Tag: جشن

  • حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کا ایک سال مکمل ہونے پر بنگلادیش میں جشن

    حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کا ایک سال مکمل ہونے پر بنگلادیش میں جشن

    بنگلادیش میں سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے ایک سال مکمل ہونے پر بنگلادیشی عوام نے بھرپور جشن منایا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں سابقہ وزیرِاعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کا ایک سال مکمل ہونے پر ہزاروں بنگلادیشی شہری سڑکوں پر نکل آئے۔

    رپورٹس کے مطابق قائم مقام حکومت کے سربراہ محمد یونس نے حکومت کے پہلے سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مل جل کر بنگلادیش کی ترقی کے لیے کام جاری رکھا جائے گا۔

    محمد یونس کا کہنا تھا کہ اگلے سال منصفانہ، شفاف اور پُرامن انتخاب کا انعقاد کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو توہین عدالت کیس میں 6 ماہ قید کی سزا بھی سنا دی گئی تھی۔

    شیخ حسینہ کو توہین عدالت کیس میں چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی، بنگلادیش کی انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل (آئی سی ٹی) نے توہین عدالت کیس میں حسینہ واجد کو مجرم قرار دے دیا تھا۔

    حسینہ واجد کی پارٹی بنگلہ دیشی الیکشن سے بھی باہر، جماعت کی رجسٹریشن منسوخ

    ڈھاکا ٹریبون کے مطابق جسٹس محمد غلام مرتضیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے یہ فیصلہ سنایا، مبینہ آڈیو لیک میں شیخ حسینہ کو اپنی جماعت عوامی لیگ کے طلبہ وِنگ چھاترا لیگ کے مقامی رہنما شکیل سے یہ کہتے سنا گیا کہ میرے خلاف 227 مقدمات ہیں، اس لیے دو سو ستائیس لوگوں کو مارنے کا لائسنس مل گیا ہے۔

  • جنگ بندی کے بعد ایران میں خوشی کی لہر، لوگ جشن منانے نکل آئے

    جنگ بندی کے بعد ایران میں خوشی کی لہر، لوگ جشن منانے نکل آئے

    تہران: ایران اسرائیل جنگ بندی کے بعد تہران میں لوگ سڑکوں پر نکل کر جشن منانے لگے ہیں۔

    اگر ایران اور اسرائیل کے درمیان 12 روزہ جنگ کے دوران ایرانی عوام کا جذبہ قابل دید تھا، تو جنگ بندی کے بعد بھی ان کے ملّی جوش و جذبے میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آئی۔

    جنگ بندی کے بعد ایران میں جشن کا سماں ہے، خبر سنتے ہی تہران سمیت مختلف شہروں میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ قومی پرچم لہراتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور صہیونی فورسز کے خلاف جنگ میں زبردست مقابلہ کرنے پر اپنی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔

    ایران اسرائیل جنگ کے 12 روز تک اسرائیل کی فضائی بمباری ایران کے تمام شہروں میں گونجتی رہی، اس دوران سیکڑوں افراد کی جانیں چلی گئیں اور لوگوں کی بڑی تعداد کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا۔


    جنگ بندی پر عمل درآمد کیوں نہیں کیا؟ ٹرمپ نے نیتن یاہو کو کھری کھری سنا دی


    ایسے میں جنگ بندی کے راتوں رات اچانک اعلان سے ایرانی عوام میں سکون اور طمانیت کی لہر دوڑ گئی، جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ایران کے دارالحکومت تہران میں بھی معمول کی زندگی لوٹ آئی۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں ایرانی صحافی جون حسین نے تہران کی تازہ صورت حال بیان کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ہائی وے کے اسٹاپ پر موجود ہیں جہاں لوگوں کا رش لگا ہوا ہے۔ ایرانی صحافی کا کہنا تھا کہ بعض لوگ تنقید کرتے ہیں کہ ایران میں لوگ دباؤ میں ہوتے ہیں، خواتین پر سخت پابندیاں ہیں لیکن یہاں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہاں خواتین سمیت سب کو مکمل آزادی حاصل ہے۔

    انھوں نے اپنے موبائل کیمرے کے ذریعے دکھایا کہ شاپنگ مالز اور ریستورانوں میں خواتین کام کاج کر رہی ہیں، سب لوگ اپنی حکومت سے خوش ہیں، رجیم چینج کے حوالے سے کہیں کوئی بات نہیں کی جا رہی۔

  • ایران کا اسرائیل پر حملہ، غزہ اور لبنان میں جشن

    ایران کا اسرائیل پر حملہ، غزہ اور لبنان میں جشن

    ایران کے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد غزہ اور لبنان میں شہریوں کی جانب سے خوب جشن منایا گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دہشت گرد ریاست اسرائیل پر ایران کی جانب سے میزائلوں کی بارش کے بعد لبنان کے دارالحکومت بیروت میں آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، غزہ میں بھی شہری سڑکوں پر نکل آئے اور جشن منایا۔

    واضح رہے کہ ایران نے گزشتہ رات اسرائیل پر حملہ کیا اور کئی بیلسٹک میزائل داغ دیئے، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ ایران سے اسرائیل کی جانب کم از کم 102 میزائل فائر کئے ہیں جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس میں سائرن بجنے لگے اور افراتفری مچ گئی۔

    اسرائیلی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایران سے اسرائیل کی جانب کم از کم 400 میزائل فائر کیے گئے۔

    دوسری جانب ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے دہشت گرد ریاست اسرائیل کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے اگلا حملہ اس سے کہیں زیادہ تکلیف دہ ثابت ہوگا۔

    اسرائیل پر حملے کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں اسرائیل کو خبردار کیا۔

    ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ اللّٰہ کی مدد سے مزاحمت محاذ جو ضرب صیہونی ریاست کو لگائے گا وہ اس سے کہیں زیادہ شدید اور تکلیف دہ ہوگی۔

    کاملا ہیرس کا ایرانی حملے کے بعد اہم بیان

    انہوں نے سوشل میڈیا پر یہ پوسٹ عبرانی زبان میں کی ہے اور یہ پوسٹ ایران کی جانب سے اسرائیل پر بیلیسٹک میزائل برسانے کے چند ہی لمحے بعد کی گئی تھی۔

  • بابر اعظم اور رضوان نے تاریخی جیت کے بعد جشن کیسے منایا؟ ویڈیو وائرل

    بابر اعظم اور رضوان نے تاریخی جیت کے بعد جشن کیسے منایا؟ ویڈیو وائرل

    بھارت میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف تاریخی جیت کے بعد وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم کی جشن منانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ۔

    آئی سی سی کی جانب سے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری کردہ ویڈیو میں ہم دیکھ سکتے ہیں کہ جیسے رضوان نے وننگ شارٹ لگایا اور گیند باؤنڈری لائن کراس کر گئی تو بابر اعظم ڈریسنگ روم میں بیٹھے خوشی میں اپنی نشست سے اٹھ کر تالیاں بجانے لگے اور دوسری طرف گراؤنڈ میں محمد رضوان نے اپنے خصوصی انداز میں اللہ پاک کا شکر ادا کرنے لگے ۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ICC (@icc)

    اس کے بعد بابر اعظم سب سے پہلے بھاگتے ہوئے گراؤنڈ میں آئے اور رضوان کو گلے لگا لیا، بابر اعظم کے بعد شاہین آفریدی، حارث رؤف، عبداللہ شفیق، امام الحق اور سعود شکیل نے بھی خوشی سے رضوان سے کو گلے لگایا۔

    بابر اعظم کا سری لنکا کے خلاف تاریخی کامیابی کے بعد پیغام جاری

    واضح رہے کہ گزشتہ روز محمد رضوان نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی تھی، ان کی اننگز میں 8چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

    واضح رہے کہ اس یادگار اننگز میں انکا بھرپور ساتھ عبداللہ شفیق نے دیا اور انہوں نے 103گیندوں پر 113 رنز کی اعلیٰ اننگز کھیلی۔

    ورلڈ کپ کے ابتدائی دونوں میچوں میں بابر اعظم بڑی اننگ کھیلنے میں کیوں ناکام ہوئے؟

  • آقاکریمﷺ کی حیات طیبہ ایک کامل نمونہ ہے: فردوس عاشق اعوان

    آقاکریمﷺ کی حیات طیبہ ایک کامل نمونہ ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے حضرت محمدﷺکی ولادت باسعادت پر مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی۔

    سماجی رابطےکی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آقاکریمﷺ کی حیات طیبہ ایک کامل نمونہ ہے، ان کی ذات اطہر ہمارے لیے رہنمائی اور دنیاوآخرت کی نجات کا ذریعہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نفرتوں کے خاتمے کے لیے نبیﷺکی ذات اقدس روشن ترین مثال ہے، آپ کی سیرت طیبہ کو اپنا کردنیا کو بتاسکتے ہیں اسلام کا دامن کتناوسیع اور دل کس قدر فراخ ہے، اللہ اور اس کے محبوب کی اطاعت کا مطلب انسانیت سے محبت، اس کی فلاح اور خیرخواہی ہے۔

    خیال رہے کہ عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر صدر پاکستان عارف علوی اوروزیراعظم عمران خان نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں حضرت محمدﷺ کی تعلیمات پرعمل کرتے ہوئے ملک میں امن واستحکام یقینی بنانا چاہیے۔

    عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کی پیروی کرنے اور انسانیت کی فلاح کے لیے ان کے اسوہ حسنہ کے فروغ پرزور دیا۔

    جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر صدر پاکستان اور وزیر اعظم کی قوم کو مبارکباد

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں اللہ کے نبیﷺ کی ولادت پر جشن کا سماں ہے، عاشقان رسول اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کررہے ہیں، لاہور میں بھی صبح بہاراں پر پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے اکیس توپوں کی سلامی دی، فضائیں اللہ اکبر کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھیں، ملک بھر کی مساجد میں نماز فجر کے بعد پاکستان میں امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

  • دیوارِ برلن کے انہدام کے 30 سال مکمل، جرمنی میں جشن اور تقریبات

    دیوارِ برلن کے انہدام کے 30 سال مکمل، جرمنی میں جشن اور تقریبات

    برلن: جرمنی میں دیوار برلن کے انہدام کے 30 سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں جشن اور تقریبات کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ دیوار برلن پر لائٹ شو نے دلکش رنگ بکھیر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق دیوارِ برلن کو منہدم ہوئے 30سال مکمل ہونے پر اس تاریخی دن کو منانے کے لیے جرمنی کے دارالحکومت برلن میں لائٹ شو کا انعقاد کیا گیا، دیوار برقی قمقموں سے سج گئے اور ہر طرف جشن کا سماں ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سابق جرمن ڈیموکریٹک ریپبلک پارلیمنٹ کی عمارت پر بھی تھری ڈی لائٹ پراجیکشن کے ذریعے فارمیشنز پیش کی گئیں جبکہ شہریوں نے پرانی نایاب گاڑیوں کی ریس لگائی۔

    خیال رہے کہ 13اگست 1961 کو تعمیر کی جانے والی دیوارِ برلن کو 9نومبر 1989کو گرادی گئی تھی جس کے بعد جرمنی سمیت دنیا بھر میں بسنے والے جرمن شہریوں نے خوب جشن منایا تھا۔ سرد جنگ کے دور میں دیوارِ برلن سوویت یونین کے زیر انتظام مشرقی برلن کو مغربی برلن سے جدا کرنے کے لیے بنائی گئی تھی، دیوار کے انہدام کے بعد جرمنی ایک ہوگیا تھا۔

    سنہ 1989 میں اس کے انہدام کو لبرل جمہوریت کی فتح کے طور پر دیکھا گیا۔ اس کے انہدام کے ایک برس بعد منقسم جرمنی کا اتحاد بحال ہوا تھا۔ اس دیوار کے انہدام کی تیسویں سال گرہ کے موقع پر جرمنی بھر میں مختلف ریلیاں نکالیں گئیں۔

    برلن میں دیوارِ برلن کے انہدام کی تقریب میں سلوواکیا، پولینڈ، چیک جمہوریہ اور ہنگری کے رہنماؤں نے شرکت کی اور پھول نچھاور کیے، جبکہ جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جرمنی کو کوئی توڑ نہیں سکتا۔

  • منگولیا میں زندہ رہنے کا جشن

    منگولیا میں زندہ رہنے کا جشن

    چین اور روس کے درمیان واقع ملک منگولیا میں جسے نیلے آسمان کی سرزمین کہا جاتا ہے، ہر سال زندہ رہنے کا جشن منایا جاتا ہے۔

    ہر سال مارچ میں جب موسم سرما اپنے اختتام پر پہنچتا ہے تو منگولیا کے لوگ جشن مناتے ہیں کہ خدا نے انہیں شدید موسم سرما میں بھی محفوظ رکھا۔

    یہ جشن منگولیا کی کفگول جھیل پر منایا جاتا ہے، یہ جھیل شمالی منگولیا میں واقع ہے اور ملک کی سب سے بڑی میٹھے پانی کی جھیل ہے جو سردیوں میں برف بن جاتی ہے۔ 2 ہزار 6 سو 20 اسکوائر کلومیٹر کے رقبے پر واقع اس جھیل کو منگولیا کا نیلا موتی کہا جاتا ہے۔

    موسم سرما میں جب یہاں کا اوسط درجہ حرارت منفی 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے چلا جاتا ہے تب یہ جھیل سخت برف میں تبدیل ہوجاتی ہے۔ اس وقت اس پر لوگ، جانور حتیٰ کہ گاڑیاں بھی سفر کرتی ہیں۔

    دن کے آغاز پر لوگ اس جھیل کو تعظیم پیش کرتے ہیں اس کے بعد اس پر اپنا سفر شروع کرتے ہیں، ان کے عقیدے کے مطابق تعظیم پیش کرنے کے بعد یہ جھیل سفر کے لیے محفوظ ہوجاتی ہے۔

    مارچ میں ملک کے دور دراز حصوں سے سفر کر کے لوگ یہاں پہنچتے ہیں اور سال کے سب سے مشکل وقت کے خاتمے کا جشن مناتے ہیں۔ دو روزہ اس جشن میں جھیل پر کئی مقابلے منعقد کیے جاتے ہیں۔

    رات کے وقت ضیافت کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں گھوڑی کا دودھ اور مقامی پکوان پیش کیے جاتے ہیں۔ نہ صرف مقامی افراد بلکہ دنیا بھر سے سیاحوں کو بڑی تعداد اس جشن میں شامل ہونے کے لیے یہاں پہنچتی ہے۔

  • پیرو: سال نو کا انوکھا جشن، لوگ آپس میں لڑ پڑے

    پیرو: سال نو کا انوکھا جشن، لوگ آپس میں لڑ پڑے

    لیما: دنیا بھر میں‌ سال نو کے جشن میں آتش بازی ہوتی اور خوشیاں منائی جاتی ہیں،  البتہ لاطینی امریکا کے ایک ملک میں‌ شہری آپس میں‌ جھگڑ کر نئے سال کا آغاز کرتے ہیں.

    تفصیلات کے مطابق ایک جانب جہاں دنیا بھر میں سال نو کا جشن خوشیوں، قہقہوں اور امیدوں کے ساتھ منایا گیا، وہیں لاطینی امریکا کے ایک علاقے میں‌ عوام کے لڑنے جھگڑنے کے لیے میلے کا اہتمام کیا گیا.

    یہ میلہ پیرو کی ریاست جمبیو کلاس میں منعقد ہوتا ہے، جہاں‌ نئے سال کے موقع پر لوگ اکٹھے ہو کر ہاتھا پائی کرتے ہیں.

    اس انوکھے میلے کا مقصد یہ ہے کہ علاقے کے باسی آپس میں‌ لڑ جھگڑ کے ماضی کے اختلافات اور قضیوں‌ کو حل کر لیں اور نئے سال کا خوش گوار آغاز کر یں.

    یہ ہاتھا پائی باقاعدگی ریفری کی نگرانی میں ہوتی ہے، اس لیے  یہ کبھی خونیں شکل اختیار نہیں‌ کرتی.


    مزید پڑھیں: پیرو: مسافر بس کھائی میں جاگری، 8 افراد ہلاک، درجنوں زخمی


    اس میلے کے وسیلے قانونی معاملات، گھریلو اختلافات اور  رومان سے جڑے جھگڑوں کا بھی تصفیہ کیا جاتا ہے.

    اس موقع پر اکھاڑے کے ساتھ ساتھ موسیقی اور کھانے پینے کی محفل کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے. مقامی افراد اسے اپنے کلچرل کا مثبت چہرہ خیال کرتے ہیں.

    یہ انوکھا فیسٹول پیرو کی ریاست جمبیو کلاس کی پہچان بن چکا ہے.

  • جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

    جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

    کراچی: جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں عروج پر ہیں، شہر رنگ و نور میں ڈوبا ہوا جبکہ ہر سو درودو سلام کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سرورکائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی آمد آمد ہے جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں عاشقانِ رسول ﷺ نے گھروں اور گلیوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا۔

    جشن عید میلادالنبی کے سلسے میں شہر بھر کی مساجد، عمارتوں اور شاہرائوں کو سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

    عاشقان رسول ﷺ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے حوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائنات سے اظہار عقیدت کر رہے ہیں، آپ ﷺ کی ذات گرامی صورت میں اجمل اور سیرت میں اکمل ہے۔

    آپ ﷺ کے حالات و کمالات اور فضائل معجزات کو بیان کرنے کا نام عید میلاد النبی ہے۔

    رسول کریم ﷺ محبت کا تقاضا ہے کہ مسلمان متحد ہو کر امن و آشتی کا درس دیں، آپ ﷺ نے امن و محبت، بھائی چارگی اور احترام انسانیت کا درس دیا، اور یہ پیغام رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔

    علمائے کرام کا کہنا ہے کہ عصر حاضر میں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنا راہ نجات ہے۔

  • نئےسال کی آمد: شہریوں کےسی ویوجانے پرکوئی پابندی نہیں‘ سہیل انورسیال

    نئےسال کی آمد: شہریوں کےسی ویوجانے پرکوئی پابندی نہیں‘ سہیل انورسیال

    کراچی: صوبائی وزیرداخلہ سہیل انور سیال کا کہنا ہے کہ شہری نئے سال کا جشن قانون کےدائرے میں رہ کرمنائیں، نئے سال کی آمد پرشہریوں کے سی ویوجانے پرکوئی پابندی نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال نے ڈیفنس اورکلفٹن سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کہا اور نئے سال سے متعلق پولیس کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔

    صوبائی وزیرداخلہ سہیل انورسیال نے سی ویوکے اطراف سڑکیں بند ہونے کی خبرپرعلاقے کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ سندھ نے کہا کہ نئے سال کی آمد پرکسی سڑک کوبند نہیں کریں گے، انتظامیہ کوسڑکوں سے کنٹینرز ہٹانے کی ہدایت کردی ہے۔

    سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ شہری نئے سال کاجشن قانون کے دائرےمیں رہ کرمنائیں، نئےسال کی آمد پرشہریوں کے سی ویوجانے پرکوئی پابندی نہیں ہے۔

    وزیرداخلہ سندھ نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے ساتھ نئے سال کی آمد پر خود بھی سی ویوجاؤں گا۔

    انہوں نے کہا کہ قیام امن کے لیے پولیس کی اضافی نفری تعینات کررہے ہیں، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کےخلاف کارروائی کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ سندھ حکومت نے سال نو کے موقع پر صوبے بھر میں ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور ریسنگ پرپابندی لگائی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔