Tag: جشن آزادی

  • جشن آزادی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کراچی ایئرپورٹ پر25 ہزار سے زائد پودے لگائے گی

    جشن آزادی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کراچی ایئرپورٹ پر25 ہزار سے زائد پودے لگائے گی

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ جشن آزادی کے موقع پر کراچی ایئرپورٹ کے احاطے میں25 ہزار سے زائد پودے لگائے جائی گے، جس کا مقصد وزیراعظم عمران خان کی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کو فروغ دینا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم سول ایوی ایشن میں جاری ہے، اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی ایئرپورٹ پر جشن آزادی کے موقع پر رواں ماہ 25 ہزار سے زائد پودے لگائے گی۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کراچی ایئرپورٹ پر تین سال کے دوران ایک لاکھ سے زائد مختلف اقسام کے پھلوں کے درخت لگائے گی۔

    اس حوالے سے ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ کوسرسبز و شاداب بنانے کے ساتھ ساتھ مسافروں کو بھی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔

    ڈی جی سی اے اے کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی ایئرپورٹ پر مختلف اقسام کے پھولوں کے پودے لگائے ہوئے ہیں۔

    ہمارا مقصد بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے، ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ درخت لگانے کی مہم کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

  • جشن آزادی پر قومی کرکٹرز کے قوم کے نام پیغامات، نیک خواہشات کا اظہار

    جشن آزادی پر قومی کرکٹرز کے قوم کے نام پیغامات، نیک خواہشات کا اظہار

    کراچی/ مردان : قومی کھلاڑیوں نے یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغامات میں انہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے آزادی جیسی عظیم نعمت کی قدر کرنے پر زور دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستا کے71ویں جشن آزادی کے موقع پر کرکٹرز اور دیگر کھلاڑیوں نے بھی پاکستانی قوم کو مبارکباد دی ہے، اس حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے بھی پاکستانی قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے71ویں جشن آزادی پر تمام پاکستانیوں مداحوں اور دوستوں کو بھارتی بھابھی کی جانب سے نیک تمنائیں اور جشن آزادی مبارک ہو۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھی اپنی رہائش گاہ پر اہل خانہ کے ہمراہ آزادی کا جشن منایا اور کیک کاٹا۔

    سابق کرکٹر اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں قوم کے نام اپنی پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم صرف تاریخ کو ہی عزت نہیں بخش رہے بلکہ بحیثیت قوم ہم اپنے مستقبل کا جشن بھی منارہے ہیں۔

    بوم بوم شاہد آفریدی کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ اس جشن آزادی پر آئیں اور عہد کریں کہ ہم سب مل کر اس ملک کو سنوارنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ تبدیلی خود سے کیونکہ ہم اس ملک سے ہیں اور یہ ملک ہم سے ہے۔ آزادی ایک نعمت ہے اس کی قدر کیجئے۔ پاکستان زندہ باد۔

    قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ تمام دوستوں، ہم وطنوں کو چودہ اگست کی آزادی اور 2018 کی تبدیلی بہت بہت مبارک ہو۔

    اس کے علاوہ سابق کپتان اور آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ٹوئٹر پر اپنے بچوں کے ساتھ تصویر شیئر کی ہے اپنے پیغام میں انہوں نے پاکستانی قوم کو آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔

    علاوہ ازیں مردان میں قومی کرکٹر فخرزمان نے بھی جشن آزادی کا کیک کاٹا اور قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دی ہے، انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ عوام پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانے اور ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

  • پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی مزار قائد پر حاضری

    پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی مزار قائد پر حاضری

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی جبکہ قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد بھی دی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، نثار کھوڑو اور پیپلز پارٹی کے ارکان نے مزار قائد پر حاضری دی۔

    اس موقع پر پیپلز پارٹی کی جانب سے صوبہ سندھ کے اگلے نامزد شدہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی منانے کے لیے مزار قائد پر حاضری دی ہے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ملک خصوصاً سندھ کی عوام کو جشن آزادی کی مبارک باد ہو۔ عوام نے ہم پر بھاری ذمہ داری عائد کر دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں اچھی و ایماندار کابینہ تشکیل دیں گے، ’ن لیگ نے 25 ارب تو دور 25 لاکھ بھی کراچی پر خرچ نہیں کیے، پیپلز پارٹی نے کراچی کی روشنیاں واپس لانے میں کردار ادا کیا۔

    پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے لیے ہم جیے بھی اور قربانیاں بھی دی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت قائم ہے، خوش ہیں ہم پر امن طریقے سے جشن آزادی منا رہے ہیں۔

  • جشنِ آزادی مبارک پاکستان، ملالہ یوسف زئی

    جشنِ آزادی مبارک پاکستان، ملالہ یوسف زئی

    لندن : نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دعاکرتی ہوں ہمارا ملک پرامن، خوشحال اور آباد رہے۔

    تفصیلات کے مطابق نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا جشن آزادی مبارک پاکستان، دعا کرتی ہوں ہمارا ملک پرامن، خوشحال اور آباد رہے۔

    یاد رہے ملک بھر میں اکہتر واں یوم آزادی ملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے، یوم جشن آزادی کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس ، اکیس توپوں کی سلامی سے کیا گیا اور ملکی سلامتی اور ترقی کیلئے دعائیں کی گئی۔


    مزید پڑھیں : ملک بھرمیں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے


    اسلام آباد میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ہوئی، جس میں صدر مملکت ممنون حسین اورنگران وزیراعظم جسٹس(ر)ناصر الملک نے سبز ہلالی پرچم لہرایا، پرچم فضا میں بلند ہوا تو شرکاء نے قومی ترانہ پڑھا۔

    آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور جوانوں نے قومی پرچم کو سلامی دی۔

  • یوم آزادی پر اپوزیشن رہنماؤں کا پیغام

    یوم آزادی پر اپوزیشن رہنماؤں کا پیغام

    اسلام آباد: پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر اپوزیشن رہنماؤں نے بھی اپنے پیغامات میں پاکستان کو بہترین بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے تمام اہل وطن کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امن کے لیے دہشت گردی، انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

    انہوں ںے کہا کہ بطور قوم بنیادی اقدار کی حفاظت اور انہیں فروغ دینا ہوگا، جمہوری نظام اور دستور پسندی قوم کو مضبوط کر سکتی ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کو مثالی جمہوری ملک بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ چند نہیں معاشرے کے تمام طبقات کے لیے یکساں مواقع میسر کرنا ہیں۔

    دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم راستے سے بھٹک گئے، غلطیوں سے سبق حاصل کرنا ہے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم اسمبلی میں بھرپور کردار ادا کریں گے، ہمیں اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہے۔

  • ملک بھرمیں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

    ملک بھرمیں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

    ملک بھرمیں یومِ آزادی روایتی جوش وخروش اورجذبے سے منایا جارہاہے۔ ملک بھر میں سرکاری عمارتوں، سڑکوں اورراستوں کو قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔

    ملک بھر میں جشن آزادی بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، سرکاری اور نجی عمارتوں کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔

    یوم آزادی کے دن کا آغاز دارالحکومت اسلام آباد میں توپوں کی سلامی ہوا، وفاقی دارالحکومت میں 31،صوبوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ مساجد میں ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

    ملک بھر میں صبح 8 بجکر 58 منٹ پرسائرن بجائے گئے اور تحریک پاکستان کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

    جناح کنونشن سینٹرمیں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب

    جناح کنونشن سینٹراسلام آباد میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں صدرممنون حسین اورنگراں وزیراعظم ناصرالملک نے شرکت کی۔

    تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، اسپیکرقومی اسمبلی ایازصادق، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اورغیرملکی سفیروں سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔

    صدرممنون حسین کا خطاب

    یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرممنون حسین نے کہا کہ پاکستان ان تصورات کی مجسم تصویرہے جس کی آغوش میں ہم ہرلمحہ آزادی کا لطف اٹھاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پرسبز ہلالی پرچم مزید بلند کرنے لگن بڑھ جاتی ہے، آج حقیقی جشن کا دن ہے اورمیں پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہا کہ جشن آزادی اور عام انتخابات کے درمیان پیغام پوشیدہ ہے، یہ دن یاد دہانی ہے پاکستان کی قسمت کے فیصلے ووٹ کی پرچی سے ہوں گے۔

    انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کواپنے وجود سے اب تک بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، ہم ابھی تک مکمل طور پر منزل تک نہیں پہنچ سکے۔

    صدرممنون حسین نے کہا کہ میری دعا ہے کہ اللہ تعالی ملک وملت کی بہتری اور ترقی کےجذبے اور نیک نیتوں کے ساتھ کاروبار مملکت سنبھالنے والوں کی رہنمائی فرمائے اور جذبہ عمل بڑھا دے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ قومی ایام اسی لیے منائے جاتے ہیں کہ آنے والی نسلوں کو قومی مقاصد اور ان کے حصول کے لیے کی جانے والی جدوجہد سے آگاہ کیا جاسکے۔

    کراچی میں مزارقائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی جہاں پاک بحریہ کے کیڈٹس نے مزارقائد پرگارڈزکے فرائض سنبھال لیے۔ تقریب کے مہمان خصوصی کموڈور وقار محمد تھے۔

    لاہورمیں مزارِ اقبال پر ہونے والی خصوصی تقریب میں پاک فوج کے دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی جی اوسی لاہورمیجرجنرل شاہد محمود نے نے آرمی چیف کی جانب سے مزاراقبال پرپھول چڑھائے۔

    پاکستان کا قومی پرچم پہلی بار کب اور کہاں لہرایا گیا؟

    واضح رہے کہ اسکولوں اور کالجوں میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ رنگا رنگ تقاریب،تقاریرکا اہتمام بھی کیا گیا ہے، گھروں میں بچوں،جوانوں اور بوڑھوں کا جوش و خروش توقابل دید ہے۔

  • یوم آزادی پرصدرممنون حسین اورنگراں وزیراعظم کا قوم کو پیغام

    یوم آزادی پرصدرممنون حسین اورنگراں وزیراعظم کا قوم کو پیغام

    اسلام آباد : صدرممنون حسین اور نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک نے یوم آزادی کے موقع پرقوم کو مبارکباد دی۔

    ملک بھر میں جشن آزادی بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، سرکاری اور نجی عمارتوں کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔

    یوم آزادی کے موقع پرصدرممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ مملکت پاکستان اللہ تعالیٰ کی ایک نعمت اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے جنت ہے۔

    صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان کو درپیش اقتصادی مسائل اور دیگر پیچدہ معاملات پرقائد اعظم اور علامہ اقبال کے افکار پرحقیقی معنوں میں عمل درآمد کے ذریعے ہی قابو پایا جاسکتا ہے۔

    ملک بھرمیں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

    دوسری جانب نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک نے یوم آزادی کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست ہمیں اپنے آباؤ اجداد کی برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک محفوظ اور الگ وطن کے حصول کی جمہوری جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جہاں وہ مذہبی، ثقافتی اور سماجی اقدار کے مطابق اپنی زندگیاں بسرکرسکیں۔

    نگراں وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم وضبط کے سنہری اصولوں پرعملدرآمد کے غیرمتزلزل عزم سے ہمیں اپنے موجودہ مسائل پرقابو پانے اور پاکستان کو خود کفیل اور اقتصادی لحاظ سے مستحکم اور خوشحال ملک بنانے میں مدد ملے گی۔

  • جدہ میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کا سمندر کی تہہ میں جشن آزادی منانے کا انوکھا انداز

    جدہ میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کا سمندر کی تہہ میں جشن آزادی منانے کا انوکھا انداز

    جدہ : غیر ملکی پاکستانی نوجوانوں نے14اگست اور نئے پاکستان کے جشن آزادی کو ایک بالکل مختلف،انوکھے اور نئے انداز میں سمندر کی گہرائیوں میں جا کر منایا متوقع وزیر  اعظم عمران خان کیلئے مبارکباد کا پیغام بھی دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ میں مقیم یحییٰ اشفاق اورعمرجان نامی پاکستانی نوجوانوں نے اپنے سعودی دوستوں جن میں ایک سعودی لڑکی بھی شامل تھی، ان كے ساتھ مل کر 150 فٹ کی گہرائیوں میں رنگ برنگی مچھلیوں کے درمیان پاکستان کا پرچم لہرایا۔

     

    اس کے ساتھ ہی انہوں عمران خان کی تصویر کو لہراتے ہوئے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے انہیں وزیراعظم منتخب ہونے اور نئے پاکستان کی مبارکباد پیش کی۔

    -انہوں نے وہاں شکرانے کے نوافل ادا کئے اور نئے پاکستان کے امن و امان اور سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں بھی مانگیں۔

    پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے سب نے مل کر پاکستان کو انتہائی جوش و خروش سے سلام پیش کیااور کیک بھی کاٹا، اس موقع پر ان نوجوانوں کی خوشی جوش و ولولہ اور جذبات انتہائی قابل دید تھے۔

  • جشن آزادی : اسلام آباد میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی

    جشن آزادی : اسلام آباد میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی

    اسلام آباد : جشن آزادی کے موقع پر اسلام آباد پولیس نے سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا،14اگست کو ضلع بھر میں680افسران و جوان تعینات کئے گئے، انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جشن آزادی کے سلسلے میں حفاظتی اقدامات کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے تمام داخلی خارجی راستوں پر چیکنگ کو مؤثر بنانے کا حکم دیا گیا ہے، ون ویلنگ، آتش بازی اور دیگر خرافات کو روکنے کیلئے خصوصی اسکواڈز تعینات کئے گئے ہیں۔

    زونل ایس پیز اپنے اپنے علاقے کی ڈیوٹی خود چیک کریں گے۔ واضح رہے کہ یوم آزادی پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دار الحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی اور وطن عزیز کی سلامتی ،خوشحالی اور ترقی کی دعاؤں کے ساتھ کیا جائے گا۔

    کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوگی، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے سلامی پیش کریں گے، اس موقع پر مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات قائد اعظم کے مزار پر حاضری اور پھولوں کی چادر چڑھائیں گی۔

  • ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف اچھا کھیل پیش کریں گے‘ سرفراز احمد

    ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف اچھا کھیل پیش کریں گے‘ سرفراز احمد

    کراچی : قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ چیمپیئنزٹرافی کے بعد پہلی باربھارت سے مقابلہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف بھرپور تیاری سے میدان میں اتریں گے۔

    سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ چیمپیئنزٹرافی کے بعد پہلی باربھارت سے مقابلہ ہوگا، ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف اچھا کھیل پیش کریں گے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پوری قوم جشن آزادی جوش وجذبے سے منانے کی تیاری کررہی ہے، اہلیان وطن کو یوم آزادی مبارک ہو۔

    سرفراز احمد کا کہنا تھا گزشتہ سال جشن آزادی چیمپئنز ٹرافی کے ساتھ منایا تھا، کوشش ہوگی اگلے برس جشن آزادی ورلڈکپ کے ساتھ منائیں۔

    نئے اور پرانے کھلاڑیوں کی وجہ سے ہم سرفہرست ہیں، سرفراز احمد

    واضح رہے کہ 30 جون کو ہرارے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ جب ٹیم کی قیادت سنبھالی تو رینکنگ ساتویں نمبر پر تھی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ نئے اور پرانے کھلاڑیوں نے گزشتہ دو سالوں میں اچھی پرفارمنس پیش کی اسی وجہ سے آج ہم سرفہرست ہیں۔