Tag: جرمانہ

  • کرونا وائرس ویکسین لگوانے سے انکار پر بھاری جرمانہ عائد

    کرونا وائرس ویکسین لگوانے سے انکار پر بھاری جرمانہ عائد

    جکارتہ: انڈونیشی دارالحکومت جکارتہ میں کرونا ویکسین لگوانے سے انکار کرنے والے شہریوں کو 50 لاکھ انڈونیشی روپے کا جرمانہ عائد کرنے کی دھمکی دے دی گئی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اتنا غیر معمولی سخت جرمانہ عائد کرنے کا مقصد نئے ضابطوں کی پابندی پر عملدر آمد یقینی بنانا ہے۔

    جکارتہ کے نائب گورنر احمد رضا پتریہ کا کہنا ہے کہ شہر کے حکام محض اصولوں کی پیروی کر رہے ہیں اور شہر میں اس طرح کی پابندیاں آخری حربہ ہیں۔

    یاد رہے کہ ملک میں اب تک 12 لاکھ سے زائد کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ اب تک 34 ہزار اموات ہوچکی ہیں۔

    رضا پتریہ کا کہنا ہے کہ اگر آپ اس حکم نامے کو مسترد کرتے ہیں تو 2 باتیں ہوں گی، ایک یہ کہ سماجی امداد روک دی جائے گی اور دوسرا یہ کہ جرمانہ کیا جائے گا۔

    انڈونیشیا نے گزشتہ ماہ شروع کیے جانے والے ویکسی نیشن پروگرام کے تحت 15 ماہ کے اندر اندر اپنی 27 کروڑ کی آبادی میں سے 18 کروڑ 15 لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔

    انڈونیشیا نے رواں ماہ کے شروع میں ایک صدارتی حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں واضح کہا گیا تھا کہ جو شخص ویکسین لگوانے سے انکار کرے گا، اس کو سماجی امداد یا سرکاری خدمات کی فراہمی سے انکار کیا جا سکتا ہے یا پھر وہ جرمانہ ادا کرنے کا پابند ہوگا۔

    دوسری جانب وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سےعائد کی جانے والی پابندیاں ویکسی نیشن پروگرام میں لوگوں کی شرکت ممکن بنانے اور اس حوالے سے ان کی حوصلہ افزائی کی آخری کوشش ہیں۔

    یہ نیا ضابطہ لوگوں کے شکوک و شبہات کے بعد سامنے آیا ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ آیا کرونا ویکسین محفوظ، مؤثر اور حلال ہے یا نہیں؟ نیز کیا یہ اسلامی لحاظ سے جائز ہے۔

    صحت عامہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ویکسین کے بارے میں عوام میں پائی جانے والی بے چینی راستے کی رکاوٹ بن سکتی ہے۔

  • متحدہ عرب امارات: کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات، سزائیں اور جرمانے عائد

    متحدہ عرب امارات: کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات، سزائیں اور جرمانے عائد

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر سخت سزائیں عائد کردی گئیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے فیڈرل پبلک پراسیکیوشن نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے خلاف حفاظتی اقدامات کی دانستہ خلاف ورزی پر قید اور جرمانہ ہو سکتا ہے۔

    جمعرات کو حکام نے اس حوالے سے 2 وفاقی قوانین کا حوالہ دیا ہے۔

    پہلے قانون کے مطابق متعدی بیماری میں مبتلا ہونے والے افراد کو اپنے قریبی رابطے میں رہنے والوں کے ہمراہ وزارت صحت کو آگاہ کرنا ہوگا، تاکہ ان کا علاج ہو سکے اور انہیں حفاظتی تدابیر پر بھی عمل کرنا ہوگا۔

    اسی طرح دوسری قانونی دفعہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو جیل یا 27 سو 22 ڈالر سے 13 ہزار 612 ڈالر تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

    پبلک پراسیکیوشن کا مزید کہنا ہے کہ عوام میں قانونی معاملات کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لیے ان قوانین سے متعلق معلومات شیئر کی جا رہی ہیں۔

    خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں اب تک کرونا وائرس کے 3 لاکھ 61 ہزار 877 کیسز سامنے آچکے ہیں، ان میں سے 3 لاکھ 47 ہزار 366 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 1 ہزار 73 ہے۔

  • سعودی عرب: خواتین کی تفتیشی ٹیمز سرگرم، متعدد چھاپے اور کارروائیاں

    سعودی عرب: خواتین کی تفتیشی ٹیمز سرگرم، متعدد چھاپے اور کارروائیاں

    ریاض: سعودی عرب کی وزارت افرادی قوت کی جانب سے خواتین کی تفتیشی ٹیموں نے مختلف کاروباری مقامات کا دورہ کیا اور سعودائزیشن کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں اور جرمانے کیے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق وزارت افرادی قوت کی شعبہ خواتین کی تفیشی ٹیموں نے ریاض ریجن میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران 4 ہزار کے قریب خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔ بیشتر خلاف ورزیاں سعودائزیشن اور خواتین کی جگہ مردوں کوملازمت فراہم کرنے سے متعلق تھیں۔

    وزارت افرادی قوت کے ریجنل ڈائریکٹر برائے تفتیش کا کہنا ہے کہ شعبہ خواتین انسپکٹرز نے ریاض ریجن میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران 21 ہزار سے زائد تفتیشی دورے کیے۔

    خواتین انسپکٹرز کی جانب سے شاپنگ مالز، نجی تعلیمی اداروں، بوتیکس، خواتین کے اسپورٹس کلبز کے علاوہ خواتین سے متعلقہ تجارتی امور کے شعبوں کے دورے کیے۔

    تفتیشی ٹیموں کی جانب سے نوٹ کی جانے والی خلاف ورزیوں میں بیشتر قانون کی شق 20 اور 21 کی مد میں کی گئیں۔

    مذکورہ بالا قانونی شق کے تحت جو چالان کیے گئے ان میں سعودائزیشن، خواتین کے لیے مخصوص شعبوں میں مردوں کو کام کروانے کے علاوہ کارکنوں کی میڈیکل انشورنس اور ایگریمنٹ کا نہ ہونا شامل تھے۔

    خیال رہے کہ وزارت افرادی قوت کی جانب سے نجی سیکٹر کے متعدد شعبوں میں غیر ملکیوں کو ملازمت فراہم کرنا خلاف قانون ہے جبکہ خواتین کے میک اپ اور ملبوسات کے لیے سیلزمین کی جگہ سعودی خواتین کو روزگار فراہم کرنا ضروری ہے۔

    وزارت افرادی قوت کے قانون کے مطابق ایسے تجارتی ادارے جہاں سعودیوں کے لیے مخصوص شعبوں میں غیر ملکیوں کو روزگار فراہم کیا جاتا ہے ان پر جرمانے عائد کیے جاتے ہیں۔

  • لاہور ہائیکورٹ: فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد

    لاہور ہائیکورٹ: فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی عدالت نے فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والوں پر 50 ہزار جرمانے کا حکم دے دیا، فیصلہ اسموگ میں کمی کے لیے کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے خاتمے سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والوں پر 50 ہزار جرمانے کا حکم دیا ہے۔

    لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم کا کہنا تھا کہ فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والوں سے رعایت نہ کی جائے۔

    جوڈیشل ماحولیاتی کمیشن نے اس حوالے سے رپورٹ ہائیکورٹ میں جمع کروادی، رپورٹ میں کہا گیا کہ اسموگ کنٹرول کرنے کے لیے 476 انڈسٹریز اور بھٹوں کی چیکنگ کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق 122 یونٹس حفاظتی اقدامات کے بغیر کام کرتے پائے گئے، زائد دھواں خارج کرنے پر 170 یونٹس سیل کر دیے گئے، پی ڈی ایم اے کی ہدایات کی خلاف ورزی پر 66 مقدمات درج کیے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کارروائی کرتے ہویے ٹریفک پولیس نے 1108 گاڑیوں کو بند کیا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل صوبہ پنجاب میں اسموگ کے تدارک کے لیے کسانوں کو مشینیں فراہم کی گئی تھیں، کسانوں کو ہیپی سیڈر اور مشینری سبسڈیز کے ساتھ دی گئی تھیں۔

    مشیر ماحولیات ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ لاہور کے اطراف اسموگ کے تدارک کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، خراب فصلوں کو جلانے کی وجہ سے اسموگ کی صورتحال کا سامنا رہتا ہے۔ 90 فیصد اسموگ کے مسائل بھارت کی طرف سے ہیں۔

  • سعودی عرب: سست رفتار ڈرائیونگ پر جرمانہ ہوگا

    سعودی عرب: سست رفتار ڈرائیونگ پر جرمانہ ہوگا

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے اہم ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ شاہراہوں پر سست رفتار ڈرائیونگ سے گریز کریں، ایسا کرنا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے اور سست رفتار ڈرائیونگ پر احتساب ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے ڈرائیوروں کو خبردار کیا ہے کہ شاہراہوں پر سست رفتار ڈرائیونگ سے گریز کریں، شاہراہوں پر سست رفتاری سے ٹریفک معطل ہوتی ہے اور حادثات کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ایسا کرنا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے اور سست رفتار ڈرائیونگ پر احتساب ہوگا۔

    محکمے کی جانب سے کہا گیا کہ شاہراہوں اور سڑکوں پر سست رفتار ڈرائیونگ پر 100 سے ڈیڑھ سو ریال تک کا جرمانہ مقرر ہے۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا تھا کہ بعض لوگ شاہراہوں اور سڑکوں سے گزرتے وقت رک کر باتیں کرنے لگتے ہیں، ایک ڈرائیور دوسرے ڈرائیور سے راستہ دریافت کرنے لگتا ہے یا سڑک پر رونما ہونے والے حادثے کو دیکھنے لگتے ہیں، یہ سب کچھ منع ہے۔

    محکمے کے مطابق سڑکوں اور شاہراہوں پر ایسا کرنے کی قطعاً اجازت نہیں ہے۔

  • سعودی عرب: ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر ہزاروں ریال کا جرمانہ

    سعودی عرب: ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر ہزاروں ریال کا جرمانہ

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی ایس او پیز کی متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد پولیس نے جرمانے کیے، سینکڑوں افراد پر فی کس 1 ہزار ریال جرمانہ لگایا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مملکت میں عوامی مقامات پر مقررہ ایس او پیز کی بے شمار خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں، جازان اور قصیم میں ماسک کی پابندی نہ کرنے پر جرمانے کیے گئے ہیں۔

    قصیم پولیس نے ماسک کی پابندی نہ کرنے والے 85 افراد پر 85 ہزار ریال کے جرمانے کر دیے، فی کس 1 ہزار ریال جرمانہ لگایا گیا ہے۔

    قصیم پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام نے بارہا تاکید کی ہے کہ کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے حفاظتی تدابیر کی سختی سے پابندی کروائی جائے اور خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیا جائے۔

    ترجمان نے بتایا کہ چھاپہ مہم کے دوران 85 افراد پبلک مقامات پر بغیر ماسک کے گھومتے ہوئے پائے گئے۔ اان میں سے ہر ایک پر 1 ہزار ریال جرمانہ کیا گیا، خلاف ورزیاں قصیم ریجن کی مختلف کمشنریوں میں مختلف مقامات پر ریکارڈ کی گئیں۔

    جازان میں بھی احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزیوں پر جرمانے کیے گئے ہیں، جازان میں 152خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں اور 1 ہزار ریال فی کس جرمانہ کیا گیا۔

    خیال رہے کہ سعودی وزارت صحت کی جانب سے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہر شخص کو اس امر کا پابند کیا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر ماسک پہنے یا رومال سے اپنا منہ اور ناک کو ڈھک کر رکھیں۔

    عوامی مقامات پر ماسک استعمال نہ کرنے والوں پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

  • سعودی عرب: غلط پارکنگ پر 2 ہزار سے زائد افراد پر جرمانہ

    سعودی عرب: غلط پارکنگ پر 2 ہزار سے زائد افراد پر جرمانہ

    ریاض: سعودی عرب میں معذور افراد کے لیے مختص پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے والے 2 ہزار سے زائد افراد پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔ محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ معذور افراد کے لیے مختص پارکنگ دن بھر خالی رہے تب بھی وہاں گاڑی کھڑی کرنا منع ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے معذور افراد کے لیے مختص پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 ہزار 261 افراد پر جرمانہ عائد کیا ہے۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں مشترکہ کارروائی کی گئی جس میں خاص طور پر معذوروں کی پارکنگ استعمال کرنے والوں کو جرمانہ کیا گیا ہے۔

    محکمے کے مطابق معذور افراد کے لیے مختص پارکنگ دن بھر خالی رہے تب بھی وہاں تھوڑی دیر کے لیے گاڑی کھڑی کرنا منع ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ بعض لوگ دکانوں کے سامنے پارکنگ نہ ملنے پر معذور افراد کی جگہ میں گاڑی پارک کر دیتے ہیں، ان کا خیال ہے کہ چند منٹ میں وہ واپس آ کر پارکنگ خالی کردیں گے، انہیں اندازہ نہیں ہوتا کہ معذور افراد کی جگہ کو چند منٹ کے لیے استعمال کرنا ہی خلاف ورزی ہے۔

    محکمے کے مطابق تمام ڈرائیوروں کو چاہیئے کہ ٹریفک قوانین کا احترام کریں اور معاشرے کے اس طبقے کے ساتھ خاص رعایت کریں جس کے لیے پارکنگ مختص کی ہوئی ہے۔

    محکمے کا مزید کہنا تھا کہ معذور افراد کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے کی خلاف ورزی پر صرف جرمانہ ہی نہیں ہوتا، بعض حالات میں گاڑی ضبط بھی کرلی جاتی ہے۔

  • سعودی عرب: ماسک نہ پہننے پر 200 افراد پر جرمانہ

    سعودی عرب: ماسک نہ پہننے پر 200 افراد پر جرمانہ

    ریاض: سعودی عرب میں ماسک نہ پہننے پر 200 افراد پر جرمانہ عائد کردیا گیا، کرونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر 1 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ریاض ریجن کے پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے حوالے سے مقررہ ضوابط کی پابندی نہ کرنے پر 200 افراد کا چالان کیا گیا ہے۔

    ریجنل پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے وزارت صحت کی جانب سے گھروں سے باہر ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں پر 1 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

    وزارت کی جانب سے مقرر ضوابط کی خلاف ورزیوں کو نوٹ کرنے کے لیے مملکت کے تمام شہروں میں پولیس اہلکاروں کو خصوصی اختیارات تفویض کیے گئے ہیں جن پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے۔

    مملکت کے تمام شہروں اور قصبوں میں پولیس ٹیمیں مارکیٹوں اور تفریحی مقامات کے علاوہ شاہراہوں پر بھی عارضی چیک پوسٹ قائم کر کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے چالان کر رہے ہیں۔

    بلدیہ کی جانب سے سپر مارکیٹس اور مالز کو بھی اس امر کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ اپنے صارفین کو مالز کے مرکزی دروازے پر سینی ٹائزر اورڈسپوزایبل دستانے فراہم کریں۔ ہر آنے والے شخص کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے کا خصوصی انتظام بھی کیا جائے۔

    وزارت صحت نے بلدیہ کو خصوصی طور پر ہدایات کی ہیں کہ مارکیٹوں میں خلاف ورزی کرنے والوں کا فوری چالان کیا جائے تاکہ وبائی مرض سے لوگوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔

  • دبئی کے شہریوں اور غیر ملکیوں کے لیے اہم ترین تجویز

    دبئی کے شہریوں اور غیر ملکیوں کے لیے اہم ترین تجویز

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں دبئی کے ایوان صنعت و تجارت نے تجویز دی ہے کہ موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اقامہ فیس اور ریاستی خلاف ورزیوں پر مقرر تمام جرمانے منسوخ کردیے جائیں جبکہ ٹیکس میں بھی کمی کی جائے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی ایوان تجارت نے اقامہ فیس میں کمی، جرمانوں کی منسوخی، ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں 2 فیصد اور بجلی و پانی کے بل میں 50 فیصد کمی کی تجویز دی ہے۔

    دبئی ایوان صنعت و تجارت نے تجویز دی کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس یا تو 2 فیصد تک کم کردیا جائے یا ٹیکس کی ادائیگی 2020 کے آخر تک ملتوی کردی جائے۔

    ایوان تجارت نے موجودہ مرحلے کے لیے تعمیری اقتصادی اسکیمیں تیار کرنے کے لیے وسیع البنیاد اقتصادی کونسل تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے، ایوان کا کہنا ہے کہ کسٹم ڈیوٹی نیز پانی، بجلی و خدمات فیس رواں سال کے آخر تک 50 فیصد تک کم کردی جائیں۔

    دبئی ایوان صنعت و تجارت نے نجی اداروں کی طرف سے موجودہ عالمی بحران سے نمٹنے کے لیے جو تجاویز شیخ احمد بن سعد آل مکتوم کو پیش کی ہیں وہ یہ ہیں۔

    سرکاری ادارے اور اس کے ماتحت کمپنیاں ٹھیکے داروں، سامان درآمد کرنے والے تاجروں اور مستحق افراد کو مقررہ بجٹ کی قسطیں جلد از جلد ادا کریں۔

    حد سے زیادہ غیر ملکی عملے کو وطن واپس بھجوانے میں کمپنیوں کی مدد کی جائے، غیر ملکی ورکرز کی بے دخلی کے اخراجات کے لیے فنڈ فراہم کیے جائیں۔

    تجارتی لائسنسوں کے اجرا اور توسیع کی فیس 2020 تک یا تو منسوخ کردی جائے یا 50 فیصد تک کم کردی جائے۔

    دبئی میں کام کرنے والے تمام اداروں پر مقرر مارکیٹ فیس 2.5 فیصد سنہ 2020 کے آخر تک معطل کردی جائے۔

    کسٹم ڈیوٹی 2020 کے آخر تک 50 فیصد تک کم کردی جائے۔

    پانی بجلی اور خدمات فیس 50 فیصد تک کم کردی جائے۔

    ویلیو ایڈڈ ٹیکس کم کر کے یا تو 2 فیصد کردیا جائے یا ادائیگی 2020 کے آخر تک ملتوی کردی جائے اور کمپنیوں کی کیش پوزیشن بہتر بنانے کے لیے اس حوالے سے تمام جرمانے ختم کردیے جائیں۔

    اقامہ فیس کم کردی جائے، جن لوگوں کے اقامے ختم ہوگئے ہوں ان کے اقاموں میں توسیع کردی جائے۔ جن کے اقامے منسوخ ہوگئے ہوں وہ بھی سال رواں کے آخر تک بڑھا دیے جائیں اور اس حوالے سے تمام جرمانے منسوخ کردیے جائیں۔

    اقامے سے متعلق سہولت سرمایہ کاروں، عام افراد اور ان کے خاندانوں، سب کو دی جائے۔

    سنہ 2020 کے آخر تک وفاقی و ریاستی خلاف ورزیوں پر مقرر تمام جرمانے منسوخ کردیے جائیں۔

    دکانوں کے کرایوں کے معاہدے کسی شرط یا جرمانے کے بغیر منسوخ کرنے کی اجازت دی جائے۔

  • پشاور: ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 87 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے

    پشاور: ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 87 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں کرونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مختلف افراد اور یونٹس پر 87 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں صوبائی حکومت نے کرونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں، کارروائیوں کی تفصیلی رپورٹ پی ایم آر یو چیف سیکریٹری کو ارسال کردی گئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر 41 ہزار 563 یونٹس اور کاروباری مراکز کو وارننگ دی گئی، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 3 ہزار 219 یونٹس سیل کیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق 36 ہزار 86 افراد اور یونٹس پر 87 لاکھ 78 ہزار 980 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ صوبے کے چیف سیکریٹری کا کہنا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں جاری رہیں گی۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں ہولناک اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 83 اموات ہوئیں جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 255 ہوچکی ہے۔

    ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 5 ہزار 385 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 1 لاکھ 13 ہزار 702 ہوگئی ہے۔