Tag: جرمنی

  • پاکستان اور جرمنی کے درمیان لوکل گورننس کی سپورٹ کا معاہدہ طے پاگیا

    پاکستان اور جرمنی کے درمیان لوکل گورننس کی سپورٹ کا معاہدہ طے پاگیا

    اسلام آباد: پاکستان اور جرمنی کے درمیان لوکل گورننس کی سپورٹ کا معاہدے طے پاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جرمنی کے درمیان لوکل گورننس کی سپورٹ کے معاہدے پر دستخط کرلیے گئے ہیں، جرمنی لوکل گورننس سپورٹ کے لیے 3 اعشاریہ 9 ارب روپے دے گا۔

    معاہدے پر سیکریٹری اقتصادی امور نور احمد، جرمن سفیر نے دستخط کیے، وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

    لوکل گورننس کی سپورٹ کے تحت ملنے کی رقم سوشل پروٹیکشن، فنی تعلیم، لیبر، سوشل اسٹینڈرڈز بہتر بنانے پر خرچ ہوگی۔

    رپورٹ کے مطابق ان شعبوں میں جاری منصوبوں کے عام آدمی کی زندگی پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے، تکنیکی تعاون سے پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسسٹری میں لیبر، سماجی معیار بہتر بنایا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: جرمنی اور پاکستان باہمی تجارتی سرگرمیوں کے لیے تیار

    واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں جرمن قونصل جنرل وولفرتھ نے کہا تھا کہ جرمنی اور پاکستان تجارتی شعبوں میں باہمی سرگرمیوں کے لیے تیار ہیں۔

    جرمن قونصل کا کہنا تھا کہ اسٹاک مارکیٹ کا معیشت میں اہم کردار ہے، مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا آنا سود مند ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان چیمبر آف کامرس بھی جرمنی کی طرز عمل پر کام کررہا ہے، پاکستان کے نوجوانوں کو آگے آنے کی ضرورت ہے ملک کے استحکام کے لیے نوجوان نسل بہترین کردار ادا کرتی ہے۔

  • میونخ، ہیل میں‌ یہودیوں‌ کی عبادت گاہ کے قریب فائرنگ، 2 افراد ہلاک

    میونخ، ہیل میں‌ یہودیوں‌ کی عبادت گاہ کے قریب فائرنگ، 2 افراد ہلاک

    میونخ: جرمن شہر میونخ‌ ہیل میں‌ یہودیوں‌ کی عبادت گاہ کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں‌ 2 افراد ہلاک ہوگئے.

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن شہر میونخ ہیل میں یہودیوں کی عبادت گاہ کے قریب فائرنگ سے 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، حملہ آور نے عبادت گاہ سے متصل قبرستان میں گرنیڈ بھی پھینکا۔

    عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کرنے والا نوجوان فوجی وردی میں ملبوس تھا، فائرنگ کے بعد حملہ آور چھوٹی گاڑی میں فرار ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق حملہ یہودیوں کے مذہبی تہوار کے موقع پر کیا گیا، پولیس نے ہیل اسٹیشن کوبند کردیا اور حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔

    مزید پڑھیں: جرمنی: نامعلوم شخص کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک، متعدد زخمی

    جرمن پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا شخص جوان تھا۔

    واضح رہے کہ جرمن پولیس کو 2018 کے پہلے نصف حصے میں سامیٹک مخالف حملوں کی 400 سے زائد اطلاعات موصول ہوئی تھیں، رواں سال اس میں دس فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال مئی میں جرمن شہر ساربروکن میں نامعلوم مسلح شخص کی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

  • چیئرمین سینیٹ سے جرمن سفیر کی ملاقات، دوطرفہ اقتصادی روابط بڑھانے پر زور

    چیئرمین سینیٹ سے جرمن سفیر کی ملاقات، دوطرفہ اقتصادی روابط بڑھانے پر زور

    اسلام آباد چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے جرمن سفیر برن ہارڈ سٹیفن شیلک نے ملاقات کی، اس موقع پر دوطرفہ اقتصادی اور پارلیمانی روابط مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے جرمنی کے سفیر برن ہارڈ سٹیفن شیلک نے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کی جس میں دو طرفہ اقتصادی اور پارلیمانی روابط کو مزید بڑھانے کے علاوہ اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، جرمنی پاکستان کو کوالٹی کنٹرول کے شعبوں میں معاونت فراہم کرے اور کوالٹی کنٹرول بہتر ہونے سے پاکستان میں ادوایات اور خوارک کا معیار بہتر ہوگا۔

    صادق سنجرانی نے تجارتی روابط کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تجارتی تعاون کے لئے بھر پور مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ پارلیمانی رابطہ کاری معاشی تعاون میں مددگار ثابت ہو گی۔

    دریں اثنا جرمنی کے سفیر نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں اور اس سلسلے میں مختلف شعبوں سے متعلق جرمن وفود جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    جرمن سفیر کی بیٹے کے ہمراہ صفائی کرتی ہوئی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل

    انہوں نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی تعاون تجارتی روابط کوفروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

    چیئرمین سینیٹ نے جرمنی کے سفیر کو بین الاقوامی پارلیمنٹرین کانگریس کے قیام اور اس کے اغراض و مقاصدسے بھی آگاہ کیا جبکہ ادارہ جاتی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قانون سازی اور دیگر شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے راہیں ہموار کی جا سکتی ہیں۔

  • جرمنی میں کشمیریوں کے حق میں بھارتی قونصلیٹ کے سامنے مظاہرہ

    جرمنی میں کشمیریوں کے حق میں بھارتی قونصلیٹ کے سامنے مظاہرہ

    برلن: بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت کی انتہا کردی جس کے باعث دنیا بھر میں لوگ بھارتی اقدامات کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور مظاہرے کا سلسلہ جرمنی میں بھی جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے بندرگاہ شہر ہیمبرگ میں گزشتہ چار ہفتوں سے ہر منگل کو بھارتی قونصلیٹ کے سامنے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا جاتا ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہیمبرگ میں بھارتی فوج اور حکومت کی جانب سے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے خلاف نعرے بازی بھی کی جاتی ہے۔

    مظاہرین بینرز اور پلے کارڈز کے ذریعے کشمیریوں کے لیے آواز بلند کرتے ہیں اور مقامی افراد کو مقبوضہ وادی کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہیں۔

    پاکستانی کمیونٹی ہیمبرگ کے زیر اہتمام مسلسل چار ہفتوں سے بھارتی قونصلیٹ کے سامنے وزیراعظم مودی کی ہندو قوم پرست حکومت کی جانب سے کشمیری بچوں، خواتین اور بزرگوں پر مظالم اور کرفیو کے خلاف پر امن مظاہرہ کیا جاتا ہے۔

    خواہش ہے، پاکستان اور انڈیا مل کر مسئلہ کشمیر کا حل نکالیں: صدر ٹرمپ

    اس مظاہرے میں ہیمبرگ کی سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات کے ساتھ مقامی لوگ بھی شرکت کرتے ہیں۔ منتظمین کے مطابق جب تک مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم نہیں کیا جاتا اور کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق نہیں ملتے، اس وقت تک ہیمبرگ میں اس نوعیت کے احتجاج جاری رہیں گے۔

    علاوہ ازیں گزشتہ ماہ بھارتی ہندو قوم پرست حکومت کی جانب سے جموں کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت منسوخ کرنے کے بعد سے جرمنی کے دارالحکومت برلن سمیت دیگر بڑے شہر فرینکفرٹ، بریمن، ڈریسڈن، میونخ میں بھی مسلسل احتجاجی مظاہرے کیے جاتے ہیں۔

  • طالبان سے مذاکرات منسوخ، جرمنی کا امریکی فیصلے کا خیرمقدم

    طالبان سے مذاکرات منسوخ، جرمنی کا امریکی فیصلے کا خیرمقدم

    برلن: جرمنی نے امریکا کی طرف سے طالبان کے ساتھ مذاکرات منسوخ کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ طالبان کو یہ پیغام دینا ناگزیر تھا کہ امریکا امن معاہدے کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کی لیے تیار نہیں ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بیان میں مزید کہنا تھا کہ کابل حملوں کے ذریعے طالبان نے اپنی امن کی خواہش پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

    جرمنی نے افغانستان میں سکیورٹی کے مخدوش حالات کی وجہ سے پولیس کے ایک تربیتی منصوبے کو بھی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے کئی تریبت کاروں کو واپس جرمنی بلا لیا تھا۔

    خیال رہے کہ 8 ستمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات منسوخ کردیے تھے۔ انہوں نے یہ اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیا تھا۔

    کابل میں امریکی سفارت خانے کے قریب راکٹ حملہ

    امریکی صدر نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ طالبان سے مذاکرات کابل حملے کے بعد منسوخ کیے گئے ہیں جس میں ایک امریکی فوجی سمیت 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ طالبان دوران مذاکرات غیرضروری بالا دستی چاہتے ہیں، طالبان جنگ بندی نہیں کرسکتے تو انہیں مذاکرات کا بھی کوئی اختیار نہیں ہے۔

  • امریکا طالبان مذاکرات کی معطلی پر جرمنی کا ردعمل سامنے آگیا

    امریکا طالبان مذاکرات کی معطلی پر جرمنی کا ردعمل سامنے آگیا

    برلن: امریکا اور افغان طالبان کے مابین جاری امن مذاکرات کی معطلی پر جرمنی کا ردعمل سامنے آگیا.

    تفصیلات کے مطابق جرمنی نے امریکا کی جانب سے افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات ختم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

    جرمن وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا تھا کہ یہ اقدامات ناگزیر تھا، تاکہ واضح ہوسکے کہ امریکا امن معاہدے کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کی لیے تیار نہیں۔

    بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ حالیہ کابل حملوں کے ذریعے طالبان نے اپنی امن کی خواہش پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں.

    خیال رہے کہ گزشتہ دونوں جرمنی نے افغانستان میں جاری اپنے ایک تربیتی منصوبے کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اہل کاروں کو واپس بلوا لیا تھا. اس فیصلہ کا سبب افغانستان میں امن کی بگڑتی ہوئی صورت حال بنی تھی.

    مزید پڑھیں: افغان طالبان سے بات چیت مکمل طورپر ختم ہوچکی، ڈونلڈ ٹرمپ

    خیال رہے کہ آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ افغان طالبان کے ساتھ جاری امن مذاکرات ختم ہو چکے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ امریکا ایک طویل عرصے سے وہاں تھا، اب افغان حکومت کو خود بھی ذمہ داریاں اٹھانا ہوں گی۔

    ٹرمپ نے یہ عندیہ بھی دیا کہ وہ اب بھی اٹھارہ سال کی جنگ کا خاتمہ اور امریکی فوجیوں کا افغانستان سے انخلا چاہتے ہیں۔

  • جذام کے مریضوں کی مسیحا’ڈاکٹررتھ فاؤ‘کی 90ویں سالگرہ

    جذام کے مریضوں کی مسیحا’ڈاکٹررتھ فاؤ‘کی 90ویں سالگرہ

    کراچی: جذام کے مریضوں کے لیے مسیحا‘ میری ایڈیلیڈ سوسائٹی کی سربراہ ڈاکٹر رتھ فاؤ کی 90ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے۔

    ڈاکٹر رتھ فاؤ 9 ستمبر1929 کو جرمنی کے شہر لیپ زگ میں پیدا ہوئیں تھیں۔ ڈاکٹر رتھ فاؤ 1960 میں پاکستان آئیں اور پھر جذام کے مریضوں کے لیے اپنی ساری زندگی وقف کردی تھی۔ وہ جذام کو مریضوں کو مفت سہولیات فراہم کرتی تھیں۔

    عالمی ادارہ صحت کی جانب سے 1996ء میں پاکستان کو کوڑھ کے مرض پر قابو پالینے والے ممالک میں شامل کرلیا گیا اور پاکستان کو یہ اعزاز دلانے میں ڈاکٹررتھ فاؤ نے سب سے اہم کردار ادا کیا۔

    ڈاکٹر رتھ فاؤ سندھ سرحد، بلوچستان اور شمال میں دور دراز علاقوں میں بھی گئیں اورایسے مریضوں کے لیے ادویات فراہم کیں اوراسپتال بنائے جو کہ اس مرض کاعلاج کرانے سے قاصرتھے اوراس مقصد کے لئے وہ پاکستان سے باہربالخصوص جرمنی سے چندے کی رقم اکٹھے کیا کرتی تھیں۔

    انسانیت کی اس عظیم خادمہ ڈاکٹر رتھ فاؤ کو1998 میں اعزازی پاکستانی شہریت دی گئی جبکہ انہیں ہلال امتیاز، ستارہ قائد اعظم ، ہلال پاکستان اورلائیو اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

    میری ایڈیلیڈ سوسائٹی آف پاکستان کی سربراہ اورملک میں جذام کےمرض کے خاتمے کے لیے جدوجہد کرنے والی جرمن خاتون ڈاکٹررتھ فاؤ 10 اگست 2017 کو 87 برس کی عمر میں دنیائے فانی سے کوچ کرگئیں۔

  • سوڈان میں سیاسی ومعاشی بحران، جرمنی نے امداد میں اضافہ کردیا

    سوڈان میں سیاسی ومعاشی بحران، جرمنی نے امداد میں اضافہ کردیا

    خرطوم: سوڈان میں فوجی قیادت کے اقتدار میں آنے کے بعد ملک مزید سیاسی ومعاشی بحران کا شکار ہوچکا ہے، جس کے پیش نظر جرمنی نے اپنی امداد میں اضافہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈان میں اقتدار پر فوج کے قبضے کے چند ہفتے بعد جرمنی نے افریقہ کی اس تیسری سب سے بڑی ریاست کے لیے اپنی امداد میں اضافہ کر دیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے اس انتہائی غریب اور مقروض ملک کے اپنے دورے کے دوران خرطوم میں اعلان کیا کہ برلن حکومت سوڈان کو انسانی بنیادوں پر امداد کی مد میں اضافی طور پر پانچ ملین یورو مہیا کرے گی۔

    انہوں نے یہ اشارہ بھی دیا کہ خرطوم کے لیے جرمن ترقیاتی امداد بھی بحال ہو سکتی ہے، دریں اثنا انہوں نے ملک کی ابترصورت حال پر تشویش کا بھی اظہار کیا۔

    ہائیکو ماس نے عبوری حکومت کے سربراہ عبداللہ حمدوک کے ساتھ ملاقات کے بعد اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ سوڈان میں اب سویلین قیادت والی حکومت قائم ہو گئی ہے۔

    خیال رہے کہ سوڈان میں جاری سیاسی اور معاشی بحران کے باعث ملک غذائی قلت کا شکار ہوچکا ہے، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات امداد کی مد میں گندم فراہم کررہے ہیں۔

    سوڈان میں غذائی قلت، سعودی عرب اور یو اے ای کی جانب سے گندم کی فراہمی

    سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے برادر عرب اسلامی ملک سوڈان کی خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 540,000 ٹن گندم بھیجے کا اعلان کرچکے ہیں۔

    گندم کی مد میں دی جانے والی یہ مقدار سوڈان میں عوام کے لیے تین ماہ کی غذائی ضرورت پورا کرے گی، جبکہ اس میں سے پہلے اور دوسرے بیچ میں ایک لاکھ چالیس ہزار ٹن گندم سوڈان کوروانہ کر دی گئی ہے۔

  • برلن کے چڑیا گھر میں پہلی بار نایاب پانڈوں کی پیدائش

    برلن کے چڑیا گھر میں پہلی بار نایاب پانڈوں کی پیدائش

    برلن: جرمنی کے شہر برلن کے چڑیا گھر میں مادہ پانڈا مینگ مینگ نے ہفتے کی صبح گلابی رنگ کے جڑواں بچوں کو جنم دیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمنی کے دارالحکومت برلن کے چڑیا گھر کی انتظامیہ نے اعلان کیا کہ ہفتے کی صبح چھ بج کر 54 منٹ پر پانڈا مینگ مینگ نے گلابی رنگ کے جڑواں بچوں کو جنم دیا، یہ پیدائش کے وقت اتنے چھوٹے تھے کہ انہیں آسانی سے ہتھیلی پر اٹھایا جاسکتا تھا۔

    چڑیا گھر کی انتظامیہ کے مطابق 6 سالہ ماندہ پانڈا مینگ مینگ نے پیدائش کے فوری بعد ہی ممتا کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان ننھے بچوں کو اپنے پیٹ پر رکھ کر اپنے بڑے بڑے پنجوں، گرم سانسوں اور نرم کھال کے ذریعے گرمائش پہنچائی۔

    چڑیا گھر میں جانوروں کی دیکھ بھال پر مامور افراد نے گزشتہ ہفتے ہی مینگ مینگ کے حاملہ ہونے کی تصدیق کی تھی۔

    مزید پڑھیں: چڑیا گھر میں سرخ پانڈا کے ننھے بچوں کا استقبال

    اپریل میں مینگ مینگ نے 9 سالہ ژیاؤ چنگ کے ساتھ ملاپ کیا تھا اور حمل کے امکان کو بڑھانے کے لیے مصنوعی فرٹیلائزیشن کا بھی استعمال کیا گیا تھا۔

    یون سن 2017 میں پانڈا کی ایک جوڑی کو ایک ملین یورو کے عوض چین سے ادھار لیا گیا تھا، ان جوڑی میں مینگ مینگ مادہ اور ژیاؤ چنگ نر پانڈا ہے، یہ جرمنی کے کسی بھی چڑیا گھر میں پانڈوں کی واحد جوڑی ہے۔

    واضح رہے کہ 2017 میں جی ٹوینٹی سربراہ کانفرنس بھی منعقد ہوئی اس موقع پر چینی صدر شی جن پنگ اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے مل کر برلن کے چڑیا گھر کا دورہ کرتے ہوئے پانڈا کی اس جوڑی کو بھی دیکھا تھا۔

    پانڈا جوڑی کو برلن لانے کا مقصد ان کی افزائش نسل تھا، افزائش نسل کی یہ کوششیں گزشتہ دو برس سے جاری تھیں، اس سلسلے میں جانوروں کے ڈاکٹر اور چینی ماہرین حیاتیات کی بھی مدد لی گئی تھی۔

  • جرمن چانسلر کی فلسطینی صدر سے ملاقات، دوریاستی حل کی حمایت کا اعادہ

    جرمن چانسلر کی فلسطینی صدر سے ملاقات، دوریاستی حل کی حمایت کا اعادہ

    برلن: جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی، اس دوران دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے کہا ہے کہ ان کا ملک اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان تنازع کے دوریاستی حل میں یقین رکھتا ہے اور صرف اس صورت ہی میں دونوں عوام امن وسلامتی سے رہ سکتے ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن چانسلر نے برلن میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات سے قبل گفتگو کرتے ہوئے مشرقِ اوسط کے دیرینہ تنازع کے دوریاستی حل کی ضرورت پر زور دیا ہے اور اس حل کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

    صدر محمود عباس نے اس موقع پر کہا کہ ہم چانسلر میرکل کی دنیا میں امن اور استحکام کے لیے تنازعات کے یک طرفہ حل کے بجائے کثیر الجہت تعاون کے ضمن میں کوششوں کو سراہتے ہیں۔

    جرمنی کا فلسطینی پناہ گزینوں کی مالی امداد جاری رکھنے کا اعلان

    انہوں نے مشرقِ اوسط میں جرمنی کے کردار کی اہمیت پر زور دیا اور فلسطینی علاقوں میں صحت، تعلیم کے شعبوں اور سول سوسائٹی کو مضبوط بنانے کے لیے مالی امداد پر شکریہ ادا کیا۔

    واضح رہے کہ جرمنی فلسطینیوں کو سب سے زیادہ امداد دینے والے ممالک میں سے ایک ہے اور اس نے 2018میں فلسطینیوں کو مجموعی طور پر 11 کروڑ یورو ( 18 کروڑ 18 لاکھ ڈالر) کی امداد دی تھی۔