Tag: جرائم کی سرپرستی

  • جرائم کی سرپرستی، کراچی میں 2 ایس ایچ اوز معطل ہو گئے

    جرائم کی سرپرستی، کراچی میں 2 ایس ایچ اوز معطل ہو گئے

    کراچی: شہر قائد میں جرائم کی سرپرستی کرنے والے 2 ایس ایچ اوز کو معطل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹاسک فورس نے جرائم کی سرپرستی میں ملوث پولیس افسران کے خلاف پہلی کارروائی میں کئی اہل کاروں کو معطل کر دیا۔

    ڈی آئی جی ویسٹ زون کے حکم پر ایس ایچ او اورنگی سب انسپکٹر وقار اعوان اور ایس ایچ او خواجہ اجمیر نگری رشید لودھی کو معطل کیا گیا۔

    ہیڈ محرر خواجہ اجمیر نگری کو بھی معطل کر دیا گیا ہے، معطل اہل کاروں کو ہیڈ کوارٹر رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، افسران کو علاقے میں جرائم پر کنٹرول کرنے میں ناکامی پر معطل کیا گیا۔

    گزشتہ رات ٹاسک فورس نے اورنگی میں گٹکے کی ایک فیکٹری پر چھاپا مارا تھا، کارخانے سے بھاری مقدار میں چھالیہ اور تیار گٹکا، ماوا برآمد ہوا تھا۔

    ٹاسک کمیٹی ممبر ایس پی لیاقت آباد کی کارروائی میں 2 ملزمان گرفتار ہوئے تھے، پکڑے گئے ملزمان سے تفتیش میں ایس ایچ او کی سرپرستی ثابت ہوئی تھی۔

  • ویڈیو: کراچی پولیس کا چوکی انچارج منظم جرائم کی سرپرستی کرنے لگا

    ویڈیو: کراچی پولیس کا چوکی انچارج منظم جرائم کی سرپرستی کرنے لگا

    کراچی: شہر قائد کی پولیس کا ایک چوکی انچارج منظم جرائم کی سرپرستی کرنے لگا ہے، گٹکا ماوا فروخت کرنے والے کیبن مالک نے تھانے اور چوکی کو ‘ہفتہ’ دینے کا انکشاف کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی، زمان ٹاؤن میں بھٹائی چوکی انچارج اے ایس آئی شفیق عباس کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ علاقے میں منظم جرائم کی سرپرستی کر رہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بااثر چوکی انچارج نے ہفتہ وصول کر کے منشیات اور گٹکا ماوا فروخت کرنے والوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

    علاقے میں کھلے عام منشیات فروشی جاری ہے، مکینوں نے مبینہ منشیات فروش کو پکڑ کر ویڈیو بنالی، ویڈیو میں پکڑے جانے والے منشیات فروش سے برآمد ہونے والی آئس دیکھی جا سکتی ہے۔

    علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ پولیس حکام منشیات فروشوں اور ان کی سرپرستی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیں، تاہم دوسری طرف علاقے میں قائم کیبن سے گٹکے ماوے کی فروخت جاری ہے اور پولیس کی پراسرار خاموشی نے علاقے والوں کو تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے۔

    ویڈیو میں کیبن مالک انکشاف کر رہا ہے کہ وہ تھانے اور چوکی کو ہفتہ دیتا ہے، واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل گرفتار ہونے والے ایک منشیات فروش نے بھی اپنے ویڈیو بیان میں چوکی انچارج اے ایس آئی شفیق عباس کو ہر ہفتے رشوت دینے کا انکشاف کیا تھا۔