Tag: جشنِ آزادی ریلی

  • کراچی : جشنِ آزادی ریلی سے اغوا ہونے والا لڑکا بازیاب ، 4 ملزمان گرفتار

    کراچی : جشنِ آزادی ریلی سے اغوا ہونے والا لڑکا بازیاب ، 4 ملزمان گرفتار

    کراچی: رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے جشنِ آزادی ریلی کے دوران سے اغوا ہونے والے لڑکے کو بازیاب کراکر 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    کراچی: رینجرز نے نیو ایم اے جناح روڈ اسلامیہ کالج کے قریب کارروائی کرتے ہوئے جشنِ آزادی ریلی کے دوران اغوا ہونے والے 15 سالہ لڑکے کو بازیاب کرا لیا، جبکہ 4 ملزمان کو گرفتار کر کے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن اور پولیس کے جعلی سامان برآمد کر لیا گیا۔

    ترجمان رینجرز نے بتایا گرفتار ملزمان کی شناخت عامر علی، بلال علی، فیصل رانا اور خاتون گلزارہ کے نام سے ہوئی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان شہریوں کے منظم اغوا کی وارداتوں میں ملوث تھے، کارروائی کے دوران ملزمان کے تین ساتھی موٹرسائیکلوں پر کار کو کور فراہم کر رہے تھے جو رینجرز کے پہنچنے پر موقع سے فرار ہوگئے۔

    گرفتار ملزمان کے قبضے سے پولیس کی وردی، ہتھکڑی، پولیس لائٹ لگی کالے شیشوں والی گاڑی اور اسلحہ برآمد ہوا۔

    ترجمان رینجرز نے مزید بتایا کہ کہ فرار ملزمان میں گینگ لیڈر نعمان، فرید الحق اور محمد نور شامل ہیں، جبکہ گرفتار خاتون گلزارہ گینگ لیڈر کی قریبی ساتھی ہے اور مجرمانہ سرگرمیوں میں معاونت فراہم کرتی رہی ہے۔

    مغوی لڑکے نے بیان میں بتایا کہ وہ ضلع لاڑکانہ کا رہائشی اور کراچی میں پنکچر کی دکان پر کام کرتا ہے۔ وہ مزارِ قائد پر جشن آزادی ریلی میں شریک تھا جہاں ملزمان نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے اُسے تشدد کا نشانہ بنایا اور زبردستی گاڑی میں ڈال کر نامعلوم مقام پر لے جانے لگے۔

    ترجمان کے مطابق فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔