Tag: جرمنی

  • جرمنی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، 3 عراقی گرفتار

    جرمنی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، 3 عراقی گرفتار

    برلن: جرمن پولیس نے دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والے 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمنی کے صوبے شلیسوگ ہولشنائن میں جرمن پولیس نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے تین افراد کو حراست میں لے لیا، گرفتار تینوں افراد عراقی باشندے ہیں اور حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

    جرمن پولیس کے مطابق عراقی باشندوں کو خفیہ اطلاعات پر کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار تینوں افراد سے مزید تفتیش جاری ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ملزمان سال نو کی تقریبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے ناکامی کے بعد کسی دوسرے مقام پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد ہوا ہے۔

    جرمن وزیر داخلہ زیہوفر نے عراقی باشندوں کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنایا ہے۔

    مزید پڑھیں: جرمنی: دہشت گردی کی سازش میں ملوث داعش کی سہولت کار خاتون گرفتار

    جرمن وزیر داخلہ نے کہا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ گرفتار افراد کا تعلق کس دہشت گرد تنظیم ہے تاہم ملزمان سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان بم بنانے کی کوشش کررہے تھے، ان کو دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی سے قبل حراست میں لے لیا گیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں جرمنی میں دہشت گردی کی سازش میں ملوث داعش کی سہولت کار خاتون کو گرفتار کیا گیا تھا، خاتون نے داعش کے دو ارکان کی مدد کی تھی، یہ دونوں ارکان جرمنی میں ایک حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

  • جرمنی نے وینزویلا میں حکومت مخالف مظاہروں کی حمایت کردی

    جرمنی نے وینزویلا میں حکومت مخالف مظاہروں کی حمایت کردی

    کراکس : جرمنی نے دستوری حکومت کے سرگرم اپوزیشن رہنما جون گوئیڈو کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے دوبارہ الیکشن کو ملک میں استحکام کا ضامن قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں صدر نکولس ماڈورو کیخلاف احتجاج جاری ہے جبکہ حزب اختلاف کے حامیوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی ہیں اور نکولس میڈورو سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ہے۔

    جرمن حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ احتجاجی تحریک چلانے والے وینزویلن شہری اپنے ملک بہتر مستقبل کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نکولس ماڈورو گزشتہ برس ہونے والے انتخابات میں ایک بار پھر ملک کے صدر منتخب ہوئے تھے اور رواں ماہ ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ وینزیلن صدر کی مخالف میں بغاوتی تحریک چلانے والے اپوزیشن رہنما جون گوئیڈو کی جرمنی کے علاوہ امریکا اور کینیڈا نے بھی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے وینزویلا میں سیاسی تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔

    وینزویلن صدر نکولس ماڈورو نے حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کے الزام میں امریکا سے سفارتی تعلقات ختم کرتے ہوئے وینزویلا میں تعینات امریکی سفارتکاروں کو 72 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔

    مزید پڑھیں : وینزویلا کے صدرنکولس میڈورو کا امریکا سے سفارتی تعلقات ختم کرنےکا اعلان

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکا اور اس کے اتحادی ممالک جون گوئیڈو کی حمایت کررہے ہیں جبکہ روس، کیوبا اور ترکی سمیت کئی ممالک نے وینزویلا کے منتخب صدر نکولس ماڈورو کی دستوری حکومت کی حمایت کی ہے۔

    خیال رہے کہ اپوزیشن لیڈر جون گوئیڈو نے خود کو عوام کے سامنے قیام مقام صدر کا تھا جلد ہی فوج کی نگرانی میں صاف اور شفاف الیکشن کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے چند منٹ بعد ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے اپوزیشن لیڈر جان گائیڈو کی حکومت کو تسلیم کرلیا۔

    وینزویلا کی حزبِ اختلاف نے اس انتخاب کو تسلیم کرنے سے انکارکیا تھا کیوں کہ انتخاب سے قبل حزبِ اختلاف کے بیشتر رہنماؤں اور امیدواروں کو یا تو قید کردیا گیا تھا۔

  • جرمنی اور پاکستان باہمی تجارتی سرگرمیوں کے لیے تیار

    جرمنی اور پاکستان باہمی تجارتی سرگرمیوں کے لیے تیار

    کراچی: جرمن قونصل جنرل وولفرتھ نے کہا ہے کہ جرمنی اور پاکستان تجارتی شعبوں میں باہمی سرگرمیوں کے لیے تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جرمن قونصل جنرل وولفرتھ کا کہنا تھا کہ جرمنی اور پاکستان بالخصّوص اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے لیے باہمی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں۔

    جرمن قونصلر نے روایتی گھنٹہ بجا کرپاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز کیا۔ اس موقع پر پی ایس ایکس کے سی ای او رچرڈمورن بھی موجود تھیں۔

    جرمن قونصل کا کہنا تھا کہ اسٹاک مارکیٹ کا معیشت میں اہم کردار ہے، مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا آنا سود مند ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان چیمبر آف کامرس بھی جرمنی کی طرز عمل پر کام کررہا ہے، پاکستان کے نوجوانوں کو آگے آنے کی ضرورت ہے ملک کے استحکام کے لیے نوجوان نسل بہترین کردار ادا کرتی ہے۔

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج، 62 پوائنٹس کا اضافہ

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت کاروبار ہوا اور 100 انڈیکس میں 62 پوائٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری یعنی جمعے کے روز کاروبار سست روی کا شکار رہا تھا اور سرمایہ کاروں نے لین دین میں کوئی خاص دلچسپی ظاہر نہیں کی تھی۔

    البتہ دوسرے سیشن میں سرمایہ کاروں نے حصص کی خریدو فروخت شروع کی تو مارکیٹ میں کچھ بہتری نظر آئی جو اختتام تک جاری رہی اور 100 انڈیکس 62.61 پوائنٹس اضافے کے بعد 39306 پر بند ہوا تھا۔

  • جرمنی نے ایران کی ایئرلائن ماہان ایئر پر پابندی عائد کردی

    جرمنی نے ایران کی ایئرلائن ماہان ایئر پر پابندی عائد کردی

    برلن: جرمنی نے ایران کی دوسری بڑی ایئرلائن ماہان ایئر پر پابندی عائد کردی ہے اور امریکا کی جانب سے اس کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس فیصلے کی وجہ سلامتی سے متعلق تحفظات کے علاوہ ایسے خدشات بھی ہیں کہ اس ایئرلائن کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔

    ماہان ایئر لائن 2011 سے امریکی پابندیوں کی فہرست میں پر ہے اور یورپی یونین کے متعدد ممالک ایران پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ یورپی براعظم پر حملوں کے لیے جاسوسی کے عمل میں مصروف ہے۔

    امریکی کے سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے جرمنی کی جانب سے ماہان ایئر پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے کو سراہا ہے۔

    جرمنی میں امریکا کے سفیر رچرڈ گرینل نے کہا کہ میری سمجھ سے بالاتر ہے کہ جرمنی سے ماہان ایئر کو اپنے ملک میں پروازوں کی اجازت کیوں دی تھی میں اس سے قبل بھی یہ سوالات اٹھا رہا ہوں۔

    واضح رہے ماہان ایئر ایران کی دوسری بڑی ایئرلائن ہے اور اس کی ہفتے میں چار پروازیں تہران اور جرمن شہروں ڈوسلڈروف اور میونخ کے درمیان چلتی ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال مئی میں امریکی محکمہ خزانہ نے ایران کی دو فضائی کمپنیوں ماہان ایئر اور معراج ایئر سے وابستہ اداروں کے علاوہ دو ایرانیوں اور ایک ترکی کمپنی پر بھی پابندی عائد کی تھی۔

    نیوکلیئر ڈیل کے خاتمے کے بعد امریکی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ امریکا ایران پر سخت ترین پابندیاں عائد کرے گا جس سے ایران کی معیشت بری طرح متاثر ہوگی۔

  • جرمنی :‌ افغان شہری جاسوسی کے الزام میں گرفتار

    جرمنی :‌ افغان شہری جاسوسی کے الزام میں گرفتار

    برلن : پولیس نے افغان نژاد جرمن شہری کو ایران کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرلیا، گرفتار شخص جرمن فوج میں بحیثیت مشیر تعینات تھا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن پولیس نے مغربی جرمنی میں کارروائی کرتے ہوئے ایران کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں عبدالحمید نامی افغان نژاد جرمن شہری کو گرفتار کیا ہے۔

    پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ افغان شخص جرمن فوج میں بحیثیت ماہر لسانیات اور مشیر برائے ثقافتی امور ذمہ داری انجام دے رہا تھا، پولیس کا خیال ہے کہ مذکورہ شخص ایران کو خفیہ معلومات فراہم کررہا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس کو مشتبہ ملزم پر شک ہے کہ وہ گزشتہ کئی سالوں سے ایرانی خیفہ ایجنسی کےلیے جاسوسی کررہا ہے۔

    عبد الحمید نامی افغان نژاد جرمن شہری فوج میں اہم عہدے پر تعیناتی کے باعث افغانستان میں جرمن فوجیوں کی تعیناتی سے متعلق کئی حساس معلومات تک رسائی تھی۔

    خیال رہے کہ یورپی یونین کی جانب سے ایران پر جاسوسی کے الزامات عائد کیے جانے بعد پابندیاں لگا دیں تھیں۔

    رواں ماہ یورپی یونین نے ایک ایرانی خفیہ ایجنسی اور دو شہریوں کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرکے یورپ میں موجود اثاثے بھی منجمد کردئیے ہیں۔

    دوسری ایرانی حکام نے جاسوسی کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ الزامات من گھرٹ ہیں جو یورپی یونین اور ایران کے تعلقات کو خراب کرسکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : ایران کے لیے جاسوسی کا الزام، سابق اسرائیلی وزیر کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز

    مزید پڑھیں : ایران کیلئے جاسوسی کا الزام، سعودی عرب میں 15افراد کو سزائے موت سنا دی گئی

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی ممالک کا الزام ہے کہ ایران یورپی ممالک میں مقیم حکومت سے اختلاف کرنے والے اپنے ہی شہریوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کرتا رہا ہے، تاہم تہران نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ برس اکتوبر میں جرمنی کی عدالت نے ایرانی سفارت کار کو مبینہ طور پر پیرس حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث ہونے پر ملک بدر کرنے کی حمایت کی تھی۔

  • جرمنی: ایئرپورٹ سیکیورٹی اسٹاف کی ہڑتال، سیکڑوں پروازیں منسوخ، مسافر پریشان

    جرمنی: ایئرپورٹ سیکیورٹی اسٹاف کی ہڑتال، سیکڑوں پروازیں منسوخ، مسافر پریشان

    برلن : جرمنی کی ایئرپورٹ سیکیورٹی اسٹاف نے تنخواہوں میں اضافے کیلئے ہڑتال کردی جس کے باعث سیکڑوں پروازیں منسوخ کرنی پڑیں۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے مصروف ترین ایئرپورٹ فرینکفرٹ سمیت آٹھ بڑے ہوائی اڈوں پر تعینات سیکیورٹی اسٹاف کی ہڑتال کے باعث ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مسافروں اور سامان کی جانچ کرنے والے ہزاروں سیکیورٹی اسٹاف نے 18 گھٹنے کیلئے ہڑتال کردی جس کے باعث سیکڑوں پروازوں منسوخ کرنا پڑی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق صرف جرمنی کے سب سے بڑے ایئرپورٹ فرینکفرٹ پر 5 ہزار سے زائد اہلکاروں کی ہڑتال کی وجہ سے 570 پروازیں معطل ہوئی ہیں۔

    مزدور یونین (ڈی بی بی، ورڈی) کے اعلامیے کے مطابق نے 2 بجے رات سے اگلے روز رات 8 بجے تک ہیمبرگ، میونچ، لائیزگ، ہین اوور، اور فرینکفرٹ سمیت آٹھ ہوائی اڈوں کے سیکیورٹی اسٹاف کی ہڑتال جاری رہے گی۔

    جرمن میڈیا کا کہنا ہے کہ بورڈنگ کے علاقے میں داخلے کے مقام پر سکیورٹی اسٹاف کی عدم موجودگی رات آٹھ بجے تک جاری رہے گی جس کے باعث مسافر جہازوں تک نہیں پہنچ سکیں گے۔

    مزدور یونینز کا مطالبہ ہے کہ سیکیورٹی اسٹاف کے ساتھ ساتھ پبلک ریلیشن، کسٹمز اور ایچ آر ملازمین کی تنخواہیں 20 یورو فی گھنٹہ کی جائیں۔

    واضح رہے کہ جرمنی میں ایئرپورٹ سیکیورٹی اسٹاف کو 11.30 یورو اور 17.16 یورو فی گھنٹہ کے حساب سے تنخواہ دی جاتی ہے۔

    قبل ازیں جرمن ایئرپورٹ ایسوسی ایشن نے متعلقہ حکام کو خبردار کیا تھا کہ اس ہڑتال کے سبب 15 جنوری منگل کے روز تقریباً 220,000 مسافر متاثر ہوں گے جبکہ پروازوں کا نیٹ ورک مفلوج ہو کر رہ جائے گا۔

  • جرمنی : ٹیکسٹائل کی سب سے بڑی نمائش، پاکستانی مصنوعات میں خریداروں کی دلچسپی

    جرمنی : ٹیکسٹائل کی سب سے بڑی نمائش، پاکستانی مصنوعات میں خریداروں کی دلچسپی

    فرینکفرٹ : جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں جاری ٹیکسٹائل کی سب سے بڑی عالمی نمائش اختتام پزیر ہوگئی، نمائش میں پاکستان سمیت دو ہزار نو سو کمپنیوں نے شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق فرینکفرٹ میں جاری ٹیکسٹائل نمائش 2018اختتام پزیر ہوگئی، نمائش میں پاکستان کی 222 کمپنیوں سمیت دو ہزار نو سو کمپنیوں نے شرکت کی۔

    فرینکفرٹ میں پاکستانی کمرشل قونصلر خواجہ خرم نعیم کا کہنا یے کہ پاکستانی مصنوعات کو نمائش میں بہت اچھا رسپانس ملا ہے، حکومت برآمدات میں اضافے کے لیے مثبت اقدامات کر رہی ہے،۔ ٹیکسٹائل نمائش پاکستانی کمپنیوں کے لیے یورپی مارکیٹ میں برآمدات بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

    مذکورہ نمائش میں پاکستان عالمی نمائش میں شرکت کرنے والا چوتھا بڑا ملک تھا، پاکستانی کمرشل قونصلرخواجہ نعیم نے مزید کہا کہ ٹیکسٹائل نمائش پاکستانی ایکسپورٹ بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی۔

    حکومت کے اقدامات سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہونے کے ساتھ ایکسپورٹ بھی بڑھیں گی۔ یورپی ممالک پاکستانی ہوم ٹیکسٹائل کی بڑی منڈی ہیں۔

    اس موقع پر پاکستانی ایکسپورٹرز کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل نمائش سے اچھے بڑے ایکسپورٹ آرڈر ملنے کی امید ہے َجس سے پاکستان کے زرمبادلہ کے پر مثبت اثرات رونما ہوں گے۔

    یورپی خریداروں نے پاکستانی مصنوعات میں کافی دل چسپی کا اظہار کیا ہے۔ عالمی ٹیکسٹائل میلے میں شرکت سے قومی برآمدات اور بالخصوص ٹیکسٹائل کی برآمدات کے فروغ میں مدد ملے گی۔

  • جرمن سیاست دان سائبر حملوں کی زد میں آگئے

    جرمن سیاست دان سائبر حملوں کی زد میں آگئے

    برلن : جرمن چانسلر انجیلا مرکل سمیت سیکڑوں سیاست دانوں کی ذاتی معلومات ہیک کرکے شائع کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی ملک جرمنی کی چانسلر سمیت سیکڑوں سیاست دانوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر حملہ کرکے ذاتی معلومات ہیک کرلی، نامعلوم افراد نے جرمن سیاست دانوں کی معلومات آن لائن شائع کردی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ہیکرز نے جرمن سیاست دانوں کے رابطہ نمبرز، ذاتی گفتگو اور مالی تفصیلات سمیت دیگر معلومات ٹویٹر پر شیئر کردی ہیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ملک کی معروف و نامور شخصیات و صحافیوں کی بھی ذاتی معلومات ہیکرز نے چوری کرلی ہیں۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ ان سائبر حملوں کا پشت پناہ کون ہے، سیاست دانوں، صحافیوں اور مشہور شخصیات کی معلومات ٹویٹر پر ایک کلینڈر کی طرح شائع کی گئی ہیں۔

    جرمنی کی وزیر انصاف کترینہ بارلے کا کہنا ہے کہ ی’یہ ایک سنجیدہ حملہ تھا‘ اس حملے میں ملوث افراد ہماری جمہوریت اور قانون کا اعتماد کمزور کرنا چاہتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : یورپ سے امریکا ایک بار پھر سائبرحملوں کی زد میں

    جرمنی کے فیڈرل انفارمیشن سیکیورٹی کے ترجمان کاکہنا ہے کہ سائبر حملوں کی تحقیقات جاری ہے، مذکورہ حملوں میں حکومتی نیٹ ورک متاثر نہیں ہوا لیکن انہیں محتاط رہنا چاہیے۔

    جرمن خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حالیہ سائبر حملوں کے دوران جو ڈیٹا چوری ہونے والا ڈیٹا اکتوبر 2018 سے اب تک کا ہے تاہم یہ پتہ کے مذکورہ حملے کب شروع ہوئے۔

  • جرمنی: نسل پرست شہری نے تارکین وطن پر گاڑی چڑھا دی، 4 افراد زخمی

    جرمنی: نسل پرست شہری نے تارکین وطن پر گاڑی چڑھا دی، 4 افراد زخمی

    برلن : جرمنی میں نسل پرست شہری نے تارکین وطن کو کار تلے روند دیا، تیز رفتار کار کی زد میں آکر 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے صوبہ نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شہر بوٹروپ میں سال نو کی شب نسل پرست جرمن شہری نے سڑک پر کھڑے ہجوم پر گاڑی چڑھا دی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ تیز رفتار کار کی ٹکر سے 4 افراد زخمی ہوئے جنہیں موقعے پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کردی گئی تھی تاہم ایک تارک وطن کو شدید زخموں کے باعث استپال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

    صوبے کے وزیر داخلہ ہیربرٹ روئل کے مطابق 50 سالہ جرمن شہری نے جان بوجھ کر ایسے ہجوم کو کار تلے روند کر ہلاک کرنے کی کوشش کی تھی جو غیر ملکیوں پر مشتمل تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ زخمی افراد میں شامی اور افغان شہری شامل ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم گرفتاری کے بعد بھی نسل پرستانہ تبصرے کررہا تھا۔

    جرمن پولیس کا کہنا ہے کہ 50 سالہ مشتبہ حملہ آور نفسیاتی مریض ہے۔

    مزید پڑھیں : جرمنی: کار سوار نے شہریوں پر گاڑی چڑھا کر خود کشی کرلی

    یاد رہے کہ گذشتہ برس جرمن شہر موئنسٹر میں بھی ایک شخص نے تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے سڑک کنارے اوپن ایئر ریستوران میں بیٹھے شہریوں کو کچل دیا تھا۔

    واقعے کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی ہلاک جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جنہیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ کارسوار نے بعد ازاں فوراً ہی خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

  • جرمنی نے خواجہ سراؤں کو شناخت کا حق دے دیا

    جرمنی نے خواجہ سراؤں کو شناخت کا حق دے دیا

    بون: جرمنی میں خواجہ سراؤں کو تیسری جنس بطور شناخت اپنانے کی اجازت دے دی گئی ہے، یہ شناخت دسمبر میں کی جانے والی قانون سازی کے تحت دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے خواجہ سرا شہری اب اپنی شناخت باقاعدہ تیسری جنس کے طور پر کرواسکیں گے، اس سےقبل انہیں جنس کے خانے میں مرد یا عورت کا انتخاب کرنا پڑتا تھا۔

    بتایا جارہا ہے کہ اس کیٹیگری میں صرف وہی لوگ اپنی شناخت درج کرواسکیں گے جو کہ طبی طور پر مرد یا عورت کی تعریف پر پورا نہیں اترتے۔ اس کے لیے انہیں ڈاکٹر کے سرٹیفکیٹ کی بھی ضرورت ہوگی۔

    یاد رہے کہ خواجہ سرا وہ لوگ ہوتے ہیں جو پیدائشی طور پر مخلوط صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیں اور ان کا شمار نہ تو مکمل طور پر مردوں میں کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی عورتوں میں ۔ حالیہ کچھ سالوں میں کئی ممالک نے اس طرح کی قانون سازی کی ہے۔

    خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈز بننے کا عمل شروع

    جرمنی نے اس سے قبل سنہ 2013 میں خواجہ سراؤں کو بطور مرد یا عورت رجسٹریشن کی اجازت تھی تھی ، تاہم 2017 میں خاتون رجسٹر ہونے والے ایک خواجہ سرا کے طبی ٹیسٹ کے بعد مطالبہ زور پکڑ گیا کہ تیسری جنس کو بطور شناخت تسلیم کیا جائے۔ا س ٹیسٹ کے بعد جرمنی کی اعلیٰ ترین عدالت نے اسے امتیازی سلوک قرار دیا تھا۔

    اقوام متحدہ کے مطابق دنیا کی 1.7 فیصد آبادی خواجہ سراؤں پر مشتمل ہے ، اور مناسب قانون سازی نہ ہونے کے سبب اکثر انہیں صنفی امتیاز اور بعض اوقات بد ترین رویے کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں گزشتہ سال الیکشن سے قبل سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر خواجہ سراؤں کو تیسری جنس بطور شناخت اختیار کرنے ، بطور خواجہ سرا ووٹ کاسٹ کرنے اور الیکشن لڑنے کا اختیار دیا جاچکا ہے۔