Tag: جسم جڑی بہنیں

  • دھڑ سے جڑی بہنیں نائلہ اور شمائلہ کے حوالے سے اہم خبر

    دھڑ سے جڑی بہنیں نائلہ اور شمائلہ کے حوالے سے اہم خبر

    کراچی: شہر قائد کے قومی ادارہ برائے اطفال میں دھڑ سے جڑی بچیوں کے کامیاب آپریشن کے بعد آج انھیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔

    نوشہروفیروز سے تعلق رکھنے والی بہنوں، جو دھڑ سے جڑی ہوئی تھیں، کے آپریشن اور علاج کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں، جن کی علیحدگی کی سرجری طب کے شعبے میں پاکستانی ڈاکٹروں کا اہم کارنامہ قرار دیا گیا ہے۔

    آپریشن کے بعد بچیوں کی 3 ماہ تک انتہائی نگہداشت کی گئی تھی، نائلہ اور شمائلہ کو صحت یاب ہونے پر گھر منتقل کیا جا رہا ہے، ڈائریکٹر این آئی سی ایچ ڈاکٹر ناصر سڈل کے مطابق بچیوں کی صحت اب بہتر ہے۔

    آپریشن میں این آئی سی ایچ ، این آئی سی وی ڈی اور ایس آئی سی ایچ کے ماہرین نے حصہ لیا، جب کہ نجی اسپتال کے ماہرین سے بھی مشورہ کیا گیا تھا۔

    جسم جڑی دو بہنوں کی کامیاب سرجری، ماہر سرجنز نے بہنوں کو علیحدہ کر لیا

    جڑواں بچیوں کے آپریشن سے متعلق ڈاکٹرز نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آپریشن میں 12 گھنٹے کا وقت لگا، بچیوں کے جسم کے ساتھ جگر بھی جڑے ہوئے تھے، دل کی جھلی بھی ملی ہوئی تھی، اس لیے یہ ایک انتہائی پیچیدہ آپریشن تھا۔ ڈائریکٹر این آئی سی ایچ ڈاکٹر ناصر سڈل نے کہا کہ آج ہم نے ٹیم ورک کے ذریعے ایک کامیابی حاصل کی ہے۔

    ڈاکٹر ناصر سلیم سڈل نے بتایا کہ نجی اسپتال میں اس آپریشن پر 80 لاکھ سے ایک کرڑو روپے اخراجات آتے، لیکن یہاں آپریشن مکمل طور مفت کیا گیا ہے، 3 ماہ تک دونوں بچیوں کا لاکھوں روپے کا علاج بھی مفت کیا گیا ہے۔

    جڑواں بچیوں کا تعلق نواب شاہ سے ہے، جب کہ بچیوں کے والد غلام مصطفیٰ رکشہ چلاتے ہیں، پیدائش کے 3 دن بعد بچیاں این آئی سی ایچ آئیں، بچیوں کا نام نائلہ اور شمائلہ ہے جو اسپتال کے ڈاکٹرز کی جانب سے ہی رکھا گیا۔ 20 نومبر کو بچیوں کو الگ کرنے کی سرجری کی گئی، ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں کوئی مسئلہ نہ ہو، اس لیے بچیوں کو چیک اپ کے لیے بلایا جاتا رہے گا۔

    پریس کانفرنس میں شریک دیگر ماہرین براٸے امراض اطفال کا کہنا تھا کہ حمل کے دوران بہتر الٹرا ساؤنڈ سے اس چیز کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے لیکن اس کیس میں والدین لاعلم تھے۔ ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں اس نوعیت کے 170 کیسز میں سے 150 کامیاب سرجریز کی جا چکی ہیں جب کہ پاکستان میں اب تک اس نوعیت کے 4 کامیاب سرجری ہوٸی ہیں۔

  • جسم جڑی دو بہنوں کی کامیاب سرجری، ماہر سرجنز نے بہنوں کو علیحدہ کر لیا

    جسم جڑی دو بہنوں کی کامیاب سرجری، ماہر سرجنز نے بہنوں کو علیحدہ کر لیا

    کراچی: شہر قائد میں ماہر سرجنز نے کارنامہ انجام دیتے ہوئے جسم جڑی دو بہنوں کی مہارت سے سرجری کی، اور انھیں کامیابی سے علیحدہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں واقع نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ میں ماہر سرجنز نے جسم جڑی دو بہنوں کی کامیاب سرجری کی ہے، بہنوں کا تعلق نوشہروفیروز سے ہے۔

    این آئی سی ایچ اسپتال میں کی گئی سرجری میں 4 بڑے اسپتالوں کے ماہر سرجنوں نے حصہ لیا، آپریشن میں آغا خان، این آئی سی ایچ، این آئی سی وی ڈی اور ایس آئی سی ایچ این کے سرجن شریک ہوئے۔

    یہ سرجری 4 گھنٹے تک جاری رہی، جس میں 10 افراد پر مشتمل اسٹاف نے حصہ لیا۔

    این آئی سی ایچ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ناصر سڈل نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ دونوں بہنوں کی سرجری کامیاب ہو گئی، ان کا کہنا تھا کہ سرجری مفت کی گئی اور تمام اخراجات اسپتال انتظامیہ نے برداشت کیے۔