Tag: جسٹس عامر فاروق

  • میں اپنے ہی آرڈر کا خود شکار ہو گیا تھا، اسلام آباد بندش کے خلاف کیس میں جسٹس عامر فاروق حکومت پر برہم

    میں اپنے ہی آرڈر کا خود شکار ہو گیا تھا، اسلام آباد بندش کے خلاف کیس میں جسٹس عامر فاروق حکومت پر برہم

    اسلام آباد: 24 نومبر کے احتجاج کو روکنے کے لیے اسلام آباد کی بندش پر تاجروں کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے حکومت اور انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا۔

    کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس ہائیکورٹ عامر فاروق نے انتظامیہ سے کہا آپ نے امن و امان بحال کرنا تھا مگر آپ نے پورا اسلام آباد بند کر دیا، درخواست گزار نے کہا کہ ہمارے کاروبار کو چلنے دیں، تو آپ نے میڈیا پر ہر جگہ کہا کہ عدالتی آرڈر پر ہم اجازت نہیں دے رہے۔

    انھوں نے کہا عدالت نے کہا تھا کہ شہریوں اور کاروباری لوگوں سمیت مظاہرین کے بنیادی حقوق کا خیال رکھیں، پی ٹی آئی سے بھی پوچھوں گا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کیوں کی گئی، پی ٹی آئی نے غلط کیا تو حکومت نے بھی تو غلط کیا، درخواست گزار کا کیا قصور تھا؟ ان کے کاروبار کو کیوں بند کیا گیا؟

    چیف جسٹس عامر فاروق نے اسٹیٹ کونسل سے کہا کہ آپ نے اسلام آباد ایسے بند کیا تھا کہ ججز سمیت میں بھی نہیں آ سکا، میں اپنے ہی آرڈر کا خود ہی شکار ہو گیا تھا۔

    کیس کی پیروی کے لیے ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ، اسٹیٹ کونسل ملک عبد الرحمان و دیگر عدالت میں پیش ہوئے، اسٹیٹ کونسل ملک عبد الرحمٰن نے بتایا کہ کچھ رپورٹس آ گئی ہیں اور کچھ آنا باقی ہیں۔

    گمشدہ شہری کے حوالے سے پولیس کو کیا کرنا چاہیے؟ عدالت کو بتانا پڑ گیا

    عدالت نے اسٹیٹ کونسل سے استفسار کیا کہ کیا آپ پہلی بار عدالت کے سامنے پیش ہوئے ہیں؟ عدالت نے اسٹیٹ کونسل پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا آپ نے یہ ماہرانہ رائے وہاں دینی تھی۔ میں سب سے پوچھوں گا کہ حکومت سے لڑائی میں عام شہریوں کا کیا قصور تھا؟

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت داخلہ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک کے لیے ملتوی کر دی۔

  • جسٹس عامرفاروق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھٹے چیف جسٹس بن گئے

    جسٹس عامرفاروق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھٹے چیف جسٹس بن گئے

    اسلام آباد : جسٹس عامرفاروق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھٹے چیف جسٹس بن گئے، جسٹس عامرفاروق کا تعلق لاہور سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی۔

    جس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس عامر فاروق نے بطور چیف جسٹس ہائی کورٹ  کے عہدے کا حلف اٹھالیا، صدر مملکت نے جسٹس عامرفاروق سے حلف لیا۔

    جس کے بعد جسٹس عامرفاروق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھٹے چیف جسٹس بن گئے ، جسٹس عامرفاروق کا تعلق لاہور سے ہے۔

    جسٹس اطہرمن اللہ کے سپریم کورٹ جانے کے بعد ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔

    ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

    خیال رہے گزشتہ ہفتے جسٹس اطہرمن اللہ کو سپریم کورٹ میں تعیناتی کی منظوری دی گئی تھی۔

    یاد رہے جسٹس عامر فاروق نے یکم جنوری 2015 کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج کے طور پر حلف لیا تھا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ میں 7 برسوں کے دوران انہوں نے سنگل بینچ میں 10 ہزار سے زائد مقدمات کا فیصلہ سنایا۔