Tag: جشن آزادی

  • ریاض: پاکستانی سفارتخانے میں‌ جشن آزادی کی تقریب

    ریاض: پاکستانی سفارتخانے میں‌ جشن آزادی کی تقریب

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع پاکستانی سفارت خانے کے تحت وطن عزیز کی 70 سالہ تقریبات کے سلسلے میں رنگا رنگ کلچرل اینڈ کلاسیکل میوزک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان سے آئے ہوے پٹیالہ گھرانے کے گلوکار استاد حامد علی خان نے گائیکی کا اشاندار مظاہرہ کیا۔

     

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفارت خانے میں پاکستان کی 70 سالہ تقریبات کے سلسلے میں ثقافتی شو کا انعقاد کیا گیا۔

    سفارت خانے کے کنگ فہد کلچرل سینٹر کے خوبصورت ہال میں اس تقریب کا آغاز ہوا تو رنگ برنگی روشنیوں نے لوگوں کا استقبال کیا اور دوسری جانب ایسے رنگ بکھرے کہ لوگ داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔

    ثقافتی شو میں گلوکار استاد حامد علی خان نے قومی ترانے گائے جس پر حاضرین جھومتے اور داد دیتے رہے، استاد حامد علی خان اسٹیج پر آئے توان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔

    اس موقع پر کھانے پینے کے اسٹالوں کے علاوہ چوڑیوں، کاسمیٹکس اور مہندی کے اسٹالوں نے بھی خوب رنگ جمایا اور پاکستانی چٹ پٹے کھانوں سے لطف اندوز ہوئے۔

    سفیر پاکستان خان ھشام بن صدیق نے تمام اسٹالوں کا دورہ کیا اور ویلفئیر اتاشی عبدالشکور شیخ نے تمام اسٹالوں کی تفصیلات سے انہیں آگاہ کیا۔

    پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن کے بچوں نے قومی ترانہ پڑھا،اس موقع پر ریاض شہر کے نوجوانوں کے میوزیکل بینڈ نے پاپ میوزک کے گانے پیش کیے اس کے بعد پاکستان سے آئے نایاب علی خان نے گائیکی کے ایسے شاندار سر چھیڑے کہ ہال میں بیٹھے ہر فرد نے دل کھول کر داد دی۔

  • دمام میں پاکستانیوں‌ کی جشن آزادی کی تقریب

    دمام میں پاکستانیوں‌ کی جشن آزادی کی تقریب

    دمام : سعودی عرب میں پاکستانی نوجوانوں پر مشتمل نمائندہ تنظیم پاکستان اوورسیز کمیونٹی کے زیر اہتمام یوم آزادی کی تقریب ’’ایک قوم ایک پہچان۔ پاکستان‘‘ کے بینر تلے منائی گئی۔

    دمام سعودی عرب میں میں جشن آزادی کی تقریب میں پاکستانی کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے ملی یکجہتی کا ثبوت دیا۔

    پاکستانی سفارت خانے کے ویلفیئر اتاشی محمود لطیف نے خطاب میں کہا کہ 70 برس کا سفر ہمارے آباؤ اجداد کی لا زوال قربانیوں کی بے مثال داستان ہے، پاکستان کو اللہ تعالی نے قدرتی وسائل سے مالا مال فرمایا ہے۔

    فیصل احسان اور دانش قمر نے خطاب میں قائد اعظم کی زندگی کے واقعات اور ان کی عملی خدمات، پر روشنی ڈالی،تقریب میں بچوں کے لیے ٹیبلو اور تقریر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

  • پی ٹی آئی جدہ کے تحت جشن آزادی کی تقریب

    پی ٹی آئی جدہ کے تحت جشن آزادی کی تقریب

    جدہ: پاکستان کا جشن آزادی سعودی عرب کے شہر جدہ میں بڑے جوش و خروش سے منایا گیا، تحریک انصاف جدہ نے بھی ملک سے اظہار محبت کیا اور قومی پرچم لہرائے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کے حوالے تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں بچوں، نوجوانوں، خواتین، سیاسی اور غیر سیاسی لوگوں کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔

    سعودی عرب میں پی ٹی آئی کے رہنما عبد اللہ رحمان نے خطاب میں پوری قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عوام تبدیلی کو خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔

    تقریب میں اسکول کے بچوں نے ملی نغمہ پیش کیا، ہاتھوں میں قومی پرچم لہرائے۔

    مکہ المکرمہ پی ٹی آئی کے صدر ریاض آفریدی اور سینئر رہنما فرخ رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمران خان کی قیادت نے جس طرح پاناما لیکس کو نہ صرف زندہ رکھا بلکہ ملک کی اعلی عدلیہ میں اس کیس کو اپنی ذات کی خاطر نہیں بلکہ پاکستانی عوام کی خاطر لڑا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آج ان کا مشن یہی ھے کہ قوم کی دولت لوٹنے والوں کو سلاخوں کے پیچھے دیکھنا چاہتے ہیں۔

    دریں اثنا اس موقع پر جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔

  • کوسٹ گارڈز کے تحت ماہی گیروں کی لانچوں کی ریس

    کوسٹ گارڈز کے تحت ماہی گیروں کی لانچوں کی ریس

    کراچی: ملک بھر میں جشن آزادی کے خوشیاں اور رنگ جہاں ہر سو پھیلے ہوئے ہیں تو وہیں کوسٹ گارڈ کی جانب سے کراچی میں منعقد کی گئی بوٹ ریس نے آزادی کی جشن کو اور بھی منفرد بنا دیا۔

    زمین کی طرح سمندر کی موجوں پر بھی سبز ہلالی پرچم کی بہار نے جذبے حب الوطنی کو اجاگر کیا،کیماڑی میں منعقد کی گئی بوٹ ریس میں 20 لانچوں نے حصہ لیا جس میں ماہی گیروں نے تین ناٹیکل میل کا فاصلہ طے کیا۔

    بوٹ الرفیقی نے پہلی، الحمدی نے دوسری اور الشان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ڈی جی کوسٹ گارڈ بریگیڈئیر عتیق الرحمان کاکہنا تھا کہ پاکستان کوسٹ گارڈ کا ماہی گیروں کے ساتھ قریبی اور پرانا رشتہ ہے، کوسٹ گارڈ سمندر کے علاوہ زمین پر بھی انسداد منشیات و اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کوشاں ہے۔

    اول ، دوم اور سوم آنے والے ماہی گیروں کو انعامات دیے گئے، بوٹ ریس کے انعقاد کا مقصد ماہی گیروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے جشن آزادی کے دن امن و محبت کے پیغام کو عام کرنا تھا۔

  • فاٹا، اورکزئی اور باجوڑ میں بھی جشن آزادی کی تقاریب

    فاٹا، اورکزئی اور باجوڑ میں بھی جشن آزادی کی تقاریب

    راولپنڈی: ملک بھر کی طرح فاٹا، باجوڑ، اورکزئی اور دیگر قبائلی علاقہ جات میں 70واں یوم آزادی انتہائی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق مختلف ایجنسیز میں جشن آزادی سے متعلق تقریبات کا انعقاد کیا گیا، باجوڑ، خیبر، مہمند، اورکزئی، کرم ایجنسی، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا، خیبر ایجنسی اور شمالی وزیرستان کے درمیان دوستانہ میچ کھیلا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دوستانہ میچ میرانشاہ میں یونس خان اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، یونس خان اسٹیڈیم میں 20 ہزار افراد نے شرکت کی، مہمان خصوصی نے بہترین کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

    اسی طرح دیگر شہروں میں بھی جشن آزادی بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ کراچی یونیورسٹی کے گرلز ہاسٹل میں طالبات نے کیک کاٹ کر خوشی کا اظہار کیا اور پاکستان کی سلامتی کے لیے دعائیں کیں اور اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔


    فیصل آباد میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں ثقافتی رقص پیش کیا گیا، بچوں کی ملی نغموں کی گونج نے ملی جذبہ دو چند کردیا۔
    نور پور میں بچوں نے فوجی پریڈ بھی کی، ملتان میں جشن آزادی کی خوشی میں عید کا سماں تھا۔

    سرگودھا کی چھ تحصیلوں میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب ہوئی، آزادی کا جشن منانے کے لیے بچے اور بڑے سب گھروں سے نکل آئے۔
    چنیوٹ میں طویل قومی پرچم کے ساتھ ریلی نکالی گئی، گوجرانوالہ میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ہوئی جس میں پولیس کے مستعد دستے نے شرکت کی، تقریب میں شریک بینڈ نے قومی دھنیں سنا کر ماحول گرما دیا۔

    ایبٹ آباد میں بڑی بسوں کو پاکستانی پرچم کے رنگ سے رنگ دیا گیا،شکار پور میں بچوں نے ٹیبلو پیش کیے۔

  • جشن آزادی: کراچی میں بدترین ٹریفک جام، ہزاروں‌ گاڑیاں پھنس گئیں

    جشن آزادی: کراچی میں بدترین ٹریفک جام، ہزاروں‌ گاڑیاں پھنس گئیں

    کراچی: جشن آزادی کے موقع پر کراچی میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا، ہزاروں لوگ پھنس گئے، گاڑیاں رانگ وے سفر کرتی رہیں، جگہ جگہ لڑکے رقص کرتے نظر آئے، ٹریفک پولیس سڑکوں سے غائب ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق جشن آزادی کے موقع پر ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک پلان نہیں بنایا گیا نہ ہی شاہراہوں پر ٹریفک پولیس کہیں نظر آئی جس کے سبب شہر میں ٹریفک جام رہا، مزار قائد کے اطراف لاکھوں گاڑیاں گھنٹوں پھنسی رہیں۔

    ٹریفک جام سے مزار قائد کے چاروں اطراف، تین ہٹی، گرومندر، لسبیلہ، گولیمار، کھاررا در، میٹھادر، ایم اے جناح روڈ نمائش ، گارڈن، گرومندر، سولجر بازار اور جہانگیر روڈ سمیت دیگر شدید متاثر ہوئے۔

    اس موقع پر متعدد جماعتوں کی جانب سے نکالی گئی ریلیوں نے بھی ٹریفک جام میں بڑا کردار ادا کیا، کچھ جگہوں پر ٹریفک جام ہوتے ہی گاڑیوں سے لوگ باہر نکل کر رقص کرنے لگے، کچھ سڑکوں پر گاڑیاں رانگ وے آنے سے گاڑیاں آمنے سامنے آگئیں جس سے دونوں اطراف کی گاڑیاں پھنس کر رہی گئیں۔

    لوگوں کے مطابق ٹریفک جام سے پریشانی کا سامنا رہا جسے ختم کرنے کے لیے ٹریفک پولیس کہیں نظر نہ آئی اور نہ انہیں کوئی رہنمائی مل سکی کہ کس طرف جائیں۔

    سڑکوں پر گزرنے والے گاڑیوں پر پرچم لگے ہوئے تھے، موٹر سائیکلوں پر نوجوان جھنڈے تھامے اور باجے بجاتے ہوئے نظر آئے، کچھ نے اپنی موٹر سائیکلوں کے سائیلنسر نکالے ہوئے تھے اور بائیک کو ریس دے دے دکر انہوں نے آسمان سر پر اٹھایا ہوا تھا۔

  • یوم آزادی پرصدرممنون حسین اور وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کا قوم کو پیغام

    یوم آزادی پرصدرممنون حسین اور وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کا قوم کو پیغام

    اسلام آباد : صدر ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جشن آزادی کے دن اپنے پیغام میں کہا ہے قوم اتحاد کو فروغ دے اور آئین کی بالا دستی یقینی بنائے۔

    تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کے موقع پرصدرمملکت نے مادر وطن کی ترقی و خوشحالی کےلیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نفرت اور بے یقینی پر قابو پا کر محبت اور ہم آہنگی کے فروغ اور نا امیدی کو امید میں تبدیل کرکے قوم کا مستقبل محفوظ بنایا جائے۔

    یوم آزادی پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم ریاستی اداروں کو بحال اور مضبوط کریں گے تاکہ وہ آئین و قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کرسکیں۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعلقات کا خواہاں ہے اور اُس نے نتیجہ خیز مذاکرات شروع کرنے کےلیے کوششیں کیں تاہم بدقسمتی سے بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم اس حوالے سے بڑی رکاوٹ بنے رہے۔


    ملک بھرمیں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے


    انہوں نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

    وزیراعظم شاہد خاقان نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کے امن کو یقینی بنانے کےلیے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

    واضح رہےکہ وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بین الاقوامی برادری نہ صرف ان قربانیوں کا اعتراف کرے بلکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پاکستان سے مکمل تعاون کرے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • آزادی کے 70 سال مکمل، قوم خوشی سے سرشار، ہرطرف قومی پرچموں کی بہار

    آزادی کے 70 سال مکمل، قوم خوشی سے سرشار، ہرطرف قومی پرچموں کی بہار

    کراچی / اسلام آباد / لاہور / کوئٹہ / پشاور : ملک بھر میں آزادی کے 70 سال مکمل ہونے پر جشن منانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، پاکستان کا جشن آزادی ملی جوش و جذبے اور شایانِ شان طریقے سے منایا جارہا ہے، ملک بھر میں سرکاری عمارتوں، سڑکوں اور راستوں کو قومی پرچموں سے سجا دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کے دن کا آغاز دارالحکومت اسلام آباد میں توپوں کی سلامی سے ہوگا، وفاقی دارالحکومت میں 31،صوبوں میں 21،21توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ شہرشہر نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مساجد میں ملکی ترقی وسلامتی اور خوشحالی کےلیے خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی۔

    جشنِ آزادی کے 70 سال مکمل ہونے پر واہگہ بارڈر پر خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں آرمی چیف نے ایشیاء کا سب سے بلند پاکستانی پرچم لہرایا۔

    کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں علامہ اقبال کے مزارات پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد کی جائیں گی، اس کے علاوہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں جشن آزادی کے حوالے سے اسکولوں اور کالجوں میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب اور اس کے ساتھ ساتھ رنگا رنگ تقاریب منعقد کی جائیں گی۔

    علاوہ ازیں گھروں میں بچوں،جوانوں اور بوڑھوں کا جوش و خروش توقابل دید ہے۔

    چودہ اگست شروع ہوتے ہی ملک بھر میں اس کا شاندار استقبال کیا گیا ملک بھر میں آتش بازی کی گئی جن کی وجہ سے آسمان روشن ہوگیا، کراچی سمیت ملک بھر میں اہم عمارتوں کو برقی قمقوں سے سجایا گیا جبکہ مزارِ قائد اور بحریہ ٹاؤن میں چودہ اگست کا شاندار استقبال کیا گیا۔

    لاہور کے مینار پاکستان جبکہ روالپنڈی کے لیاقت باغ میں شاندار آتش بازی کی گئی۔

    اے آئی وائی ڈیجیٹل کے سی ای اور سلمان اقبال نے جشن آزادی کے موقع پر قوم کو مبارک باد پیش کی۔

  • جشن آزادی منانے کے لیے تاجر برادری بھی پیش پیش

    جشن آزادی منانے کے لیے تاجر برادری بھی پیش پیش

    کراچی: وطن عزیز کے جشن آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، کراچی کی تاجر برادری بھی جشن آزادی بھر پور طریقے سے منانے کی تیاریاں کر رہی ہے،مارکیٹوں میں ہر جانب سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جشن آزادی کو منانے کے لیے کراچی کی مختلف مارکیٹوں میں پاکستانی پرچم کشائی کی تقاریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔طارق روڈ پر کراچی چیمبر کے صدر نے پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی، کراچی چیمبر کے صدر شمیم فرپو کا کہنا تھا کہ یوم آزادی پر خوشیاں منانا یقیناً زندہ وجاوید قوم کی نشانی ہے۔

    تاجروں کا کہنا ہے کہ 14 اگست کا دن ہم سب پاکستانیوں کے لیے حریت اور استقلال کا پیغام بن کر آتا ہے اور جہدو جہد آزادی اور قربانیوں کی یا د ذہنوں میں تازہ کر تا ہے۔

    تاجر برادری کا کہنا ہے کہ 14اگست کا دن یوم مسرت بھی ہے اور یوم احتساب بھی ، ہم سب کو یہ سوچنا چاہیے کہ اب تک پاکستان کے استحکام کے لیے کتنا کام کیا ؟ پاکستان دنیا میں اسلام کا ایک مضبوط قلعہ ہے اس کے تحفظ، ترقی اور سلامتی کا جزبہ ہر پاکستانی کا قومی فرض ہے۔

  • لاہور کی خاتون بائیکر زینت عرفان کا جشن آزادی منانے کا انوکھا انداز

    لاہور کی خاتون بائیکر زینت عرفان کا جشن آزادی منانے کا انوکھا انداز

    لاہور: وطن سے محبت تو سب ہی کرتے ہیں لیکن جذبہ حب الوطنی سے سرشارلاہور کی رہائشی ایک لڑکی نے پاکستان سے محبت کا اظہار اپنے مخصوص انداز میں کرکے لوگوں کو خوشگوار حیرت میں ڈال دیا۔

    حب الوطنی کا آسان سا مطلب یہ ہے کہ انسان اپنی دھرتی سے اپنی دلی وابستگی وفاداری اور خلوص کا اظہار کرے، پاکستان ایک عظیم ملک ہے اور اس پاک وطن سے محبت کرنے والے بھی اپنی مثال آپ ہیں۔

    اس سال جشن آزادی شایان شان طریقے سے منانے کیلئے بائیس سالہ با ئیکر زینت عرفان نے اپنی موٹر سائیکل پر انوکھے سفر کی ٹھانی۔

    وہ جشن آزادی کی خوشی میں موٹر سائیکل پر نانگا پربت اور سیاچن کا دورہ کریں گی جو اگست کے تین ہفتوں پر محیط ہے۔ اس سفر کا مقصد لوگوں میں یہ شعور بھی اجاگر کرنا ہے کہ پاکستانی خواتین کسی بھی شعبہ میں کسی سے کم نہیں۔

    اس ٹوور کے دوران زینت عرفان کو پاکستان کی سرسبز و شاداب وادیوں، بلند و بالا پہاڑوں اور بہتے جھرنوں کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملے گا۔

    وطن سے محبت اور آزادی جیسی نعمت کو محسوس کرنے کا اس سے بہتر انداز اور کیا ہوگا؟ نمائندہ اے آر وائی نیوز ثانیہ چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے زینت عرفان نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقے بہت خوبصورت ہیں اور یہی پاکستان کی پہچان ہے۔

    واضح رہے کہ زینت عرفان اس سے پہلے بھی لاہور سے کشمیر، خنجراب اور چائینہ بارڈر تک کا سفر اپنی موٹر سائیکل پر طے کر چکی ہیں۔