Tag: جرائم کی خبریں

  • شوہر نے ہتھوڑے مار کر بیوی کو جان سے مار دیا، معصوم بیٹیاں زخمی

    شوہر نے ہتھوڑے مار کر بیوی کو جان سے مار دیا، معصوم بیٹیاں زخمی

    فیصل آباد: پنجاب میں ایک شقی القلب شوہر نے نہ صرف بیوی بلکہ اپنی دو معصوم بچیوں پر بھی ہتھوڑے سے حملہ کر دیا، جس میں بیوی جاں بحق ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے رسول پورہ میں شوہر نے ہتھوڑے سے حملہ کر کے بیوی کو جان سے مار دیا، جب کہ 2 معصوم بیٹیاں زخمی ہو گئیں۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں یہ واقعہ گھریلو جھگڑے کے باعث پیش آیا، شوہر ریاض نے جھگڑے کے بعد بیوی اور بیٹیوں پر تشدد کیا اور ہتھوڑے سے حملہ کر دیا۔

    واقعے کے بعد باپ کے ہاتھوں زخمی بچیوں کو کھرڑیانوالا کے ہیلتھ سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ شوہر کی گرفتاری کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

    تازہ ترین:  بجلی کا کرنٹ لگا کر شوہر کو قتل کرنے والی بیوی گرفتار

    ادھر کراچی میں حاملہ بیوی نے اپنے شوہر کو مبینہ طور پر بجلی کا کرنٹ لگا کر قتل کر دیا، پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزمہ کو 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    مقتول شوہر کے بھائی نے الزام لگایا تھا کہ ملزمہ نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کو قتل کیا۔ آلۂ قتل کے بارے میں کہا گیا کہ واردات کے لیے بجلی کے کرنٹ کا استعمال کیا گیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے حکم دیا کہ ملزمہ سے وومین ایس ایچ او کی موجودگی میں تفتیش کی جائے۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ نے واضح کیا کہ ملزمہ چوں کہ خاتون ہے اس لیے تفتیش خاتون ایس ایچ او کی موجودگی میں ہوگی، نیز ملزمہ حاملہ ہے اس لیے انسانی حقوق کی بنیاد پر صحت کا بھی خیال رکھا جائے۔

  • خان پور: 5 اوباش نوجوانوں کی 13 سالہ یتیم لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی

    خان پور: 5 اوباش نوجوانوں کی 13 سالہ یتیم لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی

    خان پور: ضلع رحیم یار خان کی تحصیل خان پور میں 5 اوباش نوجوانوں نے 13 سالہ یتیم لڑکی کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا لیا، متاثرہ لڑکی انصاف کے لیے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خان پور سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے فیاض بلوچ نے رپورٹ دی ہے کہ یتیم لڑکی مبینہ اجتماعی زیادتی کا شکار بننے کے بعد انصاف کی منتظر ہے۔

    متاثرہ لڑکی خان پور کے علاقے بستی دھکڑاں غریب آباد کی رہایشی ہے، چھٹی کلاس کی طالبہ 13 سالہ یتیم لڑکی زارا سعید اسکول سے واپسی پر اپنا ہوم ورک مکمل کرنے کے بعد گھر کے کام کاج میں بھی اپنی بیوہ ماں کا ہاتھ بٹاتی تھی۔

    علاقے کے رہایشی 5 افراد نے یتیم بچی زارا کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جس کے بعد غریب فیملی کی ہنستی مسکراتی زندگی میں طوفان برپا ہو گیا۔

    تازہ ترین:  سکھر: پیش امام کی بچی سے زیادتی کی تصدیق ہو گئی، عدالت میں پیش

    متاثرہ خاندان نے انصاف کے حصول کے لیے مقامی پولیس سے رابطہ کیا تو با اثر ملزمان نے گینگ ریپ کے مقدمے کو اغوا کی کوشش کے مقدمے میں تبدیل کروا دیا جس کے باعث یتیم بچی کو انصاف ملتا نظر نہیں آ رہا۔

    اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی یتیم بیٹی کی بیوہ ماں نے حکمرانوں سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    واضح رہے کہ صوبہ سندھ کے شہر سکھر کے علاقے پنو عاقل میں بھی ایک مسجد کے پیش امام نے بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کی، جسے گرفتار کر لیا گیا ہے، آج اس افسوس ناک واقعے کی تصدیق بھی ہو گئی۔

  • کراچی: ابراہیم حیدری میں سب انسپکٹر اور بیٹوں کی فائرنگ سے 5 افراد زخمی

    کراچی: ابراہیم حیدری میں سب انسپکٹر اور بیٹوں کی فائرنگ سے 5 افراد زخمی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ابراہیم حیدری میں پولیس سب انسپکٹر اور بیٹوں کی فائرنگ سے 5 افراد زخمی ہو گئے ہیں، جنھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں ایک واقعے میں پانچ افراد زخمی ہو کر اسپتال پہنچ گئے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ یہ افراد پولیس ہی کے ایک افسر کی فائرنگ اور چھری کے وار سے زخمی ہوئے۔

    پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے پانچوں افراد عنایت، غلام اللہ، جاوید، تمیز، عطا محمد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ واقعے میں ملوث سب انسپکٹر ارشاد اور اس کے بیٹوں محمد حکم، محمد شیراز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہے، گرفتار سب انسپکٹر تھانہ بلوچ کالونی میں تعینات ہے، پولیس افسر نے بیٹوں کے ساتھ مل کر مذکورہ افراد کو زخمی کیا، اس سلسے میں شواہد اور عینی شاہدین کے بیانات اکھٹے کیے جا رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسٹریٹ کرائمز میں 7 فی صد کمی ہوئی ہے: آئی جی سندھ کلیم امام

    واضح رہے کہ آج آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے کہا ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز میں 7 فی صد کمی ہوئی ہے، دہشت گردی کی 252 الرٹس جاری کی گئیں جنھیں ہم نے ختم کیا ہے۔

    گزشتہ روز ضلع وسطی میں ایکسائز انسپکٹر کو بھی بھتے کی پرچی ملی، جس کے بعد میڈیا رپورٹس پر آئی جی سندھ کلیم امام نے ڈی آئی جی سی آئی اے سے پولیس اقدامات پر رپورٹ طلب کی۔

    بھتہ خوروں نے ایکسائز انسکپٹر کو ان کے گھر پر بھتے کی پرچی کے ساتھ گولی بھی بھیج دی تھی، انھوں نے نارتھ ناظم آباد تھانے میں درخواست جمع کرائی تو پولیس نے کہا کہ دوبارہ ملزمان کی کال آئے گی تو مقدمہ درج کیا جائے گا۔

  • چونیاں کیس: ملزم نے والدین کے سامنے قتل کی لرزہ خیز تفصیلات بیان کر دیں

    چونیاں کیس: ملزم نے والدین کے سامنے قتل کی لرزہ خیز تفصیلات بیان کر دیں

    لاہور: چونیاں میں 4 بچوں سے زیادتی اور قتل کرنے والے ملزم سہیل کو بچوں کے والدین کے سامنے الگ الگ پیش کیا گیا، ملزم نے قتل کی لرزہ خیز تفصیلات بچوں کے والدین کے سامنے بیان کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ پولیس نے چونیاں کیس کے ملزم کو بچوں کے والدین کے سامنے پیش کیا، ملزم نے قتل کی لرزہ خیز واردات سے پردہ اٹھایا، اس نے والدین کے سامنے بچوں کے قتل کی روداد بیان کرتے ہوئے کہا قتل کرنے کے تمام واقعات میں اکیلا تھا۔

    ملزم نے بتایا کہ بچوں کو زیادتی اور قتل کے بعد گڑھے میں پھینک دیتا تھا، جس کے بعد آوارہ جانور بچوں کے جسموں کو کھا لیتے تھے، حیوانیت جاگنے پر جو بچہ سامنے آتا تھا اسے نشانہ بنا لیتا تھا۔

    ذرایع کے مطابق ملزم سے ملاقات آر پی او شیخوپورہ کے آفس میں کرائی گئی، جے آئی ٹی ممبر ایس پی انویسٹی گیشن اور بچوں کے وکیل بھی موجود تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  چونیاں‌ کیس، ملزم 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    بتایا گیا کہ ملزم سہیل نے پہلے بھی جیل کاٹی، سزا کے خوف سے بچوں کو قتل کرتا رہا، اس ملاقات کا مقصد بچوں کے والدین کا ابہام دور کرنا تھا، پولیس کے مطابق چالان پیش کرنے میں تاخیر کی وجہ ڈی این اے ٹیسٹ کی تفصیلی رپورٹ ہے، ابتدائی ڈی این اے رپورٹ میں ہڈیاں میچ کر گئیں، تفصیلی رپورٹ کے بعد چالان عدالت میں پیش کر دیں گے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کی 64 ہڈیاں ملیں، ملزم سے رکشہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

    واضح رہے گزشتہ ماہ ستمبر میں قصور کے ضلع پتوکی کے علاقے چونیاں میں ویران جگہ سے لاپتا بچوں‌ کی مسخ شدہ اور نامکمل لاشیں برآمد ہوئی تھیں، جس کے بعد واقعے پر وزیر اعظم نے بھی نوٹس لیا۔

  • جرائم میں ملوث سندھ پولیس کے 34 افسران و اہل کار گرفتار کیے گئے

    جرائم میں ملوث سندھ پولیس کے 34 افسران و اہل کار گرفتار کیے گئے

    کراچی: جرائم کو روکنے والے ہی جرائم میں ملوث نکلے، سندھ پولیس کی جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 3 ماہ میں 49 افسران اور اہل کاروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کی جاری کردہ ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پولیس کے 49 اہل کاروں کے خلاف جرائم میں ملوث ہونے پر مجموعی طور پر 19 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔

    پولیس نے ان مقدمات میں نامزد 34 افسران اور اہل کاروں کو گرفتار کیا، جب کہ مقدمات میں نامزد 15 دیگر اہل کاروں کو تا حال گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

    بتایا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان میں ایس ایچ او سے لے کر کانسٹیبل تک شامل ہیں، رپورٹ کے مطابق اہل کار دہشت گردی، بھتہ خوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

    تازہ ترین:  گٹکے کا استعمال، کراچی میں منہ کے کینسر کی ہولناک شرح پر عدالت حیران

    سرکاری مال میں خیانت، دھوکا دہی اور جعلی مقابلوں میں بھی پولیس اہل کار ملوث نکلے، گٹکا مافیا، منشیات سمیت دیگر جرائم میں بھی پولیس کی سرپرستی کا انکشاف ہوا۔

    ادھر کراچی میں جرائم پیشہ عناصر بھی بے قابو ہو چکے ہیں، آج ایف بی ایریا میں 2 موٹر سائیکل سواروں نے شہری کو لوٹ لیا، شہری سے لوٹ مار کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اے آر وائی نیوز پر چلائی گئی۔

    دوسری طرف آج سندھ ہائی کورٹ میں گٹکے کی فروخت پر پابندی سے متعلق توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے کہا کہ گٹکا جیسی خطرناک چیز فروخت کرنے میں بھی پولیس اہل کار ملوث ہیں، لگتا ہے پولیس والوں کی روٹی اسی سے چل رہی ہے، پولیس اہل کار دھندے سے کروڑوں روپے کما رہے ہیں۔

    سندھ ہائی کورٹ میں گٹکے کے خلاف دائر درخواست میں آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام اور دیگر حکام بھی نامزد ہیں۔

  • کراچی حیدری میں 2 لاکھ کی ڈکیتی کا ڈراپ سین، پرائیویٹ گارڈ ملوث نکلا

    کراچی حیدری میں 2 لاکھ کی ڈکیتی کا ڈراپ سین، پرائیویٹ گارڈ ملوث نکلا

    کراچی: ڈسٹرکٹ سینٹرل حیدری میں ڈکیتی کا ڈرامائی طور پر ڈراپ سین ہوا ہے، 2 لاکھ کی ڈکیتی میں پرائیویٹ گارڈ ملوث نکلا۔

    تفصیلات کے مطابق 2 روز قبل کراچی کے علاقے حیدری میں دو لاکھ روپے کی ڈکیتی ہوئی تھی، معلوم ہوا تھا کہ نجی گارڈ سے ڈاکوؤں نے دو لاکھ روپے لوٹ کر اس کی ٹانگ پر گولی مار دی تھی۔

    پولیس کی تفتیش کے بعد آج ایس ایس پی سینٹرل نے میڈیا کو بتایا کہ 2 روز پہلے مبینہ ڈکیتی کی واردات میں نجی سیکورٹی گارڈ شیر محمد خود ہی ماسٹر مائنڈ نکلا ہے۔

    پولیس افسر عارف اسلم راؤ کے مطابق مبینہ ڈکیتی میں سیکورٹی گارڈ کی ٹانگ میں گولی لگی تھی، واردات میں 2 لاکھ روپے اور گارڈ کا اسلحہ بھی چھیننے کا بتایا گیا تھا۔

    ملزم کو دکان مالک نے 2 لاکھ روپے بینک میں جمع کرانے کے لیے دیے، تاہم پیسے دیکھ کر ملزم نے مجرمانہ پلاننگ کی، خالی جگہ دیکھ کر خود پر گولی چلائی اور پستول بھی غائب کر دیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی پولیس کی کارروائی، جعلی صحافی اور سرکاری املاک چرانے والے گرفتار

    پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے بعد اصل ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 1 لاکھ 45 ہزار روپے بر آمد کر لیے گئے ہیں۔

    واضح رہے آج کراچی سچل پولیس کی مختلف کارروائیوں میں 17 ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں، ملزمان سے اسلحہ، گٹکا، فلیورڈ تمباکو، اور شیشہ بار کا دیگر سامان ضبط کر لیا گیا، پولیس کے مطابق ملزمان علاقے میں مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث تھے۔

    ادھر عید گاہ پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ایک شہری کو گرفتار کر لیا ہے، گرفتار شہری کاٹھ کباڑ سڑک پر پھینک رہا تھا، ایس ایس پی سٹی مقدس حیدر نے بتایا کہ کچرا پھینکنے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عاید ہے، گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

  • نارووال: 15 دن قبل قتل ہونے والی 15 سالہ عائشہ کے قاتل تا حال آزاد

    نارووال: 15 دن قبل قتل ہونے والی 15 سالہ عائشہ کے قاتل تا حال آزاد

    نارووال: پنجاب کے شہر نارووال میں 15 دن قبل قتل ہونے والی 15 سالہ عائشہ کے قاتل تا حال آزاد گھوم رہے ہیں، عائشہ کے والد کا کہنا ہے کہ پولیس پندرہ دن بعد بھی قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پندرہ دن قبل نارووال میں تھانہ صدر کی حدود میں کھیتوں سے ایک لڑکی کی تشدد زدہ لاش ملی تھی، پولیس کا کہنا تھا کہ 15 سال کی لڑکی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کیا گیا ہے۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق دسویں جماعت کی طالبہ عائشہ سیالکوٹ نواپنڈ سے 1 ماہ قبل اغوا ہوئی تھی، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ عائشہ نے گھر سے بھاگ کر عدنان سے پسند کی شادی کی، لڑکی 7 ستمبر کو عدالت میں پیش ہوئی اور اپنے اغوا کی تردید کی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  نارووال، ڈمپر اسکول رکشے پر الٹ گیا، رکشہ ڈرائیورسمیت 8 بچے جاں بحق

    عائشہ کے والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روز تھانے کے چکر لگاتے ہیں، پولیس کہتی ہے قاتلوں کو جلد گرفتار کر لیں گے۔

    میٹرک کی طالبہ 15 سالہ عائشہ کو سر پر گولی مار کر قتل کیا گیا تھا، عائشہ کی لاش نارووال کے علاقے جمن چندووال کے کھیتوں سے ملی تھی۔

    یاد رہے کہ 4 ستمبر کو نارووال میں سسرالیوں کے ہاتھوں مبینہ طور پر جھلسنے کے بعد خاتون دم توڑ گئی تھی، یہ واقعہ گاؤں جھگیاں میں پیش آیا تھا، اہل خانہ کا کہنا تھا متاثرہ لڑکی لاہور کے اسپتال میں زیر علاج تھی، لڑکی نے مرنے سے قبل بیان دیا کہ مجھ پر پٹرول چھڑک کر آگ لگائی اور تشدد کیا گیا تھا۔

  • کراچی پولیس کی کارروائی، جعلی صحافی اور سرکاری املاک چرانے والے گرفتار

    کراچی پولیس کی کارروائی، جعلی صحافی اور سرکاری املاک چرانے والے گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں پولیس نے مختلف کارروائیوں میں ایک جعلی صحافی اور سرکاری املاک چوری میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے اورنگی ٹاؤن میں ایک کارروائی کے دوران جعلی صحافی کو گرفتار کر لیا، ملزم عمر فاروق عرف بابو جعلی صحافی بن کر 5 لاکھ کا بھتا طلب کر رہا تھا۔

    ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ ملزم کے گروہ میں اور بھی جعلی صحافی موجود ہیں، جن کے خلاف جلد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ایک اور کارروائی میں کراچی کے علاقے فیروز آباد میں سرکاری املاک کی چوری میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزمان زیر زمین بچھائے گئے پی ٹی سی ایل کے کیبل چوری کرتے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  چمن دھماکا، جے یو آئی کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں‌ بحق

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کیبل میں موجود تانبا، سلور اور دیگر مٹیریل فروخت کرتے تھے، ملزمان کے قبضے سے کئی فٹ کے 29 کیبل برآمد کیے گئے، جب کہ ایک گاڑی بھی تحویل میں لی گئی ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے بہادر آباد، فیروز آباد، نیو ٹاؤن، شرف آباد اور دیگر علاقوں میں وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے۔

    دوسری طرف آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے کوئٹہ چمن تاج روڈ بلاسٹ کے تناظر میں سندھ پولیس کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے احکامات جاری کیے ہیں کہ سیکورٹی اقدامات سخت کیے جائیں اور انتہائی چوکنا اور مستعد رہا جائے۔

    آئی جی سندھ نے ممکنہ حساس علاقوں میں انٹیلی جینس بڑھانے، تھانوں کی سطح پر روابط مربوط کرنے، پیٹرولنگ، پکٹنگ، ناکہ بندی سخت بنانے، رینڈم اسنیپ چیکنگ کے حوالے سے مخصوص پوائنٹس بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

  • لاہور: خاتون کو کرنٹ لگا کر قتل کر دیا گیا، بھائی نے بھائی کی جھونپڑی جلا دی، بچہ جاں بحق

    لاہور: خاتون کو کرنٹ لگا کر قتل کر دیا گیا، بھائی نے بھائی کی جھونپڑی جلا دی، بچہ جاں بحق

    لاہور/ عارف والا: لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں خاتون کو کرنٹ لگا کر اور گلا دبا کر قتل کر دیا گیا، دوسرے واقعے میں عارف والا میں بھائی نے بھائی کی جھونپڑی کو آگ لگا دی جس سے 3 دن کا بچہ جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہربنس پورہ لاہور میں گھریلو ناچاقی پر شوہر رمضان نے بیوی سندس کو کرنٹ لگایا، بعد ازاں اس کا گلا دبا کر قتل کر دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 28 سالہ مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے بھجوا دیا گیا، ملزم رمضان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

    تازہ ترین:  فرشتہ قتل کیس کے مرکزی ملزم محمد نثار پر فرد جرم عائد

    دوسرے واقعے میں ضلع پاکپتن کی تحصیل عارف والا کے نواحی گاؤں میں گھریلو جھگڑے پر بھائی نے بھائی کی جھونپڑی کو آگ لگا دی، آگ لگنے سے 3 دن کا بچہ جھلس کر جاں بحق ہو گیا۔

    پولیس کے مطابق آگ لگانے سے قبل 7 ملزمان نے بچے کے ماں باپ کو رسیوں سے باندھا، والدین نے پولیس کو بتایا کہ وہ منت سماجت کرتے رہے لیکن ملزمان نے بچے کو اٹھانے نہ دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ سال پہلے چھوٹے بھائی نے بڑے بھائی کی مطلقہ سے شادی کی تھی۔

  • اسلام آباد پولیس نے 9 ماہ میں 8 ہزار سے زائد ملزمان گرفتار کر لیے

    اسلام آباد پولیس نے 9 ماہ میں 8 ہزار سے زائد ملزمان گرفتار کر لیے

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے 9 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، اس دوران مختلف جرائم میں ملوث 8623 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق نو ماہ کے دوران آٹھ ہزار سے زاید ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں میں 1084 اشتہاری ملزمان بھی شامل ہیں۔

    ملزمان سے کروڑوں کا مال مسروقہ بھی برآمد کیا گیا، ڈکیتیوں اور سرقہ بالجبر کے 512 ملزمان گرفتار کیے گئے، نقب زنی اور چوری میں ملوث 582 ملزمان گرفتار کیے گئے۔

    ترجمان کے مطابق 109 کار چور گرفتار کیے گئے اور ان سے 131 گاڑیاں برآمد کی گئیں، موٹر سائیکل چوری میں بھی ملوث 168 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  منشیات اسمگلروں کے خلاف کارروائی، اے این پی رہنما کے بیٹوں سمیت 6 گرفتار

    پولیس ترجمان نے بتایا کہ منشیات اور شراب فروشوں کے خلاف بھی مؤثر کریک ڈاؤن کیا گیا، جس میں 1070 منشیات و شراب فروشوں کو گرفتار کیا گیا، اور 314 کلو چرس، 41 کلو ہیروئن، 7 کلو سے زاید افیون برآمد کیا گیا۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ اسلام آباد میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات کے اسمگلروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اے این پی رہنما کے بیٹوں سمیت 6 ملزمان گرفتار کر لیے تھے۔

    ملزمان کو 3 گاڑیوں میں منشیا ت کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا، یہ کارروائی موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب خفیہ اطلاع پر کی گئی تھی۔

    ذرایع نے بتایا تھا کہ کارروائی میں ضلع خیبر کے اے این پی رہنما عمران آفریدی کے 2 بیٹے کامران اور عرفان کو گرفتار کیا گیا۔