گلگت بلتستان: بلند و بالا چوٹی لیلہ پیک پر غیرملکی کوہ پیماؤں نے مہم جوئی روک دی، خطرناک حالات کے باعث لاش نکالنا ممکن نہ ہو سکا۔
تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کی بلند و بالا چوٹی لیلہ پیک کو سر کرنے کے دوران غیر ملکی کوہ پیما لورا کے حادثے کے بعد مہم شامل بین الاقوامی کوہ پیماؤں نے مہم جوئی روک دی، سخت موسمی حالات اور دشوار گزار راستوں کے باعث ریسکیو آپریشن ناکام رہا۔
غیر ملکی کوہ پیما لورا ڈال مائر لیلہ پیک کی چڑھائی کے دوران گہری کھائی میں گر کر جاں بحق ہو گئیں۔ مہم میں شامل دیگر کوہ پیماؤں نے بتایا کہ ریسکیو کی کوششیں کی گئیں، تاہم خطرناک حالات کے باعث لاش نکالنا ممکن نہ ہو سکا، لورا کی لاش اب بھی پہاڑ میں موجود ہے۔
کوہ پیماؤں کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد مہم کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔ مرینا نامی کوہ پیما نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن میں جرمن اور امریکی کوہ پیماؤں نے حصہ لیا، لیکن شدید موسمی حالات، دشوار گزار راستوں اور مسلسل برفباری کے باعث لورا کو بچایا نہ جا سکا۔
مہم میں شامل غیر ملکی کوہ پیماؤں نے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ لورا ایک بہادر اور تجربہ کار کوہ پیما تھیں، جو اپنی زندگی کا خواب پورا کرنے لیلہ پیک پر آئی تھیں، مگر بدقسمتی سے وہ اپنی منزل سے پہلے ہی کھائی کی نذر ہو گئیں۔