Tag: جدید تربیت

  • پاکستانی پولیس افسران کو جدید تربیت کے لیے چین بھجوانے کا فیصلہ

    پاکستانی پولیس افسران کو جدید تربیت کے لیے چین بھجوانے کا فیصلہ

    اسلام آباد (16 جولائی 2025): پاکستانی پولیس افسران کو ٹریننگ کے لیے چین بھجوایا جائے گا انہیں جدید پولیسنگ وٹیکنالوجی کی تربیت دی جائے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے وفد نے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل گاؤ جیانزن کی سربراہی میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں اسلام آباد اور بیجنگ پولیس کے درمیان اشتراک کار بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس اہم ملاقات میں اسلام آباد پولیس کے افسران کو جدید پولیسنگ اور ٹیکنالوجی کی تربیت کیلیے چین بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا جہاں وہ بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ میں تربیتی کورس کریں گے۔ اس موقع پر پولیس افسران کو جدید پولیسنگ اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) کی بھی ٹریننگ دی جائے گی۔

    وزیر داخلہ محسن نقوی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بیجنگ پولیس انتہائی فعال اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس فورس ہے۔ اسلام آباد پولیس وہاں کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھا کر اپنی استعداد کار میں اضافہ کر سکتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں دہشتگردی، منظم جرائم، منشیات اور انسانی اسمگلنگ روکنے کیلیے معلومات کا تبادلہ اہم ہے۔ قیام امن اور ‎جرائم کی سرکوبی کیلیے بیجنگ پولیس کا تعاون اسلام آباد پولیس کیلیے مفید ثابت ہوگا۔ ‏‎‏‎بیجنگ پولیس کی جانب سے اینٹی رائٹ میں بھی تربیت فراہم کرنے کا خیر مقدم کرینگے۔