Tag: جرم وسزا

  • کراچی میں آتش گیر مادے کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ملزم گرفتار

    کراچی میں آتش گیر مادے کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ملزم گرفتار

    کراچی میں سی ٹی ڈی انٹیلی جنس بیسڈ نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں اور کرمشل آتش گیر مادے کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    انچارج سی ٹی ڈی راجا عمر خطاب نے میڈیا کو بتایا کہ کمرشل آتش گیر مادے کے غیر قانونی کاروبارمیں ملوث ملزم عابد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے آتشبازی کے سامان کے پانچ بورے برآمد کیے گئے ہیں۔

    راجا عمر خطاب کے مطابق ملزم کافی عرصے سے کمرشل آتش گیر مادے کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث تھا جس نے تفتیش میں کئی ہم انکشافات کیے ہیں جس کی بنیاد پر مزید کارروائیاں جاری ہیں۔ غیر قانونی کام میں چند ٹرانسپورٹرز کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سالانہ انٹیلی جنس کوآرڈنیشن کا 26 واں اجلاس گزشتہ ماہ اسلام آباد میں ہوا تھا جس میں چاروں صوبوں سمیت اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان کے سی ڈی ٹی افسران شریک ہوئےتھے۔

    انچارج سی ٹی ڈی نے بتایا کہ اس اجلاس میں ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا اور کمرشل آتش گیر مادے کے دہشتگردی میں استعمال پر خرید و فروخت کی مانیٹرنگ کرنے کا ٹاسک دیا گیا جب کہ آئی جی سندھ نے سی ٹی ڈی انٹیلی جنس کراچی کو یہ ٹاسک سونپا تھا۔

    عمر خطاب نے کہا کہ کمرشل آتش گیز مادے کے کاروبار کا لائسنس متعلقہ ڈی سی آفس جاری کرتا ہے اور آتش گیر مادے کی ذخیرہ کرنے کی سیفٹی  شرائط اور مخصوص مقداررکھنے کی اجازت ہوتی ہے تاین یہ افراد مخصوص مقدار سے کہیں زیادہ آتش گیر مادہ اپنے پاس اسٹاک کرتے ہیں۔

    انچارج سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ آتش گیر مادہ کی خرید و فروخت کا ریکارڈ نہیں رکھا جاتا، دوسرے صوبے سے بڑی مقدار میں آتش گیر مادے کا سامان بلٹی کے ذریعے کراچی منگوایا جاتا ہے اور اس کی نقل وحرکت کے دوران سیفٹی کا بھی کوئی خیال نہیں رکھا جاتا۔

  • جیو فینسنگ کیا ہے؟

    جیو فینسنگ کیا ہے؟

    "جرم” ایک سماجی اصطلاح ہے اور اس کی عام تعریف یہ ہوسکتی ہے کہ کسی شخص کا وہ فعل جو قانون کی‌ خلاف ورزی ہو اور ریاست میں اس کی کوئی سزا مقرر ہو۔

    جرم کئی طرح کا ہوتا ہے یا یہ کہہ لیں کہ اس کی مختلف اقسام ہیں۔ پولیس کسی واقعے کے ملزم تک پہنچنے کے لیے مختلف سائنسی طریقے اور جدید آلات استعمال کرسکتی ہے۔

    کئی جرائم ایسے ہوتے ہیں جن کا کوئی عینی شاہد اور گواہ نہیں ہوتا اور جائے وقوع سے بہت کم ٹھوس شواہد مل پاتے ہیں جس سے مجرم تک پہنچنا مشکل ہوجاتا ہے۔ موجودہ دور میں اس صورت میں تحقیقات کے لیے جدید آلات اور طریقہ اپنایا جاتا ہے جس میں موبائل فون کے ریکارڈ سے مدد لینا بھی شامل ہے۔

    اگر ہم ایسے قتل کی بات کریں جس کا کوئی گواہ نہ ہو اور شواہد بھی کم ہوں تو قاتل تک پہنچنے کے لیے پولیس جیو فینسنگ کا سہارا لیتی ہے۔

    مقتول کے موبائل فون پر کالوں کا ریکارڈ اور دوسرے ڈیٹا کے ساتھ مشتبہ شخص یا قاتل کی موجودگی کا پتا چلانے کی کوشش اسی طریقے سے کی جاتی ہے۔

    پولیس کسی خاص نمبر کے لیے موبائل فون کمپنیوں کی مدد بھی لیتی ہے جب کہ کسی موبائل فون کی لوکیشن معلوم کرنے والے آلات سے یہ جاننے کی کوشش کی جاتی ہے کہ فلاں شخص کس وقت کس جگہ موجود تھا۔ اس کے ماہر کسی شخص کی مختلف اوقات میں موجودگی کا کھوج لگا کر اس تک پہنچتے ہیں جس کے بعد ابتدائی پوچھ گچھ اور تفتیش شروع کی جاتی ہے۔