Tag: جرائم

  • کیا موسیقی جرائم کا راستہ روک سکتی ہے؟

    کیا موسیقی جرائم کا راستہ روک سکتی ہے؟

    یہ وینزویلا کی اس ہمہ جہت شخصیت کا تذکرہ ہے جو فنونِ لطیفہ کو سماج میں تبدیلی لانے کا مؤثر ذریعہ مانتے تھے۔

    انھوں نے اپنے وطن میں موسیقی کے ذریعے تبدیلی کا آغاز کیا اور خاص طور پر نوجوانوں کو اس طرف راغب کیا۔

    ہم بات کررہے ہیں Jose Antonio Abreu کی جو وینزویلا میں تعلیم، اقتصادیات، سیاست سمیت آرٹ کے مختلف شعبوں کا اہم اور روشن حوالہ ہیں اور 2018 میں آج ہی کے دن اس دنیا سے رخصت ہوئے تھے۔

    انھیں اپنے فلسفے اور نظریات کے علاوہ سماجی خدمات کے حوالے سے دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے۔

    وہ 1939 میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے وینزویلا میں لگ بھگ تیس برس قبل سماجی برائیوں اور سنگین نوعیت کے جرائم کی روک تھام کے لیے موسیقی کی مدد لینے کا ایک نظریہ پیش کیا۔ ان دنوں ملک میں ہر طرف قتل و غارت گری اور نوجوان منشیات کے عادی تھے۔ بدامنی، کرپشن کے علاوہ گینگ وار میں روزانہ ہلاکتوں کا سلسلہ جاری تھا۔

    حکومت کو قائل کرتے ہوئے انھوں نے ملک میں دو برس کی عمر سے بچوں کو مفت موسیقی سکھانے کا سلسلہ شروع کیا۔

    اس طریقہ تعلیم میں سماج کو مرکزی اہمیت حاصل تھی اور ایسی کلاسوں میں بچوں کو ایک دوسرے کا احترام اور باہمی تعاون کا درس بھی دیا جاتا۔ رفتہ رفتہ حالات بہتر ہوئے اور آج بھی وینزویلا میں موسیقی کو مثبت تبدیلیوں اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم خیال کیا جاتا ہے۔

    (تلخیص و ترجمہ: عارف عزیز)

  • جرائم میں نمایاں کمی، کراچی ورلڈ کرائم انڈیکس میں99ویں نمبر پر آگیا

    جرائم میں نمایاں کمی، کراچی ورلڈ کرائم انڈیکس میں99ویں نمبر پر آگیا

    کراچی: شہر قائد میں امن وامان کی صورت حال بہتر ہونے کے بعد ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی ورلڈ کرائم انڈیکس میں 93ویں سے 99ویں نمبر پر آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرائم کے خلاف عمدہ حکمت عملی کے باعث کراچی ورلڈ کرائم انڈیکس میں 93ویں سے 99ویں نمبر پر آگیا۔ آئی جی سندھ پولیس سید کلیم امام نے انٹرنیشنل کرائم انڈیکس میں بہتری پر تمام افسران، جوانوں کو شاباش دی۔

    آئی جی سندھ نے کہا کہ جنوری کے آغاز تا اختتام تک کراچی88 ویں نمبر پر رہا، فروری کے آغاز تا وسط میں کراچی93 ویں نمبر پر تھا۔

    سید کلیم امام کا کہنا تھا شہدائے پولیس کی ناقابل فراموش قربانیوں کو میرا سلام اور غازیوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،فرائض کی راہ میں شہید ہونے والے ٹریفک پولیس افسران اور جوانوں کو بھی میرا سلام، پولیس کی قربانیوں سے ہی آج کا کراچی پرامن ہے۔

    سندھ سمیت کراچی میں امن وامان میں بہتری آئی، کلیم امام

    یاد رہے کہ رواں ماہ 7 فروری کو آئی جی سندھ سید کلیم امام کا کہنا تھا کہ سندھ سمیت کراچی میں امن وامان میں بہتری آئی، سندھ میں مختلف نوعیت کے جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے۔

    آئی جی سندھ پولیس کلیم امام نے کہا کہ نمبیو کرائم انڈیکس کے مطابق 2014 میں کراچی جرائم پر چھٹے نمبر پر تھا۔

  • سعودی عرب: جرائم کے خلاف تفتیشی ادارے مزید متحرک ہوگئے

    سعودی عرب: جرائم کے خلاف تفتیشی ادارے مزید متحرک ہوگئے

    ریاض: سعودی عرب میں پراسیکیوشن جنرل کی جانب سے سخت ہدایات کے بعد تفتیشی ادارے مزید متحرک ہوگئے۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں تفتیش کی غرض سے متعلقہ اداروں کے گھروں میں گھسنے سے متعلق سخت ہدایات سامنے آئی ہیں، پراسیکیوشن جنرل نے تفتیشی اداروں کے لیے مروجہ قواعد پر سختی سے عمل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تفتیش کی غرض سے گھرو ں میں بغیر وارنٹ داخل نہ ہوا جائے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صرف تین صورتوں میں تفتیشی ادارے گھروں میں بغیر اجازت گھس سکیں گے، ان میں پہلی صورت یہ ہے کہ گھر کے اندر سے اگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں سے مدد طلب کی گئی ہو۔

    سعودی عرب میں اے ٹی ایم لوٹنے والے ڈاکو سرگرم، پولیس بے بس

    جبکہ دوسری حالت گھر میں کوئی حادثہ پیش آیا ہو یعنی آتشزدگی یا گھر گرنے وغیرہ کی صورت تو ایسے میں متعلقہ اداروں کے اہلکار بغیر بتائے گھر میں داخل ہوسکتے ہیں۔

    اسی طرح تیسری صورت یہ ہوگی کہ اگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار کسی دہشت گرد یا قانون کو مطلوب شخص کا تعاقب کررہے ہوں اوروہ گھر میں جاگھسے۔ سعودی پراسیکیوشن نے ان مروجہ قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • برطانیہ سے لوٹنے والی بہنیں پراسرار موت کا شکار ہوگئیں

    برطانیہ سے لوٹنے والی بہنیں پراسرار موت کا شکار ہوگئیں

    گجرات: پنجاب کے ضلع گجرات کے شہر دولت نگر میں برطانیہ سے لوٹنے والی بہنیں پراسرار موت کا شکار ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق 3 روز قبل گجرات کے علاقے دولت نگر میں 2 برطانوی نژاد بہنوں کی پراسرار موت کا واقعہ پیش آیا تھا، والدین کا کہنا ہے کہ دونوں بہنوں کا انتقال گیزر سے گیس لیک ہونے سے ہوا۔

    دولت نگر پولیس نے کہا ہے کہ متوفی جوان بہنوں کے والدین نے موت کے واقعے کو اتفاقیہ حادثہ قرار دے دیا ہے، انھوں نے قانونی کارروائی سے انکار کیا اور موت کو حادثہ قرار دے کر مزید کارروائی نہ کرنے کی درخواست جمع کروائی۔

    رپورٹ کے مطابق تین دن قبل 18 سالہ نادیہ اور 25 سالہ ماریہ باتھ روم میں مردہ پائی گئی تھیں، معلوم ہوا کہ دونوں نہاتے ہوئے جاں بحق ہوئیں، والدین کا کہنا تھا کہ لڑکیوں کی ہلاکت باتھ روم میں لگے گیزر سے گیس خارج ہونے سے ہوئی۔

    دونوں بہنیں 10 روز قبل لندن سے پاکستان آئی تھیں، پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ حادثہ لگتا ہے لیکن پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد اصل صورت حال واضح ہوگی، تاہم لڑکیوں کے والدین نے کارروائی کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

    دوسری طرف اہل علاقہ نے بہنوں کی موت سے متعلق شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے، پولیس کی فرانزک ٹیم نے باتھ روم اور لڑکیوں کے بیڈ روم سے شواہد بھی جمع کیے۔

  • خود کو سعودی شہری ظاہر کرنے والی نوسرباز خاتون کی گرفتاری کے لیے پولیس متحرک

    خود کو سعودی شہری ظاہر کرنے والی نوسرباز خاتون کی گرفتاری کے لیے پولیس متحرک

    لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں خود کو سعودی شہری ظاہر کرنے والی نوسرباز خاتون نے پولیس کی ناک میں دم کر دیا، خاتون کی گرفتاری کے لیے پولیس متحرک ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایک نوسرباز خاتون نے خود کو سعودی شہری ظاہر کر کے متعدد وارداتیں کر ڈالیں، لیکن تاحال پولیس اس تک نہیں پہنچ سکی ہے۔

    ملزمہ ہاتھ کی صفائی سے متعدد دکان داروں کو لوٹ چکی ہے، خود کو سعودی ظاہر کر کے بھی متعدد دکان داروں کو چونا لگا چکی ہے، شہر کے مختلف تھانوں میں اس نوسرباز خاتون کی شکایتوں کے اندراج کے بعد پولیس ملزمہ کی گرفتاری کے لیے متحرک ہو گئی ہے۔

    گزشتہ شام لاہور شہر گھر لوٹنے والوں کے نرغے میں رہا

    خیال رہے کہ لاہور شہر میں ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں کا سلسلہ دراز ہو گیا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پنجاب پولیس کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ مجرموں کا تعاقب کیا جائے تاکہ صوبے سے جرائم کا گراف نیچے آئے۔ جس کے بعد پنجاب پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کی ابتدائی رپورٹس وزیر اعظم آفس بھجوانے لگی ہے۔

    ایک ہفتے قبل محض ایک ہی شام میں ڈکیتیوں کی متعدد وارداتیں ہوئیں، ڈاکوؤں نے مختلف علاقوں میں 7 گھروں میں لوٹ مار کی اور بہ آسانی فرار ہو گئے۔ پنجاب حکومت اب تک 5 آئی جی تبدیل کر چکی ہے، پولیس کے افسران میں بھی بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھا ڑ کی گئی ہے، تاہم صوبائی دارالحکومت لاہور میں جرائم بڑھتے ہی جا رہے ہیں، نمایندے کے مطابق لاہور میں ڈکیتی اور راہزنی کی 30 سے 40 وراداتیں روز کا معمول بن گئی ہیں۔

  • خوف کی علامت سمجھے جانے والے 10 افراد کی فہرست تیار

    خوف کی علامت سمجھے جانے والے 10 افراد کی فہرست تیار

    لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں خوف کی علامت سمجھے جانے والے 10 افراد کی فہرست تیار کر لی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے ٹاپ 10 افراد کی نئی فہرست تیار کر لی ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس کو تقریباً 30 افراد کو ترجیحی طور پر گرفتار کرنے کا ٹارگٹ ملا ہے۔

    پولیس ذرایع کے مطابق 30 افراد کی گرفتاری کا ٹاسک ایک اہم اجلاس میں دیا گیا ہے، اس فہرست میں شامل درجنوں افراد کی گرفتاری کے لیے پولیس کو ٹاسک ملنے کے بعد خوف کی علامت سمجھے جانے والے مجرموں کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپے شروع کر دیے گئے ہیں۔

    ذرایع نے بتایا کہ جن گروہوں میں پرانی دشمنیاں چل رہی ہیں، ان کی گرفتاری بھی ہوگی، فہرست میں شامل بد معاش، قبضہ گروپ، بھتہ خور بھی اب نہیں بچیں گے۔

    وزیراعظم کے بھانجے کے گھر ڈکیتی کرنے والے 3 ڈاکو گرفتار

    یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور پولیس نے ڈکیتی اور قتل سمیت دو اہم وارداتوں میں ملوث 6 ڈاکو گرفتار کر کے ان سے مال برآمد کر لیا تھا، سی سی پی او لاہور ذو الفقار حمید کا کہنا تھا کہ ملزمان وزیر اعظم کے بھانجے کے گھر میں ڈکیتی کی واردات اور ملٹی نیشنل کمپنی کے دفتر میں دوران ڈکیتی سیکورٹی گارڈ کو قتل کرنے میں ملوث ہیں۔ یہ کارنامہ انجام دینے پر پولیس ٹیموں کے لیے نقد انعام اور تعریفی اسناد کا بھی اعلان کیا گیا۔

  • اسلام آباد میں بھی مختلف مقامات پر فائرنگ، ماحول پرامن نہیں رہ سکا

    اسلام آباد میں بھی مختلف مقامات پر فائرنگ، ماحول پرامن نہیں رہ سکا

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی مختلف مقامات پر فائرنگ ہوئی ہے، جس سے ایک شخص جاں بحق جب کہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کا ماحول بھی شہریوں کے لیے پُر امن نہیں رہ سکا ہے، آئے دن فائرنگ اور دیگر وارداتوں کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، آج بھی اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین تھری میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

    رپورٹس کے مطابق موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ہوٹل میں لوٹ مار کی کوشش کی، اس دوران مزاحمت پر ہوٹل کا باروچی سینے پر گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ دوسری طرف اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 میں واقع ہوٹل میں جھگڑا ہونے پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا، پولیس کا کہنا تھا کہ زخمی کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جب کہ جھگڑا بل کے تنازع پر ہوا تھا، فائرنگ کرنے والا ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا۔

    تازہ ترین:  کراچی میں جرائم، قاتلانہ حملوں اور تشدد کے واقعات بڑھنے لگے

    گزشتہ روز بھی اسلام آباد میں تھانہ شمس کالونی کے علاقے میں گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی جس میں ایک شخص زخمی ہوا، پولیس کے مطابق گاڑی پر فائرنگ کرنے والے ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے۔

    گزشتہ ماہ بھی قتل کا ایک واقعہ مشہور ہو گیا تھا، اسلام آباد کے علاقے تھانہ کراچی کمپنی کی حدود میں فائرنگ سے نوجوان لاریب حسن جاں بحق ہو گیا تھا، پولیس کا کہنا تھا کہ نوجوان کسی لڑکی کے ساتھ بینچ پر بیٹھا تھا، نا معلوم افراد نے اسے گولی مار دی، مقتول کراچی کا رہایشی تھا۔

    ادھر ضلع گجرات کی تحصیل سرائے عالمگیر میں بھی گزشتہ روز چیئرمین مصالحتی کمیٹی کے بھائی اور بھتیجے پر فائرنگ کی گئی تھی جس سے چیئرمین مصالحتی کمیٹی کا بھائی جاں بحق اور بھتیجا زخمی ہو گیا تھا، پولیس کا کہنا تھا کہ راضی نامہ نہ کرانے پر چیئرمین مصالحتی کمیٹی کے بھائی اور بھتیجے پر فائرنگ کی گئی تھی۔

  • سال 2019: پختونخواہ میں دہشت گردی اور جرائم میں کمی

    سال 2019: پختونخواہ میں دہشت گردی اور جرائم میں کمی

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں سال 2019 دہشت گردی کے حوالے سے گزشتہ سالوں کی نسبت بہتر رہا، پولیس حکام کا عزم ہے کہ صوبے میں پولیسنگ کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ چھوٹے موٹے جرائم پر بھی قابو پایا جاسکے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ میں دہشت گردی اور دیگر جرائم کے حوالے سے سال 2019 گزشتہ 10 سالوں کی نسبت بہتر رہا۔

    رواں سال صوبے میں دہشت گردی کے چھوٹے بڑے 79 واقعات رپورٹ ہوئے۔ 28 فروری کو پشاور حیات آباد میں جسٹس ایوب خان کے قافلے کو مسلح دہشت گردوں نے ٹارگٹ کیا گیا جس وہ معمولی زخمی ہوئے۔

    16 اپریل کو پشاور کے علاقے حیات آباد میں اہم آپریشن کیا گیا جس میں مبینہ 5 دہشت گرد فورسز کے ساتھ براہ راست مقابلے پر رہے، آپریشن 17 گھنٹوں تک جاری رہا جس میں فورسز کو اہم کامیابیاں ملی۔

    16 دسمبر کو پشاور ہائیکورٹ کے باہر رکشے میں دھماکے سے 11 افراد زخمی ہوئے۔

    صوبے کے جنوبی اضلاع میں جاری دہشت گردی کے پیش نظر پولیس اور انٹیلی جنس کے اہم آپریشنز کیے گئے جس میں ہائی پروفائل دہشتگرد نیٹ ورک کا قلعہ قمع کیا گیا۔

    پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال خیبر پختونخواہ میں قتل کے 2 ہزار 332 جبکہ اغوا برائے تاوان کے 11 واقعات درج ہوئے جو گزشتہ سال کی نسبت انتہائی کم ہیں۔ صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی جرائم کے واقعات میں کمی رہی۔

    پولیس فورس نے عوام سے رابطے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے۔ رواں برس پولیس فورس کے لیے اسٹریٹ کرائم اور آئس کا نشہ بھی در سر بنا رہا۔

    پولیس کے مطابق آنے والے سال میں عوام کو بہتر پولیسنگ فراہم کرنے، اور ہر قسم کے جرائم پر قابو پانے کے لیے ڈیجیٹل لاز انفرااسٹرکچر پر کام میں تیزی لائی جارہی ہے۔

  • کچرا کنڈی سے خاتون کی سر کٹی بوری بند لاش برآمد

    کچرا کنڈی سے خاتون کی سر کٹی بوری بند لاش برآمد

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں کچرا کنڈی سے نا معلوم خاتون کی سر کٹی لاش بوری میں بند برآمد ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن سیون بی میدان سے بوری میں بند خاتون کی سر کٹی لاش برآمد ہوئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کو کسی اور مقام پر قتل کرنے کے بعد لاش مذکورہ مقام پر پھینکی گئی۔

    ریسکیو کا کہنا تھا کہ خاتون کو گلا کاٹ کر قتل کیا گیا ہے، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر شناخت کے لیے اسپتال منتقل کر دی ہے، پولیس نے بتایا کہ خاتون کا سر کاٹ کر لاش بوری میں بند کر کے پھینکی گئی، قتل کسی اور جگہ کیا گیا ہے، مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    تازہ ترین:  کچرا چننے والے چور کو شہری نے پکڑ کر کھمبے سے باندھ دیا

    پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کا سر نہیں ملا ہے، لاش 12 تیرہ گھنٹے پرانی لگ رہی ہے جو سردی کی وجہ سے اکڑ گئی ہے، پولیس ٹیم جائے وقوع پر روانہ کی جا چکی ہے جو مزید شواہد اکٹھے کر رہی ہے، خاتون کی شناخت کے لیے فنگر پرنٹ حاصل کیے جائیں گے اور نادرہ سے شناختی کارڈ ڈیٹا لیا جائے گا، جب کہ واقعے کی تمام زاویوں سے تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔

    خیال رہے کہ آج کراچی کے علاقے عالمگیر روڈ پر ایک کچرا چننے والے چور کو شہری نے پکڑ کر کھمبے سے باندھ دیا، تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کے مطابق چور نے گاڑی کا پچھلا شیشہ توڑ کر اے سی پینل اور ٹی وی نکال لیا تھا۔

  • کچرا چننے والے چور کو شہری نے پکڑ کر کھمبے سے باندھ دیا

    کچرا چننے والے چور کو شہری نے پکڑ کر کھمبے سے باندھ دیا

    کراچی: کچرا چننے والے چور کو شہری نے پکڑ کر کھمبے سے باندھ دیا، تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے عالمگیر روڈ پر چوری کی واردات کرنے والا شہری کے ہتھے چڑھ گیا، شہری نے چور کو مار مار کر ادھ موا کر دیا اور پھر کھمبے سے باندھ دیا۔

    چور پکڑا جانے کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی، جس پر نیو ٹاؤن کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو تحویل میں لیا اور تھانے منتقل کر دیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عبدالغفار کچرا چننے والا اور سہراب گوٹھ کا رہایشی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق کچرا چننے والے ملزم عبد الغفار نے گاڑی کا پچھلا شیشہ توڑ کر اے سی پینل اور ٹی وی نکال لیا تھا، عین موقع پر شہری پہنچ گیا اور اسے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر کھمبے سے باندھ دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف مدعی کی درخواست پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔