Tag: جرگہ حکم

  • راولپنڈی: جرگے کے حکم پر خاتون کے قتل کے کیس میں نیا موڑ، دوسرا شوہر سامنے آگیا، اہم انکشاف

    راولپنڈی: جرگے کے حکم پر خاتون کے قتل کے کیس میں نیا موڑ، دوسرا شوہر سامنے آگیا، اہم انکشاف

    راولپنڈی(27 جولائی 2025): جرگے کے حکم پر 19 سالہ خاتون سدرہ عرب گل کے قتل کے کیس میں نیا رخ سامنے آگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ پیر ودھائی کے علاقہ فوجی کالونی میں جرگہ کے حکم پر شادی شدہ خاتون کے قتل کیس میں نیا رخ سامنے آگیا، مقتولہ کے دوسرے شوہر عثمان نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔

    عثمان نامی لڑکے نے گزشتہ رات خود آکر پولیس کو گرفتاری دے دی، مقتولہ اور عثمان کے نکاح کی دستاویزات بھی سامنے آگئی، مقتولہ نے مظفرآباد میں 12 جولائی کو عثمان سے نکاح کرلیا تھا۔

    مقتولہ کا خاوند عثمان چہلہ بانڈی مظفر آباد کا رہائشی ہے راولپنڈی میں ملازمت کرتا ہے، مقتولہ نے جوڈیشل مجسٹریٹ مظفرآباد کے روبرو اپنا بیان بھی جمع کرایا تھا۔


    روالپنڈی میں جرگے کے حکم پر 19 سالہ سدرہ کے قتل کے شواہد جمع، 9 گرفتار

    راولپنڈی میں شادی شدہ خاتون کا قتل، جرگے کی سربراہی کرنے والا عصمت اللہ گرفتار


    مقتولہ سدرہ عرب نے عدالت سے تحفظ بھی مانگا تھا، مقتولہ سدرہ عرب نے عدالت میں عثمان کے ساتھ مرضی سے نکاح کرنے کا بیان جمع کرایا تھا، مقتولہ نے مظفرآباد آباد کی عدالت کے سامنے اپنی جان کے خطرے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

    مقتولہ نے عدالت کے روبرو بیان میں کہا تھا انکے والد فوت ہوچکے ہیں والدہ نے دوسری شادی کی ہے، مقتولہ کے سسر اور عثمان کے والد محمد الیاس کا ویڈیو بیان بھی سامنے آگیا۔

    ویڈیو بیان کے مطابق میرا بیٹا عثمان پیرو دھائی بس اسٹینڈ ورکشاپ میں کام کرتا ہے، ہم لوگ مزدوری کرکے مشکل سے گزر بسر کرتے ہیں، مقتولہ جب ہمارے گھر آئی تو میں نے پوچھا یہ کون ہے، مقتولہ نے بتایا انکے والد فوت ہوچکے ہیں والدہ نے چاچے سے دوسری شادی کی ہے،

    الیاس نے کہا کہ سدرہ نے بتایا اسکی شادی زبردستی کسی شخص سے کرائی جارہی ہے، مقتولہ نے بتایا وہ اپنی مرضی سے عثمان کے ساتھ آئی ہے اور اسے شادی کرنا چاہتی ہے، مقتولہ نے ہم سے تحفظ مانگا تو 30 چالیس ہزار روپے کا بندوبست کرکے میں انکو عدالت لے گیا، میں نے سنت طریقے سے مقتولہ کا نکاح کرایا عدالت میں بیانات جمع کرائے۔

    الیاس نے ویڈیو بیان میں کہا کہ نکاح کے چار دن بعد دس لوگ ہمارے گھر اسلحہ سمیت داخل ہوئے، اسلحہ لیکر گھر میں داخل ہونے والے لوگوں سے ڈرایا دھمکایا، ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں، مقتولہ کے گھروالوں نے کہا اب نکاح ہوگیا ہے ہم اسکو باقاعدہ عزت سے رخصت کرینگے، لڑکی ہم نے انکی فیملی کے حوالے کی دو دن بعد میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا لڑکی کا قتل ہوا ہے۔

    مقتولہ کے سسر الیاس نے کہا کہ لڑکی کے قتل کا سن کر ہم اور ڈر گئے، قتل کا الزام میرے بیٹے پر نہ آئے میں نے اسکو خود پولیس کے حوالے کیا ہے، میری درخواست ہے ہمیں ان لوگوں سے خطرہ ہے ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے، ہم نے تمام لوازمات پورے کرکے اسکا نکاح کرایا تھا۔

    دوسری جانب راولپنڈی میں انیس سال کی لڑکی کے قتل کے الزام میں نو افراد کو گرفتار کرلیا گیا، جرگے اور قتل میں شامل ملزمان نے اقبالی بیان دے دیے، علاقہ مجسٹریٹ کے حکم پر مقتولہ کی قبر کشائی کل کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ پیر ودھائی میں جرگے کے حکم پر سدرہ کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا، پولیس کی تفتیشی ٹیم نے قتل کے شواہد جمع کرلیے ہیں، مقتولہ کے شوہر ضیاء الرحمان اور سسر نے دوران تحقیقات اہم انکشافات کیے۔

    مقدمے میں پولیس اور سرکار مدعی بن گئی، قتل کی دفعات بھی شامل کرلی گئی، پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کا مزید جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا، ملزمان کے موبائل فون سے اہم شواہد اور ڈیٹا بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔