے ریڑھیوں پر فروخت کیے جانے والے حفاظتی ماسک بھی ضبط کرلیے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں جدہ میونسپلٹی کے ماتحت تاریخی علاقے میں واقع باب مکہ مارکیٹ کو بلدیہ نے بہت زیادہ رش اور کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی ضوابط کی پابندی نہ کیے جانے پر بند کردیا ہے۔

    باب مکہ مارکیٹ کی بندش کا فیصلہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔

    جدہ تاریخی علاقے کی بلدیہ کے چیئرمین انجینیئر ایمن دیمنہوری نے بتایا کہ بلدیہ نے غیر معمولی بھیڑ کو کنٹرول کرنے اور کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عوامی صحت و سلامتی کی خاطر احتیاطی تدابیر کے طور پر مارکیٹ بند کی ہے۔

    میونسپلٹی کی ٹیموں نے حفاظتی ضوابط پر عمل نہ کرنے پر ایک شاپنگ سینٹر بھی بند کردیا جبکہ 207 دکانوں پر تفتیشی چھاپے مار کر 27 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔

    تفتیشی ٹیموں نے ریڑھیوں پر فروخت کیے جانے والے 1500 حفاظتی ماسک بھی ضبط کرلیے۔

    ایمن دیمنہوری نے توجہ دلائی ہے کہ بلدیہ کے افسران نے پھلوں اور سبزیوں کے تین غیر قانونی گوداموں پر بھی چھاپے مارے جہاں سے 17 ریڑھیاں، 20 ترازو اور 6 ٹن پھل اور سبزیاں ضبط کرلیں۔

  • جدہ سے مزید 251 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    جدہ سے مزید 251 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی ایک اور خصوصی پرواز کے ذریعے جدہ سے مزید 251 پاکستانی مسافر وطن واپس پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی ایک اور خصوصی پرواز پی کے 8732 جدہ سے کراچی پہنچ گئی، پرواز کے ذریعے 251 مسافر سعودی عرب سے پاکستان کے لیے روانہ ہوئے۔

    قونصل جنرل خالد مجید اور ڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹو نے مسافروں کو جدہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے رخصت کیا۔

    اس سے قبل ہفتے کو جدہ سے خصوصی پرواز کے ذریعے 255 افراد اسلام آباد گئے تھے جبکہ جمعرات کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 8764 جدہ سے فیصل آباد گئی تھی، اس پرواز کے ذریعے 147 پاکستانی وطن پہنچے تھے۔

    خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے کرونا وائرس کی وبا کے باعث سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے خصوصی پروازوں کا سلسلہ شروع کیا ہے، اس سلسلے میں یہ جدہ سے آٹھویں پرواز ہے۔ اب تک 17 سو افراد کو پاکستان پہنچایا جا چکا ہے۔

    ریاض اور دمام سے بھی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے، ریاض میں سفارتخانہ پاکستان اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ پی آئی اے کے عملے کے تعاون سے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کے انتظامات کر رہے ہیں۔

  • ناقص انتظامات پر جدہ کے 15 ریستوران سیل

    ناقص انتظامات پر جدہ کے 15 ریستوران سیل

    ریاض: سعودی شہر جدہ میں صفائی کے ناقص انتظامات اور ریستوران کے اندر جانور ذبح کرنے پر 15 ریستوران سیل کردیے گئے، عید کے موقع پر حکام نے ریستورانوں کے جائزہ دوروں کی تعداد بڑھا دی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ میونسپلٹی نے صفائی کے ناقص انتظامات، ریستوران کے اندر جانور ذبح کرنے اور دیگر متعدد خلاف ورزیوں پر 15 ریستوران سربمہر کردیے۔

    میونسپلٹی کے سیکریٹری انجینیئر محمد ابراہیم الزہرانی کا کہنا ہے کہ بند کیے جانے والے ریستورانوں میں سے بعض ضوابط کی پابندی نہیں کر رہے تھے، بعض کا لائسنس ختم تھا جبکہ بعض ایسے بھی تھے جن کے ملازمین کے پاس صحت کارڈ نہیں تھا۔

    ان کے مطابق ریستوران کے کچن میں جانور ذبح کرنا منع ہے، اس ضابطے کا تمام ریستورانوں کو علم ہے تاہم خلاف ورزی کرنے والے متعدد ریستورانوں سے 50 بکرے ضبط ہوئے ہیں۔

    انہوں نے کہا ہے کہ عید کے موقع پر شہری و غیر ملکی گوشت اور مرغی سے بنی متعدد مقامی ڈشز شوق سے کھاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ میونسپلٹی کی تفتیشی ٹیموں نے دوروں کی تعداد بڑھا دی ہے۔

    تفتیشی ٹیمیں ایک طرف رہائشیوں کو فراہم کی جانے والے کھانے پینے کی اشیا کے معیار کا جائزہ لے رہی ہیں تو دوسری طرف طے شدہ ضوابط، معیار اور صفائی کے علاوہ کرونا وائرس سے تحفظ کے لیے دی جانے والی ہدایات کی پابندی کی نگرانی بھی کر رہی ہیں۔

    الزہرانی کا مزید کہنا ہے کہ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو بھی چاہیئے کہ جہاں کہیں خلاف ورزی دیکھیں تو فوری طور پر میونسپلٹی سے رابطہ کریں اور شکایت درج کروائیں۔

  • خصوصی پروازیں: جدہ سے مزید 250 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    خصوصی پروازیں: جدہ سے مزید 250 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے 250 پاکستانی سعودی عرب سے وطن واپس پہنچ گئے، اب تک خصوصی پروازوں کے ذریعے ایک ہزار سے زائد مسافر پاکستان پہنچ چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 758 جمعے کی رات ساڑھے گیارہ بجے جدہ سے کراچی کے لیے روانہ ہوئی، اس پرواز کے ذریعے 250 افراد کو سعودی عرب سے پاکستان بھیجا گیا ہے۔

    یہ جدہ سے پانچویں پرواز تھی، اب تک خصوصی پروازوں کے ذریعے ایک ہزار سے زیادہ مسافروں کو پاکستان بھجوایا جا چکا ہے، ریاض سے بھی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز دمام سے 2 پروازوں کے ذریعے 260 افراد اسلام آباد گئے تھے۔

    خصوصی پروازوں میں وزٹ ویزے، خروج نہائی اور میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے سعودی عرب میں موجود پاکستانیوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

    ریاض میں پاکستانی سفارتخانہ اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    پاکستانی سفارتخانے اور قونصلیٹ کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے لگائی گئی فضائی پابندیوں سے متاثر ایسے پاکستانی جن کے ویزوں کی میعاد ختم ہو رہی ہے یا وہ کسی ایمرجنسی کے باعث وطن واپس جانا چاہتے ہیں وہ اپنے کوائف فراہم کریں۔

  • کرونا وائرس: جدہ میں ہونے والا بین الاقوامی فلم فیسٹول ملتوی

    کرونا وائرس: جدہ میں ہونے والا بین الاقوامی فلم فیسٹول ملتوی

    ریاض: سعودی عرب میں ہونے والا ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کرونا وائرس کے پیش نظر ملتوی کردیا گیا، نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے مدنظر فیسٹول ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیسٹول 12 سے 21 مارچ تک جدہ شہر میں ہونے والا تھا۔

    ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فیسٹیول رواں سال ہی کسی تاریخ میں منعقد کیا جائے گا، جب بھی حالات بہتر ہوں گے فیسٹول کے انعقاد کا اعلان کردیا جائے گا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ التوا کا فیصلہ مشکل تھا، ہمیں اس کا دکھ ہے تاہم کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے یہ مشکل فیصلہ کرنا پڑا۔ اگر یہ رکاوٹ حائل نہ ہوتی تو فیسٹول ضرور ہوتا۔

    یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل سعودی عرب کی 6 مختصر فلمیں نیٹ فلکس پر پیش کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، مذکورہ فلمیں بین الاقوامی ایوارڈز بھی حاصل کر چکی ہیں۔

    مذکورہ فلمیں رواں ماہ کے آخر تک نیٹ فلکس پر 190 ممالک میں دیکھی جاسکیں گی۔

  • سعودی بچیاں پیانو بجانے لگیں

    سعودی بچیاں پیانو بجانے لگیں

    ریاض: سعودی اسکولوں میں حال ہی میں موسیقی کا مضمون شامل کردینے کے بعد 300 بچیوں نے پیانو بجانا سیکھ لیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی اسکولوں میں حال ہی میں موسیقی کا مضمون بھی شامل کردیا گیا ہے جس کے بعد جدہ کے ایک اسکول میں 300 بچیوں نے اس مضمون کے تحت پیانو بجانا سیکھا۔

    ان بچیوں نے نہایت شوق کے ساتھ پیانو کی کلاسیں لیں، ان میں سے 10 نے مہارت سے پیانو بجا کر سرٹیفیکیٹ بھی حاصل کیا۔

    جدہ کے اس اسکول میں گٹار بجانا بھی سکھایا جارہا ہے، یہاں بھی ریکارڈ تعداد میں بچیوں نے دلچسپی ظاہر کی۔ مضمون کے استادوں ثامر خلیل اور عبیر بالبید نے بچیوں کو گٹار بجانا سکھایا۔

    اساتذہ نے پیانو کے ذریعے بچیوں کو میوزک سے متعارف کروایا اور نغمہ سازی کے ہنر سے روشناس کرایا۔ بچیوں کو پیشہ وارانہ انداز میں گٹار بجانے پر اعزاز سے بھی نوازا گیا۔

    ان بچیوں کو میوزک کی ابجد شارجہ میں امریکن یونیورسٹی کے کورس کے مطابق سکھائی گئی۔