Tag: جرم

جرم و سزا سے متعلق خبریں

پاکستان اور دنیا بھر سے جرائم سے متعلق خبریں

جرم و سزا

  • کراچی میں آن لائن بائیک رائیڈر کی ساتھی کے ہمراہ  بے خوف لوٹ مار، ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی میں آن لائن بائیک رائیڈر کی ساتھی کے ہمراہ بے خوف لوٹ مار، ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی : آن لائن بائیک رائیڈر نے ساتھی کے ہمراہ شہریوں سے بے خوف لوٹ مار کی ، واردات کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد بلاک 8 میں چلتی سڑک پر ڈکیتی کی واردات ہوئی ، آن لائن بائیک رائیڈر نے ساتھی کے ہمراہ بے خوف لوٹ مار کی، واردات کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔

    ویڈیو میں سڑک کنارے لوگوں کو کھڑے اور بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے آن لائن بائیک رائڈر کا ہیلمٹ پہنے ایک ملزم موٹر سائیکل ایک پیدل آیا، ملزم ہاتھ میں اسلحہ تھامے شہریوں سے لوٹ مار کرتا رہا جبکہ موٹر سائیکل پر سوار نوجوان کو بھی لوٹ لیا گیا۔

    واردات کے دوران موٹر سائیکل گشت پر سوار پولیس اہلکار سامنے گلی میں موجود تھے ، ملزمان نے اطمینان سے واردات کی اور موقع سے فرار ہو گئے۔

  • ماں کے ہاتھوں شدید زخمی بیٹی نے دم توڑ دیا

    ماں کے ہاتھوں شدید زخمی بیٹی نے دم توڑ دیا

    برطانیہ میں ایک ماں کے ہاتھوں شدید طور پر زخمی ہونے والی معصوم بیٹی نے دم توڑ دیا۔

    برطانوی کاؤنٹی ویسٹ مڈلینڈز کے ایک قصبے راؤلی ریجس میں ایک 10 سالہ معصوم لڑکی شے کانگ کو پیر کی رات شدید زخمی حالت میں پایا گیا تھا، جسے بچایا نہیں جا سکا۔

    مقامی پولیس نے شے کانگ کی 33 سالہ ماں جسکرت کور عرف جیسمن کانگ پر بیٹی کے قتل کا الزام لگا دیا ہے، شے کانگ نے رابن کلوز میں واقع اپنے گھر میں زخموں کے باعث دم توڑا تھا، جس پر اس کی ماں پر پولیس نے قتل کا الزام عائد کیا اور آج وہ وولور ہیمپٹن کے مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہوں گی۔

    پولیس نے بیان جاری کیا کہ وہ شے کے خاندان اور اس کے دوستوں کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں، شے کانگ کی المناک موت نے ان پر یقیناً گہرا اثر ڈالا ہے۔ پولیس نے کہا ’’ہم درخواست کرتے ہیں کہ جب تک ہماری انکوائری جاری ہے انھیں یہ غم منانے دیا جائے۔‘‘

  • چائے کے ہوٹل پر ڈاکوؤں کو کس طرح ڈرا کر بھگایا؟ ہوٹل مالک کا بیان (ویڈیوز)

    چائے کے ہوٹل پر ڈاکوؤں کو کس طرح ڈرا کر بھگایا؟ ہوٹل مالک کا بیان (ویڈیوز)

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں چائے کے ایک ہوٹل پر ڈاکوؤں کی واردات اس وقت ناکام ہو گئی تھی جب ہوٹل مالک نے بروقت اسلحہ نکال کر فائر کر کے انھیں ڈرا کر بھگا دیا تھا، پولیس نے ایک ڈاکو کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 24 فروری 2024 کی صبح کوئٹہ انبی ہوٹل، بلاک 6 گلشن اقبال میں تین نامعلوم ڈاکو واردات کے لیے آئے تھے، تاہم ہوٹل مالک دولت شاہ آغا نے اطراف میں نظر رکھتے ہوئے ان کو بروقت دیکھ لیا، ملزمان نے لوٹ مار کے لیے اسلحہ نکالا تو ہوٹل مالک نے بھی جلدی سے اپنا لائسنس یافتہ پستول سے فائرنگ کرتے ہوئے ان کو فرار کرنے پر مجبور کر دیا۔

    یہ واقعہ گلشن اقبال پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا تھا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی سامنے آ گئی تھیں جن میں ہوٹل مالک کی بہادری کو دیکھا جا سکتا ہے، اسی دن علاقہ گشت پر مامور پولیس نے ملزمان کو مشتبہ حالت میں دیکھ کر روکنے کا اشارہ کیا تھا، ایک ملزم آصف کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا جب کہ دو ساتھی موقع سے فرار ہو گٸے تھے۔ ہوٹل کے مالک کی طرف سے دلیرانہ کارروائی کی وجہ سے کسی کو کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں پہنچا تھا۔

    ضلع شرقی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے غیر قانونی اسلحہ مع ایمونیشن برآمد کیا گیا تھا، ملزم کے خلاف 131/24 غیر قانونی اسلحے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    ایک ویڈیو میں ہوٹل مالک دولت شاہ آغا نے بتایا کہ صبح وہ ہوٹل پر بیٹھا تھا، ایک دوست بھی آیا تھا، جب اس نے ڈاکوؤں کو دیکھا، دولت آغا نے بتایا کہ جب اس ںے فائر کیا تو ڈاکوؤں نے خدا کا واسطہ دے کر گولی نہ مارنے کا کہا، جس پر میں نے انھیں فوراً چلے جانے کو کہا۔

  • کیب ڈرائیور نے مسافر کو تھپڑ مار دیا، پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل

    کیب ڈرائیور نے مسافر کو تھپڑ مار دیا، پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل

    نئی دہلی: آن لائن کیب ڈرائیورز عموماً اچھی ساکھ کے لیے سواریوں کے ساتھ سلیقے سے پیش آتے ہیں تاہم بھارتی شہر دہلی میں اس کے برعکس واقعہ رونما ہوا جب ڈرائیور نے رائیڈ کینسل کی اور مسافر سے پیسے بھی دگنے مانگنے لگا۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر کرن ورما نامی ایک شہری نے پوسٹ کی کہ اولا کیب ڈرائیور نے اس کے ساتھ نہایت برا برتاؤ کیا اور 6 سالہ بیٹے کے سامنے انھیں ڈرائیور نے تھپڑ مارے۔ یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

    لنکڈاِن پر سامنے آنے والی پوسٹ میں کرن ورما نے بتایا کہ گزشتہ ماہ انھوں نے کسی کو ایئرپورٹ سے لینے کے لیے اولا کیب بک کی تھی، جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب کیب ڈرائیور نے سواری منسوخ کرنے اور نقد رقم ادا کرنے پر اصرار کیا۔ یہ جھگڑا تب بڑھ گیا جب ڈرائیور نے مبینہ طور پر ٹریفک جام ہونے کا کہہ کر بالکل مختلف راستہ اختیار کیا۔

    کرن نے پوسٹ میں لکھا کہ گاڑی ایک کلومیٹر بھی نہیں گئی تھی جب ڈرائیور نے گاڑی روک لی، اور مجھ سے اضافی رقم مانگنے لگا، جب میں نے انکار کیا تو ڈرائیور چیخنے چلانے لگا جس سے میرا چھ سالہ بیٹا گھبرا گیا، اور ہم گاڑی سے اتر گئے، اس کے بعد انھوں نے اولا ہیلپ لائن اور پولیس کو کال کی، لیکن ڈرائیور نے ان پر حملہ کر کے تھپڑ مارے۔

    کرن کے مطابق اولا سپورٹ ایگزیکٹو نے انھیں ڈرائیور کو ادائیگی نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا، تاہم کمپنی میں درج کی گئی شکایت کمپنی نے ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں ہٹا دی، اور ڈرائیور کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے کرن ورما کے تجربے کو خوف ناک قرار دیا۔

  • نوادرات تلاش کرنے والے باپ بیٹے نے ویران گھر میں کیا دیکھا؟

    نوادرات تلاش کرنے والے باپ بیٹے نے ویران گھر میں کیا دیکھا؟

    سالوں سے ویران گھر کے اطراف میں پرانی نوادرات کی تلاش میں جانے والے باپ اور بیٹے کو انسانی لاش ملی جس نے انھیں حیران و پریشان کردیا۔

    امریکی ریاست نارتھ کیرولینا میں چک ریلی نام شخص، اس کا 23 سالہ بیٹا ریلی اور اس کے کچھ دوست ہولی اسپرنگس کے علاقے میں واقع ایک ویران گھر کے ارد گرد میٹل ڈیٹیکٹر استعمال کرتے ہوئے خزانہ تلاش کررہے تھے، تاہم انھیں اندر سے ایک انسانی لاش ملی۔

    دریائے مسیسیپی کے کنارے ریلی اور اس کے دوستوں کو تلاش کے دوران خانہ جنگی کے دور کی گولیاں، ایک کشتی کا تالا اور 1880 کی دہائی کی شیشے کی بوتلیں بھی ملی تھیں۔

    ریلی نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے خالی عمارت کی کھڑکی سے دیکھا کہ پیچھے والے کمروں میں سے ایک میں فرش پر کچھ ایسی چیز پڑی ہے جو عجیب لگ رہی ہے جب قریب سے دیکھا تو یہ انسانی لاش تھی ایسا لگ رہا تھا کہ وہ کچھ گھنٹوں پہلے ہی مرا ہے۔

    ہم نے فوری طور پر مارشل کاؤنٹی کے دفتر میں اطلاع دی اور حکام کے آنے کا انتظار کیا جب تک کہ وہ انسانی لاش کو لے کر جائے وقوعہ سے نہیں گئے ہم وہاں موجود تھے۔

    ریلی نے کہا کہ میں سارا وقت وہاں موجود تھا تاہم میں نے پہلے کبھی ایسا کچھ نہیں دیکھا۔ مجھے اس وقت بہت عجیب سا احساس ہورہا تھا۔

    ریلی نے مشاہدہ کیا کہ گھر کی حالت کافی بوسیدہ تھی، ان سب چیزوں نے مجھے کافی غمگین کردیا کیوں کہ یہ شخص دیکھنے میں نشے کا عادی بھی نہیں لگ رہا تھا۔

    چک نے کہا کہ اس نے اور اس کے بیٹے نے گھر جاتے ہوئے اس واقعے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا اور ہمیں لگا کہ آئندہ زندگی کے لیے ہمیں ایک بہتر انسان بننا چاہیے کیوں کہ زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں ہوتا۔

  • سیالکوٹ: جرم چھپانے کیلئے عطائی ڈاکٹر نے ایک اور جرم کر ڈالا

    سیالکوٹ: جرم چھپانے کیلئے عطائی ڈاکٹر نے ایک اور جرم کر ڈالا

    سیالکوٹ: پنجاب کے علاقے معراج پورہ میں گھر میں صندوق سے خاتون کی لاش ملی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے علاقے سیالکوٹ کے معراج پورہ میں گھر میں صندوق سے خاتون کی لاش ملی ہے، خاتون عطائی ڈاکٹر کی غلطی کی وجہ سے جان سے گئی۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون طبیعت خراب ہونے پر عطائی سے دوائی لینے گئی، عطائی ڈاکٹر کے غلط انجکشن سے خاتون دم توڑ گئی۔

    عطائی ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے 9 سالہ بچہ جاں بحق

    پولیس کا بتانا ہے کہ جرم چھپانے کیلئے عطائی نے خاتون کی لاش صندوق میں بند کی، خاتون کے شوہر نے گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی، جس کے بعد کارروائی کی گئی، دوران کارروائی ملزم رحیم اللہ کو حراست میں لے لیا۔

    واضح رہے کہ عطائی ڈاکٹر نہ صرف غلط علاج کے ذریعے لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں مبتلا کر رہے ہیں بلکہ متعدد دیگر موذی امراض پھیلانے میں بھی مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔

  • کراچی: مومن آباد پولیس کی کارروائی، 6 رکنی تالہ توڑ افغانی گروپ گرفتار

    کراچی: مومن آباد پولیس کی کارروائی، 6 رکنی تالہ توڑ افغانی گروپ گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے مومن آباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 6 رکنی تالہ توڑ گروپ کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مومن آباد پولیس نے تالہ توڑ گروپ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن کا تعلق تالہ توڑ افغانی گروپ سے ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے پانچ 30 بور پستول، ایک 9 ایم ایم پستول، ایک لاک کٹر، 14 موبائل فون اور رکشا بر آمد کیے گئے ہیں۔

    پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں 5 افغان شہری شامل ہیں، اس گروہ نے درجنوں موبائل فون شاپس سمیت دیگر دکانوں کے تالے کاٹے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی، ماہ اگست میں 36 افراد کو قتل کیا گیا، سی پی ایل سی

    ملزمان دن میں کچرا کنڈی میں سوتے اور رات کو وارداتیں کرتے تھے، ملزمان نے چند ماہ پہلے ایک فیکٹری کا بھی صفایا کیا، پولیس کے مطابق ملزمان کے دیگر 3 ساتھی افغانستان فرار ہو چکے ہیں۔

    دوسری طرف رینجرز نے بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان گرفتار کر لیے ہیں، جن سے اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بر آمد کی گئی۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان ڈکیتی، منشیات فروشی اور دیگر جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

    جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں گلبہار، بلوچ کالونی اور کورنگی انڈسٹریل ایریا میں کی گئیں، ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

  • انسان کے پہنچتے ہی خلا میں بھی جرائم شروع ہوگئے

    انسان کے پہنچتے ہی خلا میں بھی جرائم شروع ہوگئے

    انسان ایک طرف تو آسمانوں کی وسعت کو چیر کر خلا کو تسخیر کر رہا ہے اور نئے سیاروں پر پہنچ رہا ہے تو دوسری جانب اپنی سرشت کے ہاتھوں بھی مجبور ہے، یہی وجہ ہے کہ خلا میں کیا جانے والا پہلا جرم بھی سامنے آگیا۔

    امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ امریکی خلا باز این مک کلین خلا میں اپنے قیام کے دوران ایک جرم کی مرتکب ہوئی ہیں جس کی جلد تحقیقات شروع کردی جائیں گی۔

    این کی ساتھی سمر وورڈن نے الزام لگایا ہے کہ این نے اپنے خلائی قیام کے دوران ان کے بینک اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی۔

    اس ہم جنس پرست جوڑے نے سنہ 2014 میں شادی کی تھی، ان کا ایک بچہ بھی ہے جسے این مک کلین خلائی سفر پر جانے سے قبل اپنے ساتھ ناسا کے دفتر لائی تھیں اور اس کے ساتھ فوٹو شوٹ بھی کروایا تھا۔

    تاہم سمر وورڈن کی شکایت کے بعد اس فوٹو سیشن کو ہٹا دیا گیا۔ یہ دونوں خواتین اپنی شادی کے خاتمے کے لیے قانونی مراحل طے کر رہی ہیں اور بچے کی حوالگی کے لیے بھی ان کا مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔

    سمر وورڈن جو خود بھی ایک سابق ایئر فورس اہلکار ہیں، کا کہنا ہے کہ ان کے اکاؤنٹ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے بعد انہوں نے بینک انتظامیہ سے کہا کہ وہ اس مقام کے بارے میں بتائیں جہاں سے ان کا اکاؤنٹ استعمال کیا گیا۔

    انہیں بتایا گیا کہ اس کام کے لیے استعمال کیا جانے والا کمپیوٹر نیٹ ورک امریکی خلائی ادارے ناسا میں رجسٹرڈ ہے جس کے بعد سمر نے نہ صرف پولیس میں رپورٹ درج کروائی بلکہ ناسا میں بھی باضابطہ طور پر اپنی شکایت جمع کروائی۔

    دوسری جانب این نے ان الزمات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنی زندگی کے ایک مشکل مرحلے سے گزر رہی ہیں جب انہیں اپنی شادی ختم کرنی پڑ رہی ہے۔

    این مک کلین نے رواں برس اس وقت دنیا بھر کے میڈیا کی توجہ حاصل کرلی تھی جب ان کے خلائی سفر کا اعلان کیا گیا تھا۔ این کو ایک اور خاتون خلا باز کے ساتھ خلائی چہل قدمی (اسپیس واک) کرنی تھی، اور زمین سے ان کی معاونت بھی ایک خاتون خلا باز کرسٹین فیکول کو کرنی تھی جس کے بعد یہ مکمل طور پر خواتین پر مشتمل پہلی ٹیم ہوتی جو خلائی چہل قدمی انجام دیتی۔

    مزید پڑھیں: خلا بازی کا ایک اور ریکارڈ ٹوٹنے کے قریب

    تاہم ناسا کو اس وقت شدید شرمندگی اور تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب وہ عین موقع پر خواتین خلا بازوں کو ان کے مناسب سائز کے خلائی لباس فراہم کرنے میں ناکام رہا۔ مجبوراً ناسا کو خلائی چہل قدمی منسوخ کرنی پڑی۔

    این کا جرم سامنے آنے کے بعد اب ناسا کے تفتیش کار مائیکل متایا نے کیس کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ اگر جرم ثابت ہوگیا تو این کو مروجہ قوانین کے تحت سزا تو ہوسکتی ہے، تاہم جرم کا خلا سے ہونا اس کیس میں اہم موڑ اور پیچیدگی لا سکتا ہے۔

  • اٹلی میں ساحلی ریت لینے پر فرانسیسی جوڑا گرفتار

    اٹلی میں ساحلی ریت لینے پر فرانسیسی جوڑا گرفتار

    روم : اٹلی کے ایک جزیرے میں چھٹیاں منانے کے لیے جانے والے ایک فرانسیسی جوڑے کو پولیس نے محض اس لیے گرفتار کرلیا کہ وہ ساحل سمندر سے ریت لے کر جا رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق اٹلی میں واقع بحریرہ روم کے دوسرے بڑے جزیرے کا درجہ رکھنے والے ’سارادینا‘ کے ایک ساحل پر چھٹیاں منانے والے جوڑے کو پولیس نے اس وقت گرفتار کیا جب پولیس نے ان کی گاڑی میں ریت سے بھری 14 بوتلیں پکڑیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ جوڑا سارادینا کے سفید ریت کی دولت سے مالا مال جزیرے سے پلاسٹک کی 14 بوتلوں کے ذریعے ریت کو چوری کرکے منتقل کر رہا تھا کہ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔

    حکام کوجزیرے کی پیٹرولنگ کے دوران ساحل سے ریت کی چوری کے نشانات ملے، جس کے بعد پولیس نے وہاں آئے ہوئے سیاحوں کی گاڑیاں چیک کیں،پولیس کو چھٹیاں منانے کے لیے آنے والے ایک فرانسیسی جوڑے کی گاڑی میں ریت سے بھری 14 بوتلیں ملیں، جن میں جوڑا مجموعی طور پر 40 کلو ریت لے جا رہا تھا۔

    پولیس نے جوڑے کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا، جہاں ان کے خلاف ’ریت کی اسمگلنگ‘ کا مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔

    جوڑے کے خلاف 2017 میں کے ریت چوری کے آئین کے مطابق مقدمہ چلایا جا رہا ہے، جس کے تحت انہیں 3 ہزار امریکی ڈالر اور 6 سال تک جیل کی سزا ہوسکتی ہے۔

    گرفتاری کے بعد جوڑے نے پولیس اور عدالت کو بتایا کہ انہیں علم نہیں تھا کہ وہ ریت کو لے جا کر کوئی جرم کر رہے ہیں تاہم پولیس کے مطابق اگر انہیں علم نہیں تھا تو بھی انتظامیہ نے ساحل پر جگہ جگہ بورڈ آویزاں کر رکھے ہیں کہ ریت سمیت کسی بھی معدنیات کو لے جانا قانونا جرم ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اس جزیرے پر کئی سال سے ریت اور مٹی سمیت دیگر معدنیات کی منتقلی یا اسمگلنگ قانونا ًجرم ہے اور 2017 کے قانون کے مطابق ایسا کرنے والے کو 3 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ اور 6 سال قید یا پھر دونوں سزائیں سنائی جا سکتی ہیں۔

    حکام کا کہنا تھا کہ سارادینا جزیرے پر آنے والے سیاح کئی سال سے یہاں سے ریت اور مٹی لے جاتے رہے ہیں، جس وجہ سے اس خوبصورت ساحل کو شدید موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    حکام کا کہنا تھاکہ عام طور پر یہاں آنے والے سیاح 20 سے 40 کلو ریت یا مٹی لے جاتے ہیں اور اگر اسی حساب سے یہاں آنے والے لاکھوں سیاح ریت لے جاتے رہے تو یہاں ایک دن کچھ بھی نہیں بچے گا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ عام طور پر سیاح یہاں سے یادگار یا تحفے کے طور پر ریت لے جاتے ہیں، تاہم حکام کے مطابق وہ اس ریت کو آن لائن ویب فروخت کرتے ہیں۔

    حکام نے دعویٰ کیا کہ چوں کہ سارا دینا میں سونے اور چاندی کی معدنیات بہت ہیں اور خیال کیا جاتا ہے کہ ریت میں سونے اور چاندی کے ذرات شامل ہوتے ہیں، اس لیے یہاں کے ریت کی مانگ زیادہ ہے۔

  • معروف بھارتی ڈوسا کنگ قتل کے جرم میں قید

    معروف بھارتی ڈوسا کنگ قتل کے جرم میں قید

    نئی دہلی : بھارت میں ڈوسا کنگ کے نام سے مشہور کاروباری شخصیت راج گوپال نے اپنے ایک ملازم کی بیوی سے شادی کرنے کےلئے ملازم کا قتل کرا دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سروانا بھون نامی بین الاقوامی ریستورانٹس کے مالک 71 سالہ راج گوپال اپنے ایک ملازم کی بیوی سے شادی کرنا چاہتے تھے، انہیں ایسا کرنے کےلئے ایک نجومی نے کہا تھاکہ راج گوپال کے اعصاب پر ان کے ملازم کی بیوی سوار ہو گئی تھی، شادی کا راستہ آسان بنانے کےلئے راج نے 2001 میں ملازم کو قتل کرادیا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون نے اپنے شوہر کے لاپتہ ہونے پر پولیس سے رابطہ کیا اور راج گوپال کےخلاف رپورٹ بھی درج کروائی تھی، پولیس کے مطابق ان کے شوہر کی لاش ایک جنگل سے ملی اور پولیس نے اس بات کی تصدیق بھی کی کہ انہیں گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا تھا۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈوسا کنگ راج گوپال 2003ءمیں بھی اسی سلسلے کے ایک اسکینڈل میں ملوث تھے جس میں انہوں نے اسی عورت (ملازم کی بیوی) کو رشوت دینے کی کوشش کی تھی جس پر خاتون کی فیملی کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش اور اس کے بھائی پر تشدد بھی شامل تھا۔

    میڈیاذرائع کے مطابق ملازم کے قتل اور اس کی بیوی کو ڈرانے اور دھمکانے والے راج گوپال کو 2004ءمیں مقامی عدالت نے دس سال قید کی سزا سنائی مگر بعد میں چنئی ہائی کورٹ نے ان کی سزا کو عمر قید میں بدل دیا تھا۔

    خبر رساں ذرائع سے معلوم ہوا کہ 2009ءمیں مجرم قرار پائے جانے کے بعدراج گوپال عمر قید سے بچنے کی کوششیں کر رہے تھے، گزشتہ روز جب ان کی آخری اپیل مسترد ہوگئی تو انہوں نے خود کو چنئی کی عدالت کے حوالے کر دیا جبکہ قتل کے جرم میں عمر قید سے بچنے کی آخری اپیل بھی ناکام ہو گئی۔

    واضح رہے کہ سروانا بھون کے بھارت میں 39 اور نیویارک، لندن اور سڈنی سمیت دیگر ممالک و شہروں میں 43 ریستورانٹس ہیں، رپورٹ کے مطابق سنہ 2017 میں سروانا بھون کی آمدنی 29 ارب سے زائد تھی۔

    بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اپنے ریستورانٹس میں جنوبی بھارت کی معروف ڈش ڈوسا متعارف کرنے کے حوالے سے راج گوپال کو ڈوسا کنگ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔