Tag: جرائم کی خبریں

  • 6 روز قبل سیکورٹی گارڈ سے اسلحہ چھیننے والا ڈکیت گروہ گرفتار

    6 روز قبل سیکورٹی گارڈ سے اسلحہ چھیننے والا ڈکیت گروہ گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے شاہ فیصل کالونی کی پولیس نے ایک کارروائی میں 4 ملزمان پر مشتمل ڈکیت گروہ گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کالونی پولیس نے 6 روز قبل سیکورٹی گارڈ سے اسلحہ چھیننے والا ڈکیت گروہ گرفتار کر لیا ہے، ملزمان سے دوران ڈکیتی سیکورٹی گارڈ سے چھینا گیا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

    ترجمان کورنگی پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے چھ روز قبل اسلحے کے زور پر سیکورٹی گارڈ سے اسلحہ چھینا تھا، ملزمان کی اسلحہ چھینتے وقت کی ویڈیو بھی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    کورنگی پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان سے 16 موبائل فون، 4 ٹی ٹی پستول اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں، ملزمان میں ارشد، اشہد، وقاص اور محمد عبداللہ شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش درجنوں وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے، ملزمان پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔

    کچرا چننے والے چور کو شہری نے پکڑ کر کھمبے سے باندھ دیا

    خیال رہے کہ آج کراچی کے علاقے عالمگیر روڈ پر ایک کچرا چننے والے چور کو شہری نے پکڑ کر کھمبے سے باندھ دیا، تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کے مطابق چور نے گاڑی کا پچھلا شیشہ توڑ کر اے سی پینل اور ٹی وی نکال لیا تھا۔

  • دعا منگی اغوا: 28 گھنٹے گزر گئے، 10 سے زائد سی سی ٹی وی فوٹیجز مل گئیں

    دعا منگی اغوا: 28 گھنٹے گزر گئے، 10 سے زائد سی سی ٹی وی فوٹیجز مل گئیں

    کراچی: ڈیفنس کراچی سے اغوا کی گئی دعا نثار منگی کو 28 گھنٹے بعد بھی تلاش نہیں کیا جا سکا، کار سواروں نے پیدل چلتی لڑکی کو اغوا کر کے ساتھ چلتے لڑکے کو گولی مار کر زخمی کر دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق دعا منگی کے اہل خانہ نے لاہور کے رہایشی مظفر نامی شخص پر شبہ ظاہر کیا ہے، والدین کا کہنا ہے کہ دونوں دوست تھے اور ان میں کچھ عرصہ پہلے جھگڑا ہوا تھا، دعا اُس رات جس سال گرہ میں گئی تھی وہاں مظفر بھی موجود تھا۔

    دوسری طرف دعا کی تلاش میں کراچی پولیس نے جائے وقوعہ سے 10 سے زائد سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لی ہیں، تفتیشی ذرایع کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کی جیو فینسگ کا عمل بھی جاری ہے، پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم گولی کا خول ملا تھا، جس کی فارنزک رپورٹ آج موصول ہو جائے گی، اس بات پر بھی کام کیا جا رہا ہے کہ ملزمان کس روڈ کی طرف فرار ہوئے، اس سلسلے میں پولیس اور اے وی سی سی کی خصوصی ٹیم کام کر رہی ہے، سی پی ایل سی اور رینجرز کی تفتیشی ٹیمیں بھی کام کر رہی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی، ڈیفنس میں کارسواروں نے لڑکی اغوا کرلی، نوجوان زخمی

    قبل ازیں، پولیس ذرایع نے یہ بھی بتایا تھا کہ تاوان کے لیے تاحال کوئی کال نہیں آئی، جب کہ گھر والوں نے قریبی دوست کے اغوا میں ملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کیا، دعا پرسوں رات دوست کی سال گرہ میں گئی تھی، تقریب کے بعد وہ حارث کے ساتھ واک کرنے ہاہر نکلی، وہ چند ماہ قبل ہی بیرون ملک سے کراچی آئی تھی، دعا کچھ عرصہ قبل تعلیم کے لیے امریکا گئی تھی جہاں مظفر سے اس کی ملاقات ہوئی۔

    اب تک اس واقعے کی متعدد سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے آ چکی ہیں، ایک میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دعا اور حارث خیابان بخاری کی سڑک پر چہل قدمی کر رہے ہیں، دوسری فوٹیج میں ملزمان کو گاڑی کا دروازہ بند کر کے فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں لڑکی اغوا، ویٹر کا بیان سامنے آگیا

    ایک عینی شاہد رکشا ڈرائیور نے پولیس کو بتایا کہ فائر کی آواز سن کر سیکورٹی گارڈ کے ساتھ اس نے دوڑ لگائی لیکن کچھ نظر نہیں آیا۔ زخمی حارث کے والد کا کہنا تھا کہ حارث دوستوں سے ملنے کا کہہ کر گیا تھا، فون پر گولی لگنے کی اطلاع ملی۔ دریں اثنا، حارث کے والد کی مدعیت میں درخشاں تھانے میں اس واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ تفتیشی ٹیم نے قریبی چائے کے ہوٹل کا بھی دورہ کیا، ویٹر کا کہنا تھا کہ دونوں چار ماہ سے ریسٹورنٹ آ رہے تھے، حارث اور دعا کے ساتھ اکثر ایک خاتون اور ہوتی تھیں۔

  • کراچی، ڈیفنس میں کارسواروں نے لڑکی اغوا کرلی، نوجوان زخمی

    کراچی، ڈیفنس میں کارسواروں نے لڑکی اغوا کرلی، نوجوان زخمی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈی ایچ اے بخاری کمرشل میں ملزمان نے فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو زخمی کر دیا جب کہ اس کی ساتھی لڑکی کو اغوا کر کے لے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ اے بخاری کمرشل میں فائرنگ اور لڑکی کے اغوا کے معاملے پر پولیس اور رینجرز کے محکمے متحرک ہو گئے ہیں، آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے ایس ایس پی ساؤتھ سے واقعے کی تفصیلات طلب کر لی ہیں، پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز نے بھی شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔

    آئی جی سندھ نے افسران کو ہدایت کی ہے کہ میڈیا رپورٹس اور عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں قانونی امور کو مؤثر بنایا جائے۔

    یہ واقعہ گزشتہ رات پیش آیا، ڈیفنس میں رات گئے کار سوار ملزمان نوجوان پر فائرنگ کر کے لڑکی کو اغوا کر کے فرار ہو گئے، زخمی ہونے والے نوجوان حارث کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی حارث کی حالت بہتر ہونے کے بعد تفصیلی بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق رات گئے جائے وقوعہ کے اطراف تمام کاروباری مراکز بند تھے، تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے، لڑکی دعا کو ملزمان کس گاڑی میں لے کر فرار ہوئے، حکام اب تک پتا نہ لگا سکے۔

    ایس ایس پی ساؤتھ نے میڈیا کو بتایا کہ واقعے سے متعلق پولیس کی تفتیش جاری ہے، نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوا، فائرنگ کے بعد ملزمان ایک لڑکی کو اغوا کر کے لے گئے، زخمی نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ اغوا ہونے والی لڑکی اس کے ساتھ تھی، وہ واک کر رہے تھے، ایک گاڑی میں کچھ لوگ آئے اور اسے گولی مار کر اس کی دوست کو اغوا کر کے لے گئے، لڑکی اور لڑکا دونوں کورنگی کے رہایشی ہیں۔

    ایس ایس پی انویسی گیشن کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین کے بیانات قلم بند کیے جا رہے ہیں، مغویہ کے اہل خانہ کے مالی حالات سے واقعہ تاوان کا نہیں لگتا، جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔

  • گوجرانوالہ: پیشی پر جانے والے باپ بیٹے سمیت 4 افراد قتل

    گوجرانوالہ: پیشی پر جانے والے باپ بیٹے سمیت 4 افراد قتل

    گوجرانوالہ: پنجاب کی ایک تحصیل نوشہرہ ورکاں میں باپ بیٹے سمیت 4 افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع گوجرانوالہ کی تحصیل نوشہرہ ورکاں میں ملزمان نے کار پر فائرنگ کر کے باپ بیٹے سمیت چار افراد کو قتل کر دیا، پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں اعظم، بیٹا توقیر اور 2 گن مین شامل ہیں، جنھیں پیشی پر جاتے ہوئے نشانہ بنایا گیا، فائرنگ کرنے والے موٹر سائیکل پر سوار تھے۔

    پولیس کے مطابق قتل ہونے والے افراد کی اپنے رشتہ دار اقبال اور دیگر کے ساتھ مقدمے بازی کے معاملے پر دشمنی چل رہی تھی، مقتول اعظم کچھ روز قبل ہی قتل کے مقدمے سے ضمانت پر رہا ہوا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  گوجرانوالہ میں 8 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نوشہرہ ورکاں میں 4 افراد کے قتل کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے، انھوں نے آر پی او گوجرانوالہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی اور واقعے میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتار ی کا حکم بھی جاری کیا۔

    وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

    یاد رہے کہ چند دن قبل گوجرانوالہ میں 8 سالہ معصوم بچی مریم کو مبینہ زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا تھا، پولیس نے شک کی بنیاد پر ہمسائے عبد الغنی کو حراست میں لے کر تفتیش کی تو اس نے قتل کا اعتراف کیا اور اس کی نشان دہی پر کھیتوں سے تین دن پرانی لاش برآمد کی۔

  • اسٹریٹ کرمنل بغدا لے کر کارروائی کرنے لگا

    اسٹریٹ کرمنل بغدا لے کر کارروائی کرنے لگا

    کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرمنل قصائی بن گئے ہیں، بغدا لے کر بے دردی سے کارروائی کرنے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی 11 بی میں ایک اسٹریٹ کرمنل نے سیکورٹی گارڈ پر بغدے سے وار کر کے لوٹ مار کی اور بھاگ گیا۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسٹریٹ کرمنل کرسی پر بیٹھے ہوئے سیکورٹی گارڈ کے ایک ہاتھ پر بغدا مارتا ہے اور اسلحہ چھین کر فرار ہو جاتا ہے۔

    بغدے کے وار سے سیکورٹی گارڈ کا ایک ہاتھ شدید زخمی ہوا، واقعہ اتنا اچانک پیش آیا کہ اسے سنبھلنے کا موقع ہی نہ مل سکا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کم نہ ہوسکیں، رپورٹ جاری

    واضح رہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز پر دعووؤں کے برعکس قابو نہیں پایا جا سکا ہے، کراچی کا ہر دوسرا شخص اسٹریٹ کرائمز کا شکار ہو چکا ہے، کسی کا موبائل چھن جاتا ہے تو کسی کی رقم اور اے ٹی ایم بھی جرائم پیشہ افراد کی شکار گاہ ہیں۔

    سی پی ایل سی نے ماہ اکتوبر کی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق اکتوبر میں کراچی کے شہریوں سے 3468 سے زائد موبائل فون چھینے گئے، 2374 موٹرسائیکلیں چوری اور چھینی گئیں، شہریوں کو 97 گاڑیوں سے محروم کیا گیا۔

  • مردان پولیس سے مقابلے میں دہشت گرد آصف خان ہلاک

    مردان پولیس سے مقابلے میں دہشت گرد آصف خان ہلاک

    پشاور: خیبر پختون خوا کے شہر مردان میں پولیس سے مقابلے کے دوران دہشت گرد آصف خان ہلاک ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع مردان کی پولیس کے ساتھ انکاؤنٹر میں خطرناک دہشت گرد آصف خان مارا گیا، ڈی پی او کا کہنا ہے کہ آصف خان اے ایس آئی سمیت 6 افراد کے قتل میں پولیس کو مطلوب تھا۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے میڈیا کو بتایا کہ مقابلے میں ہلاک دہشت گرد آصف خان بھتہ خوروں کا سرغنہ بھی تھا، دہشت گرد سے کلاشنکوف، میگزین اور نشہ آور دوائیں بھی برآمد ہوئیں۔

    واضح رہے کہ تین دن قبل کے پی پولیس نے کہا تھا کہ خیبر پختون خوا میں رواں سال کے 10 مہینوں کے دوران دہشت گردی اور دیگر جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی، صوبے میں رواں سال کے پچھلے 10 ماہ جرائم کی روک تھام اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے انتہائی تسلی بخش رہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بنوں: سی ٹی ڈی اہل کار فائرنگ سے شہید

    پختون خوا پولیس کے مطابق دس ماہ کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی جو کہ صوبے میں بہترین پولیسنگ کی آئینہ دار ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے خیبر پختون خوا کے ضلع بنوں کے علاقے منجہ خیل میں فائرنگ سے ایک سی ٹی ڈی اہل کار شہید ہو گئے تھے، اہل کار میر شہباز دفتر جانے کے لیے گھر سے نکلے تو نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائر کھول دیا، جس سے وہ موقع ہی پر شہید ہو گئے۔

  • تین سال میں 14 مرتبہ گرفتار ’دہشت کی علامت‘ ایک بار پھر گرفتار

    تین سال میں 14 مرتبہ گرفتار ’دہشت کی علامت‘ ایک بار پھر گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں دہشت کی علامت سمجھا جانے والا ساجد کالا گرفتار کر لیا گیا ہے، سیف عرف ساجد کالا کا کریمنل ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات شاہ فیصل پولیس نے اہل کاروں پر حملے کے دوران سیف عرف ساجد کالا کو گرفتار کیا تھا، آج پولیس نے ملزم کا مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔

    ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ چاچڑ نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم کی فائرنگ سے ایک پولیس اہل کار خمی ہوا تھا، ملزم دہشت گردی، قتل، اقدام قتل اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے، سیف عرف ساجد کالا 2014 سے 2017 تک 14 مرتبہ گرفتار ہو چکا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی پولیس کی بڑی کارروائی، 96 افراد کا قاتل گرفتار

    پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ملزم کارروائی کے دوران فائرنگ کرنے سے بھی نہیں ہچکچاتا تھا، ملزم نے ساتھی کے ہمراہ کورنگی کے اسپتال میں لوٹ مار کی تھی، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی ملزم کو شناخت کر لیا۔

    فیصل عبداللہ چاچڑ نے کہا کہ ملزم نے 2019 میں پولیس اہل کار سے اسلحہ بھی چھینا تھا، سیف عرف ساجد کالا نے چھینے پستول کا نمبر مٹا کر اسے تبدیل کر دیا تھا، پولیس اہل کار نے بھی گرفتار ملزم کو شناخت کر لیا۔

    یاد رہے کہ 20 نومبر کو ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے ایک کارروائی کے دوران 96 افراد کے قاتل کو گرفتار کر لیا تھا، ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے والا کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔

  • مقامی اخبار کے دفتر میں کام کرنے والی عروج قتل، سابق شوہر پر الزام

    مقامی اخبار کے دفتر میں کام کرنے والی عروج قتل، سابق شوہر پر الزام

    لاہور: قلعہ گجر سنگھ میں مقامی اخبار کے دفتر میں فائرنگ سے لڑکی جاں بحق ہو گئی، جس کی شناخت 25 سالہ عروج کے نام سے ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے قلعہ گجر سنگھ میں ایک اخبار کے دفتر میں کام سیکھنے والی نوجوان لڑکی عروج کو گزشتہ رات فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، مقتولہ کے سر میں گولی ماری گئی، ورثا نے سابق شوہر پر قتل کا الزام لگا دیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 25 سالہ خاتون عروج کے قتل کا مقدمہ مقتولہ کے بھائی یاسر کی مدعیت میں تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں درج کر دیا گیا ہے، خاتون کی لاش کو بھی مردہ خانے منتقل کر دیا گیا، ورثا نے الزام لگایا ہے کہ عروج کو سابق شوہر دلاور نے قتل کیا۔

    پولیس کے مطابق مقتولہ نے 7 ماہ قبل دلاور نامی شخص سے پسند کی شادی کی تھی، دلاور اور عروج مقامی اخبار کے دفتر میں کام کرتے تھے، ذاتی رنجش کے باعث کچھ عرصہ قبل دونوں میں علیحدگی ہوئی، عروج نکلسن روڈ پر ایک فلیٹ میں رہایش پذیر تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:   قتل ہونے والی 15 سالہ عائشہ کے قاتل تا حال آزاد

    پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ مقامی اخبار کے دفتر میں پیش آیا، عروج کو گولی مار کر قتل کیا گیا، واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ ستمبر میں پنجاب کے شہر نارووال میں 15 سالہ عائشہ کو قتل کر دیا گیا تھا، تھانہ صدر کی حدود میں کھیتوں سے ایک لڑکی کی تشدد زدہ لاش ملی تھی، بعد ازاں معلوم ہوا کہ لڑکی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا۔

  • پستول خاتون کے ہاتھ میں آ گیا، گولی چلنے سے رکشا ڈرائیور جاں بحق

    پستول خاتون کے ہاتھ میں آ گیا، گولی چلنے سے رکشا ڈرائیور جاں بحق

    کراچی: ڈیفنس راحت کمرشل میں فائرنگ سے رکشا ڈرائیور کی موت کے واقعے کا ڈراپ سین ہو گیا، خاتون سمیت 2 افراد گرفتار کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فائرنگ سے ایک رکشا ڈرائیور کی موت واقع ہو گئی تھی، جس کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ اسے ڈاکوؤں یا رنگ ساز کی گولی لگی۔

    تاہم پولیس کی تفتیش کے دوران واقعے کا ڈراپ سین ہو گیا، رکشا ڈرائیور کی موت ڈاکوؤں یا رنگ ساز کی گولی سے نہیں ہوئی، بلکہ گھر میں موجود خاتون کی فائرنگ سے رکشا ڈرائیور کی جان گئی۔

    ایس ایس پی شیراز نذیر نے میڈیا کو بتایا کہ خاتون کے پاس اس کے کزن سجاول کا پستول تھا، سجاول گھر کے اندر اور باہر رنگ کا کام کر رہا تھا، اس دوران رکشا ڈرائیور بچوں کو لے کر گھر میں داخل ہوا، خاتون نے رکشا ڈرائیور کی جانب پستول کیا تو اچانک چل گیا، جس سے ڈرائیور جاں بحق ہو گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  خاتون کے ہاتھ میں سونا دیکھ کر اندازہ لگا لیتا ہوں اصلی ہے یا نقلی: گرفتار رکشا ڈرائیور

    پولیس نے خاتون کے ساتھ اس کے کزن کو بھی گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا، ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ مقدمہ قتل خطا کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی پولیس نے انکشاف کیا تھا کہ شہر قائد میں رکشا ڈرائیوروں کا ایک گروہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہے، اس سلسلے میں فرئیر پولیس کے ہاتھوں گرفتار رکشا ڈرائیور نے سنسنی خیز انکشافات کیے تھے۔

    ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقوں میں وارداتیں کرنے والے رکشا ڈرائیور وقاص نے اعترافی بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ خاتون کے ہاتھ میں سونا دیکھ کر اندازہ لگا لیتا تھا کہ اصلی ہے یا نقلی۔ دہلی کالونی میں خاتون پر تشدد کر کے چوڑیاں بھی اتروائی تھیں، سڑک پر خواتین کو دیکھ کر اندازہ لگایا کرتے تھے کس کے پاس مال زیادہ ہوگا۔

  • چونیاں: گھر میں گھسنے والے ڈاکوؤں کی درگت بن گئی

    چونیاں: گھر میں گھسنے والے ڈاکوؤں کی درگت بن گئی

    چونیاں: پنجاب کے تاریخی شہر چونیاں میں لوٹ مار کے لیے ایک گھر میں گھسنے والے ڈاکوؤں کی مراد بر نہیں آئی، الٹا ان کی دُرگت بن گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چونیاں کے علاقے الہ آباد کے نواحی گاؤں میں ایک گھر میں گھسنے والے تین ڈاکو اہل محلہ کے ہتھے چڑھ گئے، علاقہ مکینوں نے ڈاکوؤں کی درگت بنا کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    تین ڈاکوؤں نے گاؤں کے رہایشی مقصود کے گھر میں گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بھی بنا لیا تھا تاہم گھر والوں نے شور مچا دیا، جسے سن کر علاقہ مکین اکھٹے ہو گئے۔

    محلے والوں نے ڈاکوؤں کو پکڑ کر زد و کوب کیا، تشدد کے بعد ڈاکوؤں کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا، پولیس حکام کے مطابق ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سانحہ چونیاں کے ملزم سہیل شہزاد نے ایک اور بچے کے قتل کا اعتراف کر لیا

    یاد رہے کہ ستمبر 2019 میں قصور کی تحصیل چونیاں میں ویران جگہ سے لا پتا بچوں‌ کی مسخ شدہ لاشیں برآمد ہوئی تھیں، اس کیس کے منظر عام پر آنے کے بعد پورے ملک میں سنسنی پھیل گئی تھی، بچوں کی لاشوں میں سے ایک لاش مکمل جب کہ دو کے صرف اعضا اور ہڈیاں ملی تھیں، وزیر اعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے غفلت برتنے پر ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو معطل اور ڈی پی او قصور کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

    بعد ازاں 26 ستمبر کی رات تفتیشی ٹیم نے جیو فرانزک کی مدد سے پنجاب کے علاقے رحیم یار خان میں کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کیا تھا، جس کی شناخت سہیل شہزاد کے نام سے ہوئی تھی۔ سہیل نے تفتیش کے دوران مختلف اوقات میں مجموعی طور پر 5 بچوں کے قتل کا اعتراف کیا تھا۔