Tag: جرمانہ

  • سعودی عرب: سگریٹ نوشی کرنے والے خبردار! کیا سزا ملے گی ؟

    سعودی عرب: سگریٹ نوشی کرنے والے خبردار! کیا سزا ملے گی ؟

    دبئی: سعودی عرب کی وزارت بلدیات اور ہاؤسنگ نے کھانے کے شعبے میں صحت اور حفاظت کے معیار کو سخت کرنے کے مقصد کے تحت نئے جرمانوں کا اعلان کیا ہے، جس میں فوڈ آؤٹ لیٹس میں سگریٹ نوشی پر 5,000 ریال کا جرمانہ بھی شامل ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غیر صحت بخش طریقوں، دھوکہ دہی پر مبنی فروخت، اور فوڈ سیفٹی کے قوانین کی عدم تعمیل پر سخت اقدامات حفظان صحت اور صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اُٹھائے گئے ہیں۔

    کھانے کی تیاری کے جگہوں میں کارکنوں کو چہرے کے ماسک نہ پہننے پر 1,000 SR اور سر نہ ڈھانپنے پر 1,000 SR جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا، غیر مجاز علاقوں میں سگریٹ نوشی پر 5000 ریال کا سب سے زیادہ جرمانہ ہوگا۔

    فوڈ ڈیلیوری ورکرز جو سرکاری کمپنی کی وردی نہیں پہنیں گے ان ان پر 500 ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    وہ کاروبار جو صارفین کو فروزن فروٹ جوس پیش کرتے ہیں اور یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ تازہ تیار کیے گئے ہیں انہیں 1000 ریال کے جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    کھانے کے اداروں میں کام کرنے والے ورکرز، جو ناک اور منہ کو چھوتے ہوئے یا تھوکتے ہوئے پکڑے گئے، انہیں 2000 ریال تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    سعودی عرب: مکہ اور مدینہ سے منشیات فروش غیر ملکی و شہری گرفتار

    وزارت نے زور دیا کہ ان اقدامات کا مقصد صحت عامہ کی حفاظت، صارفین کی حفاظت اور خوراک کی فراہمی کے سلسلے میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ فوڈ اداروں اور ڈیلیوری کمپنیوں سے کہا گیا کہ وہ جرمانے سے بچنے کے لیے ضوابط کی مکمل تعمیل کریں۔

  • سی ای او کے الیکٹرک نے 25 لاکھ روپے جرمانہ سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا

    سی ای او کے الیکٹرک نے 25 لاکھ روپے جرمانہ سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا

    کراچی : خاتون ہراسانی کیس میں سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے 25 لاکھ روپے جرمانہ سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق خاتون کو ہراساں کرنے کے مقدمے میں کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مونس علوی نے عدالت کے حکم پر 25 لاکھ روپے جرمانے کی رقم ناظر سندھ ہائیکورٹ کے اکاؤنٹ میں جمع کرا دی۔

    ذرائع نے بتایا کہ مونس علوی نے یہ رقم 7 اگست کو نیشنل بینک آف پاکستان میں جمع کرائی۔

    یاد رہے صوبائی محتسب برائے انسداد ہراسانی نے سی ای او کے ای مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے اور 25 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔

    تاہم سندھ ہائیکورٹ نے محتسب کے حکم نامے کو جزوی طور پر معطل کرتے ہوئے مونس علوی کو ہدایت دی تھی کہ وہ جرمانے کی رقم عدالت کے ناظر کے پاس جمع کرائیں۔

    مزید پڑھیں : عہدے سے ہٹانے کا حکم معطل! کے الیکٹرک کے سی ای او کو بڑا ریلیف مل گیا

    عدالتی حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے مونس علوی  نے جرمانے کی رقم ادا کر دی ہے، جبکہ کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ پر متوقع ہے۔

    یاد رہے کہ صوبائی محتسب نے خاتون کو ہراساں کرنے کا الزام ثابت ہونے پر یہ کارروائی عمل میں لائی تھی، جس کے خلاف مونس علوی نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

  • بھارتی کرکٹر محمد سراج پر آئی سی سی نے بھاری جرمانہ عائد کردیا

    بھارتی کرکٹر محمد سراج پر آئی سی سی نے بھاری جرمانہ عائد کردیا

    لارڈز ٹیسٹ میچ میں قانون کی خلاف ورزی کرنے پر بھارتی کرکٹر محمد سراج پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا۔

    لارڈز ٹیسٹ میں کھیل کے چوتھے دن بھارتی کرکٹر محمد سراج نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی، کوڈ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی پر ان پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

    گزشتہ روز بین ڈکٹ کی وکٹ پر سراج نے جشن کے دوران بیٹر کے خلاف جارحانہ رویہ اپنایا تھا، جس کے باعث ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا بھی اضافہ ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان 5 میچز کی سیریز کا تیسرا ٹیسٹ لارڈز میں جاری ہے جہاں میچ کے 4 دن کا کھیل ختم ہو گیا اور آخری دن میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔

    مچل اسٹارک نے بریٹ لی کو پیچھے چھوڑ دیا

    بھارت نے چوتھے روز کے اختتام پر انگلینڈ کے 193 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 4 وکٹ پر 58 رنز بنا لیے ہیں۔

    میچ میں کامیابی کے لیے بھارت کو مزید 135رنز درکار ہیں جبکہ انگلینڈ کو جیت کے لیے 6 وکٹیں چاہئیں۔ بھارت کی جانب سے کے ایل راہول 33 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

  • سعودی عرب: حج ضوابط کی خلاف ورزی پر جرمانے اور سزا کا اعلان

    سعودی عرب: حج ضوابط کی خلاف ورزی پر جرمانے اور سزا کا اعلان

    سعودی عرب میں وزارت داخلہ نے حج ضوابط اور ’مکہ پرمٹ‘ کی خلاف ورزیوں پر جرمانے اور سزا کا اعلان کردیا ہے۔ جو بھی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا ایک لاکھ ریال تک جرمانہ اور مملکت کے لیے بلیک لسٹ کیا جاسکتا ہے۔

    سعودی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کا کہنا ہے ایسے افراد جو حج پرمٹ کے بغیر حج ادا کرنے کی کوشش کریں گے، ان پر 20 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائیگا۔

    مکہ پرمٹ کے بغیر کسی بھی غیرملکی کو یکم ذوالقعدہ بمطابق 29 اپریل سے 14 ذوالحجہ تک کسی بھی نوعیت کے وزٹ ویزے پرآنے والے غیرملکی مکہ مکرمہ یا مشاعرمقدسہ میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، خلاف ورزی کرنے والے کو بھی 20 ہزار ریال جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

    کوئی بھی ایسا شخص جس نے اپنے نام پر بیرون ملک سے ایک یا متعدد وزٹ ویزے (تمام اقسام) کے جاری کرائے ہوں اور وزٹ ویزے پر آنے والے غیرملکی ممنوعہ مدت (یکم ذوالقعہ) میں مکہ مکرمہ داخل ہوں اور حج ادا کرنے کی کوشش کریں اس صورت میں وزٹ ویزا جاری کرنے والے پرایک لاکھ ریال جرمانہ ہوگا۔

    وہ افراد جو وزٹ ویزے پر آنے والوں کو مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ جانے کے لیے ٹرانسپورٹیشن کی سہولت فراہم کریں۔ ایسے افراد جو مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ میں غیرحاجی کو(حج سیزن میں) قیام کی سہولت فراہم کریں ان پر بھی یہی سزائیں لاگو ہوں گی۔

    دوسری جانب واضح رہے کہ پاکستان سے حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے، اسلام آباد ایئرپورٹ سے پہلی حج پرواز عازمین حج کو لیکر مدینہ منورہ روانہ ہوگئی، وفاقی وزیرمذہبی امورسردار محمد یوسف اور سعودی سفیر نے عازمین حج کو رخصت کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کو روڈ ٹو مکہ امیگریشن منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد سے پی آئی اے کی پرواز 713 آج صبح 393 عازمین کو لے کر روانہ ہوئی جبکہ کوئٹہ سے پی آئی اے کی پرواز 7201 صبح ساڑھے نو بجے 150 مسافروں کے ساتھ روانہ ہوئی۔

    ملتان سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 715 رات کو 393 عازمین کو لے کر روانہ ہوگی جبکہ کراچی سے پرواز ای آر 1611 رات ساڑھے نو بجے 285 عازمین کو لے کر روانہ ہوئی۔

    لاہور سے حج کی پہلی پرواز پی ایف 7700 ڈیڑھ سو عازمین کو لیکر مدینہ منورہ روانہ ہوئی، وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے عازمین حج کو مقدس سفر پر روانہ کیا۔

    عازمین حج کے لیے نسک کارڈز کی تقسیم شروع

    لاہور سے دوسری پرواز پی کے 747 تین سوانتیس عازمین کے ساتھ رات سوا 10 بجے روانہ ہوگی۔ حج آپریشن کے پہلے روز 6 پروازوں کے ذریعے عازمین کو حجازمقدس پہنچایا جائے گا۔ حج ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر حج سینٹرل پنجاب محمد رضوان شریف اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

  • پاکستان کرکٹ ٹیم پے در پے شکستوں کے بعد جرمانوں کے بھنور میں پھنس گئی، مسلسل تیسری بار جرمانہ

    پاکستان کرکٹ ٹیم پے در پے شکستوں کے بعد جرمانوں کے بھنور میں پھنس گئی، مسلسل تیسری بار جرمانہ

    پاکستان کرکٹ ٹیم شکستوں کے بھنور میں پھنسنے کے بعد اب جرمانوں کے تسلسل سے دوچار ہے قومی ٹیم پر مسلسل تیسری بار جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم جو پے در پے شکستوں سے پہلے ہی نڈھال ہے اب جرمانوں کے تسلسل نے ٹیم کی ہزیمت مزید بڑھا دی ہے۔ نیوزی لینڈ سے ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کے ساتھ قومی ٹیم پر آئی سی سی نے مسلسل تیسری بار جرمانہ بھی عائد کیا۔

    آئی سی سی نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے میچ میں سلو اوور ریٹ پر جرمانہ عائد کیا ہے اور ٹیم پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ لگایا گیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے اپنی غلطی تسلیم کر لی ہے۔

    واضح رہےکہ نیوزی لینڈ کے خلاف ابتدائی دو ون ڈے میچز میں بھی پاکستان ٹیم پر سلو اوور ریٹ پر جرمانہ عائد کیا تھا۔ تاہم جس طرح قومی ٹیم شکستوں میں مستقل مزاجی دکھا رہی ہے، اسی طرح سلو اوور ریٹ کی غلطی پر بھی قابو پانے میں ناکام ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-fined-for-slow-over-rate-against-new-z/

  • آئی سی سی نے 3 پاکستانی کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد کردیا

    آئی سی سی نے 3 پاکستانی کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد کردیا

    آئی سی سی نے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر 3 پاکستانی کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد کردیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی، سعودشکیل اور کامران غلام پرجرمانہ عائد کیا ہے۔

    جنوبی افریقہ کیخلاف میچ میں تینوں کھلاڑی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے، شاہین آفریدی پرمیچ فیس کا 25، کامران غلام اور سعودی شکیل پر میچ فیس کا 10 فیصدجرمانہ عائدکیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ون ڈے میچ کے دوران فاسٹ بولر شاہین آفریدی اور میتھیو بریٹزی میں گرما گرمی ہوگئی تھی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

    شاہین آفریدی نے میتھیو کو ڈاٹ بال کروائی، میتھیو نے بیٹ دکھایا جس پر شاہین نے جملے کسے۔

    شاہین کی اگلی گیند پر میتھیو نے رن لینے کے دوران شاہین کو ٹکر ماری پھر دونوں ایک دوسرے کی طرف بڑھے تو کھلاڑیوں اور امپائر نے بیچ بچاؤ کروایا۔

    اس کے بعد ٹیمبا باوما کے رن آؤٹ ہونے کے بعد سعود شکیل کی جانب سے پرجوش انداز منایا۔

    باوما نے بیک ورڈ پوائنٹ پر لینتھ ڈیلیوری کھیلی اور فوری سنگل لینے کی کوشش کی لیکن ساتھی کھلاڑی نے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا اور باوما پچ کے بیچ میں پھنس گئے، بیک ورڈ پوائنٹ پر موجود سعود شکیل نے گیند کو اسٹمپ کی طرف تھرو کیا اور تھرڈ امپائر نے انہیں رن آؤٹ قرار دیا۔

    سعود شکیل کو خاص جارحانہ انداز میں جشن مناتے ہوئے چیخے اور جنوبی افریقی کپتان کو گھورتے ہوئے دیکھا گیا۔

    پاکستانی کپتان اور نائب کپتان ریکارڈز کا سونامی لے آئے

    اس دوران ٹمبا باووما اور سود شکیل کے درمیان گرما گرمی بھی دیکھنے میں آئی لیکن ساتھی کھلاڑی نے سعود شکیل کو ہٹا کر معاملہ ختم کردیا۔

  • سعودی عرب میں کن ریسٹورنٹس پر جرمانہ کیا جائے گا؟

    سعودی عرب میں کن ریسٹورنٹس پر جرمانہ کیا جائے گا؟

    سعودی عرب میں ریسٹورینٹس اور کچن کے لیے ضابطہ اخلاق سخت کرتے ہوئے خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے تجویز پیش کی ہے کہ ریسٹورینٹ اور کچن میں بلی کا کتے کی موجودگی پر ان ہوٹلز پر 2 ہزار ریال (تقریباً ڈیڑھ لاکھ پاکستانی روپے) عائد کیا جائے گا۔ دکان یا ہوٹل وغیرہ میں حشرات الارض کی موجودگی پر زیادہ سے زیادہ 2 ہزار ریال تک جرمانہ ہوگا۔

    رپورٹ کے مطابق اتھارٹی نے اس کے علاوہ فوڈ سروسز یا کیٹرنگ کے حوالے سے کسی بھی غیرقانونی تجارتی سرگرمی پر 50 ہزار ریال (تقریباً 37 لاکھ 50 ہزار پاکستانی روپے) جرمانہ عائد کرنے کے لیے ضوابط مرتب کر لیے ہیں۔

    ضوابط کے مطابق ریستوران وغیرہ میں صفائی کا خیال نہ رکھنے پر زیادہ سے زیادہ 4 ہزار جبکہ کم سے کم 200 ریال تک جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔

    دکان یا ریستوران وغیرہ میں سیوریج لائن کی خرابی کی صورت میں گندا پانی داخل ہونے پر 4 ہزار ریال تک جرمانہ مقرر ہے۔

    اس کے علاوہ اشیائے خور و نوش کے میدان میں کام کرنے والے تجارتی ادارے کا لائسنس ایکسپائر ہونے یا لائسنس جاری نہ کرانے پر 5 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

  • جواد احمد پر بجلی چوری کے الزام میں لاکھوں روپے کا جرمانہ عائد

    جواد احمد پر بجلی چوری کے الزام میں لاکھوں روپے کا جرمانہ عائد

    لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے پاکستانی گلوکار جواد احمد پر بجلی چوری کے الزام میں 13 لاکھ روپے کا جرمانہ کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چند روز قبل جواد احمد کی اہلیہ کے بیوٹی پارلر میں بجلی چوری پکڑی گئی تھی، لیسکو حکام کے چھاپے کی اطلاع پر جواد احمد فوراً پہنچے اور ان کی لیسکو حکام سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔

    جواد احمد نے لیسکو حکام سے میٹر چھین لیا تھا، لیسکو حکام کے مطابق گلوکار جواد احمد کے خلاف نواب ٹاؤن تھانے میں ایف آئی آر درج ہو گئی ہے، لیکن مقدمے میں تمام دفعات شامل نہ کرکے پولیس نے زیادتی کی ہے۔

    لسیکو حکام کا کہنا ہے کہ جواد احمد کو 27 ماہ کی بجائے صرف چھ ماہ کا ڈٹیکشن بل دیا گیا ہے، میٹر اب تک غائب ہے، میٹر ملنے پر بل زیادہ ڈالیں گے، بل کی مجموعی رقم 13 لاکھ روپے بنی ہے۔

    لسیکو حکام نے کہا کہ صارف کسی بھی فورم پر چلا جائے، ہم نے کوئی زیادتی نہیں کی، ساری کارروائی کی تفصیل اعلیٰ حکام کو بھجوا دی گئی ہے۔

  • ٹک ٹاک پر ایک کروڑ ڈالر کا جرمانہ عائد

    ٹک ٹاک پر ایک کروڑ ڈالر کا جرمانہ عائد

    وینزویلا کی سپریم کورٹ کی جانب سے سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر ایک کروڑ ڈالر کا جرمانہ کردیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وینزویلا کی عدالت نے سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر چینلج ویڈیوز کو پورا کرتے ہوئے ہلاکتوں کے معاملے پر ایک کروڑ ڈالر کا جرمانہ عائد کردیا ہے۔

    رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ وینز ویلا میں ٹک ٹاک چینلج ویڈیوز کو پورا کرنے کی دوڑ میں مبینہ طور پر اب تک 3 کم عمر نوجوان زندگی کی بازی ہار چکے ہیں اور اس متعلق عدالت کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک اس حوالے سے مواد کو روکنے یا ہٹانے کیلیے کوئی اقدامات نہیں کررہا۔

    عدالتی فیصلے میں واضح نہیں کیا گیا ہے کہ ٹک ٹاک جرمانہ کس طرح ادا کرے گا جبکہ ٹک ٹاک حکام کی جانب سے بھی ابھی تک اس فیصلے پر کسی قسم کا رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

    اب کسی دوسری ڈیوائس کے لیے صارف کو نیا چارجر نہیں لینا پڑے گا

    صدر نکولس مادورو نے گزشتہ ماہ نومبر میں ایک 12 سالہ بچی کی ہلاکت کا ذمہ دار ٹک ٹاک کو قرار دیا تھا جس نے مبینہ طور پر ایک ٹک ٹاک چیلنج میں حصہ لیا تھا جس میں سکون کی گولیاں لینی تھیں مگر سونا نہیں تھا۔ بچی چیلنج کے دوران موت کی وادی میں چلی گئی تھی۔

  • سعودی عرب: ڈرائیور حضرات ہوشیار، جرمانہ بڑھ گیا!

    سعودی عرب: ڈرائیور حضرات ہوشیار، جرمانہ بڑھ گیا!

    سعودی محکمہ ٹریفک نے ڈرائیوروں کو ہوشیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال قانونی خلاف ورزی ہے جس پربھاری جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک کی جانب سے وقتاً فوقتاً آگاہی مہم شروع کرنے کا مقصدلوگوں کو قانون پرعمل کرنے کی تلقین کرنا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ ٹریفک نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر بتایا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے پر 500 سے 900 ریال تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    محکمہ ٹریفک کے مطابق ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال لاپروائی کے زمرے میں آتا ہے جس سے گاڑی کے مالک اور سڑک پر لوگوں اور دیگر گاڑیوں کے لئے خطرہ پیدا ہوجاتا ہے، اس لئے گاڑی چلاتے وقت ڈرائیور کی بھرپور توجہ ڈرائیونگ پر ہونا چاہئے۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب کے تمام شہروں میں اہم شاہراہوں پرخود کار سسٹم نصب کئے گئے ہیں جو ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے کی خلاف ورزی کو ریکارڈ کرلیتے ہیں۔

    شاہی مہمانوں کا چوتھا گروپ عمرہ ادا کرنے کیلئے مدینہ پہنچ گیا

    مملکت کی اہم شاہراہوں پر موجود خود کارسسٹم کے ذریعے کیے جانے والے چالان کی اطلاع گاڑی کے مالک کے موبائل فون پر دی جاتی ہے۔