Tag: جدہ

  • پی آئی اے کا سعودی عرب کے لیے پروازوں میں اضافہ

    پی آئی اے کا سعودی عرب کے لیے پروازوں میں اضافہ

    کراچی: پاکستان ایئر لائن نے اصلاحاتی پروگرام پر عمل در آمد کرتے ہوئے سعودی عرب کے لیے پروازوں میں مزید اضافےکااعلان کردیا ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اےپشاورسےدمام کیلئےپروازوں کاآغازکررہی ہے جبکہ جدہ اور مدینے کے لیے بھی قومی ایئر لائن پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرے گی جس سے ایئر لائن کے ریونیو میں اضافہ ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلی پرواز19ستمبر کو پشاور سےدمام کے لیے روانہ ہوگی جس کے بعد پی آئی اےکی دمام کے لیے پروازوں کی مجموعی تعداد9ہوجائےگی۔

    بتایا جارہا ہے کہ قومی ایئر لائن آئندہ ماہ پشاورسےمدینہ کے لیے بھی پرواز کا آغاز کررہی ہے اور پشاور سمیت مزید 3پروازوں کا آغاز کیا جائے گا جس کے بعد پاکستان سے مدینہ جانے والی پروازوں کی مجموعی طور پر تعداد 12ہوجائے گی۔

    اسی طرح پی آئی اے مدینہ اور دمام کے ساتھ ساتھ جدہ کے لیے بھی اپنی پروازوں میں اضافہ کررہی ہے، پی آئی اے اس وقت جدہ کے لیے 35پروازیں آپریٹ کر رہی ہے جن میں اضافہ کرکے ان کی تعداد کو 42 تک لے جایا جائے گا۔

    ایئر لائن ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مختلف شہروں سے مدینہ ، جدہ اور دمام جانے والی پروازوں میں اضافے سے پی آئی اے کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔

  • قومی ادارۂ صحت نے حجاج کرام کو کرونا وائرس سے خبردار کر دیا

    قومی ادارۂ صحت نے حجاج کرام کو کرونا وائرس سے خبردار کر دیا

    اسلام آباد: کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیشِ نظر قومی ادارۂ صحت نے حجاج کرام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج سیزن میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارۂ صحت نے حج سیزن میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کا اظہار کر دیا ہے، ادارے کی جانب سے کرونا وائرس سے متعلق ہدایت نامہ بھی جاری کر دیا گیا ہے جو کرونا وائرس کی علامات اور احتیاطی تدابیر پر مشتمل ہے۔

    ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ حج سیزن کے دوران کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے، جب کہ ادارے کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پہلی بار یہ وائرس 2012 میں سعودی عرب میں سامنے آیا۔

    مراسلے کے مطابق کرونا وائرس کے بیش تر کیسز خلیج اور جنوبی کوریا سے سامنے آئے، اب تک اس سے دنیا بھر میں 838 اموات ہو چکی ہیں، تاہم پاکستان میں تاحال کرونا وائرس کا کوئی مریض سامنے نہیں آیا۔

    قومی ادارۂ صحت کے ہدایت نامے میں خبردار کیا گیا ہے کہ حج کے موقع پر کرونا وائرس کے پاکستان منتقلی کے خدشات ہیں، جس کی علامات سانس پھولنا، کھانسی، بخار، نمونیا ہیں، اس کے پھیلاؤ کا اہم ذریعہ اونٹ اور جنگلی جانور ہیں۔

    یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وزارت مذہبی امور کرونا وائرس سے متعلق بر وقت اقدامات کرے، وائرس سے متعلق آگاہی اور معلوماتی کتابچے فراہم کیےجائیں، حجاج کرام کو کیمپوں میں وائرس پر تربیتی سیشنز کرائے جائیں، اور بتایا جائے کہ وہ اونٹوں سمیت جنگی جانوروں کو چھونے سے گریز کریں۔

    ہدایت نامے میں کہا گیا کہ حج میڈیکل مشن کے عملے کو وائرس سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں، حجاج کرام مرض کی علامات ظاہر ہونے پر معالج سے رجوع کریں۔

  • عامر خان نے آسٹریلوی باکسر بلی ڈب کو ناک آؤٹ کردیا

    عامر خان نے آسٹریلوی باکسر بلی ڈب کو ناک آؤٹ کردیا

    جدہ: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے آسٹریلوی باکسر بلی ڈب کو فائٹ کے چوتھے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ کے کنگ عبداللہ اسٹیڈیم میں ہونے والی فائٹ میں پاکستانی نژاد برطانوی باکسنگ چیمپئن عامر خان نے آسٹریلوی باکسر بلی ڈب کو ہرا دیا۔

    پاکستانی نژاد برطانوی باکسر فائٹ کے تینوں راؤنڈز میں آسٹریلوی باکسر پرحاوی رہے اور چوتھے راؤنڈ میں حریف باکسر بلی ڈب کو ناک آؤٹ کردیا۔

    باکسر عامر خان نے فائٹ جیتنے کے بعد کہا کہ یہاں آکر خوشی ہوئی، جدہ میں دوبارہ آؤں گا انہوں نے اسٹیڈیم میں موجود شاہقین کا تھینک یو جدہ کہہ کر شکریہ ادا کیا

    سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فائٹ جیتنے کے بعد باکسر عامر خان کو گلے لگا کر مبارکبادی وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی فائٹ دیکھی۔

    امریکی باکسرٹیرنس کرافورڈ نے باکسرعامرخان کوفائٹ میں ہرا دیا

    یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں امریکی باکسر ٹیرنس کرافورڈ نے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو ویلٹر ویٹ ٹائٹل فائٹ میں شکست دی تھی

  • سعودی عرب نے مکہ کی طرف داغے گئے حوثی باغیوں کے دو میزائلوں کو مار گرایا

    سعودی عرب نے مکہ کی طرف داغے گئے حوثی باغیوں کے دو میزائلوں کو مار گرایا

    ریاض: سعودی عرب کی ایئرڈیفنس فورسز نے حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے طائف کی فضاؤں میں دو بیلسٹک میزائل مار گرائے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی حکام نے بتایا کہ طائف کے علاقے میں دو میزائلوں کو نشانہ بنایا گیا، ایک میزائل کا رخ مکہ اور دوسرے کا رخ جدہ کی جانب تھا۔

    حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے شہر نجران میں بھی دھماکا خیز مواد کے حامل ڈرون طیارے کے ذریعے ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

    حوثی باغیوں کے ترجمان یحییٰ ساریہ نے سعودی دعوے کی سخت الفاظ میں تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مکہ کی جانب کوئی میزائل فائر نہیں کیا گیا سعودی حکومت عوام کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے جھوٹا دعویٰ کررہی ہے۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر 7 ڈرون حملے کیے، حوثی باغیوں کا دعویٰ

    عرب اتحادی فورسز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ بیلسٹک میزائل یمنی حوثیوں کی جانب سے داغا گیا تھا جنہیں ایران کی حمایت حاصل ہے۔

    عرب اتحاد کی فورسز کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کے شہر نجران میں بھی دھماکا خیز مواد کے حامل ڈرون طیارے کے ذریعے ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوششش کی، اس مقام کو سعودی شہری اور غیرملکی مقیم افراد استعمال کرتے ہیں۔

    کرنل ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے سخت جواب دیا جائے گا اور مشترکہ فورسز کی کمان تمام تر جوابی اقدامات کرے گی۔

  • معروف اداکار منیب بٹ اور ایمن خان نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

    معروف اداکار منیب بٹ اور ایمن خان نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

    جدہ: پاکستانی معروف اداکار منیب بٹ اور ان کی اہلیہ ایمن خان نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی اداکار منیب بٹ اور ان کی اہلیہ اداکارہ ایمن خان نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی، منیب بٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر حرم شریف کی تصاویر شیئر کی ہیں۔

    منیب بٹ نے انسٹاگرام پر لکھا کہ ’عمرہ مکمل ہوگیا، عمرے ادا کرنے کے بعد بہت خوش ہوں میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ کیا کہوں، میں خانہ کعبہ کو پہلی دفعہ دیکھا، اللہ اکبر۔‘

    ایمن منیب خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے عمرے کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ رمضان مبارک، محبت پھیلائیں نفرت نہیں۔

    منیب اور ایمن کو مداحوں کی جانب سے مبارک باد دی گئی ہے جبکہ کچھ مداحوں نے انہیں حرم شریف میں تصاویر لینے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا ہے۔

    منیب بٹ نے سعودی عرب روانگی کے قبل بھی اہلیہ کے ہمراہ تصویر شیئر کی تھی۔

    مزید پڑھیں: فاسٹ بولر محمد عرفان نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

    واضح رہے کہ منیب بٹ کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد 1.4 ملین ہے جبکہ ان کی اہلیہ ایمان خان کے مداحوں کی تعداد 3.7 ملین ہے۔

    یاد رہے کہ منیب بٹ اور ایمن خان گزشتہ سال 22 نومبر کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، ان کی طویل ترین شادی کی تقریبات کے سبب بھی مداحوں کی جانب سے کڑی تنقید کی گئی تھی۔

  • فاسٹ بولر محمد عرفان نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

    فاسٹ بولر محمد عرفان نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

    جدہ: قومی کرکٹ ٹیم کے طویل قامت فاسٹ بولر محمد عرفان نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فاسٹ بولر محمد عرفان نے عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد تصویر شیئر کی ہے۔

    محمد عرفان نے نعت کے چند جملے تحریر کیے، ’میں اپنے نبی کے کوچے میں، چلتا ہی گیا، چلتا ہی گیا۔‘

    فاسٹ بولر نے مزید لکھا کہ ’آپ سب کو رمضان مبارک، اللہ پاک آپ سب کے ساتھ محبت اور آسانی کا معاملہ رکھے، آمین۔‘

    محمد عرفان کے مداحوں کی جانب سے انہیں عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر مبارک باد دی گئی اور مداحوں نے کہا کہ ہمیں بھی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں آج پہلی نماز تراویح ادا کی جائے گی اور سعودی شہری کل پہلا روزہ رکھیں گے۔

  • جدہ میں گرلز اسکول پر بندروں کا حملہ، طالبات میں بھگدڑ مچ گئی

    جدہ میں گرلز اسکول پر بندروں کا حملہ، طالبات میں بھگدڑ مچ گئی

    جدہ: سعودی عرب کے شہر جدہ میں واقع گرلز اسکول پر بندروں نے حملہ کردیا جس کے سبب طالبات میں بھگدڑ مچ گئی۔

    عرب میڈیا کے مطابق جدہ کے گنجان آباد علاقے الفیصلیہ میں واقع گرلز اسکول پر بندروں نے حملہ کردیا، بڑی تعداد میں بندر اسکول کی عمارت میں اس وقت گھس گئے جب طالبات بریک ٹائم کے دوران اسکول کے احاطے میں تھیں۔

    بندروں کو دیکھتے ہی طالبات نے شور مچانا شروع کردیا، بعض طالبات نے ڈر کے مارے اسکول سے باہر نکلنے کی کوشش کی مگر انتظامیہ نے انہیں کلاسوں میں بھجوادیا۔

    اسکول کے قریب موجود لوگوں کی مدد سے صورت حال پر قابو پایا گیا، حملہ آور بندر اسکول کی عمارت سے دور چلے گئے، طالبات کے سرپرست اس بات پر حیران ہیں کہ بندر شہر کے اندر کس طرح آسکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: بندروں کا سرکاری عمارتوں پر قبضہ، بھارتی حکومت بے بس

    رپورٹ کے مطابق بعض افراد کا خیال تھا کہ کوئی شخص طائف کے پہاڑی سلسلے سے ان بندروں کو پکڑ کر لایا ہوگا جو اس کے قبضے سے بھاگنے میں کامیاب ہوگئے۔

    طالبات کے والدین کا کہنا ہے کہ ہم نے مذکورہ واقعے کی شکایت جدہ میونسپلٹی اور جدہ سیکریٹریٹ میں درج کرائی مگر کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

    واضح رہے کہ رواں سال فروری میں سعودی عرب کے علاقے بلقرن میں قائم گرلز یونیورسٹی پر بھی بھوکے بندروں نے حملہ کیا تھا، بھوکے بندروں کے حملے کے سبب طالبات خوف و ہراس میں مبتلا ہوگئی تھیں۔

  • حافظ قرآن شوگر ، بلڈ پریشر اور ڈپریشن سے محفوظ رہتے ہیں ، نئی تحقیق

    حافظ قرآن شوگر ، بلڈ پریشر اور ڈپریشن سے محفوظ رہتے ہیں ، نئی تحقیق

    جدہ : تحقیق میں یہ بات سامنے آئی حافظ قرآن افراد کا دماغ عام افراد سے زیادہ قوی ہوتا ہے، جس سے وہ دیگر بیماریوں مثلاََ شوگر ، بلڈ پریشر اور ڈپریشن سے محفوظ رہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قرآن کریم کی کرامات و معجزات بے شمار و لاثانی ہیں جن میں کسی قسم کی شک کی گنجائش ہی نہیں ہوتی ، عظیم آسمانی کتاب میں بنی نوع انسان کی ہدایت و رہنمائی ، اصلاح و بھلائی کے قواعد و ضوابط موجود ہیں ۔

    صدیوں سے علماومفکریں اس عظیم کتاب پر تحقیق کرتے ہیں اور نئے نئے معجزات سامنے آتے ہیں ۔

    سعودی اخبار کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی صوبے القصیم یونیورسٹی کے شعبہ طب میں کی گئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ حافظ قرآن افراد کا دماغ عام افراد سے زیادہ قوی ہوتا ہے، 81 فیصد حفاظ شوگر ، بلند فشار خون کے علاوہ ڈپریشن کا مرض لاحق نہیں ہوتا۔

    قصیم یونیورسٹی کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے کافی عرصے تک متعدد افراد کا جائزہ لیااور تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ وہ افراد جنہوں نے کم از کم 10 سپارے حفظ کررکھے ہیں، ان میں ڈپریشن 81 فیصد ، شوگر 71 فیصد اور بلڈ پریشر کا مرض 64 فیصد ان افراد کے مقابلے میں کم ہے جنہوں نے محض چند صورتیں ہی حفظ کی ہیں ۔

    طبی تحقیقی ٹیم نے بریدہ کی مساجد سے لوگوں کا انتخاب کیا جن کی عمر55 برس اور اس سے زائد تھی۔

  • بھارت کسی کی بات سننے کو تیار نہیں: سیکریٹری خارجہ

    بھارت کسی کی بات سننے کو تیار نہیں: سیکریٹری خارجہ

    جدہ: سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ بھارت کسی کی بات سننے کو تیار نہیں، وزیر اعظم نے پہلی تقریر میں بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے جدہ میں آرگنائزیشن آف اسلامک کو آپریشن (او آئی سی) کشمیر رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا میں آپس کے اختلاف مذاکرات کے ذریعے حل ہوتے ہیں، جنگ اور جنگی جنون مسائل کا ہرگز حل نہیں۔

    سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نہ تو او آئی سی اورنہ ہی انسانی حقوق اداروں کی بات سننے کو تیار ہے، وزیر اعظم نے پہلی تقریر میں بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت ہر روز مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کا خون بہا رہا ہے، بھارت پاکستان کے خلاف اپنی عوام کی نفرت کو ہوا دے رہا ہے۔ بھارت جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے اور اس نے دراندازی بھی کی۔

    تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ او آئی سی ممالک اور اقوام متحدہ بھارتی ہٹ دھرمی کا نوٹس لے، دنیا بھارت کے جنگی جنون پھیلانے کا سخت نوٹس لے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی فوج مضبوط ہے کبھی جنگ کو مسائل کا حل تصور نہیں کیا۔ ہمیشہ خواہش رہی کہ بھارت تمام معاملات میز پر بیٹھ کر حل کرے۔

    یاد رہے کہ آج صبح بھارتی ایئر فورس کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی، پاک فضائیہ کے بروقت ردعمل کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں نے مظفر آباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور مظفر آباد سیکٹر میں 3 سے 4 میل اندر آئے، بھارتی طیاروں نے جلد بازی میں اپنا پے لوڈ کھلے علاقے میں گرایا، تاہم پے لوڈ گرنے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

    آئی ایس پی آر نے بھارتی طیاروں کی جانب سے جلد بازی میں پھینکے گئے پے لوڈ کی تصاویر بھی جاری کردی ہیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پالیسی بیان میں کہا کہ بھارت نے ایل او سی کی خلاف ورزی کی، پاکستان مناسب جواب کا حق محفوظ رکھتا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے لائن آف کنٹرول کی حالیہ صورتحال پر اجلاس بلایا ہے۔

  • جدہ میں پہلے سینیما گھر کا افتتاح، سعودی شہری خوشی سے نہال

    جدہ میں پہلے سینیما گھر کا افتتاح، سعودی شہری خوشی سے نہال

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں پہلے سینیما گھر کا افتتاح کردیا گیا۔

    عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق وی او ایکس سینیما کا افتتاح آلائن بیجانی کے چیف ایگیزیکٹو آفیسر الفطیما نے 28 جنوری بروز پیر کیا، اس موقع پر شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

    رپورٹ کے مطابق جدہ میں 2019 سے 2020 کے دوران پانچ سینیما گھر کھولے جائیں گے، جن میں سے پہلا ریڈ سی مال کمپلیکس میں کھولا گیا جبکہ الاندلس مالک، اسٹار ایونیو، ابحر مال اور المسرۃ مال میں چار سینیما گھر کھولے جائیں گے۔

    جدہ کے ریڈ سٹی مال میں بنائے جانے والے وی او ایکس سینیما میں 12 اسکرینیں نصب کی گئیں جبکہ الاندلس میں 27، اسٹار ایونیو میں 9 اسکرینیں لگائیں جائیں گی، رواں سال کے آخر تک تین سینیما گھروں کا افتتاح کیا جائے گا۔

    عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق آئندہ برس ابحرل مال میں 11 اسکرینوں اور المسرۃ مال میں 6 اسرکین والے سینیما گھر قائم کیے جائیں گے۔

    العربیہ کی رپورٹ کے مطابق سینیما کا افتتاح مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے ہوا، وی او ایکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اعلان کیا کہ اُن کا گروپ آئندہ پانچ برسوں میں 600 سینیما گھر قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس کے لیے 5 ارب 33 کروڑ ڈالر کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ سعودی حکومت وژن 2030 کے تحت مسلسل روشن خیالی کی طرف گامزن ہے، اس ضمن میں خواتین کو نہ صرف خود مختار بنایا جارہا ہے بلکہ انہیں ملازمتوں کے مواقع بھی فراہم کیے جارہے ہیں۔

    یہ بھی یاد رہے سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ایک سال قبل خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دی تھی جس کے بعد بڑی تعداد میں خواتین نے ڈرائیونگ لائسنس بھی بنوایا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس 5 اکتوبر میں سعودی حکومت نے روشن خیالی میں ایک اور قدم آگے بڑھاتے ہوئے سرکاری چینل پر میوزک کنسرٹ نشر کیا تھا جبکہ دسمبر 2018 میں پہلی بار سعودی عرب میں میوزیکل کنسرٹ کا انعقاد بھی کیا گیا تھا۔