Tag: جرائم

  • لاہور میں جرائم کی شرح میں خطرناک اضافہ

    لاہور میں جرائم کی شرح میں خطرناک اضافہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جرائم کی شرح میں خطرناک اضافہ ہوگیا، شہر میں ڈکیتی کی وارداتوں میں 282 فیصد جبکہ شاہراؤں پر لوٹ مار کی وارداتوں میں 123 فیصد اضافہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جرائم کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے، پولیس رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت ڈکیتی و راہزنی کی وارداتوں میں 405 فیصد اضافہ ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور میں ڈکیتی کی وارداتوں میں 282 فیصد اضافہ ہوگیا جبکہ شاہراؤں پر لوٹ مار کی وارداتوں میں 123 فیصد اضافہ ہوگیا۔

    اس سے قبل پولیس کی جانب سے 2 ماہ 10 دن میں ہونے والے جرائم کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ مذکورہ عرصے میں 36 ہزار 993 مقدمات درج کیے گئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ اس عرصے میں 4 افراد ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہوئے، ڈکیتی کی 5 ہزار کے لگ بھگ وارداتیں ہوئیں جن میں 21 گھروں میں وارداتیں کر کے کروڑوں لوٹ لیے گئے۔

    علاوہ ازیں مختلف واقعات میں 63 افراد قتل ہوئے، موٹر سائیکل و وہیکل چوری کے 4 ہزار سے زائد مقدمات درج کیے گئے جبکہ دکانوں میں ہونے والی ڈکیتیوں میں ڈاکوؤں نے متعدد تاجروں کی جمع پونجی لوٹ لی۔

  • لاہور میں جرائم کے خاتمے کے لیے ایک اور اقدام

    لاہور میں جرائم کے خاتمے کے لیے ایک اور اقدام

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جرائم کے خاتمے کے لیے ایک اور احسن قدم اٹھا لیا گیا، لاہور میں جرائم کی شرح کم ہونے کی تصدیق عالمی کرائم انڈیکس نے بھی کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے جرائم کے خاتمے کے لیے ایک اور احسن اقدام کرلیا، لاہور پولیس نے ہاٹ اسپاٹ ایریاز پیٹرولنگ کے لیے ابابیل فورس تشکیل دے دی۔

    چیف لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے ابابیل فورس کا افتتاح کر دیا، 20 موٹر سائیکلوں کا ابابیل سکواڈ مجرموں کو پکڑے گا۔

    پولیس ترجمان کے مطابق شہر بھر میں ہاٹ اسپاٹ علاقوں کی نشاندہی بھی کر لی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ عالمی کرائم انڈیکس کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں جرائم کی شرح کم ہوئی ہے، انڈیکس میں لاہور 230 ویں نمبر پر ہے۔

  • کراچی: سرجانی اور گلستان جوہر میں بڑی ڈکیتیاں، ایک ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گیا

    کراچی: سرجانی اور گلستان جوہر میں بڑی ڈکیتیاں، ایک ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گیا

    کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز کے ساتھ ساتھ ڈکیتیاں بھی عروج پر پہنچ گئی ہیں، شہر کے دو علاقوں میں بڑی ڈکیتیاں رپورٹ ہوئی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کا علاقہ سرجانی جرائم میں سب سے آگے نکل گیا ہے، علاقے میں تواتر کے ساتھ پیٹرول پمپس لوٹے جانے کے بعد اب تیسر ٹاؤن خدا کی بستی سیکٹر 36 جی میں ایک گھر میں ڈکیتی کی واردات بھی ہو گئی ہے۔

    اس واردات میں 14 مسلح ملزمان اسلحے کے زور پر گھر میں داخل ہوئے، ملزمان نے گھر سے 8 لاکھ کیش اور 6 تولے سونا لوٹا۔

    رپورٹ کے مطابق مسلح ملزمان نے ڈکیتی کے دوران گھر کے افراد کو ایک کمرے میں بند کر دیا تھا اور پھر بیڈروم میں موجود نقد رقم اور سونے کے زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    سرجانی کے علاقے میں کی جانے والی ڈکیتی کی واردات

    ڈکیتی کی دوسری واردات کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے بلاک 14 میں ایک گھر میں کی گئی، جس میں ڈکیت سونا اور نقدی سمیت 10 لاکھ سے زائد لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    پیٹرول پمپ پر ڈاکوؤں نے تجوری توڑ کر رقم لوٹ لی (ویڈیو)

    یہ واردات 5 مسلح ملزمان نے کی، واردات کے دوران ملزمان نے 5 لاکھ روپے کیش اور 5 لاکھ مالیت کا سونا لوٹا۔

    گلستان جوہر میں ایک گھر میں کی جانے والی ڈکیتی

    ڈکیتوں نے گھر کی تلاشی کے دوران سارا سامان بھی باہر نکال پھینکا، واردات کے بعد اہل خانہ کی جانب سے پولیس کو اطلاع دی گئی۔

    یاد رہے کہ سرجانی کے پیٹرول پمپس کو گزشتہ ماہ کے دوران مسلسل نشانہ بنایا گیا تھا، ڈاکوؤں نے ایک ماہ کے دوران تین پیٹرول پمپس کو لوٹا، ایک واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اے آر وائی نیوز پر چلائی گئی۔

    نارتھ کراچی سلیم سینٹر کے قریب پکڑا گیا ڈاکو، اسلحہ بھی برآمد

    ادھر نارتھ کراچی سلیم سینٹر کے قریب ایک ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گیا، جسے مشتعل عوام نے تشدد کا نشانہ بنایا، اس دوران اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ جب کہ شہریوں نے فوری مدد کے لیے مددگار ون فائیو کو بلا لیا اور لوٹ مار کرنے والا ڈاکو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    مسلح ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول بھی برآمد ہوا، ون فائیو پولیس نے بعد ازاں گرفتار ڈاکو کو متعلقہ تھانے کے حوالے کر دیا۔

  • کراچی: 100 سے زائد وارداتیں کرنے والا گروہ گرفتار

    کراچی: 100 سے زائد وارداتیں کرنے والا گروہ گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سکھن میں 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث 3 رکنی گروہ کو آخر کار گرفتار کر لیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے سکھن میں پولیس نے سو سے زیادہ وارداتیں کرنے والے گروہ کو پکڑ لیا، گرفتار ملزمان نے 21 اگست کو پولیس کانسٹیبل کو فائرنگ کر کے زخمی کیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف فائرنگ سمیت ڈکیتی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا، ملزمان سکھن، شرافی گوٹھ، شاہ لطیف میں وارداتوں میں ملوث ہیں۔

    گرفتار ملزم عبدالغنی ساتھیوں کو معلومات اور اسلحہ فراہم کرتا تھا، ملزمان سے وارداتوں میں استعمال اسلحہ، گولیاں، 2 دستی بم بھی برآمد ہوئے، ترجمان ملیر پولیس نے بتایا کہ برآمد اسلحہ فارنزک کے لیے روانہ کیا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ آج کراچی میں سہراب گوٹھ کے علاقے گبول گوٹھ کے قریب بھی ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

    اتوار کو کراچی کے علاقے کورنگی پولیس کی کارروائی میں 4 اسٹریٹ کرمنلز پر مشتمل گروہ کو گرفتار کیا گیا تھا، ملزمان کی عمریں 13 سے 20 سال کے درمیان تھیں، ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ ملزمان سے 3 ٹی ٹی پستول اور لوٹا ہوا سامان برآمد کر کے مقدمہ درج کیا گیا۔

  • بچوں کے خلاف جرائم: سعودی حکام نے وارننگ جاری کردی

    بچوں کے خلاف جرائم: سعودی حکام نے وارننگ جاری کردی

    ریاض: سعودی ہیومن رائٹس کمیشن نے بچوں کے استحصال کے حوالے سے انتباہی بیان جاری کیا ہے، بیان میں بچوں کے استحصال کے زمرے میں شامل تمام پہلوؤں کے حوالے سے وارننگ دی گئی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی ہیومن رائٹس کمیشن نے انتباہ کیا ہے کہ بچوں کے جسمانی استحصال کے لیے کسی بھی قسم کا لٹریچر تیار کرنا یا پھیلانا قابل سزا جرم ہے۔ یہ ملک میں نافذ العمل اسلامی شریعت کے احکام اور ملکی قانون کے منافی ہے۔

    ہیومن رائٹس کمیشن نے ٹویٹر پر کہا ہے کہ ایسا کوئی بھی لٹریچر جس کے ذریعے بچوں کے استحصال کی کوشش کی گئی ہو، مملکت میں قانوناً جرم ہے۔ اسلامی شریعت، ملکی نظام یا معاشرتی آداب کے منافی کوئی بھی کام بچوں کی نظر میں دلچسپ شکل میں پیش کرنے کی کسی بھی طرح کی کوشش قابل سزا جرم کے دائرے میں آتی ہے۔ یہ کام لٹریچر کے ذریعے کیا جائے، آڈیو یا ویڈیو شکل میں تیار کر کے پھیلایا جائے یا اپنے پاس محفوظ رکھا جائے، ہر طرح یہ قانوناً ممنوع ہے۔

    ہیومن رائٹس کمیشن کا مزید کہنا ہے کہ بچوں کا جسمانی استحصال، سماجی آداب کے منافی مناظر دکھانا یا بچوں کی عمر کے منافی لٹریچر کی طرف مائل کرنا، اذیت رسانی اور بچوں کے ساتھ لاپرواہی کے زمرے میں شامل ہوگا۔

    علاوہ ازیں بچوں کو جسمانی استحصال کے جرائم میں استعمال کرنا، ان سے گداگری کروانا یا استحصال کی کسی بھی صورتحال سے انہیں دو چار کرنا جرم ہے۔

    ہیومن رائٹس کمیشن کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے متعلقہ ادارے بچوں کے جسمانی استحصال کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کریں گے اور انہیں ہر طرح کی اذیت رسانی سے بچانے کے لیے ضروری انتظامات کیے جائیں گے۔

  • سڑک پار کرنے والے جوڑے کی پولیس پر اچانک فائرنگ، ویڈیو دیکھیں

    سڑک پار کرنے والے جوڑے کی پولیس پر اچانک فائرنگ، ویڈیو دیکھیں

    میکسیکو: شمالی امریکا میں واقع ملک میکسیکو کے ایک علاقے میں دن دہاڑے چلتی ٹریفک کے دوران نا معلوم افراد نے اچانک پولیس افسران پر فائر کھول دیا، جس سے افسران کے اوسان خطا ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی وسطی میکسیکو میں 4 مسلح افراد نے سڑک کے بیچ اچانک رک کر گاڑی میں بیٹھے پولیس افسران پر فائرنگ کھول دی، تاہم وہ اس خطرناک حملے میں محفوظ رہے۔

    حملہ آور دو جوڑوں کی شکل میں سامنے آئے تھے، وہ ایسے ظاہر کر رہے تھے جیسے میاں بیوی ہوں، یہ واقعہ اتوار کی دوپہر کو گودالوپ کے علاقے زکاٹیکس میں پیش آیا، جب ایک مرد اور عورت ہاتھ میں ہاتھ دیے اچانک چلتی ٹریفک کے بیچ نکل آئے تھے۔

    ایک سرویلنس کیمرے نے یہ منظر محفوظ کر لیا تھا، گودالوپ میونسپل پولیس کی خاتون افسر جو پولیس گاڑی چلا رہی تھیں، نے اچانک بریک لگائے اور سامنے آنے والے جوڑے کو گزرنے دیا، لیکن وہ اچانک رکے اور پولیس گاڑی کی طرف گولیاں برسانے لگے۔

    پولیس کی گاڑی پر لگے کیمرے کے فوٹیج نے ایک اور جوڑے کا بھی انکشاف کیا، جو کچھ فاصلے پر کھڑا تھا، چاروں حملہ آوروں نے چند فٹ کے فاصلے سے پولیس گاڑی پر کم از کم 20 فائر مارے اور بھاگ گئے، محکمہ پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور تاحال مفرور ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔

    اس ناگہانی حملے میں پولیس اہل کار خوش قسمتی سے بچ گئے، تاہم گاڑی کو گولیاں لگیں، حملے کے دوران ایک راہ گیر خاتون درمیان میں پھنسنے کے باعث نروس بریک ڈاؤن سے گر کر بے ہوش ہو گئی تھی۔

  • کراچی میں ماں نے بیٹی کو، لاہور میں بیوی نے شوہر کو قتل کر دیا

    کراچی میں ماں نے بیٹی کو، لاہور میں بیوی نے شوہر کو قتل کر دیا

    کراچی/لاہور: شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں ایک ماں نے اپنی بیٹی کو چھری کے وار کر کے قتل کر دیا، دوسری طرف لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں دوسری بیوی نے داماد کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں 55 سالہ خاتون وقار النسا نے اپنی بیٹی نزہت امبرین کو چھری کے وار کر کے زخمی کر دیا، جو کچھ دیر بعد دم توڑ گئی، بیٹی کو مارنے کے بعد ماں نے بھی اسی چھری سے خود کشی کی کوشش میں خود کو شدید زخمی کر دیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ خود کشی کی کوشش کرنے والی خاتون کو تشویش ناک حالت میں نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر واقعہ گھریلو جھگڑے کا شاخسانہ لگتا ہے، واقعے کے وقت گھر میں کوئی اور شخص موجود نہیں تھا، گھر سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

    ادھر لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں دوسری بیوی نے اپنے داماد کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کر دیا، یہ واقعہ لین دین کے تنازع پر پیش آیا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں بھابھی کشور اور داماد کے خلاف درج کیا گیا، ایف آئی آر کے مطابق مقتول کے سوتیلے داماد ملزم خالد نے 12 لاکھ روپے دینے تھے، مقتول ظہیر کے رقم کے تقاضے پر دوسری بیوی اور سوتیلے داماد نے اس پر تشدد کیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا اور اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

  • 30 سال بعد قاتل گرفتار ۔۔۔ مگر کیسے؟

    30 سال بعد قاتل گرفتار ۔۔۔ مگر کیسے؟

    آئیوا: امریکی ریاست آئیوا میں 3 خواتین کے ایک بے رحم قاتل کو 30 سال بعد گرفتار کر لیا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بدھ کے روز امریکی ریاست آئیوا میں پولیس کے تفتیش کاروں نے ایک ہیوی ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر کے کہا ہے کہ مذکورہ شخص نے 1990 میں تین خواتین کو بے دردی سے قتل کیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ 58 سالہ کلارک پیری بالڈوِن نے 1990 کے شروع میں تین خواتین کو قتل کر کے ان کی لاشیں دو امریکی ریاستوں وائیومنگ اور تنیزی میں پھینک دی تھیں، ملزم کو تیس سال بعد ڈی این اے ثبوت کے ذریعے گرفتار کیا گیا۔

    مذکورہ ملزم کو آئیوا کے علاقے واٹرلو میں اس کے گھر سے گرفتار کیا گیا، اس پر تین خواتین کے قتل کا الزام لگایا گیا جن میں سے دو حاملہ تھیں، پولیس کا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے بھی تفتیش کر رہے ہیں کہ بالڈوِن قتل کے دیگر حل طلب کیسز میں بھی ملوث تو نہیں۔

    بالڈوِن کو گرفتار کرنے کے لیے تفتیش کاروں نے مقتول خواتین کی لاشوں سے حاصل کردہ شواہد سے تیار کیے گئے ڈی این اے پروفائلز کا سہارا لیا، گزشتہ برس ہی پولیس نے دیکھ لیا تھا کہ مذکورہ ملزم کا ڈی این اے پروفائل ان خواتین کے پاس سے ملے شواہد سے مماثلت رکھتا ہے۔

    تفتیش کاروں نے کمرشل جینیالوجی ڈیٹا بیس میں ایک مشتبہ شخص کا ڈی این اے پروفائل پانے کے بعد بالڈوِن کے گرد گھیرا تنگ کر لیا تھا، اس کے بعد گزشتہ ماہ ایف بی آئی نے خفیہ طور سے بالڈوِن کے گھر کے کچرے سے اس کا ڈی این اے حاصل کر کے میچ کیا تو وہ ایک نکلا۔

    1997 میں بالڈوِن کو سیکرٹ سروس کے ایجنٹس نے مسوری میں اس کے اپارٹمنٹ سے جعلی امریکی کرنسی بنانے کے جرم میں بھی گرفتار کیا تھا، جس پر اسے 18 ماہ کی قید ہوئی اور وہ 1999 میں رہا ہوا۔

  • عوام کے لیے سخت لاک ڈاؤن، ڈبل سواری پر پابندی لیکن اسٹریٹ کرمنلز آزاد

    عوام کے لیے سخت لاک ڈاؤن، ڈبل سواری پر پابندی لیکن اسٹریٹ کرمنلز آزاد

    کراچی: شہر قائد میں عوام کے لیے سخت لاک ڈاؤن ہے، ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے لیکن اسٹریٹ کرمنلز آزاد گھوم پھر کر وارداتیں کر رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سخت لاک ڈاؤن اور ڈبل سواری پر پابندی کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں میں آزادانہ وارداتیں ہو رہی ہیں، عزیز آباد اور بلدیہ میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔

    کراچی کے علاقے عزیز آباد میں گزشتہ شام راہ چلتی خواتین طبی عملے سے لوٹ مار کی گئی، اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اے آر وائی نیوز نے چلائی، جس میں موٹر سائیکل پر سوار ملزمان کو لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ادھر کراچی کے ایک اور علاقے بلدیہ میں بھی 7 افراد موٹر سائیکل چوری کر کے فرار ہو گئے، ڈکیت گروہ گرفتاری سے بچنے کے لیے واردات میں بچوں کا استعمال کرنے لگے ہیں، اس سلسلے میں اے آر وائی نیوز پر چلائی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں موٹر سائیکل لفٹر گروہ کو واضح دیکھا جا سکتا ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا گیا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر گروہ کے کارندوں نے کم عمر بچوں کو بھی بٹھا رکھا ہے۔

    گزشتہ روز کراچی میں موٹر سائیکل لفٹرز نے سرکاری ادارے واٹر بورڈ کی آنکھ میں بھی دھول جھونک دی تھی، ملزمان چوری کی موٹر سائیکل واٹر بورڈ کے دفتر میں لے جا کر رنگ کرنے کے بہانے کھول رہے تھے، اس دوران موٹر سائیکل کا مالک واٹر بورڈ کے دفتر پہنچ گیا اور ویڈیو بنا لی، پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا جب کہ 2 مفرور ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

    کراچی کے علاقے صفورا میں واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا اسکرین گریب

    کراچی کے ایک اور علاقے سچل صفورا کے قریب دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات کی گئی ہے، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ایک ڈکیت نے ماسک اور دوسرے نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا، ڈکیت نے اسلحے کے زور پر دکان میں کسٹمر اور دکان دار سے لوٹ مار کی، کسٹمرز کو دھکے دیے گئے اور مارا پیٹا اور زمین پر بٹھا دیا، ڈکیتوں نے دکان سے 1 لاکھ سے زائد رقم اور موبائل فون چھینے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں لاک ڈاؤن کا 41 واں روز ہے، شہریوں کی بلا ضرورت نقل و حرکت پر پابندی عائد ہے، ڈبل سواری بھی ممنوع ہے۔

  • کرونا وائرس: دنیا بھر میں جرائم کی شرح میں کمی

    کرونا وائرس: دنیا بھر میں جرائم کی شرح میں کمی

    واشنگٹن / لندن: دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وجہ سے جرائم کی شرح میں غیر معمولی کمی دیکھی جارہی ہے تاہم گھروں میں خواتین پر گھریلو تشدد میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں پرتشدد جرائم کی شرح کم ہوگئی ہے، رپورٹ کے مطابق امریکا میں وبا کے مرکز نیویارک سٹی میں فروری سے مارچ تک جرائم میں 12 فیصد کمی دیکھی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ میں لاک ڈاؤن کے باعث قتل کی شرح 326 سے کم ہو کر 94 ہوگئی۔

    جنوبی افریقہ میں خواتین سے زیادتی کی شرح بھی کم ہوگئی، لاک ڈاؤن کے پہلے ہفتے میں زیادتی کے واقعات 700 سے کم ہو کر 101 ہوگئے۔

    سینٹرل امریکا کے ملک ایل سلوا ڈورمیں مارچ میں صرف 65 قتل کی وارداتیں ہوئیں جو فروری میں 114 تھیں۔

    اسی طرح جنوبی امریکی ملک پیرو میں گزشتہ ماہ جرائم کی شرح میں 84 فیصد کمی ہوئی، پیرو میں روزانہ 15 لاشیں ملنا معمول کی بات تھی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ لاک ڈاؤن کے دوران جس جرم میں اضافہ ہوا وہ گھریلو تشدد ہے، برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ گھریلو تشدد کے سبب ہاٹ لائن پر مدد مانگنے والوں میں 120 فیصد اضافہ ہوا۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس سے 17 لاکھ 84 ہزار 331 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ دنیا بھر میں وائرس سے 1 لاکھ 8 ہزار 962 اموات ہوچکی ہیں۔