Tag: جرمانہ

  • ٹیکنالوجی کمپنی’ایپل‘ پر لاکھوں ڈالر جرمانے کی تیاری

    ٹیکنالوجی کمپنی’ایپل‘ پر لاکھوں ڈالر جرمانے کی تیاری

    کیلیفورنیا : یورپی قانون کی خلاف ورزی پر معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل پر بھاری ترین جرمانہ عائد ہونے کا قوی امکان ہے جس کا اعلان اگلے مہینے متوقع ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ایپل پر یورپی یونین کے قوانین کی خلاف ورزی کا الزام ہے اور اسی وجہ سے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    بھاری مالیت کے اس جرمانے کا اعلان اگلے مہینے متوقع ہے۔ خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق فنانشل ٹائمز نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا کہ یورپی یونین ایپل پر مبینہ طور پر مسابقتی قانون کی خلاف ورزی پر 53 کروڑ 90 لاکھ ڈالر (50 کروڑ یورو) جرمانے عائد کرے گا۔

    خیال رہے کہ یورپی کمیشن نے گزشتہ برس الزام عائد کیا تھا کہ ایپل ایپ اسٹور قواعد کے ذریعے میوزک اسٹریمنگ مارکیٹ میں مسابقتی قانون کی خلاف ورزی کر رہی ہے، مذکورہ قانون کے تحت ڈیولپرز اپنے صارفین کو میوزک کی خریداری کے حوالے سے آپشنز روک دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب یورپی کمیشن اور ایپل دونوں نے فنانشل ٹائمز کی رپورٹ پر ردعمل دینے سے گریز کیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں برازیل کی ایک عدالت نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل پر آئی فون کے نئے ماڈلز کے ساتھ بیٹری چارجرز شامل نہ ہونے پر ایپل پر 100 ملین (تقریباً 150 کروڑ برازیلین روپے) کا جرمانہ عائد کیا تھا۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملک میں فروخت ہونے والے آئی فو ن کے نئے ماڈلز کے ساتھ بیٹری چارجرز کو بھی شامل کیا جائے۔ یہ مقدمہ صارفین اور ٹیکس دہندگان کی ایسوسی ایشن کی طرف سے دائر کیا گیا، جن کا مؤقف تھا کہ کمپنی چارجر کے بغیر اپنی نئی پروڈکٹ فروخت کر رہی ہے۔

  • کیفی خلیل کا نیا گانا ریلیز ہوتے ہی مقبول

    کیفی خلیل کا نیا گانا ریلیز ہوتے ہی مقبول

    معروف پاکستانی گلوکار کیفی خلیل کا نیا گانا ’جرمانہ‘ ریلیز ہوتے ہی مقبول ہوگیا۔

    ’کہانی سنو‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے گلوکار کیفی خلیل نئے گانے ’جرمانہ‘ کی مختصر سی ویڈیو شیئر کی اور گانے کی ریلیز کا اعلان کیا۔

    انہوں نے گزشتہ روز بتایا کہ ان کا نیا گانا ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پرجاری کردیا گیا ہے۔

    کیفی خلیل کی سولو میوزک ویڈیو ’جرمانہ’ 2 منٹ 53 سیکنڈ پر مشتمل ہے جس نے یوٹیوب پر ریلیز کے چند گھنٹوں بعد ہی لاکھوں ویوز حاصل کرلیے ہیں۔

    گلوکار کے نئے گانے کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

    واضح رہے کہ کیفی خلیل نے اپنا مشہور گانا ’کہانی سنو‘ امریکا میں بھی کنسرٹ کے دوران گنگنایا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں جو عزت مداحوں نے دی اس پر وہ ان کے شکرگزار ہیں انہوں نے نیشنل پروموٹرز کا شکریہ بھی ادا کیا جن کی کاوشوں سے امریکا میں ان کے کنسرٹ منعقد ہوئے۔

  • ابوظہبی: گاڑی سے کچرا پھینکنے والے ہوجائیں ہوشیار!

    ابوظہبی: گاڑی سے کچرا پھینکنے والے ہوجائیں ہوشیار!

    ابو ظہبی میں چلتی گاڑیوں سے باہر کچرا پھینکنے والے بھاری جرمانوں کے لئے ہوجائیں تیار، اب چلتی گاڑیوں سے کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں پر 1000 درہم جرمانہ عائد کرنے کافیصلہ کرلیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق چلتی گاڑی سے سڑک پر کوئی بھی چیز پھینکنا قانون کے آرٹیکل 71 کی خلاف ورزی میں شمار ہوتا ہے، اگر ایسا کیا گیا تو گاڑی کے ڈرائیورز کو جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ابوظہبی میونسپلٹی کی جانب سے‘ہمارا خوبصورت شہر’کے عنوان سے شروع کی گئی مہم کو کامیاب بنانا ہم سب کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

    دریں اثنا، پٹرولنگ پولیس کے ڈائریکٹر کرنل محمود یوسف البلوشی کی جانب سے ایک بیان سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ابوظہبی ٹریفک پولیس وقتاً فوقتاً آگاہی مہم چلاتی ہے جس کا بنیادی مقصد معاشرے میں قانون کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور قواعد کی پابندی کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے الیکٹرک اسکوٹر سواروں کو اس کے خطرناک پہلو سے آگاہ کرنے کے لیے ایک مہم کا آغاز کیا گیا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ ہائی ویز پر اسکوٹر چلانا خطرے کا باعث بن سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ اقدامات پر سختی سے عمل کرنا ضروری ہے۔

    الیکٹرک سکوٹر سواروں کے لیے حفاظتی ہیلمٹ کا لازمی استعمال کریں۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے نوعمر بچوں کو ہائی ویز پر سکوٹر چلانے کی اجازت نہ دیں، تاکہ کسی بھی بڑے نقصان سے بچ سکیں۔

  • ٹرمپ پر 10 ہزار ڈالر جرمانہ عائد

    ٹرمپ پر 10 ہزار ڈالر جرمانہ عائد

    سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر نیویارک کی مقامی عدالت نے سول فراڈ کیس میں 10 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کردیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق جرمانہ جج ارتھور انگورون نے سابق امریکی صدر کے خلاف سول فراڈ کیس میں عدالتی عملے پر تنقید کرنے پر عائد کیا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے تین ہفتے قبل جزوی گیگ آرڈر کی خلاف ورزی کی تھی، گیگ آرڈر 3 اکتوبر کو ٹرمپ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جج Engoron کے پرنسپل لاء کلرک کی توہین کرنے پر جاری کیا گیا تھا۔

    رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ ایک ہفتے کے دوران دوسرا موقع ہے جب ٹرمپ کو ان کے عدالت سے باہر کے تبصروں پر سزا سنائی گئی ہے۔

    اس سے قبل امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف خفیہ دستاویزات کیس میں ایک اور گواہی سامنے آگئی۔

    سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر غیر ملکی سربراہان کے ساتھ فون پر گفتگو فلوریڈا میں رہائش گاہ پر ساتھیوں کے ساتھ شیئر کرنے کا الزام ہے۔

    انہوں نے یوکرینی اور عراقی رہنماؤں کے ساتھ گفتگو میں شامل حساس معلومات شیئر کی تھیں۔ اس بات کا انکشاف آسٹریلوی تاجر انتھونی پریٹ نے امریکی میڈیا کو انٹرویو میں کیا۔

    سابق امریکی صدر پر جوہری آبدوزوں سے متعلق حساس معلومات بھی شیئر کرنے کا الزام ہے۔ آسٹریلوی تاجر آئندہ سال مئی میں مقدمے کی سماعت کے دوران بطور گواہ پیش ہوں گے۔

    دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ صدارتی الیکشن میں ریپبلکن نامزدگی کی دوڑ میں بدستور سب سے آگے ہیں۔ ریپبلکن رہنما ساجد تارڑ کہتے ہیں کہ ان کو بائیڈن انتظامیہ انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے۔

  • سعودی عرب : ملازمت سے متعلق بڑی پابندی عائد

    سعودی عرب : ملازمت سے متعلق بڑی پابندی عائد

    جدہ : سعودی عرب میں ملازمت کیلئے جانے والے غیرملکیوں کیلئے اہم خبر آگئی، حکومت نے ملازمت کے حوالے سے بڑی پابندی عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے 21 سال سے کم عمر گھریلو ملازم رکھنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے 20 ہزار ریال جرمانہ کا اعلان کیا گیا ہے۔

    سعودی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کی جانب سے جاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ قانون کے تحت 21 سال سے کم عمر افراد کو گھریلو ملازم نہیں رکھا جاسکتا۔

    اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے کے مرتکب گھریلو آجر پر20 ہزار ریال کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

     

  • یو اے ای: بیروزگاری انشورنس میں رجسٹریشن نہ کرانے والے ہوشیار!

    یو اے ای: بیروزگاری انشورنس میں رجسٹریشن نہ کرانے والے ہوشیار!

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے حکام کی جانب سے ایک ہدایت نامے کے ذریعے بیروزگاری انشورنس میں رجسٹریشن نہ کرانے والوں کو متنبہ کیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای کے حکام نے نجی اداروں میں کام کرنے والے تمام ملازمین کو بے روزگاری انشورنس کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

    یو اے ای وزارت ہیومن ریسورسس کی جانب سے ایک ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں تمام ملازمین کو یکم اکتوبر تک بے روزگاری انشورنس کرانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    یو اے ای کے حکام کی جانب سے جاری کئے گئے اس ہدایت نامہ کے مطابق بیروزگاری انشورنس کیلئے رجسٹریشن نہ کروانے والوں پر 400 درہم جرمانہ کیا جائے گا۔

    یو اے ای میں بیروزگاری انشورنس کو رواں برس متعارف کرایا گیا تھا جس کے تحت نوکری پیشہ ہر شخص کو اپنی بیروزگاری انشورنس خود کرانا تھی۔

    ہدایت نامہ میں مطلع کیا گیا ہے کہ انشورنس کرانے والے ملازم کو نوکری ختم ہونے کی صورت میں 3 ماہ تک ایک معقول رقم دی جائے گی تاکہ وہ اپنی زندگی کے معاملات آسانی کے ساتھ چلا سکے۔

    واضح رہے کہ یو اے ای میں اب تک لاکھوں ملازمین نے بیروزگاری انشورنس نہیں کروائی ہے جس کے باعث اب حکومت نے یکم اکتوبر تک کا وقت دیکر رجسٹریشن نہ کروانے پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کردیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ اس ہدایت نامہ پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔

  • گاڑیوں میں فاصلہ نہ رکھنے پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ

    گاڑیوں میں فاصلہ نہ رکھنے پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ

    سعوردی عرب میں ڈرائیونگ کے دوران گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ نہ چھوڑنے والوں کے خلاف اہم فیصلہ کرلیا گیا۔ محکمہ ٹریفک نے خبردار کیا ہے کہ ایسا کرنا سنگین خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے، جس پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ نہ چھوڑنے پر 150 تا 300 ریال تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    محکمہ ٹریفک کے مطابق گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ برقرار رکھنا اچانک بریک لگنے کی صورت میں حادثات سے بچاؤ کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ’ضوابط کی پابندی کرنے والی ٹیکسیوں سے ہی سفر کیا جائے۔‘

    الاقتصادیہ کے مطابق سعودی عرب میں ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ٹیکسیوں کے لیے متعدد تکنیکی خصوصیات مقرر کی گئی ہیں۔
    ٹیکسی میں پانچ برس سے زیادہ پرانے ماڈل کی کار استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔‘بصورت دیگر کارروائی کی جائے گی۔

  • خبردار! گاڑی سے کچرا پھینکا تو 80 ہزار روپے کا جرمانہ ہوگا

    خبردار! گاڑی سے کچرا پھینکا تو 80 ہزار روپے کا جرمانہ ہوگا

    ابوظہبی پولیس نے صفائی کو یقینی بنانے کے لیے چلتی گاڑی سے کوڑا پھیکنے والے افراد پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ابوظہبی پولیس نے کہا ہے کہ گاڑی چلانے والوں کو اپنی گاڑیوں سے فضلہ پھینکتے ہوئے پکڑا گیا تو اسے 1 ہزار درہم یعنی 80 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    ابوظہبی پولیس نے مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سینٹر کے تعاون سے یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سڑک پر کچرا پھیکنا قانون کی خلاف ورزی ہے، کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگا کر صحت، حفاظت اور ماحولیات کا خیال رکھنے میں ہمارے ساتھ تعاون کریں۔

    حکام نے ڈرائیوروں اور مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنا کچرا مخصوص جگہوں اور کچرے کے ڈبے میں پھینکیں۔

  • معمر افراد سے بدسلوکی کی سزا لاکھوں ریال جرمانہ ہوسکتی ہے

    معمر افراد سے بدسلوکی کی سزا لاکھوں ریال جرمانہ ہوسکتی ہے

    ریاض: سعودی حکام نے متنبہ کیا ہے کہ ریاست میں بزرگ افراد کو بے شمار حقوق حاصل ہیں اور ان سے بدسلوکی کی سزا 1 برس قید اور 5 لاکھ ریال جرمانہ ہوسکتی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق 15 جون کو منائے جانے والے معمر افراد کے عالمی دن کے موقع پر، ریاست کی جانب سے بزرگوں کو حاصل حقوق سے متعلق آگاہی مہم چلائی گئی۔

    سعودی عرب میں بزرگ کل آبادی کا 6 فیصد ہیں، سنہ 2030 تک ریاست کی 15 فیصد آبادی ان افراد پر مشتمل ہوگی جن کی عمر 60 سال سے تجاوز کرچکی ہوگی۔

    مملکت میں 81 فیصد سرکاری اداروں میں بزرگوں کو مناسب سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں، سعودی قانون میں بزرگوں کے حقوق بھی مقرر ہیں۔

    قانون کے مطابق معمر افراد کو اپنے اہلخانہ کے ساتھ رہنے کا حق دیا گیا ہے اور ان کی مرضی کے بغیر ان کی دولت میں تصرف کرنے سے منع کیا گیا ہے۔

    سعودی قانون میں بزرگوں کے ساتھ بدسلوکی پر 1 برس قید اور 5 لاکھ ریال جرمانے کی سزا ہے۔

  • معمولی سی ٹریفک خلاف ورزی پر 4 کروڑ روپے کا جرمانہ

    معمولی سی ٹریفک خلاف ورزی پر 4 کروڑ روپے کا جرمانہ

    یورپی ملک فن لینڈ میں ٹریفک خلاف ورزیوں پر جرمانے ملزمان کو ان کی سالانہ آمدنی کے حساب سے کیے جاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ایک دولت مند ترین شخص کو معمولی اوور اسپیڈنگ پر پونے 4 کروڑ روپے کا جرمانہ بھرنا پڑ گیا۔

    شمالی یورپی ملک فن لینڈ میں ایک گاڑی کے ڈرائیور پر تیز رفتار ڈرائیونگ کے جرم میں 1 لاکھ 21 ہزار یورو (3 کروڑ 66 لاکھ 85 ہزار پاکستانی روپے) جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

    ملزم آندرس وکلوف پچاس کلومیٹر کی حد رفتار والے زون میں 82 کلو میٹرکی رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ایک امیر شہری ہے اور یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ اسے بہت بھاری جرمانہ کیا گیا ہے۔

    گزشتہ ایک دہائی کے دوران اسی ڈرائیور کو 3 مرتبہ اوور اسپیڈنگ کی وجہ سے بھاری جرمانہ کیا جا چکا ہے تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ جرمانے کی رقم 1 لاکھ یورو کی حد بھی پار کر گئی۔

    اسکینڈے نیویا کی جمہوریت اور یورپی یونین کے رکن ملک فن لینڈ میں ٹریفک قوانین کی خاص بات یہ ہے کہ وہاں مقررہ حد سے زیادہ رفتار سے ڈرائیونگ کرنے والے افراد کو جرمانہ ان کی سالانہ آمدنی کے مطابق کیا جاتا ہے۔

    پولیس نے بھاری جرمانے کے علاوہ 10 روز کے لیے ملزم کا ڈرائیونگ لائسنس بھی معطل کر دیا ہے۔

    آندرس وکلوف ایک ایسی ہولڈنگ کمپنی کا سربراہ ہے، جو مال برداری، ہیلی کاپٹر سروسز، پراپرٹی کی خرید و فروخت، تجارت اور سیاحت سمیت کئی شعبوں میں متعدد کاروباری اداروں کی مالک ہے۔

    اس کے بارے میں یہ بھی مشہور ہے کہ وہ جزائر آلینڈ کا امیر ترین باشندہ ہے۔

    ایک مقامی اخبار کی رپورٹ کے مطابق آندرس وِکلوف کو اس سے قبل سنہ 2018 میں 63 ہزار 680 یورو (1 کروڑ 93 لاکھ پاکستانی روپے) کا جرمانہ کیا جاچکا ہے، جبکہ سنہ 2015 میں 95 ہزار یورو (2 کروڑ 88 لاکھ پاکستانی روپے) جرمانہ کیا جاچکا ہے۔