Tag: جرائم پیشہ افراد

  • کراچی کے پوش علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف سرچ آپریشن

    کراچی کے پوش علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف سرچ آپریشن

    کراچی : شہر قائد کے پوش علاقوں میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کی تلاش میں سرچ آپریشن کیا، کارروائی کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے پوش علاقوں میں منشیات کی فروخت اور اس کے استعمال کو روکنے کیلئے پولیس نے کارروائیاں کیں۔

    پولیس حکام کے مطابق ڈیفنس، کلفٹن کے اطراف چائے خانوں، کافی شاپس اور عوامی مقامات پر سرچ آپریشن کیا گیا۔

    سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، مشکوک افراد کو تھانے منتقل کرکے قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس موقع پر بخاری کمرشل، بدرکمرشل، راحت کمرشل اور سحر کمرشل میں قائم ہوٹلوں کی چیکنگ کی گئی۔

    سرچ آپریشن کے دوران مشتبہ افراد کے کوائف کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے، سرچ آپریشن کے دوران خصوصی ڈیوائس کا استعمال کیا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ کراچی کے نوجوان مصطفیٰ عامر کے اغوا اور قتل کیس میں تحقیقات کے نتیجے میں پولیس کو شہر میں منشیات فروشی سے متعلق متعدد انکشافات ہوئے ہیں۔

    جس کے بعد شہر میں منشیات فروشوں اور منشیات استعمال کرکے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے ان کیخلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : مصطفی عامر قتل کیس، مشہور ٹی وی اداکار کا بیٹا گرفتار

    اس سلسلے میں مشہور ٹی وی اداکار ساجد حسن کے بیٹے سمیت 4 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے، ساجد حسن کے بیٹے سے بھاری مقدار میں لاکھوں مالیت کی منشیات بھی برآمد ہوئی۔

    اعلیٰ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منشیات فروخت کرنے، خریدنے اور استعمال کرنیوالوں کیخلاف آپریشن جاری ہے اور ملزمان سے مصطفیٰ اور ارمغان کے حوالے سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

  • ریلوے پولیس نے 2 مسافروں سے بھاری تعداد میں خطرناک اسلحہ برآمد کر لیا

    ریلوے پولیس نے 2 مسافروں سے بھاری تعداد میں خطرناک اسلحہ برآمد کر لیا

    پشاور: ریلورے پولیس نے 2 مسافروں سے 5 خطرناک خنجر  اور 30 بور پستول کی 100 گولیاں برآمد کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق ریلویز پولیس کی ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہے، پشاور ڈویژن کی ریلوے اسٹیشن پشاور کینٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 2 مسافر کو گرفتار کرلیا۔

    ریلوے پولیس کے ترجمان کے مطابق ملزمان کو ایس ایچ او پشاور جمال عبد الناصر نے شک کی بنا پر چیک کیا، تلاشی لینے پر ملزمان کے قبضے سے خطرناک خنجر اور پستول کی گولیاں برآمد کرلی گئیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم زبیر اور ذیشان خنجروں اور پستول کی گولیوں کو ٹرین خیبر میل کے ذریعے کراچی لیجانا چاہتے تھے، دونوں ملزمان کو ریلویز پولیس نے موقع پر گرفتار کرلیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس پشاور کینٹ میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • بجارانی اورتیغانی قبیلوں کے 20 جرائم پیشہ افراد نے ہتھیار ڈال دیے

    بجارانی اورتیغانی قبیلوں کے 20 جرائم پیشہ افراد نے ہتھیار ڈال دیے

    رینجرز آپریشن کے دوران بجارانی اور تیغانی قبیلوں کے 20 جرائم پیشہ افرادنے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز نے کچے کے علاقے میں ڈاکووں اورجرائم  پیشہ افراد کے خلاف جاری آپریشن میں بڑی کامیابی حاصل کرلی،  آپریشن کے دوران بجارانی اور تیغانی قبیلوں کے 20 جرائم پیشہ افراد نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ہتھیار ڈالنے والے 20 جرائم پیشہ افراد کا تعلق بجارانی قبیلے اور تیغانی قبیلے سے ہے، ان جرائم پیشہ افراد نے رینجرز اور پولیس افسران کی موجودگی میں خود کو گرفتاری کے لیے پیش کردیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتاری دینے والے تمام افراد کو قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    ترجمان رینجرز نے عوام سے ڈاکوؤں کو پناہ دینے والے عناصر اور دیگر بااثر افراد کی نشاندہی کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ  سندھ کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنے میں سندھ رینجرز کی مدد کریں۔

  • اسلام آباد پولیس نے 9 ماہ میں 8 ہزار سے زائد ملزمان گرفتار کر لیے

    اسلام آباد پولیس نے 9 ماہ میں 8 ہزار سے زائد ملزمان گرفتار کر لیے

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے 9 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، اس دوران مختلف جرائم میں ملوث 8623 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق نو ماہ کے دوران آٹھ ہزار سے زاید ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں میں 1084 اشتہاری ملزمان بھی شامل ہیں۔

    ملزمان سے کروڑوں کا مال مسروقہ بھی برآمد کیا گیا، ڈکیتیوں اور سرقہ بالجبر کے 512 ملزمان گرفتار کیے گئے، نقب زنی اور چوری میں ملوث 582 ملزمان گرفتار کیے گئے۔

    ترجمان کے مطابق 109 کار چور گرفتار کیے گئے اور ان سے 131 گاڑیاں برآمد کی گئیں، موٹر سائیکل چوری میں بھی ملوث 168 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  منشیات اسمگلروں کے خلاف کارروائی، اے این پی رہنما کے بیٹوں سمیت 6 گرفتار

    پولیس ترجمان نے بتایا کہ منشیات اور شراب فروشوں کے خلاف بھی مؤثر کریک ڈاؤن کیا گیا، جس میں 1070 منشیات و شراب فروشوں کو گرفتار کیا گیا، اور 314 کلو چرس، 41 کلو ہیروئن، 7 کلو سے زاید افیون برآمد کیا گیا۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ اسلام آباد میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات کے اسمگلروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اے این پی رہنما کے بیٹوں سمیت 6 ملزمان گرفتار کر لیے تھے۔

    ملزمان کو 3 گاڑیوں میں منشیا ت کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا، یہ کارروائی موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب خفیہ اطلاع پر کی گئی تھی۔

    ذرایع نے بتایا تھا کہ کارروائی میں ضلع خیبر کے اے این پی رہنما عمران آفریدی کے 2 بیٹے کامران اور عرفان کو گرفتار کیا گیا۔

  • جرائم پیشہ افراد پر ملک کا پہلا ڈیٹا بینک، انٹر پول بھی مستفید ہو سکے گا

    جرائم پیشہ افراد پر ملک کا پہلا ڈیٹا بینک، انٹر پول بھی مستفید ہو سکے گا

    اسلام آباد: پاکستان نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے میدان میں قدم رکھ دیا، صدر مملکت عارف علوی نے ملک کے پہلے ڈیٹا بینک کا افتتاح کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس فیلڈ میں قدم رکھتے ہوئے پہلا ایسا ڈیٹا بینک قایم کر لیا ہے جو ڈرگ مافیا اور منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کی تفصیلات دے گا۔

    اس سلسلے میں اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے کہا اس ڈیٹا بینک سے اے این ایف دنیا بھر سے منی لانڈرنگ اور منشیات سے متعلق جرائم میں ملوث افراد اور گروہوں کا ڈیٹا حاصل کر سکے گی۔

    شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ سے وابستہ اور ڈرگ مافیا سے جڑے مقامی اور عالمی مجرموں کو اب جرائم سے پہلے ہی گرفتار کیا جا سکے گا، پاکستان اپنی فورسز کو جدید ٹیکنالوجی اور ٹولز سے مسلح کرے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  صوبہ پنجاب میں 6 ماہ کے دوران جرائم میں اضافہ

    انھوں نے کہا کہ جیسے ہی مطلوبہ فرد یا گروہ پاکستان میں لینڈ کرے گا، اس کے خلاف کارروائی ہوگی، انٹرپول اور دیگر عالمی ادارے بھی اس ڈیٹا بیس سے مستفید ہو سکیں گے۔

    شہریار آفریدی نے مزید کہا کہ اب کوئی پاکستان کو ڈومور نہیں کہہ سکے گا، بلکہ پاکستان دنیا کو کہے گا کہ انھیں بہت کچھ کرنا ہے، پاکستان پہلے ہی بہت کر چکا۔

    وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ فیٹف سمیت دیگر عالمی تنظیمیں بھی آگاہ ہیں کہ پاکستان منی لانڈرنگ اور منشیات کے مجرمان کے خلاف اس حد تک گیا ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔

    انھوں نے کہا مجرموں کے ڈیٹا بینک کی معلومات سے ایف آئی اے سمیت دیگر ادارے ای ویزا سمیت دیگر ایشوز پر بھی مدد لے سکتے ہیں۔

  • کراچی پولیس اور رینجرز کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں، 9 گرفتار

    کراچی پولیس اور رینجرز کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں، 9 گرفتار

    کراچی: پولیس اور رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 9 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق مبینہ ٹاؤن پولیس نے یونی ورسٹی روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان گرفتار کیے، ملزمان کار اور موٹر سائیکل لفٹنگ میں ملوث ہیں۔

    [bs-quote quote=”گرفتار ہونے والوں میں گاڑیاں چوری کرنے والے، بھتہ خور اور منشیات فروش شامل ہیں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    ایس ایس پی ملیر نے بتایا کہ ملزمان سے چوری شدہ گاڑی اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے، ملزمان نے مذکورہ گاڑی تھانہ فیروز آباد سے گزشتہ ماہ چوری کی تھی۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے موٹر سائیکل سہراب گوٹھ کے علاقے سے چوری کی، ایس ایس پی ملیر نے بتایا کہ ملزمان گاڑیاں چوری کر کے سستے داموں بیچ دیتے تھے، ملزمان پر ڈکیتی اور چوری کے متعدد مقدمات درج ہیں۔

    دریں اثنا سندھ رینجرز کی طرف سے بھی کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

    رینجرز کے ترجمان نے بتایا کہ رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جن سے اسلحہ، مسروقہ سامان، اور منشیات برآمد کی گئیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ارشاد رانجھانی قتل کیس میں پولیس بھی ملوث ہے: وزیرِ اعلیٰ سندھ

    ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ گرفتار کیے جانے والے ملزمان کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    رینجرز کے مطابق ناظم آباد سے بھتہ خور محمد ساجد قریشی کو گرفتار کیا گیا، سہراب گوٹھ میں مشترکہ کارروائی میں اسٹریٹ کرمنل عبداللہ گرفتار ہوا۔

    ترجمان نے مزید بتایا کہ سرسید سے اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، سچل کے علاقے سے بھی 2 منشیات فروش گرفتار کیے گئے۔

  • جرائم پیشہ افراد بچوں کو ڈھال بنانے لگے، تنویرقتل کیس میں اہم پیشرفت

    جرائم پیشہ افراد بچوں کو ڈھال بنانے لگے، تنویرقتل کیس میں اہم پیشرفت

     

    کراچی : شہر قائد میں اسٹریٹ کرمنلز کمسن بچوں کو واردات کیلئے استعمال کرنے لگے، موٹر سائیکل سوار ملزمان پولیس سے بچنے کیلئے بچے کو درمیان میں بٹھا لیتے ہیں اورپستول بھی بچے کے پاس رکھواتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے گذشتہ سال تیس دسمبر کو اورنگی ٹاؤن میں تنویر نامی نوجوان کے قتل میں اہم پیش رفت حاصل کرلی، 4 رکنی ڈکیت گروہ کے ساتھ پانچواں چھوٹا سہولت کار بھی شامل ہے۔

     اورنگی ٹاؤن میں تنویر نامی نوجوان کو ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے اہم پیش رفت حاصل کرلی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مرکزی ملزم جب موٹرسائیکل سے اترا تو ایک بچہ بھی دونوں ملزمان کے درمیان میں بیٹھا ہوا تھا۔

    پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن اور اطراف کے علاقوں میں 4 رکنی گروہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کر رہا ہے، پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچنے کے لیے ایک بچہ درمیان میں بٹھاتے ہیں، جبکہ ایک موٹرسائیکل پر سوار 2 ملزمان ہمہ وقت بیک اپ پر موجود رہتے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کی وجہ سے ملزمان کو کہیں روکا نہیں جاتا، اس کےعلاوہ ملزمان مزید احتیاط کے طور پر پستول بھی بچے کے پاس رکھواتے ہیں۔

    پولیس کے مطابق تنویرنامی نوجوان کے قتل میں ملوث ملزمان کی شناخت کرلی گئی ہے اور پولیس نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ایک سے دو روز کے اندر ملزمان پولیس کی گرفت میں ہوں گے۔

  • کراچی میں پولیس کی کارروائیاں،28ملزمان گرفتار

    کراچی میں پولیس کی کارروائیاں،28ملزمان گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور قانون فذ کرنے والے اداروں نے کارروائیاں کرکے 28 مشتبہ ملزمان کو حراست میں لے لیا.

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقےگلبہار کے علاقے جاحی مرید گوٹھ میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا،گھر گھر تلاشی کے دوران 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لےکر تفتیش کے لیے منتقل کردیا.

    ادھر لانڈھی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3ملزمان کو گرفتار کرلیا،ملزمان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا.پولیس کے مطابق ملزمان جرائم کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہیں،جن کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی گئی ہے.

    دوسری جانب محمود آباد چنیسر گوٹھ میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے خفیہ اطلاعات پرسرچ آپریشن کیا.

    ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران 5 مشتبہ ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا جنہیں تفتیش کے لیے نامعلوم مقام منتقل کردیا گیا.

    *کراچی پولیس نے آپریشن کے دوران 22 غیر ملکی افراد کو حراست میں لے لیا

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پولیس نے شہرقائد میں آپریشن کے دوران دو درجن سے زائد غیر ملکی باشندوں کو گرفتار کیا تھا.

  • ٹیکنالوجی میں جرائم پیشہ افراد پولیس سے آگے ہیں، آئی جی سندھ

    ٹیکنالوجی میں جرائم پیشہ افراد پولیس سے آگے ہیں، آئی جی سندھ

    کراچی : آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں جرائم پیشہ افراد پولیس سے زیادہ تربیت یافتہ ہیں اورموجود ٹیکنالوجی سے مجرموں کو پکڑنا آسان کام نہیں ہے۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی چیمبرآف کامرس میں تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے میدان میں آنے پر پولیس کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ ہائی پروفائل قتل سے پولیس کا اعتماد بھی متاثر ہوتا ہے، کوئی دہشت گرد ویزا لے کر نہیں آتا،دہشت گرد اپنی سوچ کو نافذ کرنا چاہتے ہیں۔

    اے ڈی خواجہ نے کہا کہ دہشت گردوں سے کسی صورت نہیں ڈریں گے، سسٹم کمزور ہے، ٹیکنالوجی میں کرمنلز پولیس سے آگے ہیں، موجود ٹیکنالوجی سے مجرم کو پکڑنا آسان کام نہیں۔

    آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ سی پی ایل سی کے اعداد وشمار کے مطابق اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں پچھلے آٹھ ماہ میں چوبیس فیصد کمی ہوئی ہے، دوہزار تیرہ سے اب تک اسی ہزار ملزمان پکڑے ہیں۔

    اے ڈی خواجہ نے شکوہ کیا کہ ننانوے فیصد شہری اسٹریٹ کرائم کی ایف آئی آر درج نہیں کرواتے،جس کے باعث مجرم چند ماہ میں واپس سڑکوں پر جرائم کرنا شروع کر دیتے ہیں۔

  • گوادر، کچلاک، ایبٹ آباد سے متعدد دہشت گرد گرفتار

    گوادر، کچلاک، ایبٹ آباد سے متعدد دہشت گرد گرفتار

     خیبر ایجنسی: ملک بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سیکیورٹی اداروں کا کریک ڈاؤن جاری ہیں، ملک کے مختلف شہروں سے کالعدم تنظمیوں کے کارندوں سمیت درجنوں مشتبہ افراد گرفتار کرلئے گئے ہیں۔

    پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق خیبر ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز سے جھڑپ میں اہم شدت پسند کمانڈر مارا گیا اور چار دہشتگرد گرفتار کر لئے گئے، کوئٹہ کے علاقے کچلاک کے قریب حساس اداروں نے کارروائی کرکے بارہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان میں کالعدم تنظیم کا کمانڈر بھی شامل ہے۔

    گوادر کے قریب ایف سی نے کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے سات کارندوں کو گرفتار کرلیا ہے، شدت پسندوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا، مظفر گڑھ میں پولیس نے کالعدم تنظیم کے پانچ دہشت گرد گرفتار کرلئے۔

    ایبٹ آباد سے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے چار ملزمان کو گرفتار کرکے ہری پور جیل منتقل کردیا گیا ہے، بہاولپور پولیس نے کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کا اہم رکن سمیت تین افغان باشندے حراست میں لئے ہیں ۔

    اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی اداروں نے دو سو اسی مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، گرفتار ملزمان میں نو غیر ملکی بھی شامل ہیں۔