کراچی : معرکہ حق اورجشن آزادی کے سب سے بڑے ایونٹ میں نیشنل اسٹیڈیم آنے والے شہریوں کے لئے ہدایات جاری کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ سندھ کی جانب سے جشنِ آزادی اور "معرکہ حق” کے سلسلے کا سب سے بڑا ایونٹ آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا، جہاں معروف گلوکار راحت فتح علی خان، سجاد علی، حدیقہ کیانی سمیت دیگر فنکار پرفارم کریں گے۔
وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایونٹ میں شرکت کے لیے شہریوں کو اصل شناختی کارڈ ساتھ لانا لازمی ہوگا اور ہر شہری صرف قومی پرچم ساتھ لاسکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیشنل اسٹیڈیم کے کچھ انکلوژرز صرف فیملیز کے لیے مختص کیے گئے ہیں جن میں یونس خان اور جاوید میانداد سمیت پانچ انکلوژرز شامل ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ اسٹیڈیم میں آمد کے لیے دو اطراف سے راستے ہوں گے، ڈسٹرکٹ سینٹرل سے آنے والے شہریوں کے لیے ایکسپو سینٹر میں پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے، جہاں سے نیشنل اسٹیڈیم تک شٹل سروس فراہم کی جائے گی، شٹل سروس مردوں اور خواتین کے لیے علیحدہ ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ گیٹ نمبر 12، 13 اور 14 مردوں کی انٹری کے لیے مختص ہوں گے، جبکہ سیکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔