Tag: جشن آزادی

  • ملک بھر میں جشن آزادی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا

    ملک بھر میں جشن آزادی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا

    کراچی / ملتان / نوابشاہ / جنوبی وزیرستان / پشاور : ملک بھر میں یوم آزادی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا، قومی پرچم کے ساتھ ساتھ کشمیر کا پرچم بھی ملک بھر میں لہراتا رہا۔ فضا میں کشمیر بنے گا پاکستان کی صدائیں گونجتی رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کا جشن آزادی آج کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے منایا گیا، اس سلسلے میں شہر شہر ریلیاں نکالی گئیں، ملتان ،بہاولنگر، چوک اعظم، کہروڑ پکا سمیت پنجاب بھر میں جشن آزدی کے رنگ کشمیریوں کےسنگ تھے۔

    فضا میں کشمیر بنے گا پاکستان کی صدائیں گونج اٹھیں۔ مردان، مالاکنڈ، خیبر سمیت پختونخوا کےمختلف اضلاع میں وطن عزیز کی محبت کے جذبے سے سرشار شہری سڑکوں پر نکل آئے، ابیٹ آباد میں بھی فضا کشمیریوں سے یکجہتی اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

    اس کے علاوہ نوابشاہ، مٹیاری، گھوٹکی، عمرکوٹ، سجاول، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان اور دادو سمیت سندھ بھر میں قومی پرچم کے ساتھ کشمیر کا پرچم بھی لہراتا رہا۔ لاڑکانہ میں دھرم شالا پر پاکستان اور کشمیر کے پرچم آویزاں کردیئے گئے۔

    جنوبی وزیرستان میں بھی کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے قبائلی عوام نے ریلی نکالی۔ لنڈی کوتل میں عوام نے دنیا کا طویل ترین تین ہزار چھ سو فٹ طویل پرچم بنایا۔

    ؎بلوچستان میں جشن آزادی اور کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالیں گئیں۔ علاوہ ازیں سوئی، مکران، چاغی ،آوران، مستونگ اور کوسٹل ہائی وے پر ریلیاں نکالی گئیں، نوشکی، خضدار ، ہرنائی اور لورا لائی میں بھی کشمیر یوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

  • جشن آزادی : اے آر وائی نیوز کا سب سے بڑا پروگرام ، قرارداد کشمیر کی بھرپور حمایت

    جشن آزادی : اے آر وائی نیوز کا سب سے بڑا پروگرام ، قرارداد کشمیر کی بھرپور حمایت

    لاہور : جشن آزادی کے موقع پر اے آر وائی نیوز کے پروگرام سر عام کی جانب سے مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا، مینار پاکستان پر موجود شرکاء نے قرارداد کشمیر کی بھرپور حمایت کی۔

    تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر اے آر وائی نیوز کی جانب سے مظلوم کشمیری بھائیوں سے فقیدالمثال اظہار یکجہتی کیا گیا ، کشمیریوں کی حمایت میں لاہور کے مینار پاکستان پر آج کا سب سے بڑا پروگرام سجایا گیا۔

    ٹیم سرعام نے مینارِ پاکستان لاہور پر کشمیر کنونشن کاانعقاد کیا، اس موقع پر جلسہ گاہ میں انسانوں کا ٹھاٹیں مارتا سمندر موجود تھا۔ اس موقع پر شرکاء کا جوش خروش قابل دید تھا اور وہ پاکستان اور کشمیریوں کی حمایت میں نعرے لگا رہے تھے۔

    اے آر وائی نیوز کے مقبول ترین پروگرام سرعام کے میزبان اقرارالحسن نے قرارداد پاکستان کے مقام پر قرارداد کشمیر پیش کی، وہاں موجود لوگوں نے پرجوش نعرے لگا کر قرارداد کی بھرپور حمایت کی۔

    اس موقع پر اقرارالحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اس مقام پر جہاں قرارداد پاکستان پیش کی گئی تھی ٹیم سرعام آج اسی جگہ قرار داد کشمیر پیش کررہی ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ استصواب رائے کے ذریعےکشمیر کے اسٹیٹس کا تعین کیا جائے ۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کو بند کرے، حریت رہنماؤں کی نظر بندی کو ختم کیا جائے، اور وادی میں کرفیو کا فی الفور خاتمہ کرتے ہوئے بھارتی فوج کو کشمیر سے واپس بلایا جائے۔

    اقرار الحسن نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی حق آزادی کی لڑائی سے دست برداری نظریہ پاکستان سے غداری تصور کی جائے گی، اس موقع پر انہوں نے کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے بھی لگائے۔

  • بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، ایل او سی کی خلاف ورزی پر احتجاج

    بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، ایل او سی کی خلاف ورزی پر احتجاج

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گوروو آہلو والیا کو دفتر خارجہ طلب کر کے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گوروو آہلو والیا کی طلبی ڈی جی ساؤتھ ایشا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے کی، انھوں نے کہا کہ بھارتی فوج ایل او سی پر شہری آبادی کو بھاری اسلحے سے نشانہ بنا رہی ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، بھارتی خلاف ورزیوں سے تزویراتی غلط فہمی پیدا ہو سکتی ہے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے بھارت پر زور دیا کہ 2003 کی جنگ بندی مفاہمت کا احترام اور بھارت اپنی افواج کو جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کرے، لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارت امن برقرار رکھے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت امن مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت کردار ادا کرنے دے۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  کشمیر پر کسی قسم کے سمجھوتے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا: آرمی چیف

    ڈپٹی ہائی کمشنر آہلو والیا سے دفتر خارجہ نے تتہ پانی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا، بتایا گیا کہ بھارتی فائرنگ سے 38 سال کا سرفراز احمد شہید ہوا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کی جانب سے سال 2017 سے اب تک ایک ہزار 970 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ آج یوم آزادی اور یوم یک جہتیٔ کشمیر پر وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے پڑوسی ملک بھارت کو واضح پیغامات بھیجے گئے ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا میں مودی کوپیغام دیتا ہوں، آپ ایکشن لیں، اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔ جب کہ آرمی چیف نے کہا کہ ہم کشمیریوں پر بھارت کے جبر کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، ہم کھڑے ہیں چاہے اس کی ہمیں کوئی بھی قیمت ادا کرنی پڑے۔

  • یورپ میں بسنے والے کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں: فواد چوہدری

    یورپ میں بسنے والے کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں: فواد چوہدری

    ڈنمارک: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ یورپ میں بسنے والے کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری آج کوپن ہیگن پہنچے، جہاں انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پوری دنیا اس وقت بھارت کو حالیہ اقدامات پر ملامت کر رہی ہے، ہم امن چاہتے ہیں اور صرف امن کے لیے کھڑے ہیں۔

    فواد چوہدری کوپن ہیگن میں یوم آزادیٔ پاکستان پر پرچم کشائی کی تقریب میں شریک ہوں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے یورپ میں ریلیاں ہو رہی ہیں، 15 اگست کو لندن، پیرس اور ڈنمارک میں یوم سیاہ کی ریلیاں نکالی جائیں گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  یوم آزادی بطور یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

    انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اپنے یوم آزادی کو کشمیر کے ساتھ منسلک کیا ہے، ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن امن کے لیے کئی بار جنگ بھی لڑنا پڑتی ہے، معیشت ہو یا کسی اور میدان میں، جنگ لازم ہو تو پھر لشکر نہیں دیکھا کرتے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو خود پر توجہ رکھ کر اپنی جنگ خود لڑنی ہوگی، جنگ جیتنے کے لیے بہ حثیت قوم ہمیں یک جا ہونا ہوگا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جو آنکھ اٹھا کر دیکھے گا ہم اس کا جبڑا توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

  • وزیراعظم عمران خان کی مظفر آباد آمد، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

    وزیراعظم عمران خان کی مظفر آباد آمد، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

    مظفر آباد: وزیر اعظم عمران خان مظفر آباد پہنچ گئے ہیں، جہاں انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے وزیر اعظم پاکستان عمران خان مظفر آباد پہنچ گئے ہیں۔

    وزیر اعظم کو مظفر آباد میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جب کہ ان کا استقبال آزاد کشمیر کے صدر اور وزیر اعظم نے کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان آج یوم آزادی کے موقع پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

    ادھر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان بھی کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے مظفر آباد روانہ ہو گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، یوم آزادی پر صدر اور وزیراعظم کا پیغام

    دوسری طرف مظفر آباد میں شہر بھر میں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، اور گھروں پر بڑی تعداد میں پاکستان اور کشمیر کے پرچم لہرا رہے ہیں۔

    قبل ازیں، آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ میں یوم آزادی پر پرچم کشائی کی گئی، چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر چوہدری محمد ابراہیم ضیا نے پرچم بلند کیا۔

    خیال رہے کہ آج صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے یوم آزادی اور یوم یک جہتی کشمیر کے موقع پر سرکاری پیغام میں کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ تھے، ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔

  • پشاور ائیر پورٹ پر جوائنٹ سرچ ڈیسک کی کارروائی، 5 کلو آئس ہیروئن ضبط

    پشاور ائیر پورٹ پر جوائنٹ سرچ ڈیسک کی کارروائی، 5 کلو آئس ہیروئن ضبط

    پشاور: باچا خان ایئر پورٹ پر اے ایس ایف نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم سے 5 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن تھارٹی کے جوائنٹ سرچ ڈیسک نے کارروائی کرتے ہوئے آئس ہیروئن کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

    اے ایس ایف کے مطابق مسافر کو گرفتار کر لیا گیا ہے، مسافر نجی ایئر لائن کی پرواز سے راس الخیمہ جا رہا تھا۔

    پکڑی گئی آئس ہیروئن اعلیٰ کوالٹی کی ہے جب کہ اس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے، مسافر یہ منشیات عرب امارات لے جا رہا تھا۔

    قبل ازیں، جوائنٹ سرچ بیگجز کاؤنٹر پر راس الخیمہ جانے والے مسافر کی تلاشی لی گئی تو بیگ کے خفیہ خانوں سے ہیروئن برآمد ہو گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد ایئرپورٹ پرمنشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    مسافر عاقب علی غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز G-9825 کے ذریعے راس الخیمہ جا رہا تھا، مسافر کو گرفتار کیے جانے کے بعد اے ایس ایف نے اسے قانونی کارروائی کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے حوالے کر دیا۔

    خیال رہے کہ آئے دن ملک کے بڑے شہروں کے ایئر پورٹس پر منشیات اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنانے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں تاہم اسمگلنگ کے واقعات میں کمی نہیں آ رہی ہے۔

    چار اگست کو بھی نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر اے ایس ایف نے بیرون ملک منشیات اسمگل کرنے کی کوشش نا کام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا تھا، سعودی عرب جانے والے مسافر سے 10 کلو 632 گرام مائع آئس ہیروئن برآمد کی گئی تھی۔

  • جامعہ کراچی کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ، پولیس اہل کار زخمی

    جامعہ کراچی کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ، پولیس اہل کار زخمی

    کراچی: یوم آزادی پر کراچی یونی ورسٹی کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہل کار زخمی ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج یوم آزادی پر جامعہ کراچی کے قریب 2 ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

    کراچی پولیس کہنا ہے کہ اہل کاروں کو دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، اس دوران ملزمان کی فائرنگ سے اہل کار ممتاز کے پیٹ میں گولی لگی۔

    پولیس کے مطابق واقعے میں ایک ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے جب کہ دوسرا فرار ہو گیا، جس کی تلاشی جاری ہے۔

    ادھر الفلاح پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 ڈاکو گرفتار کر لیے تاہم ان کا سرغنہ فرار ہو گیا، ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ ملزمان ڈکیتی کی 50 سے زاید وارداتوں میں ملوث ہیں، پولیس نے ملزمان کو دوران ڈکیتی مقابلے کے بعد گرفتار کیا۔

    دوسری طرف یوم آزادی پر میٹروپول پر ٹریفک پولیس اہل کاروں نے قومی ترانوں کی دھن پر جشن منایا، اس موقع پر ٹریفک اہل کاروں نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے تھام رکھے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  رینجرز کی کارروائیاں، کراچی سے 22 ملزمان گرفتار

    جشن آزادی مناتے ہوئے آئی جی سندھ کلیم امام نے سندھ پولیس کی جانب سے شہریوں کو یوم آزادی پر مبارک باد کا پیغام جاری کیا اور کہا کہ ہمیں قائد اعظم کے اصولوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے، شہر میں دہشت گردی کے واقعات نہیں ہوئے، قتل کے واقعات کم ہو گئے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ موبائل چھینا جھپٹی کی وارداتیں بھی کم ہوئی ہیں، کل کلفٹن میں بہادر شہری نے ڈاکو پکڑا اسے انعام دیں گے، پیر آباد واقعے پر انکوائری ہو رہی ہے جب کہ قائد آباد دھماکے اور تقی عثمانی کیس میں پیش رفت جاری ہے۔

  • مودی کا ہاتھ توڑ دیں گے، کشمیر پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے: شہباز شریف

    مودی کا ہاتھ توڑ دیں گے، کشمیر پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے: شہباز شریف

    اسلام آباد: اپوزیشن رہنما شہباز شریف نے کہا ہے کہ قائد اعظم نے فرمایا تھا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ہم مودی کا ہاتھ توڑ دیں گے لیکن قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ گجرات کے قاتل نریندر مودی نے کشمیر پر ظلم و ستم ڈھائے، مودی نے 370 اور 35 اے ختم کر کے کشمیر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔

    انھوں نے کہا کہ 65 کی جنگ میں پوری قوم فوج بن گئی اور دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، حال ہی میں بھارت نے پھر حملہ کرنے کی گندی کوشش کی۔ انھوں نے مودی کو للکار کر کہا، وہ دن دور نہیں مودی، جب ہم تم سے ایک ایک دن کا حساب لیں گے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ کشمیر کی وادی خون سے سرخ ہو چکی ہے اور کتنی قربانی مانگتے ہو، آج ہمیں ٹرمپ کی طرف نہیں دیکھنا اللہ کی طرف دیکھنا ہے، اللہ کی مدد آئے گی اور ضرور آئے گی، شرط یہ ہے کہ ہمیں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہنا ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ٰٰیوم آزادی: مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کشمیر کو آزادی دلانی ہے تو ٹرمپ نہیں اللہ کی مدد چاہیے، ہمیں ٹرمپ سے پیسے اور سہارا نہیں چاہیے، ہمیں خود پر بھروسا کرنا ہوگا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ 72 سال گزر گئے لاکھوں شہیدوں کا حساب کتاب نہیں ہوا، وہ لاکھوں شہید پوچھیں گے کہ اس عظیم پاکستان کے لیے قربانیاں دیں، تم نے کیا کیا اس پاکستان کے ساتھ۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہا پاکستان کی تاریخ عظیم کارناموں سے بھری ہوئی ہے، 1998 میں 28 مئی کو ایٹمی دھماکے ہوئے، نواز شریف سے کہا گیا کہ ایٹمی دھماکے نہ کریں، 5 ارب ڈالر کی پیش کش کی گئی، لیکن نواز شریف نے 5 دھماکے کر کے دشمن کے دانت کھٹے کر دیے۔

  • یوم آزادی: مزار قائد اورمزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

    یوم آزادی: مزار قائد اورمزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

    کراچی: یوم آزادی کی مناسبت سے کراچی میں مزار قائد جبکہ لاہور میں مفکر پاکستان علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مزار قائد پر اعزازی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، پاکستان نیول اکیڈمی کے چاک وچوبند کیڈٹس نے مزار کی سیکیورٹی کے فرائض سنبھال لیے۔

    اعزازی گارڈز کا دستہ پاکستان نیول اکیڈمی کے 48 بہترین کیڈٹس پرمشتمل ہے، اعزازی گارڈز کی جانب سے بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح کو سلامی دی گئی۔

    کمانڈنٹ نیول اکیڈمی کموڈور عرفان تاج نے پریڈ کا معائنہ کیا اور مراز قائد پر فاتحہ خوانی کے بعد پھولوں کی چادر بھی چڑھائی، کموڈور عرفان تاج نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔


    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے مزار اقبال پر حاضری دی، مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

    اس سے قبل شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی، جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل محمد یوسف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔

    پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے مزار اقبال اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ شاعر مشرق کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سیاسی اور سماجی رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد مزار پر حاضری دے رہی ہے۔

    یوم آزادی بطور یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

    واضح رہے کہ ملک بھر میں یوم آزادی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ یوم آزادی پر دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم آزادی کے دن کا آغاز 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی اور یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

  • کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، یوم آزادی پر صدر اور وزیراعظم کا پیغام

    کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، یوم آزادی پر صدر اور وزیراعظم کا پیغام

    اسلام آباد: صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے یوم آزادی اور یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ تھے، ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق یوم آزادی اور یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کو کسی موڑ پر تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

    صدر پاکستان نے کہا کہ کشمیریوں کی آنکھوں سے بہنے والے آنسوہمارے دل میں گرتے ہیں، ہم کشمیریوں کے ساتھ تھے، ساتھ ہیں اورہمیشہ ساتھ رہیں گے۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا یکطرفہ فیصلہ گھناؤنی سازش ہے، بھارتی اقدام اقوام متحدہ قراردادوں، شملہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جان لے آزادی کی تحریکوں کو اوچھے ہتھکنڈوں، جبر سے دبایا نہیں جاسکتا ہے۔

    یوم آزادی کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے مذہبی، ثقافتی اورسماجی اقدارکے تحفظ کے لیے لازوال قربانیاں دیں، پاکستان کو ترقی یافتہ، خوشحال ملک بنانے کے لیے سب کواپنا کردارادا کرنا ہوگا۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ قائداعظم کے رہنما اصولوں کو مشعل راہ بنا کرملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے وطن کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرنے والوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج ہم مقبوضہ کشمیرمیں اپنے بھائیوں کی حالت زار پر افسردہ ہیں، کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے انہوں نےکہا کہ حالیہ بھارتی اقدامات سے ہمارے آباؤ اجداد کے دو قومی نظریے کو مزید تقویت ملی۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں یوم آزادی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ یوم آزادی پر دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم آزادی کے دن کا آغاز 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی اور یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

    یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہوگی۔ کشمیری عوام سے یکجہتی کے لیے قومی پرچم کے ساتھ کشمیرکا جھنڈا بھی لہرایا جائے گا۔

    وزیراعظم عمران خان کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد جائیں گے اور آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔